All posts by Khabrain News

صدر پیوٹن کو پارلیمنٹ سے بیرون ملک فوج تعینات کرنے کا اختیار مل گیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے فوج مشرقی یوکرین تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ یوکرین سے الگ ہونے والی ریاستوں کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت دونوں ریاستوں کے دفاع کی ذمہ داری روس کی ہوگی۔ نیٹو نے 100 سے زائد طیاروں کو ہائی الرٹ کر لیا۔
صدر پیوٹن کو پارلیمنٹ سے بیرون ملک فوج تعینات کرنے کا اختیار مل گیا۔ ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین سے آزاد ہونے والی ریاستوں کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت دفاع کی ذمہ داری روس نے لے لی ہے، دونوں ریاستوں میں روس اپنے فوجی اڈے قائم کرے گا اور ان کی معاشی مدد بھی کرے گا۔
اس سے پہلے صدر پیوٹن نے ڈونیسک اور لوہانسک ریاستوں کی آزادی تسلیم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے تھے، جس کی روسی پارلیمنٹ نے بھی
توثیق کی تھی، شام روسی اقدام کی حمایت کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ روس کے جارحانہ اقدامات کے بعد یوکرین نے ماسکو سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔ روس نے بھی یوکرین سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلانے کا اعلان کر دیا۔
کیف نے اسلحے کی فراہمی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیا جبکہ نیٹو نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر 100 جنگی طیاروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ نیٹو کے سربراہ کا کہنا ہے کہ روس یوکرین پر چڑھائی 2014 میں ہی کر دی تھی، اب یوکرین کو روس کی جانب سے مزید حملوں کا سامنا ہے۔

اپوزیشن عوام کیلئے نہیں، اقتدار کیلئے تڑپ رہی ہے: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن عوام کیلئے نہیں، اقتدار کیلئے تڑپ رہی ہے، کبھی آر پار، کبھی استعفوں کے خالی نعرے، انہیں ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ساڑھے تین برس کے دوران اپوزیشن نے انتشار کی سیاست کی، یہ نہیں چاہتے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھے، کبھی آر پار اور کبھی استعفوں کے خالی نعرے لگائے، اب اپوزیشن نے عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا ہوا ہے، اپوزیشن کے پاس نمبرگیم ہی پوری نہیں، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا عدم اعتماد کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کی لاہور، اسلام آباد، پشاور میں بارش کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد، پشاور میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں آج لاہور، سیالکوٹ، گوجرانولہ اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، چترال، سوات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ سندھ میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

کامران کو تھپڑ: ریفری کی حارث کومحتاط رہنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کے حارث رؤف کی جانب سے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو گراؤنڈ میں تھپڑ مارنے کے بعد ریفری علی نقوی نے حارث کو میچ کے بعد طلب کیا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو مستقبل میں محتاط رہنے کا کہا، اس کے علاوہ انہوں نے سمجھایا کہ گراؤنڈ میں ہنسی مذاق سے کھیل کی شہرت کو نقصان پہنچانا درست نہیں ہے تاہم حارث رؤف نے معاملے کو دوستانہ انداز قرار دیا تاہم ریفری نے حارث کو خبردار کرکے معاملہ ختم کر دیا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے کرکٹر حارث رؤف کو کھیل کی سپرٹ کے حوالے سے بھی سمجھایا۔ ذرائع کے مطابق آن فیلڈ امپائرز نے بھی اس حوالے سے کوئی شکایت میچ ریفری کو نہیں کی چونکہ معاملہ ایک ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا تھا اس لیے سنگین قرار نہیں پایا، کھلاڑیوں کو واقعہ کے بعد گراؤنڈ میں ہنستے کھیلتے بھی دیکھا گیا۔

شرفین ردرفورڈ سپر لیگ کا اہم مرحلہ چھوڑنے پر مایوس

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے بیٹر شرفین ردرفورڈ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا اہم مرحلہ چھوڑ کر جانے پر مایوسی ہو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر کئے گئے پیغام میں شرفین ردرفورڈ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ہمیشہ سے ہی میری ترجیح رہی ہے کیوں کہ پی ایس ایل نے مجھے دنیا بھر میں متعارف کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر باپ کی طرح میں بھی اپنے بچے کی پیدائش کی وجہ سے مجبور تھا کیوں کہ وہ میرے لیے سب کچھ ہے۔
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شرفین ردرفورڈ نے پاکستان میں ملنے والی مہمان نوازی اور پیار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پھر ملے گے۔ شرفین ردرفورڈ نے اپنی ٹیم پشاور زلمی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ خیال رہے کہ شرفین ردرفورڈ نے ذاتی مصروفیات کے باعث لیگ کے دوسرے مرحلے میں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

