All posts by Khabrain News

کراچی کے علاقے بلدیہ سے انسانی ہڈیاں برآمد

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے بلدیہ سے انسانی ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام ہڈیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا، انسانی ہڈیاں پلاٹ پر تعمیرات کے لئے کی گئی کھدائی کے دوران برآمد ہوئیں۔
ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ ملنے والی ہڈیوں سے بظاہر لگتا ہے کافی پہلے دفن کیا گیا، بظاہر ہڈیاں ایک بچے اور دو بڑوں کی ہیں، ڈی این اے ٹیسٹ سے جنس، عمر اور وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔

ہوائی جہاز سے شادی کی خواہشمند 23 سالہ لڑکی

ڈورٹمنڈ: (ویب ڈیسک) 23 سالہ جرمنی کی رہائشی سارہ روڈو کا کہنا ہے کہ وہ طیاروں کی طرف جنسی کشش محسوس کرتی ہیں اور ایک اپنے ہی ایک کھلونے طیارے سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔
روڈو کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ اس کا پسندیدہ طیارہ بوئنگ 737 ہے، جس پر وہ جتنی بار ہو سکے پرواز کرتی ہے۔ اس کے پاس گھر میں ہوائی جہاز کے 50 سے زیادہ ریپلیکا ماڈلز موجود ہیں اور ہوسکتا ہے کہ وہ ان میں سے ایک سے شادی کر لے۔
روڈو اپنے پسندیدہ ہوائی جہاز کے ماڈل کو “ڈکی” کہتی ہیں اور اسے اپنا بوائے فرینڈ مانتی ہیں۔
روڈو خود کو Objectum Sexual کے طور پر شناخت کرتی ہیں، یعنی وہ بے جان اشیاء کی طرف جنسی طور پر راغب ہیں۔ وہ ماضی میں ایک ٹرین کے عشق میں بھی گرفتار ہوچکی ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ طیارے میں انہیں خصوصی طور پر کیا اچھا لگتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے سب کچھ پسند ہے لیکن خاص طور پر ہوائی جہاز کا ’چہرہ‘، اُس کے پر اور انجن مجھے ’پُرکشش‘ لگتے ہیں۔

جب عامر خان نے لڑکی کے ٹھکرانے پر اپنا سر منڈوایا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے چار دہائیوں پر محیط اپنے اداکاری کے کیریئر میں بے شمار بہترین کردار نبھائیں ہیں۔
یادوں کی بارات اور مدہوش میں بطور چائلڈ اداکار نظر آنے کے بعد عامر خان نے 1984 کی فلم ہولی سے بطور نوجوان باضابطہ طور پر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اپنی پہلی فلم ہولی میں ایک منفرد ہیر اسٹائل( بالکل چھوٹے بال) میں نظر آئے تھے تاہم بعد میں انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ہیر اسٹائل فلم کیلئے نہیں بلکہ میں نے ایک لڑکی کی جانب سے ٹھکرائے جانے پر اپنا سر منڈوایا تھا۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان نے ایک پرانے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ ‘انتہائی اعلیٰ درجے کے عاشق’ ہیں کیونکہ انہوں نے ایک بار لڑکی کی طرف سے ٹھکرنے پر اپنا سر منڈوالیا تھا جس کے بعد فلم کے ہدایتکار بھی مجھے دیکھ کر حیران ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا خیال تھا کہ میں یہ نے یہ ہیر اسٹائل فلم کیلئے رکھا لیکن دراصل جس سے میں پیار کرتا تھا اس کے چھوڑ جانے پر وہ میرا بچکانہ ردعمل تھا۔
اس کے علاوہ انٹرویو میں عامر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی سابقہ بیوی رینا دتہ کو اپنے خون سے خط لکھا تھا اور یہی وجہ تھی کہ وہ شادی کیلئے راضی ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ عامر خان اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا میں کرینہ کپور کے ہمراہ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

وزیراعظم کی مداخلت پر8 ترک کمپنیوں کیساتھ پاکستانی حکام کے بیشتر تنازعات نمٹا دیےگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی مداخلت پر ترکی کی 8 کمپنیوں کے ساتھ پاکستانی حکام کے اکثر تنازعات نمٹا دیےگئے۔
وزیراعظم نے دیگر تنازعات بھی جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے، یہ مقدمات ترکی کی سرمایہ کار کمپنیوں کے پاکستان میں مسائل، ٹیکس رعایتوں اور مختلف سطح پر زیر التوا مقدمات سے متعلق تھے۔
ذرائع کے مطابق ترک کمپنیوں کے پاکستانی حکام کے ساتھ بقیہ تنازعات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تیز رفتاری کے ساتھ نمٹائےجارہے ہیں۔

