All posts by Khabrain News

شاہ رخ کو معروف اداکارہ نیان تھرا کی شادی میں شرکت کرنا مہنگا پڑ گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کے معروف اداکارہ نیان تھرا کی شادی میں شرکت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین اداکار کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز نیان تھرا اور ڈائریکٹر واداکار وگنیش رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، شادی کی تقریب میں شاہ رخ خان سمیت دیگر فلمی اسٹارز نے شرکت کی تاہم سوشل میڈیا صارفین نے کنگ خان کے کورونا سے متاثر ہونے پر سوال اٹھا دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد شادی میں شریک ہوئے۔ ایک صارف نے تنقید کی کہ دو دن پہلے ہی اداکار کورونا کا شکار ہوئے تھے اور اب اتنی جلدی کیسے ٹھیک ہوگئے؟۔
کسی نے لکھا کہ کورونا ہوا تھا یا تیزابیت کا مرض کہ دو دن میں ہی صحیح ہوگیا۔ ایک اور صارف کا طنز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے شاہ رخ خان کو زکام ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دونوں شاہ رخ اور کترینہ کیف سمیت دیگر نامور اداکار کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

بجٹ اجلاس، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 65 ارب روپے مختص

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئے مال سال 23-2022 کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 65 ارب روپے مختص کر دیئے گئے۔
قومی اسمبلی میں پیش کردہ نئے مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن (ایچ ای سی) کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 44 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ایچ ای سی کے بجٹ میں بلوچستان اور ضم شدہ اضلاع کے لیے 5 ہزار وظائف شامل ہیں جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے لیے الگ اسکالر شپ اسکیم بھی شامل ہے۔
ملک بھر میں کے طلبا کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے اور ایچ ای سی کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھی ایک یونیورسٹی بنانے کا آغاز ہو گا اور نیشنل یوتھ کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کاروبار کے فروغ کے لیے 5 لاکھ تک بلاسود قرضے دیئے جانے کی اسکیم کا اجرا کیا جائے گا اور اسکیم کے تحت نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ تک آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
نوجوانوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ افرائی کے لیے اینویشن لیگ کا آغاز کیا جائے گا۔ 11 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ اور اسپورٹس ڈرائیو پروگرام بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت 20 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع نکالے جائیں گے۔

سری لنکا کو سنگین انسانی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے، اقوام متحدہ

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ مالی بحران کے باعث سری لنکا کو سنگین انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شدید اقتصادی اور سیاسی بحران سے دوچار سری لنکا کو سنگین ترین انسانی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی تنظیم برائے انسانی امور کے ترجمان ژینس لائرکے نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سری لنکا میں شدید معاشی بحران ایک سنگین انسانی بحران میں تبدیل ہوسکتا ہے جہاں پہلی ہی لاکھوں افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ نے مزید بتایا کہ سری لنکا کے سنگین انسانی بحران کے شکار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

امریکا اور چین کے وزرائے دفاع کی ملاقات؛ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

کوالا لمپور: (ویب ڈیسک) سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ سیکیورٹی سمٹ کے دوران امریکا اور چین کے وزرائے دفاع نے سائیڈ لائن پر ملاقات کی اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں 10 سے 12 جون تک شنگریلا ڈائیلاگ سمٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں دنیا بھر کے اعلیٰ فوجی اہلکار، سفارت کار اور اسلحہ ساز کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیں۔
شنگریلا ڈائیلاگ سیکیورٹی سمٹ کے حاشیے میں سخت حریف ممالک چین اور امریکا کے وزرائے دفاع کے درمیان اہم اور غیر متوقع ملاقات ہوئی۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے چینی ہم منصب وائی فینگی کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تناؤ سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کو باہمی تجارت، تائیوان، بحیرہ جنوبی چین کے تنازع اور یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے اور 5 سال سے زائد تجارتی کشیدگی کے خاتمے کی جانب پہلا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

چاکلیٹ کے ٹینک میں گرے دو ملازمین کو بچالیا گیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہر لینکاسٹر کے چھوٹے سے قصبے میں قائم چاکلیٹ فیکٹری میں دو ملازم چاکلیٹ سے بھرے ٹینک میں گرپڑے جنہیں بچالیا گیا ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر میں اس وقت پیش آیا جب کارکن چاکلیٹ سازی میں مصروف تھے۔ اس کارخانے کا نام ’مارس رگلے پلانٹ‘ ہے جو ایلزبتھ ٹاؤن میں واقع ہے اور یہاں کی آبادی صرف 12 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔
اگرچہ اس وقت چاکلیٹ کا مواد نیم مائع کی شکل میں تھا لیکن بہت گرم نہ تھا۔ دونوں ملازم چاکلیٹ میں گرکر پیٹ تک اس میں ڈوب گئے تھے اور انہیں باہر نکلنے میں دقت کا سامنا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں کوئی چوٹ نہیں لگی ہے۔
دوپہر دو بجے یہ واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس اور امدادی ٹیموں کو بلایا گیا۔ تاہم کمپنی انتظامیہ نے اب تک اپنا مؤقف واضح نہیں کیا ہے۔

