میلبرن: (ویب ڈیسک) 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، نڈال نے سیمی فائنل میں اٹلی کے میٹیو برینٹینی کو ہرایا۔ نڈال نے چھ تین، چھ دو، تین چھ اور چھ تین سے میچ اپنے نام کیا۔ دوسرا سیمی فائنل اسٹیفنوس سٹسیپاس اور دمتری میدویدیف کے درمیان آج ہو رہا ہے۔ فائنلسٹ اتوار کو ٹرافی کے لیے رافیل نڈال کے مدمقابل ہو گا۔ رافیل نڈال نے 20 گرینڈ سلیم جیت رکھے ہیں۔ یہ ٹائٹل جیت کر وہ مینز ٹینس میں سب سے زیادہ گرینڈ سلام جیتنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور سربیا کے نوواک جاکووچ نے بھی 20،20 گرینڈ سلام ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔
All posts by Khabrain News
جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئیگی: عثمان بزدار
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے، جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ایوان وزیراعلی منعقد ہوا، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمود الرشید اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ پارٹی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے مختلف آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی، تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ پارٹی سے مخلص اور مضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا، نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے۔
انڈر 19 ورلڈکپ: افغانستان کی سری لنکا کو شکست، سیمی فائنل میں جگہ بنالی
جمیکا: (ویب ڈیسک) افغانستان نے سری لنکا کو 4 رنز سے شکست دیکر انڈر 19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ افغانستان کے نور احمد مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔ ویسٹ انڈیز میں جاری انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اڑتالیس اوور میں 134 رنز بنائے۔ نور احمد 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جوابی اننگز کے افغان بولرز نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو چھیالیس اوورز میں 130 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ افغانستان نے پہلی مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
کراچی: پولیس ملزموں کو شاپنگ کرانے لگی، دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم فرار
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں کورٹ پولیس ملزموں کو شاپنگ کرانے لگی۔ دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم زوہیب قریشی طارق روڈ پر شاپنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔
ملزم کی طارق روڈ پر واقع نجی شاپنگ سینٹر میں چہل قدمی کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔ فوٹیج میں شلوار قمیص، ماسک اور کیپ پہنا شخص مبینہ طور پر زوہیب قریشی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کورٹ پولیس جیل سے ذوہیب قریشی کو پیشی پر لے کر گئی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس حکام نے دو اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔ ملزم زوہیب قریشی دعا منگی اور بسمہ سلیم نامی لڑکیوں کےاغوا اور تاوان کیس میں گرفتار ہے۔
بھارت میں خاتون پولیس کیڈٹ کے حجاب پر پابندی
کیرالہ : (ویب ڈیسک) بھارت میں مودی سرکار کے پیروکاروں کی انتہا پسندی عروج پر پہنچ گئی۔ ریاست کیرالہ کی حکومت نے مسلمان پولیس کیڈٹ کے حجاب کرنے اورپوری آستین کی قمیض پہننے پرپابندی لگادی۔
حکومت کے مطابق ریاستی اسکولوں کے طلبا کے لئے شروع کئے گئے اسٹوڈنٹ پولیس کیڈٹ پروجیکٹ میں مذہبی علامات کو استعمال کرنے کی کوئی گنجائش نہیں اورنہ ہی اس کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
حجاب پرپابندی کے خلاف مسلمان طالبہ نے کیرالہ کے ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی ہے۔ اس سے قبل بھارتی ریاست کرناٹک کے سرکاری کالج میں بھی حجاب پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
تاہم طالبعلموں نے اس زبردستی کے آگے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا مذہبی حق ہے اور ان کا حجاب کوئی قانون نہیں اتروا سکتا، اور نہ ہی اسکول میں ایسا کوئی اصول ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا تھا کہ ریاست میں اس طرح کی کوئی پابندی نہیں تاہم مسلم لڑکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے.
