All posts by Khabrain News

امیر ترین اداکارہ بننے پر ایشوریا رائے ٹیکس چور قرار

ممبئی: (ڈیلی خبریں) بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو بھارتی عوام نے فلم انڈسٹری کی سب سے امیر اداکارہ بننے پر ٹیکس چور قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشوریا پچھلی 2 دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں، 100 ملین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ اس وقت بالی وڈ کی سب سے امیر اداکارہ ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشوریا بچن کی مجموعی مالی حیثیت بڑی سکرین سے دور رہنے کے باوجود زیادہ رہنا ایک دہائی سے زائد عرصے سے برانڈ لوریئل کا عالمی سطح پر برانڈ ایمبیسڈر رہنا ہے۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹیکس چور قرار دیا ہے، اتنا سخت ردعمل سامنے آنے کی وجہ یہ ہے کہ ایشوریا کا نام ان 500 بھارتیوں میں شامل ہے جن کے نام پانامہ پیپرز میں آئے ہیں۔

فرانس میں کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، مزید تین لاکھ پچاس ہزار افراد وبا کا شکار

پیرس: (ڈیلی خبریں) فرانس میں کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، 24 گھنٹے میں تین لاکھ پچاس ہزار نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے جبکہ تین سو اکتالیس اموات ہوئی ہیں۔
فرانس میں پانچ جنوری کو بھی تین لاکھ بتیس ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے، یورپ میں اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے بعد فرانس میں کورونا کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
فرانس میں رواں ماہ کے وسط تک ویکسین پاس رکھنے والے ہی انڈور تقریبات میں شریک ہوسکیں گے۔

ملتان: جنرل بس سٹینڈ کے سی سی ٹی وی کیمرے ٹھیک نہ ہو سکے، چوری وارداتوں میں اضافہ

ملتان: (ڈیلی خبریں) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث جنرل بس سٹینڈ کے خراب سی سی ٹی وی کیمرے تبدیل نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے پر مسافروں کی اکثریت پریشان ہے۔

ملتان میں جنرل بس سٹینڈ کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے گزشتہ چھے ماہ سے خراب پڑے ہیں جس کی وجہ سے رواں ماہ اب تک چوری اور ڈکیتی کی 13 وارداتیں ہو چکی ہیں جس سے مسافروں کی اکثریت عدم تحفظ کا شکار ہوچکی ہے جس پر مسافروں نے حکومت سے بس سٹینڈ کی صو رتحال کا نوٹس لے کر سی سی ٹی وی کیمرے فوری تبدیل کرانے کا مطالبہ ہے۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے نئے کیمروں کا تخمینہ دو کروڑ روپے لگایا لیکن ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث کیمروں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کاموقف ہے کہ نئےسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ترجیح ہے جس کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

جنرل بس سٹینڈ کی چھتیں مختلف جگہوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں اور سہولیات کا بھی فقدان ہے جبکہ رہی سہی کسر گندگی کے ڈھیر نے پوری کر دی ہے۔

وزیراعلی بزدار کی گورنر پنجاب سے ملاقات، عوامی ترقی کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق

لاہور: (ڈیلی خبریں) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں عوامی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار آج گورنر ہاوس پہنچے، ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے صوبے میں انصاف کارڈ کی فراہمی پر وزیر اعلی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا، ملکی معاشی ترقی میں اپوزیشن کی رکاوٹوں کو غیر جمہوری اور غیر اخلاقی قرار دے دیا۔ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، گورنر و وزیراعلی نے اپوزیشن پر واضح کر دیا۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین ہر معاملے پر پواٸنٹ سکورنگ نہ کریں، مارچ 2022 اور مارچ 2023 بھی گزر جاٸے گا مگر حکومت قائم رہے گی۔ اپوزیشن کو بھی سب سے پہلے ملکی و عوامی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے، صحت انصاف کارڈ سمیت ہر منصوبے کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

