All posts by Khabrain News

رانا شمیم بیان حلفی کیس؛ فواد چوہدری کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل (11 جنوری) کو درخواست پر سماعت کریں گے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد چوہدری، وفاقی وزیر آبی امور فیصل واڈا ،صداقت عباسی، وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کو 62 ون-ایف کے تحت نااہل کیاجائے۔
علاوہ ازیں درخواست میں میڈیا کو توہین عدالت کیس کے فیصلے تک رانا شمیم کی ’کردار کشی‘ روکنے کی بھی استدعا کی گئی۔
درخواست میں دواینکر اورایک نجی چینل سمیت رجسٹرار گلگت بلتستان سپریم کواپیلیٹ کورٹ، رجسٹرارشہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر کردہ درخواست میں راناشمیم کی ’کردار کشی‘ کرنے پر فرخ حبیب کو قومی نشریاتی چینل پر معافی مانگنے اور دواینکر اورایک نجی چینل کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا دینے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ رانا شمیم کے بطور وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی تعیناتی سے متعلق ایڈمنسٹریٹوریکارڈ طلب کیاجائے۔
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی نے اپنی درخواست میں کہا کہ بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد حسن رانا کی اے سی آر کی 26مئی 2018سے لیکر یکم دسمبر 2018تک اے سی آر طلب کی جائے۔
رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی جانب سے راناشمیم کے بیٹے احمد حسن رانا نے درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کر دی

الیکشن کمیشن نے لندن میں علاج کی غرض سے گئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے اسحٰق ڈار کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کی۔
الیکشن کمیشن 29 جون 2018ء میں جاری کردہ نوٹیفیکشن واپس لے لیا، جون 2018 سے جنوری 2022 تک اسحٰق ڈار کی رکنیت معطل رہی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسحٰق ڈار کی رکنیت 9 مارچ 2018 سے بحالی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ‏سپریم کورٹ نے اسحٰق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی، انکی بطور سینیٹر ممبرشپ کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع ختم ہوگیا تھا۔ ‏
نئے آرڈیننس کے تحت 2 ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوگی، ان کی جیت کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا اس لئے اطلاق نہیں ہو رہا تھا، ڈار نے پاکستان آ کر حلف نہ اٹھایا تو نشست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

سعودی عرب میں اونٹنیوں کے مقابلۂ حسن کا آغاز

سعودی عرب میں اونٹوں کے سب سے بڑے میلے کنگ عبدالعزیز فیسٹیول میں اونٹنیوں کے مقابلہ حسن کا آغاز ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض میں کنگ عبدالعزیز کیمیل فیسٹیول جاری ہے جس میں ہر سال کی طرح اس سال بھی کورونا وبا کے باوجود لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔
اس فیسٹیول کا سب سے دلچسپ حصہ اونٹنیوں کے درمیان ہونے والا مقابلہ حسن ہے۔ اس مقابلے کے فاتح اونٹنی کے مالک کو 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر انعام دیا جاتا ہے۔
مقابلہ حسن میں اونٹنی کی خوبصورتی کا معیار لمبے اور لٹکے ہوئے ہونٹ، بڑی ناک اور کوہان کی شکل ہے تاہم کچھ برسوں سے مصنوعی طریقے سے حسن میں اضافہ کیے جانے کا انکشاف ہے۔
اس لیے منتظیمن اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد مقابلے میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں اس سال بھی 40 کے لگ بھگ اونٹنیوں کو خوبصورتی کے لیے بوٹوکس انجیکشن لگانے پر نااہل قرار دیا گیا۔
مقابلے میں شرکت کی خواہش مند اونٹنیوں کا ماہرین نے ان کی ظاہری شکل و صورت اور چلنے کے انداز کا معائنہ کیا۔ پھر جدید ایکسرے اور 3 ڈی الٹرا ساؤنڈ سے سر، گردن اور دھڑ کے عکس لیے اور جنیاتی معائنے سمیت خون کے ٹیسٹ کیے گئے۔
واضح رہے کہ اونٹنیوں کے مقابلہ حسن کا انعقاد ہر سال کنگ عبدالعزیز فیسٹیول میں کیا جاتا ہے جو دنیا کا اونٹوں کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔

