All posts by Khabrain News

امریکا میں چرچ پر فائرنگ سے دو خواتین سمیت 3 افراد ہلاک

آئیووا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آئیووا کے ایک چرچ کی پارکنگ میں فائرنگ کے واقعے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست آئیووا کے چرچ کی کارپارکنگ میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 2 خواتین کو ہلاک کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
جس وقت چرچ کی کارپارکنگ میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا اُس وقت چرچ کے اندر ایک مذہبی تقریب جاری تھی جس میں درجنوں افراد شریک تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی اجازت سے قبل مقتولین کی شناخت اور قاتل و مقتول کے درمیان رشتے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا ہے۔
آج ہی کے روز ونسکونس میں ایک قبرستان میں جنازے کے شرکاء پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
امریکا میں 15 مئی سے اب تک سفید فام نوجوان کی فائرنگ سے 10 سیاہ فام، اسکول پر 18 سالہ نوجوان کی فائرنگ میں 2 اساتذہ اور 19 طلبا جب کہ اسپتال میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا ایک جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عمران خان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے سپاہی کی عمر 30 سال ہے اور اس کا تعلق جعفرآباد سے ہے۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ کا ٹیزر ریلیز، سلمان خان کی تعریف

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی جس کی سلمان خان نے بھی تعریف اور تشہیر کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے نامور ڈائریکٹر اتلی کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوان کا ایک منٹ پر مشتمل ٹیزر ریلیز کردیا گیا جس میں سپر اسٹار شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا ہے، فلم کی پہلی جھلک میں کنگ خان کے ہاتھوں اور چہرے پر پٹیاں بندھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کا ٹیزر آنے پر بالی ووڈ کے سلو میاں نے بھی شاہ رخ خان کی اداکاری کو سراہا اور ٹیزر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کیا جس کے کیپشن میں اداکار نے لکھا کہ ’’میرا جوان بھائی ریڈی ہے‘‘۔
کنگ خان کی اہلیہ غوری خان اس پروجیکٹ کی پروڈیوسر ہیں جبکہ فلم اگلے سال 2 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کہانی تاحال واضح نہیں ہوسکی تاہم کہا جارہا ہے کہ نئی فلم میں کنگ خان ایک منفرد انداز میں نظر آئیں گے جس کا اندازہ ٹیزر سے لگایا جاسکتا ہے۔

مسلح افواج امن اور علاقائی استحکام کی ضامن ہیں: شہباز شریف

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن، داخلی و خارجی سلامتی، علاقائی استحکام کی ضامن ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کورس میں شرکت کرنے والے افسران سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن، داخلی و خارجی سلامتی، علاقائی استحکام کی ضامن ہیں اور عالمی امن کی کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
مسلح افواج کی کامیابیوں اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں بے مثال ہیں جس کا دنیا بھر پور اعتراف کرتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے قدرتی آفات کے دوران قوم کی خدمت میں ہمیشہ قابل تعریف کام کیا ہے۔ مسلح افواج انتہائی اہم ریاستی ادارہ اور قوم کا فخر ہے۔ ملک کا دفاع مقدس ہے ، پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، قوم اپنے ہیروز کی یادگار قربانیوں کی مقروض ہے۔

شاہد آفریدی کا حمید شیرازی کے علاج کیلئے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کرکٹ آرگنائزر حمید شیرازی کے علاج کے لیے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
شیرازی کی صحت سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے معروف کرکٹ آرگنائزر کو مالی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
اپنے پیغام میں سابق کپتان نے لکھا کہ گمنام ہیروز کا اعزاز رکھنے والے حمید شیرازی کی خدمات کے عوض شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حمید کے رفیق شیرازی کلب نے درجنوں قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو سکھایا ہے ، وہ ہائی لیول شوگر میں مبتلا ہیں جبکہ 15 مئی کو سرجری کے ذریعے وہ اپنی ٹانگ سے محروم ہوگئے۔

کپڑے فروخت کر کے ریلیف دینے والوں نے عوام کے ہی کپڑے اتار دئیے، پرویزالہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ چھ دن پہلے پٹرول اور ڈیزل بم گرانے سے امپورٹڈ حکومت کی تسلی نہیں ہوئی، آج پھر مہنگائی کا دوسرا بم عوام پر گرا دیا گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر مہنگائی کر کے لوگوں کو برباد کیا جا رہا ہے، کپڑے فروخت کر کے ریلیف دینے والوں نے عوام کے ہی کپڑے اتار دئیے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا یہ نااہل لوگ ہیں جو صرف تباہی مچانے کیلئے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات میں 60 رپے اضافہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ مہنگائی کا نیا طوفان عوام پر مسلط کر دیا گیا ، اس ظالمانہ فیصلے سے خالات خراب ہوں گے، روس سے 30 فیصد سستا پیٹرول کیوں نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کو12،12 گھنٹے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا تحفہ دیا۔

