All posts by Khabrain News

علماء عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کی رہنمائی کریں: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ علماء عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کی رہنمائی کریں۔
اسپیکر چوہدری پرویز الہی سے چیرمین متحدہ علماء بورڈ طاہر محمود اشرفی اور مجلس احرار اسلام کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ادریس اور محمد قاسم چیمہ نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پرویز الہی کا کہنا تھا کِہ متحدہ علماء بورڈ، مجلس احرار اسلام نے ملک کے اندر فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے بھرپور اور نمایاں کردار ادا کیا، ہم میں ایک دوسرے کی بات برداشت کرنے، سننے اور قبول کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی اور سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اتفاق رائے سے مذہبی اور ختم نبوت پر قانون سازی میں آپ کا کردار انشاء اللہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ متحدہ علماء بورڈ اور مجلس احرار اسلام دینی خدمات پیش کرنے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آپ کے دورِ حکومت میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا۔

لاہور میں پی ایس ایل میچز: طے شدہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، راجہ بشارت

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر قانون راجہ بشارت نے پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی نقل و حرکت بلٹ پروف گاڑیوں میں ہوگی، طے شدہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت قذافی سٹیڈیم میں اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں پی ایس ایل سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری، آئی جی نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر اور سی سی پی او لاہور نے سکیورٹی پلان پر اجلاس کے شرکت کو بریفنگ دی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ طے شدہ سیکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے، وزیر قانون نے روٹ پر خراب کیمرے فوری تبدیل کر کے نئے لگانے کی ہدایت جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل لاہور ماضی کی طرح مہمانوں کو خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہیں، شہری کھیلوں کی بحالی کیلئے حکومتی انتظامات میں تعاون کریں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل کا کہنا تھا کہ پارکنگ ایریاز کے بارے میں میڈیا پر تشہیری مہم چلائی جائے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اتوار کو تمام ادارے مشترکہ فرضی مشق کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کو ڈی آئی خان میں ریلی اور جلسہ سے روک دیا

پشاور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کو ڈیرہ اسماعیل خان میں5 اور 7 فروری کوریلی اور جلسے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کےمتعلقہ ڈی آر او اور ڈی پی او کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف اپنے امیدوار محمد کفیل نظامی کے لیے جلسہ کر رہے ہیں جو بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے علاقے میں جلسہ اور رییی کی اجازت نہیں ہو گی، حلقے میں کسی جلسے اور ریلی کی اجازت نہ دی جائے۔

پشاورہائی کورٹ: خیبر پختونخوا میں 27 مارچ کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاورہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے خیبر پختونخوا میں 27 مارچ کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔
پشاور ہائیکورٹ کے ایبٹ آباد بینچ میں الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل بنچ نے فیصلہ سنایا، فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر رمضان المبارک کے بعد بلدیاتی الیکشن کروائیں ۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں پہاڑی علاقوں میں صاف اورشفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں لگتا، برفباری کے باعث متعدد علاقوں کےعوام کو ووٹ ڈالنے میں مشکلات ہیں، کوہستان اور ناران کےعمائدین نے ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ میں الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دائرکی تھی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بم کی اطلاع جھوٹی نکلی،عمارت کلیئر قرار

کراچی: (ویب ڈیسک) ایس ایس پی ساوتھ کراچی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بم کی اطلاع جھوٹی نکلی، بم ڈسپوزل سکواڈ نےعمارت کوکلیئرقراردےدیا۔
قبل ازیں سپریم کورٹ رجسٹری میں بم کی اطلاع پر مقدمات کی سماعت اور دفتری امور روک دیئے گئے تھے۔ بم ڈسپوزل یونٹ فوری طور پر کراچی رجسٹری پہنچا، عملے نے عمارت کو سرچنگ کے بعد کلیئر قرار دے دیا۔ ایس ایس پی ساوتھ زبیر نذیر شاہ کا کہنا تھاکہ ایک کالر کی جانب سے بم کی جھوٹی اطلاع دی گئی، کالر کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردی واقعات کی نئی لہر کے سبب اہم مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، گذشتہ روز پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، نوشکی میں آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پنجگور آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، 4 سے 5 دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے ایک افسر اور 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