بجٹ 2022-23 : درآمدی موبائل فونز مزید مہنگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)فنانس بل بجٹ 2022-23 کی دستاویز کے مطابق درآمدی موبائل فونز مزید مہنگے، درآمد پر 100 روپے سے 16 ہزار روپے تک لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ میں 30 ڈالر کے موبائل فون پر 100 روپے، 30 ڈالر سے 100 ڈالر مالیت کے موبائل فونز پر 2 سو روپے، 2 سو ڈالر کے درآمدی موبائل فون پر 6 سو روپے لیوی عائد ہوگی۔
فنانس بل بجٹ میں 350 ڈالر مالیت کے موبائل فونز پر 18 سو روپے، 5 سو ڈالر کے موبائل فون پر 4 ہزار روپے، 7 سو ڈالر مالیت کے موبائل فون پر 8 ہزار روپے 701 ڈالر مالیت کے موبائل فون پر 16 ہزار لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق حکومت موبائل ہینڈ سیٹ لیوی کی مد میں 10 روپے اکٹھا کرے گی، تھری جی، فور جی لائسنسز کی نیلامی سے 50 ارب روپے وصولی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی نماز جنازہ انکے بیٹے احمد عامر لیاقت نے پڑھائی

کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی و معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
عامر لیاقت کی نماز جنازہ ان کے بیٹے احمد نے پڑھائی، عبد اللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں عامر لیاقت کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بجٹ 2022-23ء: دفاع کے لیے 1450 ارب روپے مختص

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے 9 ہزار 502 ارب روپے کے بجٹ میں دفاع کے لیے 1450 ارب روپے ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ رواں مالی سال قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 3144 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ رواں مالی سال ڈیفنس پر 1450 ارب روپے، وفاقی حکومت کے اخراجات میں 530 ارب روپے، پنشن پر 525 ارب روپے اور سبسڈیز کی مد میں 1515 ارب روپے خرچ ہوئے۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ رواں مالی سال فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )کے ریونیو 6 ہزار ارب روپے ہوں گے اور ریونیو میں صوبوں کا حصہ 3512 ارب روپے رہا، رواں مالی سال وفاق کا نیٹ ریونیو 3803 ارب روپے رہا ، رواں مالی سال وفاق کا نان ٹیکس ریونیو 1315 ارب روپے ہونے کی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال وفاق کے کل اخراجات 9118 ارب روپے ہوں گے ، رواں مالی سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے اخراجات 550 ارب روپے ہوں گے ۔
وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ اگلے مالی سال ایف بی آر کے ریونیو کا تخمینہ 7004 ارب روپے ہے جس میں سے صوبوں کا حصہ 4100 ارب روپے ہوگا۔ وفاقی حکومت کے پاس نیٹ ریونیو 4904 ارب روپے ہوگا جبکہ نان ٹیکس ریونیو میں 2000 ارب روپے آمدن کا تخمینہ ہے۔
وزیرخزانہ کے مطابق مالی سال 23-2022 میں وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 9 ہزار 502 ارب روپے ہے جن میں سے 3950 ارب روپے ڈیٹ سروسنگ پر خرچ ہوں گے۔

سولر پینلز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئے مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ نئے سال کے بجٹ میں سولر پینل کی درآمد پر ٹیکس زیرو اور سولر پینل کی ڈسٹری بیوشن پر بھی ٹیکس زیرو کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سولر پینل کی درآمد کو سیلز ٹیکس سے استثنیٰ کی تجویز ہے اور 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو سولر پینل کی خریداری کے لیے قرضے ملیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ زرعی صنعتوں کی مشینری، آلات، سازوسامان پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔

اسرائیل کا شام کے ایئرپورٹ پر میزائل حملہ؛ پروازیں معطل

دمشق: (ویب ڈیسک) اسرائیلی طیارے کے شام کے ہوائی اڈے پر میزائل داغے جس سے رن وے اور عمارت کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شامی حکومت کے حمایت یافتہ اخبار الوطن کے مطابق اسرائیل نے دارالحکومت دمشق میں ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کیا ہے۔ حملے میں ایک شخص زخمی ہوا جب کہ رن وے اور ہوائی اڈے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا تاہم چند میزائل ہدف تک پہنچ گئے۔
حکومتی سطح پر ایئرپورٹ پر میزائل حملے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تاہم تمام پروازوں کو بغیر کوئی وجہ بتائے معطل کردیا گیا اور ایمبولینسوں کو ہوائی اڈے کی جانب جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ادھر شام میں انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کرنے والے برطانوی ادارے سیریئن آبزرویٹری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے ایئرپورٹ کے نزدیک لبنان کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا۔
ادارے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم اسپتال میں 10 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے۔