35 سے 40 ہزار کمانے والوں کو ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا، مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد غریبوں کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ 35 سے 40 ہزار روپے کمانے والوں کو اپنی ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائےگا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک روپے کا بوجھ بھی غریب پر نہیں پڑنے دیں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت ہر 6 میں سے 4 خاندانوں کی آمدنی 37 ہزار روپے سے کم ہے۔ ہر غریب خاندان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے 2 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔40 ہزار روپے تک کی آمدنی والے غریب افراد کو سہولت دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے یہ رقم خرچ کر سکے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ویب سائٹ پر عمران خان کا معاہدہ آج بھی موجود ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی جتنی قیمتیں بڑھانی تھیں وہ بڑھا دی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت ختم ہونے سے کچھ دن قبل اس وقت کے وزیر توانائی نے ایک خط تحریر کیا تھا جس میں روس سے تجارت کے فروغ اور پیٹرولیم کے شعبے میں تجارت کی درخواست کی گئی تھی لیکن اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان نہ کوئی معاہدہ ہے اور نہ ہی کسی مفاہمت کی یادداشت پردستخط ہوئے ہیں، اگر 30 فیصد سستا تیل مل رہا تھا تو پی ایس او کے ٹینڈر میں کیوں نہ آتا؟
انہوں نے کہا کہ نہ تو اس وقت کے وزیر توانائی کے خط کا کوئی جواب روس سے آیا اور نہ ہمارے سفیر نے جب روس کے وزیر توانائی سے ملاقات کی تو انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب دیا۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دی گئی سبسڈی کی قیمت آج عوام ادا کر رہے ہیں، عمران نے جو سبسڈی دی اس کی منظوری کہیں سے نہيں لی، ہم نے لیوی نہیں بڑھائی، اس کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک جھوٹ سے نہیں چلتے، حقائق سے چلتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو معیشت تباہ ہوجاتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے دفاعی اخراجات 1700 ارب روپے ہیں جبکہ پوری حکومت 520 ارب روپے سے چلتی ہے، اس میں سے 30 سے 40 ارب روپے پیٹرول کی مد میں خرچ ہوتے ہوں گے، انہیں کم کرنے کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ باسکٹ بال سلیم ڈنک، گنی پگ نے ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سویڈن کے ایک گنی پگ نے 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ باسکٹ بال سلیم ڈنک کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
ہنگری ایما مولر سے تعلق رکھنے والی گنی پگ مولی نے 1.7 انچ قطر کی گیند کو ایک چھوٹے سے ہوپ کے ذریعے گرا کر 30 سیکنڈ میں 4 سلیم ڈنک بنائے۔
ریکارڈ کیپنگ آرگنائزیشن نے وضاحت کی کہ اس کی عالمی ریکارڈ کی کوشش کے سیٹ اپ میں 4.4 سینٹی میٹر قطر کے پلاسٹک کے دائروں (گیندوں) کا ایک سیٹ، فاصلے کے اشارے اور مولی کے لیے اپنی کرتب دکھانے کے لیے ایک چھوٹی ٹوکری شامل تھی۔
گنیز کے ذریعے شیئر کی گئی ہوپ شوٹنگ گنی پگ کی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وہ کس طرح وقت کے خلاف دوڑ میں گھریلو کیوی کے ذریعہ سب سے زیادہ سلیم ڈنک حاصل کرنے کے لئے آگے پیچھے بھاگتی ہے۔ ہر نئے سلیم ڈنک کے بعد اسے مڑ کر دوسری گیند لانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

یاسین ملک کو سزا، وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کو من گھڑت الزامات پر سزا پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیرقانونی غاصبانہ قبضے، تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی عدالت نے من گھڑت، جھوٹے الزامات پر دائر مقدمے میں یاسین ملک کو سزا سنائی، حریت رہنما یاسین ملک کو بیماری کے باوجود جیلوں میں بے رحمانہ سلوک کیا گیا، یاسین ملک کی قید، من گھڑت الزامات پر مقدمہ، بدنیتی پر مبنی سزا بھارتی عزائم کی عکاس ہے، بھارت کی کوشش ہے کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کے طور پر پیش کیا جائے، بھارت نے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو مکمل نظر انداز کیا۔
وزیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ یاسین ملک کے ساتھ سلوک، کشمیریوں، کشمیری قیادت کو مقدمات میں پھنسانے کی کوششوں کا حصہ ہے، خطرہ ہے یاسین ملک کو زیر حراست قتل کر دیا جائے، سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کا پرامن حل کرائیں، سیکرٹری جنرل بھارت کی مقامی کشمیری قیادت کو نشانہ بنانے کا فوری نوٹس لیں، یاسین ملک کے خلاف تمام بے بنیاد الزامات واپس لینے کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔
طخ میں مزید لکھا گیا کہ یاسین ملک کو بھارتی قید سے فی الفور رہا کیا جائے، بے بنیاد، من گھڑت، جھوٹے الزامات میں قید تمام کشمیری رہنماؤں کو رہا کیا جائے، بھارت، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے، بھارت مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کو منسوخ کرے، اقوام متحدہ کی زیر نگرانی تحقیقات کے لیے آزاد محققین کو رسائی دے۔

ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج مزید اضافہ ہوا ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 39 ہزار 100 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 11 ڈالر اضافے سے 1867 ڈالر فی اونس ہے۔