یو اے ای نے پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

مسقط: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
آئرلینڈ نے بھی میگا ایونٹ کے لیے ٹکٹ بک کروا لی۔متحدہ عرب امارات نے مسقط میں نیپال کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے رسائی حاصل کی ہے ۔کپتان احمد رضا کی شاندار کارکردگی کی بدولت کوالیفائنگ ایونٹ کے سیمی فائنل میں امارات نے نیپال کو 68 رنز سے شکست دی۔
یو اے ای کی نیشنل ٹیم سات سالوں میں پہلی بار اور تاریخ میں صرف چوتھی بار عالمی سطح پر نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے 1996 اور 2015 میں 50 اوور کا ورلڈ کپ کھیلا تھا جب کہ 2014 میں پہلی بار 20 اوور کے فارمیٹ میں رسائی حاصل کی تھی۔دوسری جانب آئرلینڈ نے ہوم ٹیم عمان کو شکست دے کر ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں جگہ پکی کر لی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا قانون کی دفعہ 20 کے تحت گرفتاریوں سے روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو پریوینشن الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کی سیکشن 20 تحت گرفتاریاں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ایف یو جے کی جانب سے پیکا آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ پی ایف یو جے کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 17 فروری کو سینیٹ کا سیشن ختم ہوا اور 18 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس تھا، جو صرف اس لیے ملتوی کیا گیا کہ یہ آرڈیننس لایا جا سکے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایسے کیا حالات تھے، جن کی بنیاد پر یہ آرڈیننس جاری کرنے میں جلدی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے پہلے ہی ایس او پیز جمع کرا چکی ہے، ایس او پیز کے مطابق سیکشن 20 کے تحت کسی شکایت پر گرفتاری نہ کی جائے، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری داخلہ ذمہ دار ہوں گے۔ عدالت نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف پی ایف یو جے کی درخواست پر صدارتی آرڈی نینس کے ذریعے ترمیم کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عوامی نمائندے کے لیے تو ہتک عزت قانون ہونا ہی نہیں چاہیے، زمبابوے اور یوگنڈا بھی ہتک عزت کو فوجداری قانون سے نکال چکے۔وکیل پی ایف یوجے نے کہا کہ جو خود کو عوامی نمائندہ کہتا ہے وہ بھی تنقید سے نہ گھبرائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف پی ایف یو جے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کر دیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق صدر آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں اور دونوں کو ان کے عوام نے منتخب کر رکھا ہے، جب عوام نے منتخب کر رکھا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے ؟ جب 2 لاکھ افراد اپنا نمائندہ منتخب کریں تو غیر منتخب جج اسے ڈی سیٹ کیوں کرے ؟۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہر سیاسی جماعت نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ ٹیم رکھی ہے، عدالتوں میں اپنے معاملات لاتے ہیں جس کے خلاف فیصلہ آئے وہ ٹرولنگ شروع کرتا ہے، جب یہ سب ہونا ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں ؟ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر آج سیاسی جماعتیں چاہیں تو سوشل میڈیا ٹھیک ہو جائے گا، اپنے فالورز کو کہیں بدتمیزی نہ کریں، نفرت انگیز مواد نہ پھیلائیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139 نمبر پر ہیں، یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں ہوتی، گورننس سسٹم کی ہوتی ہے۔ عدالت نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والے فیکٹرز کی کاپی وکلا کو دی اور سوال کیا کہ یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے ؟ بعد ازاں عداالت نے آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کر دیں۔

آصف علی زرداری نے چودھری برادران کو آج عشائیے پر مدعو کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) آصف علی زرداری نے چودھری برادران کو آج عشائیے پر مدعو کرلیا۔ سابق صدر اور چودھری پرویز الٰہی کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی آج بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوگی۔ وفاقی وزیر مونس الہیٰ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی شریک ہوں گے۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
آصف زرداری نے چودھری برادران سے حکومت مخالف عدم اعتماد کی تحریک میں تعاون مانگا تھا۔ مسلم لیگ ق نے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں اعلی سطح کی پارٹی مشاورت کی تھی۔ پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار چوہدری پرویزالہی کو دیا تھا۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک انتقال کر گئے، وہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں کورونا کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے اور صحتیاب نہ ہوسکے، انہیں پھیپڑوں کا عارضہ بھی لاحق تھا۔
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک 1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات اورپی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری حاصل کی۔ ایف آئی اے کے سربراہ بھی رہے۔ رحمان ملک کو ان کے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
2008 سے 2013 تک پاکستان کے وزیر داخلہ رہے۔ رحمان ملک کا شمار بینظیر بھٹو کے با اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان میثاق جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا۔ رحمان ملک کراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلافات کی صورت میں پل کا کردار بھی ادا کرتے تھے۔ رحمان ملک پیپلز پارٹی کی طرف سے 2018 سے سینیٹ کے رکن تھے۔