یوٹیوب پر غلط معلومات والے چینلز ہٹانے کے لیے دباؤ
لاہور: (ویب ڈیسک) یوٹیوب کوغلط اور جعلی معلومات کے خلاف اقدامات کرنے کی تجویز کی گئی ہے، دنیا بھر سے ‘فیکٹ چیک’ کرنے والے اداروں نے ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر زور دیا ہے کہ وہ جعلی معلومات کی نگرانی کے حوالے سے اپنے پلیٹ فارم پر اقدامات کریں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی 80 سے زائد ‘فیکٹ چیک’ معلومات کی جانچ کرنے والے اداروں نے یوٹیوب پر زور دیا کہ وہ جعلی معلومات کے خلاف اقدامات کریں اور انہیں اپنے پلیٹ فارم سے پھیلنے کی اجازت نہ دیں۔
یوٹیوب کے چیف سوسان وجسیسکی کو بھیجے گئے ایک خط میں ان اداروں کی جانب سے ویڈیو پلیٹ فارم کو یہ پیش کش کی گئی ہے کہ وہ انہیں غلط بیانات یا معلومات کے خلاف مدد فراہم کرسکتی ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ جن ممالک میں انگریزی نہیں بولی جاتی ان میں مسائل زیادہ سامنے آرہے ہیں۔
مذکورہ اداروں کا کہنا تھا کہ آئے روز ہم دیکھ رہے ہیں کہ بڑے پیمانے پر دنیا میں غلط اور جعلی معلومات پھیلانے کے لیے یوٹوب کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں ںے یہ بھی کہا کہ ایسی ویڈیوز غلط معلومات کو جانچنے والے ریڈار میں نہیں آرہی ہیں خاص طور پر ایسے ممالک میں جہاں انگریزی مقامی زبان نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زور دیتے ہیں کہ جعلی اور غلط معلومات کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور اس کے لیے دنیا کے آزاد اداروں سے مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان اداروں کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وہ سیاق و سباق فراہم کرنے اور ڈیبنک کی پیشکش کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔ علاوہ ازیں اس پر بھی زور دیا گیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کا تجویز کردہ الگورتھم فعال طور پر اپنے صارفین کو غلط معلومات کو فروغ نہیں دیتا۔
”پب جی” گیموں کی دنیا میں سب سے آگے
لاہور: (ویب ڈیسک) پب جی دنیا میں سب سے زیادہ آمدن کرنے والا گیم بن گیا، اسمارٹ فون میں کھیلے جانے والے موبائل گیم پب جی نے مقبولیت کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
چینی کمپنی Tencent کی جانب سے بنایا گیا گیم پب جی شروع سے ہی کسی نہ کسی شکل میں خبروں میں رہتا ہے۔ ٹیکنالوجی صارفین کا تجزیہ کرنے والی ٹیکنالوجی فرم سینسر ٹاور میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2021 میں پب جی دنیا میں سب سے زیا دہ آمدن کرنے والے گیمز میں سر فہرست رہا۔
گزشتہ ماہ ایکشن گیمز کے دلدادہ افراد نے پب جی پر مجموعی طور پر 244 مین ڈالر خرچ کیے جو کہ گزشتہ سال میں اس مدت میں خرچ کی جانے والی رقم سے 36 اعشاریہ 6 فیصد زائد ہے۔
پب جی نے سب سے زیادہ ریونیو68 اعشاریہ 3 فیصد چین سے حاصل کیا جہاں اسے ’ گیم فار پیس‘ کے نام سے مقامی رنگ دے دیا گیا ہے۔ پب جی کا 6 اعشاریہ 8 فیصد ریونیو امریکا اور ساڑھے 5 فیصد ریونیو ترکی سے حاصل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مائی ہویو کی جانب سے ڈیولپ کیا گیا گیم ’ جین شائن امپیکٹ‘ 134.3 ملین ریونیو کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدن کرنے والے موبائل گیمز میں دوسرے نمبر پر رہا۔ جین شائن امپیکٹ کے ریونیو کا 28 فیصد چین اور 23 اعشاریہ 4 فیصد امریکا سے حاصل ہوا۔
