All posts by Khabrain News

امریکہ کی اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے ایک بار پھر اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات سفرنہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایڈوائزیری میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پرڈرون اور میزائل حملہ ہو سکتا ہے، امریکی شہری امارات سفر سے گریز کریں۔
ابوظبی پرحملے کے بعد محکمہ خارجہ نے ٹریول ایڈوائزیری جاری کی تھی، جس میں امریکی شہریوں کو امارات نہ جانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یاد رہے چند روز قبل ابوظہبی پر حوثیوں نے ڈرون حملہ کیا تھا، ابوظہبی پولیس کے مطابق ڈرون حملے کے باعث صنعتی علاقےمیں ایندھن لے جانے والے 3 ٹینکرپھٹ گئے، جبکہ ابوظہبی انٹرنیشنل اایئرپورٹ پرتعمیراتی مقام پرآگ بھڑک اٹھی۔
سعودی اتحادی فوج کا کہنا تھا کہ صنعا ہوائی اڈے سے بارود سے بھرے ڈرونز کی ایک بڑی تعداد کو لانچ کیا گیا۔

واشنگٹن: ہوٹل میں فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک، 4 زخمی ہوگئیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے وفاقی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون ہلاک اور 4 زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق رہائشی علاقے کے ہوٹل میں گولیوں کا نشانہ بننے والی 5 خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے ایک خاتون اسپتال میں دوران علاج چل بسی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہوٹل کےکمرے میں ہونے والی پارٹی کے دوران فائرنگ ہوئی، فائرنگ کےمقام کوپولیس نےگھیرلیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث کسی مشتبہ شخص کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم

پیرس: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے ، فریقین کسی حل پر متفق نہیں ہوسکے ، پیرس میں ہونے والی بات چیت میں فرانس اور جرمنی کے وفود بھی شریک تھے ۔
یوکرینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو اپنی پراکسیز سے مذاکرات کرنے کا مطالبہ کررہا ہے جو کسی صورت منظور نہیں، یوکرین اپنے دفاع کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا، ماسکو کے ساتھ دو ہفتے بعد دوبارہ مذاکرات ہونگے۔
دوسری جانب امریکا نے آخر کار روس کے مطالبات کا تحریری جواب جمع کروا دیا، مگر ماسکونے اعتراض کیا ہے کہ اسکے مرکزی خدشات کو دور نہیں کیا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کے واشنگٹن کے جواب سے مذاکرات جاری رکھنے کی امید پیدا ہوئی ہے، ماسکو نے یوکرین کی سرحد کے قریب روستوف نامی علاقے میں بھی جنگی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان نے اعتراف کیا کہ جنگ کی صورت میں یورپ کو توانائی کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جسکے لئے واشنگٹن مختلف ممالک اور کمپنیز سے بات کررہا ہے، یورپ کی توانائی کی ایک تہائی ضرورت روس پوری کرتا ہے۔

پی ایس ایل7: کراچی کنگز کو پہلے میچ میں شکست، ملتان سلطانز 7 وکٹوں سے کامیاب

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے ٹاکرے میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی اننگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے، شرجیل خان43 اور جو کلارک 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز نے 125 رنز کا ہدف باآسانی3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں مکمل کرلیا، کپتان محمد رضوان ناقابل شکست 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز سست رہا البتہ بابر اعظم اور شرجیل کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے 66 رنز کی شراکت داری بنی لیکن شرجیل 43 رنز بناکر عمران طاہرکا شکار بنے۔
ٹیم کا اسکور 71 رنز پر پہنچا تو بابر اعظم 29 گیندوں پر 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد آنے والے بیٹر محمد نبی بھی جارحانہ کھیل نہ پیش کرسکے اور 17 گیندوں پر صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ 105 رنز پر گری جب ٹام لمونبی ایک رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے علاوہ جو کلارک 26 رنز بناسکے ۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 16 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کیچ: دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، پاک فوج کے 10 جوان شہید