اطلاعات ہیں مری میں اموات زیادہ ہیں جو چھپائی جا رہی ہیں، حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر حمزہ شہباز  نے مری سانحے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے بیان میں حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ اطلاعات ہیں مری میں اموات زیادہ ہیں جو چھپائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا حساب وزیراعظم کو دینا پڑے گا، سانحہ مری پر مٹی ڈالنے نہیں دیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اور پنجاب کے حکمران کمبل اوڑھ کرسوئے رہے، جب میڈیا نے سانحہ مری کا پول کھولا تو وفاقی وزرا بھی وہاں چلے گئے۔

حمزہ شہباز نے سانحہ مری کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔

قائمہ کمیٹی خزانہ کااجلاس:نون لیگ اورپی ٹی آئی سینیٹرزمیں جھڑپ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین میں جھڑپ ہوگئی۔ مصدق ملک نے شہزاد وسیم کو باہر آکر تقریر کرنے کا کہہ دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا طلحہ محمود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کی منی بجٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مشکل فیصلے کررہی ہے، اصلاحات پر عمل درآمد ہوگیا تو آئندہ آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے کہ ٹیکس چھوٹ نہ دیں۔ جس پر فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ آپ آئی ایم ایف کا بار بار ذکر کررہے ہیں، ایسا لگتا ہے آپ آئی ایم ایف کے بہت دباؤ میں ہیں۔

اجلاس کے دوران نون لیگ کے اراکین اور پی ٹی ائی کے اراکین میں جھڑپ دیکھنے میں آئی۔ شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ پیسہ واپس  لے آئیں تو ملک کی یہ حالت نہ ہوتی، اگر چوری کا پیسہ واپس آجائے تو ٹیکس نہ لگانا پڑتا، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بیچ کر چوری کیا ہوا پیسہ دیں۔

جس پر سینیٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ آپ لوگ خود چور ہیں، یہ ہمارا حق کہ ہم بل کو منظور کریں یا مسترد کریں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس بل کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں۔

بحث کے دوران سینیٹر مصدق ملک نے شہزاد وسیم کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی تقریر کرنی ہے تو باہر آؤ۔ جس پر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ باہر کیا آئیں جو کرنا ہے یہاں کرلو۔

اپوزیشن ارکان نے آئل سیڈ، دودھ، پنیر وغیرہ پر ٹیکس بڑھانے کی مخالفت کردی اور اُن کا کہنا تھا اس سے ملک میں مہنگائی آئے گی۔

جس پر چیئرمین ایف بی آر نے جواب دیا کہ درآمدی اشیاء پر ٹیکس کا مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی طلحہ محمود نے کمیٹی اجلاس میں 10 منٹ کا وقفہ کر دیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، کاروباری ہفتے کے پہلے روز انڈیکس میں تیزی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتےکے پہلے روز انڈیکس میں تیزی رہی۔

تفصیلات کے مطابق مارکیٹ541 پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزار887پر بندہوئی جبکہ دن بھرمجموعی طورپر391 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبارہوا۔

249کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ115 کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

آج تیزی کے باعث مارکیٹ میں1اعشاریہ2فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آبادہائیکورٹ کاسی ڈی اے کوسردیوں میں جھگیاں خالی نہ کرانےکاحکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو سردیوں کے دوران جھگیاں خالی نہ کرانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کچی آبادیوں سے متعلق کیس میں واضح کردیا کہ سی ڈی اے ایلیٹ کی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے ہے۔

جھگیوں کی رہائشی خاتون کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسسٹس اطہر من اللہ نے سی ڈی اے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے کچی آبادی والوں کے لیے کوئی اسکیم بنائی، اس شہر میں لاقانونیت ہے آپ اس شہر کو ایلیٹس کے لیے بنا رہے ہیں؟۔