سینسر ٹاور کے مطابق مجموعی طور پر گیم کی مارکیٹ نے دسمبر 2021 میں تقریبا 7 ارب 40 کروڑ ڈالر کمائے، یہ آمدن انہیں گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر کھلاڑیوں کی جانب سے خرچ کی گئی رقم سے ملی۔
دسمبر 2021 میں موبائل ویڈیو گیمز پر سب سے زیادہ رقم خرچ کرنے والے کھلاڑیوں میں امریکی سرفہرست رہے، امریکییوں نے اس عرصے میں 2 ارب 20 کروڈ ڈالر پب جی پر خرچ کیے جو کہ دنیا بھر میں خرچ کی جانے والی رقم کا 29 اعشاریہ 6 فیصد بنتا ہے۔
ٹویٹر صارفین کو اسپیس ریکارڈنگ کی سہولت مل گئی
لاہور: (ویب ڈیسک) ٹویٹر صارفین کو اسپیس ریکارڈنگ کی سہولت مل گئی، سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے تمام صارفین کو اسپیس ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کردی۔
ٹویٹر کی جانب سے صارفین کے لیے گزشتہ برس ’اسپیس‘ کے نام سے آڈیو روم کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی، جس کی کامیابی کے بعد اس سروس کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔ ابتدائی دنوں میں یہ سہولت صرف آئی فون صارفین کو میسر تھی مگر وقت اور خواہش کے پیش نظر اینڈرائیڈ صارفین کو بھی یہ فیچر پیش کردیا گیا۔
اسپیس روم بنانے کے لیے فالوورز کی ایک خاص تعداد درکار ہوتی تھی جس کے بعد اُسے بھی ختم کردیا گیا۔ ٹویٹر کے مطابق دنیا بھر میں موجود وہ تمام صارفین جو اسپیس ہوسٹ کرتے ہیں انہیں اب آڈیو روم میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔
ایسے اسپیس کا حصہ بننے والے صارفین کے اسکرین پر ریکارڈنگ کا آگاہی پیغام بھی ظاہر ہوگا۔
حکومت آئی ایم ایف کو بتانا چاہتی ہے پارلیمنٹ نے بل پاس کیا: شیری رحمان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کو بتانا چاہتی ہے پارلیمنٹ نے بل پاس کیا، آدھی رات کو جاری ایجنڈا حکومتی مقاصد کو بیان کرتا ہے، حکومت خود مختار فیصلوں کی صلاحیت بھی چھیننا چاہتی ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اسٹیٹ بینک بل کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ اجلاس کے لئے آدھی رات کو جاری شدہ ایجنڈا حکومت کے چھپے مقاصد کو بیان کرتا ہے، حکومت آئی ایم ایف کو بتانا چاہتی ہے پارلیمنٹ نے اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پاس کیا ہے، حکومت قومی بحران کے وقت پاکستان کے خود مختار فیصلے کرنے کی صلاحیت کو بھی چھیننا چاہتی ہے، حکومت اسٹیٹ بینک کی خودمختاری متعلق بل کو بلڈوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبوں میں خود مختار ضمانتیں دینے کی حکومتی صلاحیت کا کیا ہوگا ؟ یہ ہنگامی واجبات کے طور پر درج ہیں، لہذا آئی ایم ایف اب ان پر بھی کنٹرول کر سکتا ہے، اپوزیشن حکومت کے اس فیصلے کے خلاف ہے، آئی ایم ایف نے یہ شرط رکھی ہے مرکزی بینک پاکستان کو کسی بھی بحران میں پیسے نہیں دے گا، یہ قومی ہنگامی حالتوں، یہاں تک کہ جنگ میں بھی مرکزی بینک سے پیسے لینے کی ہماری خود مختار صلاحیت کو متاثر کرے گا، مرکزی بینک سے قرضہ لینے ہر ملک میں بحران کو نمٹنے کے لئے آخری حل ہوتا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ یہ قانون مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، بل منظور ہونے کی صورت میں اسٹیٹ بینک پاکستان نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی زیر نگرانی کام کرے گا، وفاقی حکومت کو اسٹیٹ بینک سے قرضہ لینے کی لئے آئی ایم ایف کی منظوری چاہیے ہوگی، کیا یہ ہے نیا پاکستان جس میں ادارے گروی ہو رہے ہیں، کیا وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کو چاہئے کہ کمرشل بینکوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے لیے گئے قرضوں پر ڈیفالٹ ہونے کے حوالے سے خبردار کرے ؟ ہم نے ایسا کبھی نہیں دیکھا کہ وزیر خزانہ خود ایسی تنبیہ کر رہے ہو، یہ کیا ہو رہا ہے؟ قرضے آسمان کو چھو رہے ہیں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
سینٹ اجلاس: حکومت مشکل میں، اسٹیٹ بینک ایکٹ ترمیمی بل میں ارکان کی تعداد کم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کو سینیٹ اجلاس کے دوران مشکل کا سامنا ہے۔ اسٹیٹ بینک ایکٹ ترمیمی بل میں حکومتی ارکان کی تعداد کم ہے، جس پر وہ بل پیش کرنے کیلئے مزید وقت کی متلاشی ہے۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ اجلاس ہوا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ بل ایجنڈے میں شامل ہے، حکومت پیش نہیں کر رہی، بل پیش کرنے کی جلدی تھی، اب کوئی بات نہیں کر رہا۔ اپوزیشن ارکان نے بل پیش کرنے کے حق میں شور شرابہ کیا اور نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اسٹیٹ بینک بل کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ اجلاس کے لئے آدھی رات کو جاری شدہ ایجنڈا حکومت کے چھپے مقاصد کو بیان کرتا ہے، حکومت آئی ایم ایف کو بتانا چاہتی ہے پارلیمنٹ نے اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پاس کیا ہے، حکومت قومی بحران کے وقت پاکستان کے خود مختار فیصلے کرنے کی صلاحیت کو بھی چھیننا چاہتی ہے، حکومت اسٹیٹ بینک کی خودمختاری متعلق بل کو بلڈوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبوں میں خود مختار ضمانتیں دینے کی حکومتی صلاحیت کا کیا ہوگا ؟ یہ ہنگامی واجبات کے طور پر درج ہیں، لہذا آئی ایم ایف اب ان پر بھی کنٹرول کر سکتا ہے، اپوزیشن حکومت کے اس فیصلے کے خلاف ہے، آئی ایم ایف نے یہ شرط رکھی ہے مرکزی بینک پاکستان کو کسی بھی بحران میں پیسے نہیں دے گا، یہ قومی ہنگامی حالتوں، یہاں تک کہ جنگ میں بھی مرکزی بینک سے پیسے لینے کی ہماری خود مختار صلاحیت کو متاثر کرے گا، مرکزی بینک سے قرضہ لینے ہر ملک میں بحران کو نمٹنے کے لئے آخری حل ہوتا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ یہ قانون مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، بل منظور ہونے کی صورت میں اسٹیٹ بینک پاکستان نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی زیر نگرانی کام کرے گا، وفاقی حکومت کو اسٹیٹ بینک سے قرضہ لینے کی لئے آئی ایم ایف کی منظوری چاہیے ہوگی، کیا یہ ہے نیا پاکستان جس میں ادارے گروی ہو رہے ہیں، کیا وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کو چاہئے کہ کمرشل بینکوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے لیے گئے قرضوں پر ڈیفالٹ ہونے کے حوالے سے خبردار کرے ؟ ہم نے ایسا کبھی نہیں دیکھا کہ وزیر خزانہ خود ایسی تنبیہ کر رہے ہو، یہ کیا ہو رہا ہے؟ قرضے آسمان کو چھو رہے ہیں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