All posts by Khabrain News

وزیر اعظم شہباز شریف آج تین روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آج تین روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ترکی کا پہلا دورہ ہو گا.
دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر طیب ایردوان پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے مبارکباد دی تھی، دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر ٹیلی فون پر بھی بات کی۔
وزیر اعظم کے ساتھ وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، عاصم افتخار نے بتایا کہ پاکستان کا مختلف کمپنیوں کے نمائندگان پر مشتمل وفد بھی ترکی کا دورہ کرے گا، دورے کے دوران وزیراعظم ترک صدر سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماوں کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی، دونوں رہنما علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، دونوں رہنما ملاقاتوں کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ترک صدر وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے، اس سال پاکستان اور ترکی سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، وزیراعظم اور ترک صدر مشترکہ طور پر ایک لوگو کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے، وزیراعظم سے ترک وزیرخارجہ اور صحت بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت کریں گے، وزیراعظم پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم میں بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کریں گے، وزیراعظم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دینگے، پاکستان ترکی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیں گے، پاکستان کے ممتاز کاروباری شخصیات ان تقریبات میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی دیرینہ تعلقات اور شاندار روایت پر مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں، ترک قیادت اور حکومت نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ حمایت کی ہے، ترکی جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا ایک اہم اور فعال رکن ہے، دونوں ممالک پرامن افغانستان سمیت متعدد مسائل پر یکساں خیالات رکھتے ہیں، ترک کمپنیوں نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے، ترک کمپنیوں کے سربراہان وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

ملک میں بجلی کا بحران، شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران بڑھنے لگا، شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا، شہری علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ سے عوام شدید گرمی میں اذیت کا شکار ہیں۔
ملک میں بجلی کا شاٹ فال کم ہونے کی بجائےمزید بڑھنے لگا ،پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں آج بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 21ہزار200میگاواٹ ہے۔ طلب اور رسد میں فرق بڑھنے کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا۔
شہری علاقوں میں 8سے 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی چوری اور نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے۔

پی آئی اے سمیت ائر لائنز نے حج آپریشن ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات کا تو اعلان کر دیا مگرعازمین کے ٹکٹ کی بکنگ اور ادائیگی نہ ہونے کے باعث پی آئی اے اور دیگر ائر لائنز نے آج سے شروع ہونے والا حج آپریشن ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا۔
وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات کا اعلان کر دیا، سرکاری حج سکیم کے تحت اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب سے جانے والے عازمین کیلئے حج اخراجات 8 لاکھ 387 روپے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے عازمین کیلئے حج اخراجات 7 لاکھ 91 ہزار مقرر کیے گئے ہیں تاہم پی آئی اے سمیت ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے وزارت کی جانب سے نوٹی فیکشن جاری نہ ہونے اور بکنگ پے منٹ نہ ہونے کے باعث آج سے شروع ہونے والا فلائٹ آپریشن ایک ہفتے کیلئے موخر کردیا ہے۔
قومی ایئر لائنز حکام کا کہنا ہے کہ وزات مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات کی تفصیل آنے پر بکنک کا آغاز کیا جائے گا۔

ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

لاہور : (ویب ڈیسک) ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے، بجلی کی قیمتوں میں ایک ماہ کیلئے 4 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی کی درخواست پر نیپرا آج سماعت کرے گا، اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
منظوری کی صورت میں صارفین پر 59 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑےگا جبکہ منظوری کاحتمی فیصلہ اتھارٹی سماعت کے بعد کرے گی، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہے۔

کینیڈا میں فائرنگ واقعات کی روک تھام کیلئے ہینڈ گن کے استعمال پر پابندی

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں امریکا جیسے فائرنگ واقعات کی روک تھام کیلئے ہینڈ گن کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہینڈ گنز کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کے پیش نظر پابندی لگانا ناگزیر تھا۔ پابندی سے شوٹنگ مقابلوں، سکیورٹی گارڈز اور اولمپک ایتھلیٹس کو مستثنٰی قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق وہ کینیڈین شہری جن کے پاس پہلے سے ہینڈ گن ہے، انہیں ہتھیاررکھنے کی اجازت ہو گی۔