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں دہشتگردوں کیساتھ لڑائی میں پاک فوج کے 10 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 10 جوان شہید ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن ابھی تک جاری ہے، ملزمان کو انجام تک پہنچانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ ارض پاک سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمہ تک سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔

عرب ممالک کے بعد ترکی کی بھی اسرائیل سے قربتیں بڑھنے لگی

انقرہ: (ویب ڈیسک) عرب ممالک کے بعد ترکی کی بھی اسرائیل سے قربتیں بڑھنے لگیں، صیہونی صدر اگلے ماہ ترکی کا دورہ کریں گے ۔
مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے بتایا کہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ 15 فروری سے قبل انقرہ کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورے کے بعد ترکی اور اسرئیل کے تعلقات میں نیا باب کھلے گا، انقرہ تل ابیب کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

مستقبل کی جنگوں میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیاریاں ضروری ہیں: آرمی چیف

ملتان: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستقبل کی جنگوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذہنی اور جسمانی تیاریاں نہایت ضروری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان گیریژن کادورہ کیا، کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے سپہ سالار کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذہنی اور جسمانی تیاریاں نہایت ضروری ہیں ۔
انہوں نے میدان جنگ میں درپیش چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل منصوبہ بندیوں اور حکمت عملی کی توثیق کی ۔

سیاح مصروف سیاحتی مقامات کے بجائے دوسری جگہوں کا بھی دورہ کریں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاح سردیوں کے موسم میں مصروف سیاحتی مقامات کے بجائے دوسرے مقامات کا بھی دورہ کریں۔
وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے سیاحت اعظم جلیل نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سیاحوں کیلئے نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کو دیگر مقامات کی جانب بھیجنے کیلئے کیا گیا، سیاح سردیوں کے موسم میں مصروف سیاحتی مقامات کے بجائے دوسرے مقامات کا بھی دورہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ خوبصورتی ہے، سیاحتی مقامات پر سہولیات کو بڑھا کر فائدہ اٹھائیں، خوبصورت مقامات پر انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے۔
عمران خان نے گورنر ہاوس نتھیا گلی کو بطور سیاحتی مرکز فعال بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی مہمانوں کیلئے ایسے مقامات کو بہتر بنایا جائے، نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے مدد لی جائے۔

منی لانڈرنگ کیس: حریم شاہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کیلئے خطوط لکھ دیئے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے معاملے پر دو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لئے خطوط لکھ دیئے ہیں۔
ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ایف آئی اے نے پاکستان میں موجود دو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لئے خط لکھے ہیں۔
دونوں اکاؤنٹس ٹک ٹاکر کے اصل نام فضا حسین کے نام سے بنائے گیے ہیں ، ایف آئی اے نے دونوں بینکوں کے ہیڈ کو کمپلائنس کو اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے انگلینڈ لے جانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔

پی ایس ایل 7: کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے125 رنز کا ہدف

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لئے125 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے کنگز کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلی نے پہلا اوور کرایا۔ شرجیل خان 43 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے،بابر اعظم 23 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
محمد نبی نے 10 سکور بنائے اور عمران طاہر کا شکار بنے جبکہ ٹام لیمنبے صرف 1 رنز بناکر عمران طاہر کو ہی وکٹ دے بیٹھے جوئے کلارک کی اننگز 26 سکور پر ختم ہو گئی۔ شاہنواز دھانی نے کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 124 رنزبنائے۔
شان مسعود، محمد رضوان (کپتان)، صہیب مقصود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، عمران طاہر، عمران خان سینئر، شاہنواز دھانی، احسان اللہ شامل ہیں۔
بابر اعظم (کپتان)، شرجیل خان، جوئے کلارک، محمد نبی، ٹام لیمنبے، لوئس گریگورے، عامر یامین، محمد عمران جونیئر، طہ خان، عمید آصف، محمد الیاس شامل ہیں۔