سی ڈی اے وکیل نے بتایا کہ عدالتی ہدایات پر ای الیون میں فیکٹری بھی بند کروا دی گئی ہے،یہ فیکٹری طاقتور ادارے نے بغیر این او سی بنا رکھی تھی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ واحد شہر ہے جس کو وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سپروائز کرتی ہے، باتیں بڑی بڑی کرتے ہیں لیکن لگتا ہے کہ سی ڈی اے اور وفاقی حکومت دونوں بے بس ہیں۔

چئیرمین سی ڈی اے منگل کو بتائیں کہ کم آمدنی والے طبقے کیلئے ماسٹر پلان میں کیا رکھا گیا ہے؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی واضح کردیا کہ شہر میں ایلیٹ اور غریب کی تفریق کئے بغیر قانون پرعمل نہ ہوا توچئیرمین سی ڈی اے اور ممبران کے خلاف کرمنل کارروائی شروع کی جائے گی۔

وزیراعظم کا آئندہ ماہ دورہ چین کا امکان

وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ماہ دورہ چین کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے حتمی شیڈیولنگ کا عمل جاری ہے ، عمران خان ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور چین میں اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

 وزیراعظم چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جبکہ دورہ چین کے دوران  روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر کی ملاقات کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی یہ روسی صدر سے پہلی باظابطہ دو طرفہ ملاقات ہوگی۔

اس سے قبل  وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزراء سانحہ مری پر ضلعی انتظامیہ کے حق میں بول پڑے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے  آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ترجمانوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

اجلاس میں سانحہ مری پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جس پر وزیر اعظم نے سوال کیا کہ کیا بروقت اقدامات سے سانحہ مری کو روکا جا سکتا تھا؟

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وفاقی وزراء ضلعی انتظامیہ کے حق میں بول پڑے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ پوری صورتحال کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا ، شام پانچ بجے ہی مری جانے والے راستے بند کردیے تھے ، حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر تھے، رینجرز طلب کرنا پڑی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ موجودہ دور میں سیاحت ایک نئی حقیقت ہے ، سیاحت بڑھ گئی ہے، انفراسٹرکچر کئی دہائیاں پیچھے ہے ، نئے ہوٹلز کی تعمیر کے ساتھ پرانے اسٹرکچر کو بہتر کرنا لازمی ہے ، بڑھتے ہوئے سیاحوں کو معیاری رہائش کی فراہمی ایک چیلنج ہے۔

وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔

ملک میں ڈالر 176 روپے 68 پیسے کا ہوگیا

ملک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوگیا۔

انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ ایک پیسے اضافےکے بعد 176.68 روپے ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 179.50روپے پر برقرار رہے۔

مری کی اہم شاہراہیں کلیئر، اوورچارجنگ کرنیوالے ہوٹلوں کیخلاف کارروائی کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

عثمان بزدار نے کمشنر راولپنڈی کو اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اوورچارجنگ کاروبار نہیں بلکہ لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں، انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق خرید و فروخت یقینی بنائے،  سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔

تمام اہم شاہراہیں کلیئر

دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا ہے، اس سلسلے میں پولیس 72 گھنٹوں تک سیاحوں کی مدد اور روڈ کلیئرکروانے کے لیے متحرک رہی۔

ترجمان کے مطابق جھیکاگلی سے لوئرٹوپہ اورلارنس کالج تک روڈ مکمل کلیئر ہے جب کہ جھیکاگلی سے کلڈنہ اورکلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹاکرکلیئرکردیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ برف میں پھنسی گاڑیاں محفوظ مقام پرمنتقل کرکے مالکان کودی جارہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مری کے تمام داخلی راستے سیاحوں کیلئے آج رات 9 بجے تک بند ہیں۔

 خیال رہے کہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی اور 20 سے زائد افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