لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار احمد علی اکبر نے اپنی اداکاری سے بھارتی اداکارہ سونم باجوہ کو بھی اپنا گرویدہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ سونم باجوہ نے سوشل میڈیا پر احمد علی اکبر کے ڈرامے “پری زاد”کی آخری قسط کے ایک منظر کا سکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اس ڈرامے میں احمد علی اکبر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ “یہ غیر معمولی ہے”۔
سونم باجوہ کی تعریف پرجوابا احمد علی اکبر نے اداکارہ کی انسٹا سٹوری کو اپنے انسٹا گرام پر دوبارہ شیئر کیا، انہوں نے سونم باجوہ کی تعریف پر شکریہ ادا کیا۔
All posts by Khabrain News
الیکشن کمیشن: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فضل الرحمان کے بھائی کو نوٹس جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے جے یو آئی امیدوار کی مہم چلانے پر مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متحرک ہوگیا۔ الیکشن کمیشن نے جے یو آئی امیدوار کی مہم چلانے پر مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 فروری کو طلب کرلیا۔ الیکشین کمیشن نے سرکاری افسر ضیا الرحمان کو دعوت دینے والے جے یو آئی امیدوار کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
سی ٹی ڈی کا خانیوال میں آپریشن: کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد
خانیوال: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگرد فورس نے خانیوال میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشنز خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران خانیوال میں کالعدم تنظیم داعش کے 2 دہشتگرد گرفتار کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، اسلحہ، بارودی مواد اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت عمران حیدر اور ریاض کے نام سے ہوئی، دہشتگردوں نے اہم تنصیبات اور عبادت گاہوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر ر کھی تھی۔
ترجمان کے مطابق دہشتگروں کے خلاف ملتان میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ان کے ممکنہ طور پر موجود ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
طیب اردوان کی روس کے ساتھ ثالثی کی پیش کش، یوکرینی صدر نے حامی بھر لی
کیف: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان پیوٹن کے دورہ ترکی سے پہلے یوکرین پہنچ گئے اور روس کے ساتھ ثالثی کی پیش کش کردی۔ یوکرین کے صدر نے ترک ہم منصب کی پیش کش کا خیر مقدم کیا۔
شدید کشیدگی کے باوجود یوکرین میں عالمی رہنماؤں کے ڈیرے، ترک صدر طیب اردوان اہم دورے پر کیف پہنچ گئے۔ روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کی پیش کش کر دی، یوکرین کے صدر نے پیش کش قبول کرتے ہوئے روس کے ساتھ مذاکرات ترکی میں کرنے کی حامی بھر لی۔
طیب اردواں نے کہا کہ ترکی دوست ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کوشاں ہے، دونوں رہنماؤں نے آزاد تجارت سمیت آٹھ معاہدوں پر دستخط کئے، اس سے پہلے برطانوی وزیر بورس جانسن بھی یوکرین پہنچے اور یوکرین کو بھرپور حمایات کا یقین دلایا
دوسری جانب نیٹو کا کہنا ہے کہ روس نے مزید 30 ہزار افواج اور بھاری ہتھیار بیلا روس پہنچا دیئے ہیں، جنگی مشقوں کے لیے اپنا ائیر ڈیفنس سسٹم، S-400 بھی بیلا روس منتقل کردیا ہے۔
کریملن کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافہ کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔
فیصل آباد: ضلعی انتظامیہ آٹے اور گندم کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ آٹے اور گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، ناجائز منافع خور من چاہی قیمتیں وصول کرنے میں مصروف ہیں۔
فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں کی اونچی اُڑان جاری، قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے عام آدمی کو پریشانی سے دوچار کر دیا، طلب اور رسد میں پیدا ہونے والے واضح فرق کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے آٹے اور گندم کی من چاہی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں، دیسی آٹے کی قیمت 90 روپے فی کلوگرام جبکہ سفید آٹا 75 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہونے لگا ہے۔
معاملے پر سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کہتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور مارکیٹوں میں آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
شہری حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ محض دفاتر میں بیٹھ کر پلاننگ کرنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالی جائے تاکہ انہیں ریلیف میسر آسکے۔
فاسٹ بولرمحمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار، درستگی تک معطل رہیں گے
لاہور: (ویب ڈیسک) فاسٹ بولرمحمد حسنین بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد درستگی تک معطل رہیں گے۔
محمد حسنین پاکستان سپر لیگ کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بولنگ نہیں کراسکیں گے، کرکٹ آسٹریلیا نے بولنگ ایکشن کی رپورٹ جاری کی۔اعلامیے کے مطابق بولنگ کے دوران محمد حسنین کے بازو کاخم 15 ڈگری سے بڑھ جاتا ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کے ایکشن کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے ، ان کے لئے بولنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ 21 جنوری کو لاہور میں کیا گیا تھا۔
اوکاڑہ: دیپالپور بائی پاس پر ٹریلر کی رکشہ کو ٹکر، حادثے میں 3 افراد جاں بحق
اوکاڑہ: (ویب ڈیسک) اوکاڑہ میں دیپالپور بائی پاس پر شدید دھند کے باعث ٹرالر اور رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔
حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت علی احمد، لقمان اور محمد بشیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اُن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
بھارت کا طاقت کی بنیاد پر سیز فائر کا دعویٰ بے بنیاد ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا طاقت کی بنیاد پر سیز فائر کا دعویٰ غلط ہے، بھارت کا طاقت کی بنیاد پر سیز فائر کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا طاقت کی بنیاد پر سیز فائر کا دعویٰ درست نہیں ہے، یہ معاہدہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف شہری آبادی کے تحفظ کی پاکستانی خواہش پر ہوا، معاہدے کو اپنی برتری یا دوسرے کی کمزوری سے تعبیر کرنا درست نہیں، کسی کو اپنی طاقت کے حوالے سے گمان میں نہیں رہنا چاہیے۔
پی ایس ایل سیون، پوائنٹس ٹیبل کی آخری دو ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی
کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، پوائنٹس ٹیبل کی آخری دو ٹیمیں پشاور زلمی اور کراچی کنگز آج آمنے سامنے ہوں گی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کا ایک اور تگڑا مقابلہ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا، کنگز اور زلمی میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ ایونٹ میں شکست کی ہیٹرک کرنے والی بابر الیون پہلی فتح کے لیے پرعزم ہے جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف شکست کا کڑوا گھونٹ پینے والی پشاور زلمی نے بھی جیت پر نظریں جما لیں۔
اہم میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی، پلان بھی فائنل کر لیے گئے، انگلش آل راؤنڈر کرس جارڈن نے بھی کراچی کنگز کو جوائن کرلیا، نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پشاور زلمی نے حیدر علی ، شعیب ملک اور حضرت اللہ زازئی سے اچھی پرفارمنس کی امید لگالی ہے، زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں جبکہ کنگز آخری پوزیشن پر موجود ہیں۔
قیدیوں کے سہولت کاراہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس میں افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ کورٹ پولیس میں فرائض سرانجام دینے والے افسران و اہلکاروں کی سرگرمیوں کو بھی باریک بینی سے مانیٹرکیا جا رہا ہے، قیدیوں کے لیے سہولت کاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ملوث اہلکاروں کے خلاف انکوائری کیلیے سینئر پولیس افسر کو مقرر کیا ہے۔ انکوائری کی رپورٹ موصول ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔ کراچی پولیس میں احتساب کا عمل جاری ہے اور قصور وار ثابت ہونے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی و قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