سری لنکا ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار ہونے کیلئے تیار

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی منتقلی کیلئے درخواست کرنے کیلئے تیار ہو گیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں شدید معاشی بحران کے باعث ایشیا کپ کی میزبانی ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل سے ایشیا کپ کی منتقلی کی درخواست کرے گا۔ایشا کپ سری لنکا سے منتقل ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات اور بنگلا دیش ممکنہ طور پر میزبانی کیلئے دو مضبوط امیدوار ہیں۔
اس حوالے سے چند روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر سری لنکا سے ایشیا کپ منتقل ہوتا ہے تو بنگلا دیش ہی میزبانی کیلئے مضبوط امیدوار ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا آسٹریلیا اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ بھارت کا سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ سے قبل 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا ارادہ ہے، انڈین بورڈ ٹی ٹونٹی میچز کے ذریعے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔

آسٹریلیا کا پاکستان ویمن کیخلاف وائٹ بال سیریز کا اعلان

لاہور : (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان ویمن ٹیم سے وائٹ بال سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم آسٹریلیا میں3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن میں مرد اور خواتین ٹیموں کی سیریز کا شیڈول جاری کردیا ہے، پاکستان ویمن ٹیم آسٹریلیا میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز اگلے سال 16 اور 18 جنوری کو برسبین اور 21 جنوری کو سڈنی میں کھیلے جائیں گے، ٹی ٹونٹی میچز اگلے سال 24 جنوری کو سڈنی 27 اور 29 جنوری کو کینبرا میں کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں بارش، دادو میں پارہ 49 تک جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں آج بارش کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے آج پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، مانسہرہ میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی توقع ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔ موہنجوداڑو، دادو میں درجہ حرارت انچاس تک جانے کا امکان ہے۔

غریب کی سواری مزید مہنگی، موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 9 ہزار تک اضافہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد موٹر سائیکلیں بھی مہنگی ہو گئیں، ہنڈا کمپنی نے 3600 سے 9ہزار روپے تک قیمتیں بڑھا دیں۔
سی ڈی 70 موٹر سائیکل 3600 روپے مہنگی ہونے کے بعد قیمت ایک لاکھ 2 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار 500 روپے ہوگئی، ہنڈا سی ڈی ڈریم 4000 ہزار روپے مہنگی کردی گئی۔
ہنڈا سی ڈی ڈریم کی نئی قیمت ایک لاکھ 9 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 14 ہزار 500 روپے ہوگئی، ہنڈا 100سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 5000 روپے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے قیمت ایک لاکھ 39 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 44 ہزار 900 روپےہو گئی۔
اسی طرح ہنڈا سی جی 125 موٹر سائیکل کی قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ ہونے کے بعد قیمت ایک لاکھ 63 ہزار500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 68 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ ہنڈا سی بی 150 ایف کی قیمت میں 9 ہزارروپے کا بڑااضافہ ہوا ہے، نئی قیمت 2 لاکھ 99 ہزار 900 سے بڑھ کر 3 لاکھ 8 ہزار 900 روپے ہوگئی۔

پنجاب کی آٹھ رکنی کابینہ نے پہلے مرحلے میں حلف اٹھا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی آٹھ رکنی کابینہ نے پہلے مرحلے میں حلف اٹھا لیا، گورنر بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔
صوبائی کابینہ کی حلف برداری تقریب گورنر ہاوس لاہور میں منعقد کی گئی، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز بھی اس موقع پر موجود تھے، صوبائی وزرا میں خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، رانا محمد اقبال، علی حیدر گیلانی شامل ہیں، عطا تارڑ، اویس لغاری، حسن مرتضیٰ، چودھری بلال اصغر بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے حلف اٹھانے کے بعد صوبائی وزرا کو مبارک باد دی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ حمزہ شہباز نے 30 اپریل کو وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا جبکہ صوبائی کابینہ تقریبا ایک ماہ کی تاخیر سے تشکیل پائی ہے۔