All posts by Khabrain News

توہین عدالت کیس میں عمران خان پر کل فرد جرم عائد کی جائےگی، سرکلر جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کی کل عدالت پیشی سے متعلق سرکلر جاری کر دیا۔ عمران خان پر کل فرد جرم عائد کی جائےگی۔
سرکلر کےمطابق لارجر بینچ کل 22 ستمبر دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔
سرکلر کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود رہ سکیں گے۔اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لا افسران کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تین عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔پندرہ کورٹ رپورٹرز اورہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے انتظامیہ کو سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھکیوں سے متعلق توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نےعمران خان کو جواب جمع کروانے کےلیے دو مواقع فراہم کیے تھے۔
عمران خان نے جواب میں اپنے الفاظ واپس لینے اور آئندہ محتاط رویہ اختیار کرنے کا جواب عدالت میں جمع کرایا تھا لیکن غیر مشروط معافی نہیں مانگی تھی۔

عالمی منڈی میں قیمتیں،عوام فائدے سےمحروم، پٹرول پر64.17 روپے ٹیکس وصولی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو پاکستان کے عوام پر بھی اضافی بوجھ ڈال دیا جاتا ہے مگر عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کا عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا۔
عالمی منڈی میں پٹرول، ڈیزل سستا ہو گیا، تاہم پاکستان میں عوام فائدے سے محروم ہیں، پٹرول پر 64 روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل 21 روپے 6 پیسے فی لٹر اضافی وصولیوں سے خزانہ تو بھرنے لگا مگر عوام کی جیبیں خالی ہیں۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے عہدیداروں نے دنیا نیوز کو بتایا اس وقت پٹرول کی قیمت خرید 172 روپے 81 پیسے فی لٹر ہے جو عوام کو 237 روپے 43 پیسے میں مل رہا ہے، پٹرول پر37 روپے 50 پیسے لیوی، 4 روپے 76 پیسے فریٹ مارجن، 3 روپے 68 پیسے ڈسٹرکٹ مارجن اور 7 روپے فی لٹر ڈیلرز مارجن بھی عائد ہے۔
حکومت پٹرول پر یومیہ 1 ارب 89 کروڑ جبکہ ماہانہ 56 ارب 85 کروڑروپے کما رہی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت خرید 224 روپے 69 پیسے ہے جو عوام کو 245 روپے 75 پیسے میں مل رہا ہے، ڈیزل پر عوام سے یومیہ 63 کروڑ جبکہ ماہانہ 18 ارب95 کروڑ روپے سے زائد کما رہی ہے۔
سولہ ستمبر کو بھی پٹرول 10 روپے جبکہ ڈیزل 4 روپے فی لٹر سستا ہونا چاہیئے تھا مگر حکومت یہ ریلیف روک کر عوام سے یومیہ 42 کروڑ روپے اضافی وصول کر رہی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے جان کیری کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

نیو یارک: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے یکجہتی کے جذبات کو ان کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے عملی اقدامات میں تبدیل کرے۔
وزیراعظم 23 ستمبر کو 193 رکنی اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کو بھی اجاگر کریں گے اور عالمی برادری سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کی اپیل کریں گے۔

بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ، شہباز گل کی حاضر ی معافی کی درخواست منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے چالان جمع کروا دیا جب کہ عدالت نے شہباز گل کی آج حاضر ی معافی کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل ضمانت پر ہیں۔ سماعت کے دوران شہباز گل کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت میں درخواست دی کہ شہباز گل کی تمام دستاویزات پولیس قبضے میں ہیں، حوالے کی جائیں، جس پر عدالت نے سامان کی سپرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما کے ٹرائل کے لیے کیس فائل سیشن جج کو بھیج دی، شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں مزید سماعت اب 24 ستمبر کو ہوگی۔

