All posts by Khabrain News

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بحران طویل ہو سکتا ہے،امریکی محکمہ خارجہ

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بحران طویل ہو سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی خثسک ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔سیلاب کی تباہ کاریوں سے بحران طویل ہو سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے۔امید ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک سیلاب اور بارشوں کے باعث ایک ہزار 569 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں تاحال پانی جمع ہے۔

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 10افراد جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 10افراد جاں بحق ہو گئے۔
ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 569 ہوگئی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 12ہزار 860افراد زخمی ہوئے ۔
یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کو خطرات لاحق ہیں، پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی، انتونیوگوتریس
تفصیلات کے مطابق سندھ میں 701،بلوچستان میں 300،خیبرپختونخوا میں 306افراد جاں بحق ہوئے۔پنجاب میں 191،آزاد کشمیر میں 48اور گلگت بلتستان میں 22اموات رپورٹ کی گئیں۔
ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 20لاکھ 9ہزار 794گھروں کو نقصان پہنچا۔ 9لاکھ 98ہزار 407مویشی ہلاک ہوئے،ملک بھر میں سیلاب کی وجہ سے 12ہزار 716کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔

ٹی 20 میں تیز ترین 2 ہزار رنز، رضوان بھی بابر کے ہم پلہ ہو گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنا کر کپتان بابر اعظم کے ہم پلہ ہو گئے۔
بابائے کرکٹ انگلینڈ کے پاکستان میں تاریخی دورے کا پہلا ٹی 20 محمد رضوان کے لیے تاریخ ساز بن گیا، کراچی میں انہوں نے ٹی 20 کیرئر کی سترہویں نصف سنچری مکمل کی۔
اس اعزاز کے ساتھ قومی وکٹ کیپر بیٹر کے ٹی 20 کرکٹ میں 2 ہزار رنز بھی مکمل ہو گئے، 30 سالہ اوپنر نے 63 ویں میچ کی 52 ویں اننگز میں سنگ میل عبور کر لیا، کپتان بابر اعظم بھی رواں سال ہی 52 اننگز میں یہ کارنامہ دکھا چکے ہیں۔
محمد رضوان نے انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں 46 گیندوں پر 68 رنز بنائے اور 6 چوکے اور 2 چھکے لگا کر مہمان ٹیم کے خوب چھکے چھڑائے۔

وزیراعلیٰ سے ایئروائس مارشل ظفر اسلم کی ملاقات، سیلاب متاثرین کی بحالی پر گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ایئر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ایئر کمانڈ،پاکستان ایئر فورس، ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کیلئے ائیرفورس کی گراں قدر خدمات پر ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے مشترکہ اقدامات کو مزید موثر انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

بلاول بھٹو کی سی ای او امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن سے ملاقات

نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے ملاقات کی، ملاقات میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کےمواقع پربات چیت ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات توانائی، زراعت سمیت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ معیشت اورخواتین کی خودمختاری اولین ترجیح ہے، بلاول بھٹو نے سکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

انجیلینا جولی کا سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقاتیں

دادو: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی نمائندہ خصوصی اور ہالی وڈ اداکارہ انجیلینا جولی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پاکستان پہنچیں اور انہوں نے سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔
ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی پاکستان میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائےمہاجرین کی سرگرمیوں کاجائزہ لیں گی۔
اداکارہ پاکستان کے صوبے سندھ کے شہر دادو پہنچیں اور اب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں، جولی کے دورے کے پروگرام کو میڈیا سے خفیہ رکھا گیا، دورے کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔
اپنے دورے میں امریکی اداکارہ بے گھر لوگوں اور افغان پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی مقامی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گی جس میں وہ موسمیاتی تبدیلیوں اور نقل مکانی کے حوالے سے بات کریں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انجیلینا جولی دو مرتبہ پاکستان کے دورے پر آچکی ہیں، سب سے پہلے وہ 2005 میں آنے والے زلزلے کے بعد متاثرین سے ملنے پاکستان پہنچی تھیں، اس کے بعد وہ 2010 کے سیلاب متاثرین کا احوال جاننے اور ان کی مدد کرنے بھی پاکستان آچکی ہیں۔
آئی آر سی کو امید ہے کہ انجلینا جولی کے دورے سے موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ ابھر کر سامنے آئے گا اور اس سے متاثر ہونے والے پاکستان جیسے ممالک کی مدد کی راہ ہموار ہو گی، تاہم اس کی جانب سے دورے کے لیے ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

حکومت نے پھر پٹرول بم گرا دیا، قیمت میں ایک روپے 45 پیسے اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے رات گئے پٹرول بم گرادیا، پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے اضافہ ہوگیا، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قیمت 247 روپے 43 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 02 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 26 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 197 روپے 28 پیسے لٹر مقرر کردی گئی، جبکہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اور اطلاق ہو گیا۔

وزیراعظم کی چینی، جاپانی ہم منصب سے ملاقاتیں، بائیڈن کے عشائیہ میں شرکت شیڈول

نیو یارک: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف دورہ امریکا کے دوران آج چینی اور جاپانی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے، امریکی صدر کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور کشمیر کی صورتحال دنیا کےسامنے رکھیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم، ایران، فرانس اورسپین کے صدور سے ملاقاتیں کیں۔

کورونا کی چھٹی لہر کے وار تھمنے لگے، مثبت کیسز کی شرح کم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 077 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 077 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 52 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.43 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 73 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیم میں واپس آکر اسکور کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے، انگلش بیٹر ایلکس ہیلز

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار بیٹنگ کرنے والے انگلش بیٹر ایلکس ہیلز کا کہنا ہے کہ یہ ایک اسپیشل وقت ہے ،ٹیم میں واپس آکر اسکور کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایلکس ہیلز نے کہا کہ اچھے بولنگ اٹیک کے سامنے رنز کرنے سے اعتماد ملتا ہے، میں نے پاکستان میں کافی وقت گزارا ہے، اس جگہ سے میری کافی یادیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے میں بہت مزہ آیا،کراؤڈ بہت شاندار تھا، لوگ بہت شور کر رہے تھے۔
ان کا کہناتھا کہ میں نے پاور پلے میں پاکستانی بولرز کو چارج کرنے کی کوشش کی، بدقسمتی سے شروع میں باؤنڈریز نہیں ملیں لیکن خوش ہوں کہ وقت لیا اور اپنی ٹیم کو میچ جتوایا۔
انگلش بیٹر نے کہا کہ میں اپنا تجربہ دوسرے کھلاڑیوں کو دینے کی کوشش کر رہا ہوں، ان وکٹوں پر کھیلنے کا کافی تجربہ ہے، نوجوان ٹیم کے ساتھ میچ جیتنا کافی اچھا ہے۔سینیئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں نوجوان نے اچھا کھیلا۔
واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
ایلکس ہیلز نے 40 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