All posts by Khabrain News

بیجنگ: جون 2020 کے بعد کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

بیجنگ : (ویب ڈیسک)
بیجنگ میں جون 2020 کے بعد سے اب تک کے سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیشنل ہیلتھ کمیشن کا بتانا ہے کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 20 جبکہ چین بھر میں کورونا کے 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
بیجنگ کےسب سے زیادہ متاثرہ ضلع میں 2 ملین آبادی کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 20 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
کئی عرصے بعد درجن سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد بیجنگ کے کچھ ہاؤسنگ کمپاونڈز میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

خوشخبری، صارفین کی آسانی کیلئے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

لاہور: (ویب ڈیسک)
میٹا کی زیرملکیت عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی آسانی کے لیے ایک اور نیا فیچر متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واٹس ایپ سرگرمیوں پر ہر پل نظر رکھنے والی ایپ ویب بیٹا انفو کے مطابق ایپ کے اس نئے فیچر کے تحت صارفین اب ایپ میں کہیں بھی رہتے ہوئے واٹس ایپ وائس نوٹ پلے کر سکیں گے۔
ویب بیٹا انفو کی ٹوئٹ کے مطابق گلوبل آڈیو پلیئر کو ایپ میں کہیں بھی رہتے ہوئے وائس نوٹ سننے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔نئے فیچر کو حال ہی میں متعدد آئی او ایس بیٹا ٹیسٹر کے لیے متعارف کیا گیا ہے جبکہ کمپنی کا خیال ہے کہ جلد ہی فیچر سے اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے۔
فی الحال واٹس ایپ صارفین وائس نوٹ سنتے وقت کسی صارف کی چیٹ نہیں دیکھ سکتے کیونکہ انہیں وائس نوٹ سننے کے لیے رابطے کی چیٹ یا اس گروپ پر لازمی رہنا پڑتا ہے جہاں سے وائس نوٹ بھیجا گیا ہو۔

قومی ویمن ٹیم کی لیگ اسپنر غلام فاطمہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کراچی : (ویب ڈیسک)
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی لیگ اسپنر غلام فاطمہ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ویمن ٹیم کے ترجمان نے لیگ اسپنر غلام فاطمہ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔
ترجمان ویمن ٹیم کے مطابق غلام فاطمہ کا کیمپ کے لیے کراچی آمد کے موقع پر لیا گیا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ساتھ سفر کرنے کی وجہ سے ٹیم کے دیگر اراکین کا قرنطینہ بھی 31 جنوری تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ترجمان ویمن ٹیم کا کہنا ہے کہ غلام فاطمہ 7 روز تک آئسولیشن میں رہیں گی جبکہ قومی ویمن ٹیم کا کیمپ بھی دو روز کے لیے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کیساتھ حکمرانوں کا معاہدہ عوام اورغریب دشمن ڈیل ہے: بلاول

سرگودھا: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ حکمرانوں کا معاہدہ عوام اورغریب دشمن ڈیل ہے، جب سےحکومت آئی تبدیلی کے نام پر تباہی چل رہی ہے، 27 فروری کو سلیکٹڈ حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب نکلیں گے۔
سرگودھا میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلیکٹڈ نے عوام سے ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کاوعدہ کیا مگر ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیا۔ جب بی بی شہید کا دور تھا کسانوں کی خدمت کی جاتی تھی، جب سے یہ ناکام حکومت آئی زراعت کو تباہ کر دیا۔ پیپلزپارٹی کسانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور ملک بھرمیں ٹریکٹر اور کسان مارچ کیے۔
انہوں نے کہا کہ ظالم حکومت کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، عوام کے جمہوری، انسانی اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں۔27 فروری کو سلیکٹڈ کیخلاف اسلام آباد کی جانب نکلیں گے اور اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت کے سامنےرکھیں گے۔

ورلڈ بینک کے اولڈ سٹی تعمیری منصوبے پر 136.5 ملین روپے لاگت آئے گی: مرتضی وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کی جانب سے اولڈ سٹی ایریا کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے پر 136 اعشاریہ 5 ملین روپے لاگت آئے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبے کے تحت کھارادر کی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 99 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا منصوبہ ہے جس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل تک تحریک انصاف اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کو کیسے کیسے القاب سے نوازتے رہے اور آج نفیس بھائی بن گئے ہیں۔

