All posts by Khabrain News

ملک میں فی تولہ سونا 2750 روپے سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں آج سونےکی فی تولہ قیمت میں 2750 روپےکی کمی ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 2750 روپےکمی کے بعد 1 لاکھ 38 ہزار 450 روپےکا ہوگیا ہے۔
دس گرام سونےکا بھاؤ 2356 روپےکم ہوکر ایک لاکھ 18 ہزار 700 روپےکا ہوگیا ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونےکا بھاؤ 6 ڈالرکم ہوکر 1854 ڈالر فی اونس ہے۔

عمران خان کا پیغام زرداری کو پہنچانے کی ملک ریاض کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی عمران خان کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔
مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے ملک ریاض کہہ رہے ہیں کہ سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بات نہیں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بہت زیادہ میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے۔
سابق صدر اس پر جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اب ایسی صورتحال ممکن نہیں، اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔
گفتگو کے دوران آصف زرداری مسلسل کھانستے ہوئے بھی سنائی دیے۔
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اور ماضی میں متعدد بار سابق وزیراعظم عمران خان جلسوں اور میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق صدر آصف زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں اس ملک کی بیماری بھی قرار دے چکے ہیں۔

بندر کی ڈھول کے ساتھ آخری رسومات

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر بھارت میں ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ مرے بندر کو زردپیلے رنگ کے کپڑے میں لپیٹ کر ڈھول باجے کے ساتھ دفنانے کے لیے لیکر آ رہے ہیں۔
بندر کو ہندو مذہب میں دیوتا کا درجہ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت میں بندروں کا خیال رکھا جاتا ہے اور ان کی پوجا پاٹ بھی کی جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بجلی کے پول سےکرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے بندر کی دھوم دھام کے ساتھ آخری رسومات کا واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا میں پیش آیا۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے بندر کی آخری رسومات محکمہ جنگلات کو ادا کرنی چاہئیں جبکہ محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری مقامی حکومت کی ہے۔
حکومتی اداروں میں بندر کی تدفین کے معاملے پر اختلافات سامنے آنے کے بعد کچھ مقامی تاجروں نے بندر کی اپنے تئیں تدفین کا فیصلہ کیا اور بندر کو ڈھول باجے اور روایتی بھجن گا کر قبر میں اتارا گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

بلوچستان بلدیاتی الیکشن: صوبے کے 2 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 2034 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
پولنگ کیلئے سکیورٹی سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جہاں اتوار کی صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوگی۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق 7 میونسپل کارپوریشنز، 838 یونین کونسلز، 5345 دیہی اور 914 شہری وارڈز کیلئے امیدوار مدمقابل ہیں۔
بلوچستان کے بلدیاتی دنگل میں 1584 وارڈز پر بلامقابلہ کامیابیاں ہوچکی ہیں جبکہ کل 4456 میں مقابلہ ہوگا۔
صوبائی بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 23835 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے بھر میں الیکشن مہم جمعہ کی رات 12 بجے سے ختم ہوچکی ہے
بلدیاتی الیکشن کیلئے بلوچستان بھر میں 5226 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، سکیورٹی خدشات کی بناء پر بلوچستان کے 2034 پولنگ اسٹیشنز حساس، 1974 کم حساس جبکہ 1218 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق 12219 پولنگ بوتھ میں 6350 مردوں جبکہ 5880 خواتین کے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر ایف سی، لیویز اور پولیس تعینات کی جارہی ہے۔
حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر دگنی سکیورٹی لگائی جارہی ہے۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں 35 لاکھ 52 ہزار 398 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ رجسٹرڈ مرد ووٹرز 2006274 جبکہ خواتین کے رجسٹرڈ ووٹ 1546124 ہیں۔
5624 پولنگ اسٹیشنز میں 13533پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں جنرل نشستوں پر 132خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں۔
بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ خواتین امیدوار ضلع سبّی میں مدمقابل ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن میں استعمال ہونے والا سامان پہنچا دیا گیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق موسیٰ خیل، پیشن اور دیگر اضلاع میں 102 وارڈز میں بھی عدالتی احکامات کی بناء پر پولنگ نہیں ہورہی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ اور لسبیلہ کے اضلاع میں دوبارہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے جہاں انتخابات دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔

معاشی مشکلات میں گھرے ملک سری لنکا نے روس سے تیل خرید لیا

کولمبو: (ویب ڈیسک) معاشی و سیاسی بحران میں گھرے سری لنکا نے روس سے خام تیل حاصل کیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کو اپنی آزادی سے لے کر اب تک کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر ضروری اشیا کی کمی ہے۔ حکومتی آئل ریفائنری سیلون پیٹرولیم کارپوریشن مارچ میں فارن ایکسچینج بحران کے باعث بند ہو گئی تھی اور حکومت خام تیل درآمد نہیں کر سکی تھی۔
سری لنکا کے انرجی منسٹر کنچانا وجیسیکیرا نے کہا کہ روسی تیل ایک مہینے سے کولمبو کی پورٹ پر تھا، لیکن ملک کے پاس ادائیگی کے لیے ساڑھے سات کروڑ ڈالر نہیں تھے۔
سری لنکا روس پر امریکی پابندیوں کے باوجود ماسکو سے براہ راست خام تیل، کوئلے، ڈیزل اور پٹرول کے حصول کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ یورپی یونین کے لیڈران تیل سمیت روس پر دیگر پابندیاں لگانے کے لیے پیر کو ملاقات کر رہے ہیں۔

روس کا ہائپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے ہائپر سونک کروز میزائل ’زرکون‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ میزائل بحیرہ بیرنٹس میں تعینات بحری جہاز سے داغا گیا اور اس سے 1 ہزار کلومیٹر دور آرکٹک بحیرہ وائٹ میں موجود ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کامیاب تجربے کو ایک “عظیم کارنامہ‘‘ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہائپر سونک ہتھیار کا تازہ ترین تجربہ اس وقت ہوا ہے جب روس یوکرائن کے ساتھ جنگ میں مصروف ہے۔
یہ ہتھیار آواز کی رفتار سے پانچ سے دس گنا زیادہ رفتار تک پہنچ سکتا ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رینج تقریبا 1000 کلومیٹر ہے۔

کے پی حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ یکم جون کو پیش کرنےکا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ یکم جون کو پیش کرنےکا اعلان کیا ہے، نئے بجٹ کا حجم 12 کھرب روپے اور ترقیاتی بجٹ چارکھرب روپے سے زیادہ ہوگا۔
صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صوبائی حکومت سال 23-2022 کا بجٹ یکم جون 2022 کو اسمبلی میں پیش کرےگی، نئے بجٹ کا حجم 12کھرب روپے سے زیادہ ہوگا اور صوبےکا نیا ترقیاتی بجٹ چار کھرب روپے سے زیادہ ہوگا۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت پی ایس ڈی پی اور این ایچ سی پی کی مد میں ملنے والے فنڈز میں رکاوٹیں ڈال سکتی ہے تاہم صوبائی حکومت وفاقی حکومت پر اپنے حق کے لیے زور ڈالےگی۔
ان کا کہنا ہےکہ ہم جو بجٹ میں اعلان کرتے ہیں وہ دیتے بھی ہیں، بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ہر ممکن ریلیف دیں گے۔

گریٹر اقبال پارک لاہور میں جلسوں پر مکمل پابندی عائد

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نےگریٹر اقبال پارک لاہور میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانےکا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پابندی کی اصولی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ پی ٹی آئی کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوگئی تھی اور پارک کو تقریباً50 لاکھ روپےکا نقصان ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کے لیے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں، انہوں نے پارک میں داخلہ فیس کی تجویزبھی مسترد کردی اورکہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے،کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کریں گے۔
حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانےکا کام جلد شروع کیا جائے، جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔
انہوں نےجلو بوٹنیکل پارک میں بٹرفلائی ہاؤس بھی جلد فنکشنل کرنےکی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری افسروں کے گھروں میں کام کرنے والے مالی فوری واپس بلائےجائیں۔

بلوچستان کے 32 اضلاع میں کل بلدیاتی انتخابات ہونگے

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل ہونگے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں 32 اضلاع میں بہت سے پولنگ اسٹیشنز دور دراز اور حساس علاقوں میں ہیں جہاں پولنگ مٹیریل اور پولنگ اسٹاف کو پولنگ اسٹیشنز پر پہنچانے کا عمل صبح سے شروع کر دیا گیا ہے۔
تمام پولنگ مٹیریل، بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور پولنگ اسٹاف کو آج اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سکیورٹی کے ساتھ پہنچایا جائے گا۔
32 اضلاع میں 5226 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں اور ان اضلاع میں 16195 امیدواران ہیں جن میں 132 خواتین بھی شام ہیں جبکہ کل ووٹرز کی تعداد ساڑھے 35 لاکھ سے زائد ہے۔ تمام پریذائیڈنگ افسران آج شام کو پہنچ کر پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ قائم کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چمن کوانتہائی حساس قراردےدیاگیا ہے اور سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آیئے پاکستان کو ایسا ملک بنائیں جہاں اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آیئے پاکستان کوایک ایسا ملک بنائیں جہاں اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ آیئے پاکستان کوایسا ملک بنائیں جہاں تنقید حوصلے سے برداشت کی جائے، پاکستان کوایسا ملک بنائیں جہاں سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کوایسا ملک بنائیں جہاں خواتین کا احترام ہواوراقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