انڈر 19 ورلڈکپ،پاکستان نے سری لنکا کو 238 رنز سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ورلڈکپ میں شاہینوں کا جیت کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان نے سری لنکا کو دو سو اٹھتیس رنز سے شکست دے دی، شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر قاسم اکرم مین آف دی میچ قرار دیے گئے۔
انڈر نائنٹین ورلڈکپ میں شاہینوں کا جیت کے ساتھ سفر اختتام پذیر، پاکستان نےانٹیگا میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر تین سو پینسٹھ رنز بنائے۔ اوپنر حسیب اللہ خان نے نو چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ایک سو چھتیس رنز بنائے۔ کپتان قاسم اکرم نے ایک سو پینتس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے آگے بےبس دکھائی دی، پوری ٹیم ایک سو ستائیس رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، قاسم اکرم نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔قومی کپتان انڈر 19 ورلڈکپ کی تاریخ میں سنچری اور 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا شیڈول تبدیل، کراچی کی بجائے راولپنڈی سے آغاز ہو گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز شیڈول میں ردوبدل سامنے آ گیا ہے، ٹیسٹ سیریز کا آغاز اب کراچی کی بجائے راولپنڈی سے ہو گا۔
تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کی میزبانی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کرے گا، دوسرا ٹیسٹ کراچی اور آخری ٹیسٹ لاہور میں کھیلا جائے گا، ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز کا آغاز کراچی سے 3 مارچ کو ہونا تھا۔
24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم سیریز میں ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی، ون ڈے اور ٹی 20 میچز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔

پارٹی گیٹ سکینڈل، برطانوی وزیراعظم کے 4 قریبی ساتھیوں نے استعفی دیدیا

لندن: (ویب ڈیسک) پارٹی گیٹ سکینڈل پر مشکلات میں گھرے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے 4 قریبی ساتھیوں نے استعفی دے دیا، اپوزیشن سمیت حکمران پارٹی کے ارکان وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مستعفی ہونے والوں میں بورس جانسن کے چیف آف سٹاف ڈین روزن فیلڈ، ہیڈ آف پالیسی منیرہ مرزا، پرنسپل پرائیوٹ سیکرٹری مارٹن رینلڈز اور کمیونیکیشن ڈائریکٹر جیک ڈوئیل شامل ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کورونا لاک ڈاون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہ پر پارٹیاں منعقد کرتے رہے، معاملہ سامنے آنے پر انہیں شدید عوامی غم و غصے کا سامنا ہے۔
برطانوی وزیراعظم لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر پارلیمنٹ میں معذرت بھی کر چکے ہیں مگر معاملہ ٹلنے میں نہیں آ رہا۔ اپوزیشن کے علاوہ حکمران جماعت کے بعض اراکین بھی ان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کیئر سٹارمر یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں شرم نہیں، وہ استعفی نہیں دیں گے۔

معروف ادبی شخصیت بانو قدسیہ کو بچھڑے پانچ برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ادبی شخصیت بانو قدسیہ کو بچھڑے پانچ برس بیت گئے، انہوں نے امربیل اور راجہ گدھ جیسی شاہکار تصانیف سے شہرت حاصل کی۔
بانو قدسیہ کو شاندار علمی و ادبی خدمات پر ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا، وہ 1928 میں فیروز پور میں پیدا ہوئیں، قیام پاکستان کے بعد لاہور منتقل ہو گئی تھیں۔ 1950 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کیا اور معروف ڈرامہ نویس اشفاق احمد سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔
ان کی ادبی تصانیف میں امربیل، بازگشت، دست بستہ، حاصل گھاٹ، پیا نام کا دیا، دوسرا قدم، مرد ابریشم، سامان وجود اور دیگر شامل ہیں تاہم ناول “راجہ گدھ ” ان کی پہچان بن گیا۔ بانو قدسیہ نے ٹی وی کیلئے کئی اعلی پائے کے ڈرامہ سیریلز لکھے جو آج بھی دیکھنے والوں کے دلوں پر نقش ہیں۔
پاکستان کے ادبی افق کا یہ ستارہ 2017 میں غروب ہو گیا مگر اپنا نام ہمیشہ کیلئے تاریخ میں امر کر گیا۔

چاکلیٹ سے بنا خونخوار چیتا سوشل میڈیا پروائرل

برن:(ویب ڈیسک) چیتے کودیکھ کرخوف کا احساس ہوتا ہے لیکن ایک چیتا ایسا بھی ہے جوسوشل میڈیا پرمقبول ہوگیا۔ سوئٹزرلینڈ کے ایک شیف نے چاکلیٹ سے بنایا خوانخوار چیتا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پروائرل ہوگیا۔ چاکلیٹ سے نت نئے شاہکار تخلیق کرنے والے سوئس شیف نے چاکلیٹ سے چیتا نئی چینی سال کے آغازپربنایا ہے۔ چاکلیٹ کے چیتے کوحقیقت سے قریب تردکھانے کے لئے کھانے کے قابل رنگوں کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چیتا اکیلا نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ اس کا بچہ بھی ہے۔ چاکلیٹ سے چیتا بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پراب تک 3.7 ملین مرتبہ دیکھی جا چکی ہے اوراسے 393 لائیکس مل چکے ہیں۔