عمران خان مسلسل عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان مسلسل عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا کے دوران بازار سے بخار کی گولی غائب ہونا انتہائی شرمناک ہے اور بخار کی گولی سے ایل این جی اور کھاد تک ہر چیز کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے روزگار، مریض کے لیے دوائی اور کسان کے لیے کھاد غائب ہے حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ ‎عمران خان نے ملک سے گیس غائب کر کے اپنے مافیاز کی جیبیں بھری ہیں۔ ‎عمران خان مہنگے فرنس آئل سے بجلی بنا کر عوام کی مسلسل جیب کاٹ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کی خوشحالی، روزگار اور کاروبار غائب کرنے والی حکومت کو فارغ ہونا چاہیے۔ چینی، آٹا، گیس، بجلی، دوائی، کھاد عمران مافیا عوام کی جان کھا رہا ہے۔

عین وقت پر دلہن کا شادی سے انکار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں عین شادی کے دوران دلہن نے رسومات ادا کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارت میں شادی کے دوران اکثر دلہن کی جانب سے رشتہ ازدواج میں بندھنے سے انکار کی خبریں آ رہی ہوتی ہیں۔ ایسی ہی صورتحال گزشتہ دنوں بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آئی جب عین شادی کی تقریب کے دوران دلہن نے شادی سے انکار کر دیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں دلہن نے روایت کے مطابق ورمالا پہنانے کے بجائے اس پر پھینکنے پر شادی سے ہی انکار کر دیا اور دلہن دلہے کے اس رویہ پر شدید دلبرداشتہ ہو گئی۔
اترپردیش کے ضلع اوریا سے تعلق رکھنے والی دلہن کو دلہے کا رویہ بہت برا لگا اور وہ عین شادی کی تقریب کے دوران ہی ناراض ہو گئی اور اپنی شادی منسوخ کر دی۔ دلہن کے اہلخانہ نے اسے شادی کی رسومات جاری رکھنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے والدین کی بات ماننے سے بھی انکار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق دلہن کے شادی سے انکار پر دونوں خاندانوں میں جھگڑا ہو گیا اور معاملے کو سلجھانے کے لیے پولیس کو طلب کیا گیا۔ بعدازاں دونوں خاندانوں کی جانب سے ایک دوسرے کو دیئے گئے تحائف واپس کر دیئے گئے۔

شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ کی ویڈیو وائرل کرنے پر اداکارہ نادیہ خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ 15 دن میں ان کی والدہ سے متعلق دیئے گئے بیانات واپس لیں اور معافی مانگیں۔ بصورت دیگر نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 15 روز میں 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ شرمیلا فاروقی کی والدہ سے میک اپ اور ملبوسات کے بارے میں پوچھ رہی تھیں۔
شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں شکایت درج کروائی تھی۔

سندھ میں 2023 کے بعد ڈاکو راج نہیں چلنےدیں گے: اسدعمر

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں مافیاز کی حکومت ہے، نوکریوں اور تبادلوں کا نظام پرچیوں سے چلتا ہے، زرداری خاندان گاڈ فادرکی طرح حکومت میں بیٹھا ہے، 2023 کے بعد یہ ڈاکو راج نہیں چلنےدیں گے۔
کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں میں صحت کارڈ کا اجرا شروع ہو چکا ہے، سندھ حکومت صحت کے حوالے سے کام کرنے کیلئے تیار نہیں، 13 سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کو پانی کے لئے ترسایا، عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کےحالات کو بہترکرناچاہتے ہیں، تمام قیادت سندھ کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے ہر گھر پر دستک دے گی اور 2023 میں صوبے میں حکومت بنائے گی۔

وفاقی وزیر علی زیدی کی زیر صدارت پی ٹی آئی سندھ ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کی صدارت میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ بلدیات قانون کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔
پی ٹی آئی سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر،میاں محمد سومرو، امیر بخش بھٹو، حلیم عادل شیخ، ارباب غلام رحیم، فردوس شمیم نقوی، آفتاب صدیقی، اللہ بخش انڑ، خرم شیر زمان، بلال غفار، علی پلھ بھی اور دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں اسد عمر نے ممبران سے تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا، گھوٹکی سے کراچی مارچ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگوکی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے اسد عمر کو مارچ کی تیاریوں اور تفصیلات سے آگاہ کیا، اسد عمر نے رہنماؤں پر زور دیا کہ عوامی رابطہ مہم جلد شروع کی جائے، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں کارنر میٹنگز کرنے پر غورکیا گیا اور بتایا گیا کہ گھوٹکی سے کراچی مارچ میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بھی شریک ہوگی۔