ایک تقرری سب پر بھاری، الیکشن یا بند گلی میں، فیصلہ ہونے والا ہے، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے، وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہی۔
شیخ رشید نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ رات 2 بجے پیٹرول پر شب خون مار کے 1.50 روپے اضافہ کر دیا ہے، ہر روز روپے کی قدر میں کمی ہو رہی ہے، جبکہ اجناس، پیٹرول اور بجلی میں اضافہ ہو رہا ہے، طاقتور بے قصور اور غریب قصوروار ٹھہرے ہیں۔
الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں، اس کا فیصلہ ہونے والا ہے، ہائیکورٹ نے پیناڈول دلائی، اب آٹا بھی دلائے، آج 70 وزرا 2 کے اضافے کے بعد تعداد میں 72 ہوگئے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں، یہ امریکہ کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں، ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے، وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جبکہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔

معروف بھارتی کامیڈین راجو شری واستو چل بسے

ممبئی : (ویب ڈیسک) معروف بھارتی کامیڈین راجو شری واستو انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مشہور کامیڈین راجو شری واستو دنیاسے کوچ کر گئے۔ ان کی عمر 58 برس تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راجو شری واستو 10 اگست کو جم میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔
طبیعت نا سازی کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔
راجو شری واستو نے 1980 کی دہائی میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام شروع کیا انہوں نے کئی بھارتی فلموں میں کام کیا۔
انہوں نے کئی کامیڈی شوز میں سٹینڈ اپ کامیڈی کرکے شہرت کمائی۔

سپریم کورٹ: اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے والی درخواست خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اشتہای قرار دینے کیخلاف درخواست واپس لے لی، سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، اسحاق ڈار کی جانب سے سپریم کورٹ میں وکیل سلمان بٹ پیش ہوئے، وکیل سلمان بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ: پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کی درخواستیں خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کی درخواستیں خارج کردیں، سپریم کورٹ نے استعفوں کی منظوری کی درخواستوں کا معاملہ غیر موثر ہونے پر خارج کیا۔
ظفر علی شاہ اور وحید کمال نے پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری کیلئے 2015 میں درخواستیں دائر کی تھیں، وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ 2013 کی اسمبلی سے متعلق ہے، 2013 کی اسمبلی کی معیاد 2018 میں ختم ہو چکی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ 2013کی اسمبلی کی معیاد 2018 میں ختم ہوچکی تو پھر یہ معاملہ غیر موثر ہوگیا۔

ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر نے نئی تاریخی بلندی کوچھولیا، انٹربینک میں ڈالر240 روپےکی سطح پرپہنچ گیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 1 روپے9 پیسےمہنگا ہوگیا، 28 جولائی 2022 کو ڈالر239 روپے 94 پیسوں کی سطح پرٹریڈ ہوا تھا۔
شہبارحکومت کےدورمیں ڈالر 57 روپے7 پیسوں تک مہنگا ہوگیا، عمران حکومت کےساڑھے3 سالہ دورمیں ڈالر58 روپے8 پیسوں تک مہنگا ہوا تھا۔

ہمیں قیام امن اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرناہوگا،وزیرخارجہ بلاول بھٹو

نیویارک : (ویب ڈیسک) نیویارک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی سربراہی کی۔ کہاہمیں قیام امن اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرناہوگا۔
نیویارک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیرصدارت دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہوئی۔نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں عالمی برادری کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی گئی۔
کانفرنس میں کینیڈا، چیک ری پبلک، ہنگری، قطر اور سربیا سمیت مختلف ممالک کے نوجوان وزرائے خارجہ نےشرکت کی۔وزیر مملکت خارجہ امورحنا ربانی کھر نے بھی نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شرکت کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں قیام امن اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرناہوگا،ہمیں خطے کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ مستقبل کی نسل کے لیے مساوی معاشی حقوق کی جدوجہد کرنا ہوگی۔عالمی برادری کے ایک دوسرے سے تعاون سے متعلق ہم اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کانفرنس میں خطاب کے دوران کہا ہے کہ نوجوان وزرائے خارجہ کی ایک دوسرے سے ملاقات کا مقصد لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