پنجاب میں اومی کرون کیسز میں اضافہ، لاہور میں 18 افراد میں وائرس کی تصدیق

لاہور: (ڈیلی خبریں) پنجاب میں اومی کرون کیسز میں اضافہ ہونے لگا۔ لاہور میں 18 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ صوبائی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 345 اور صوبے میں 361 تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 924، سندھ میں 4 لاکھ 90 ہزار 10، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 842، بلوچستان میں 33 ہزار 664، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 433، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 660 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 715 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 120 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 59 ہزار 699 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 83، سندھ میں 7 ہزار 691، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 945، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 748 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

قومی کرکٹر یاسر شاہ مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) قومی کرکٹر یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دے دیا گیا، اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا ۔ متعلقہ ایس ایچ او نے موقف دیا کہ یاسر شاہ کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ، مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا۔ ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ڈیلی خبریں) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور قلات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔

نجی شاپنگ مالز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیمرے بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام کیلئے پرائیویٹ شاپنگ مالز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیمروں کو بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل کرلیا گیا۔ پولیس کنٹرول روم بھی سیف سٹی کی عمارت میں منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کا سیف سٹی منصوبہ، پرائیویٹ شاپنگ مالز اور ہاوسنگ سوسائٹیوں کے کیمرے بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل ہو گئے جس کے بعد کیمروں کی تعداد 1995 ہو گئی۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر پولیس کنٹرول روم بھی سیف سٹی کی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کو آرڈی نیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔ سیف سٹی کے اندر سوشل میڈیا اور ٹی وی مانیٹرنگ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اقدام سے جرم کی تحقیقات کیساتھ روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے نظام کے تحت پولیس کے رسپانس ٹائم میں بھی واضع کمی ہوئی ہے اور اب یہ 2 منٹ ہو چکا ہے۔

امریکی شہر فلاڈیلفیا میں میڈیکل ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکی شہر فلاڈیلفیا میں میڈیکل ہیلی کاپٹر کریش کر گیا، پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے شیرخوار بچہ اورعملے کے ارکان محفوظ رہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں افراد کو شدید چوٹیں نہیں آئیں، امریکی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں فنی خرابی کا شکار ہو گیا تھا تاہم پائلٹ اسے زمین تک لانےمیں کامیاب رہا۔ پائلٹ کی مہارت کی وجہ سے ہیلی کاپٹر زمین سے زور سے نہیں ٹکرایا جس کے باعث چاروں جانیں بچ گئیں، ہیلی کاپٹر میں بیمار شیر خوار بچے کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

خیبرپختونخوا: رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کا صرف چوتھائی حصہ خرچ ہو سکا

پشاور: (ڈیلی خبریں) خیبرپختونخوا میں رواں مالی سال کے بجٹ میں سو فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے باوجود نصف سال میں ترقیاتی بجٹ کا صرف چوتھائی حصہ ہی خرچ ہوسکا، صوبے میں متعدد محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔ خیبرپختونخوا میں جاری مالی سال 2021-22 کے نصف سال کے دوران 371 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سے صرف 89 ارب 23 کروڑ سے زائد روپے خرچ ہوسکے۔ محکمہ خزانہ کی دستاویزکے مطابق حکومت کی جانب سے بندوبستی اضلاع کے 270 ارب میں سے 162 ارب 82 کروڑ روپےجاری ہوئے جس میں سے صرف 70 ارب 23 کروڑ روپے خرچ ہوئے، ضم اضلاع کے لیے مختص 100 ارب 41 کروڑ میں سے 45 ارب سے زائد جاری ہوئے جبکہ صرف 19 ارب روپے ہی خرچ کیے جاسکے۔ ضم شدہ اضلاع میں قومی مالیاتی ایوارڈ کے تین فیصد کے مطابق ملنے والی 34 ارب 65 کروڑ کی رقم میں سے کچھ بھی خرچ نہیں کیا جاسکا، ضلعی اے ڈی پی، ماحولیات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