خراب کوالٹی کا تیل لانے پر طالبان نے 12 ایرانی ٹینکروں کو واپس بھیج دیا

نمروز: (ویب ڈیسک) طالبان نے خراب کوالٹی کا تیل افغانستان میں لانے پر 12 ایرانی آئل ٹینکرز کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا۔
افغان میڈیا نے طالبان کے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران سے درآمد کیے گئے تیل کے 12 ٹرکوں میں ناقص معیار کا تیل موجود پایا گیا اور انہیں واپس ایران بھیج دیا گیا۔
صوبہ نمروز کے طالبان گورنر، صوبائی پولیس چیف، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی کے نمائندے، کسٹمز اور محکمہ نارم اینڈ سٹینڈرڈ کے حکام کی موجودگی میں طالبان چیف آف پولیس آفس میں کرائم کنٹرول کے ڈائریکٹر قاری عبدالرحیم حذیفہ نے بتایا کہ نارم اینڈ اسٹینڈرڈ ڈپارٹمنٹ کی لیبارٹری میں جانچ کے بعد ایران سے درآمد کیے گئے 500,000 لیٹر آئل کے 12 ٹینکروں میں خراب کوالٹی کا تیل پایا گیا جس کے بعد ٹینکروں کو واپس ایران بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کی زیر صدارت اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مذکورہ بالا ٹیم خراب کوالٹی کے پیٹرولیم اور گیس مصنوعات کی نشاندہی کرنے اور ان کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔
دوسری جانب صوبہ نمروز کے متعدد مقامی لوگوں نے طالبان کے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ناقص معیار کا تیل فضائی آلودگی میں معاون اور شہریوں کیلئے سنگین مسائل کا باعث بن رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ’فری ٹریڈ‘ کا معاہدہ طے پاگیا

دبئی: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیئے جو کسی بھی عرب ملک کے ساتھ اسرائیل کا پہلا بڑا تجارتی معاہدہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے فری ٹریڈ ڈیل طے پاگئی جس پر دونوں ممالک کے حکام نے دبئی میں دستخط کردیئے۔ یہ معاہدہ مہینوں پر مشتمل مذاکرات کے بعد طے پایا۔
ایک تقریب میں آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط کی تصدیق متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے سفیر عامر ہائیک نے اپنی ٹوئٹ میں بھی کی۔ وہ پہلے ہی اس معاہدے کو خطے میں تجارتی فروغ کا سنگ میل قرار دے چکے ہیں۔
اسی طرح اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد الخجا نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک بے مثال کامیابی ہے۔ دونوں ممالک کے تاجروں کو مارکیٹوں تک کم ٹیرف میں تیز تر رسائی ملے گی جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔
اسی طرح امارات-اسرائیل بزنس کونسل کے صدر ڈوریئن باراک نے کہا کہ تجارتی معاہدے میں ٹیکس کی شرح، درآمدات اور دانشورانہ املاک کی وضاحت کی گئی ہے، جس سے مزید اسرائیلی کمپنیوں کو متحدہ عرب امارات بالخصوص دبئی میں دفاتر قائم کرنے کی ترغیب ملے گی۔
واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں 2020 کو متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم ریلیف پروگرام، آٹے اور چینی کی قیمت میں کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے غریبوں کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف پروگرام کے اعلان کے بعد آٹے اور چینی کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے کر دی گئی ہے، مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1250 روپے سے زائد ہے،
ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں بھی کمی کر دی گئی ہے، چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلو کی گئی ہے، حکومت گھی پر بھی فی کلو 100 روپے سبسڈی دے رہی ہے، چاول اور دالوں پر 15 سے 20 روپے فی کلو رعایت دی جا رہی ہے، یہ تاریخی ریلیف پیکج سابق حکومت کے ریلیف سے 50 فیصد زائد ہے۔

سیاستدانوں کے تمام میگا کیسزکی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ جج ہونا چاہیے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے تمام میگا کیسزکی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ جج ہونا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ نیب قانون میں ترمیم بنیادی طور پر این آراو ہے نیب قانون میں ترمیم پاکستان میں اینٹی کرپشن مہم کوتباہ کرےگی۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کیخلاف کیسز بند کیے جائیں گے نیب قانون میں ترمیم سے میگا کرپشن کا نیا دور شروع ہو جائے گا۔
ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ سیاستدانوں کے تمام میگا کیسزکی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ جج ہونا چاہیے، منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ 5 ماہ گزر چکے اور ایف آئی اے فردجرم عائد کرنے میں ناکام رہی ہے پتہ چلتا ہے کس طرح بڑے چور نظام کا استحصال اور ہیرا پھیری کرتے ہیں، کرائم منسٹر دوستانہ استغاثہ کے ذریعے ریکارڈ میں ردوبدل کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کرائم منسٹر اپنے اور خاندان کے کیسز میں مداخلت کر رہے ہیں ایف آئی اے نے وزیر کرائم کے کہنے پر ضمنی ریفرنس کاچالان واپس لیا، ایف آئی اے وزیر کرائم کےکہنے پر کیس کو مکمل طور پر تباہ کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ آج سے 50 ایمبولینسز سڑکوں پر ہوں گی اور یہ تعداد 233 تک بڑھائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروس کو یکجا کیا جارہاہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 1122 پر فون کرنے پر ہماری ٹیم مکمل مدد فراہم کرے گی، کسی بھی ایمرجنسی میں اس سروس کو استعمال کیا جاسکے گا۔

اوگرا کا جون کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 9 پیسے فی کلو گرام کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایک کلوگرام کی نئی قیمت 218 روپے 75 پیسے ہو گئی۔
ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 154 روپے 48 پیسے سستا ہوگیا، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2581 روپے 35 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈ ر2735 روپے 83 پیسے کا تھا۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون 2022ء کیلئے ہے۔