All posts by Khabrain News

انتہا پسندوں نے بھارت کے پہلے وزیراعظم نہرو کا مجسمہ توڑ دیا

بھوپال: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے کو ہتھوڑے اور لاٹھیاں مار کر توڑ دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے سنتا میں ایک مصروف مقام پر بھارت کے اولین رہنماؤں میں سے ایک اور ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے پر ایک درجن کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا۔
انتہا پسندوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مجسمے پر ہتھوڑے برسائے، پتھر مارے اور لاٹھیوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس سے مجسمے کو شدید نقصان پہنچا تاہم وہ گرنے سے بچ گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا تاہم گرفتار ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ان کی سیاسی وابستگی سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

حاجرہ یامین کے ساتھ بازار میں کیا ہوا؟ اداکارہ نے انکشاف کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) جنسی ہراسانی کا شکار مرد و عورت کو یکساں تحفظ دینے کےلئے آواز اُٹھانے والی پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین نے اپنےساتھ پیش آئے واقعے پر کھل کر گفتگو کردی۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین احسن خان کے پروگرام ٹائم آؤٹ وِد احسن خان میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں، میزبان سے گفتگو کے دوران جنسی ہراسانی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے خود کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعات پر گفتگو کی۔
میزبان احسن خان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ کبھی کوئی جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیاہے؟
جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ’’ایسا کئی مرتبہ ہو چکا ہے بازار میں 10 ہاتھ لگے ہیں مجھے، میں کس کس کو بتاؤں گی؟ اور اگر بتاؤں بھی تو کوئی یقین نہیں کرتا ، آواز اُٹھاؤ تو کہا جاتا ہے کہ کوئی ثبوت ہے آپ کے پاس؟ اداکارہ نے کہا کہ بھلا ہراسانی کا ثبوت کیسے دیا جائے، میں کیسے بتاؤں کے کس نے مجھے غلط طرح دیکھا یا غلط انداز سے ہاتھ لگانے کی کوشش کی‘‘۔
اداکارہ نے کہا کہ’’ جب میرے ساتھ ایسا ہوا تو میں نے دوسروں کے لئے آواز اُٹھانی شروع کی، کیونکہ اگر کسی بھی عورت یا بچے یا مرد کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آتا ہے تو کوئی ان کی بات پر یقین نہیں کرتا اور ان سے ثبوت مانگا جاتا ہے‘‘۔
اداکارہ نے کہا کہ’’ میں نے لوگوں کے لئے آواز اُٹھائی اور اب جب کوئی میرے پاس اپنا مسئلہ لے کر آئے چاہے وہ عورت ہو یا مرد میں اس کی سُنتی ہوں اور اس کی بات پر مکمل یقین کرتی ہوں‘‘۔
شو کے میزبا ن اداکار احسن خان نے کہا کہ’’ ہمارے معاشرے میں اس معاملےپر بات کرنے کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے اور پھر اگر کسی کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش بھی آئے تو وہ بتانے سے گریز کرتا ہے‘‘۔

پروٹین مشروبات کا کھانے سے پہلے استعمال ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند قرار

نیو کاسل: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق کے مطابق کھانے سے پہلے دودھ یا دہی کے باقی ماندہ پانی کے پروٹین کے مشروبات کا استعمال ذیابیطس کے مریضوں کو خون میں موجود شوگر کی سطح پر قابو رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کےمطابق سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ یہ مشروبات غذا کے ہاضمے کے تیز عمل کو سست کرتے ہیں اور ہارمونز کو حرکت میں لاتے ہیں تاکہ تیزی سے بڑھتی شوگر کی سطح کو روکا جاسکے۔
نیوکاسل یونیورسٹی میں کیے جانے والے مطالعے میں ذیابیطس ٹائپ 2 میں مبتلا افراد نے کھانے سے قبل دودھ یا دہی کے باقی ماندہ پانی کے پروٹین کی کم خوراک والے مشروب کو پیا۔
تحقیق میں شریک ہونے والے افراد کا ایک ہفتے تک ان کی معمول کی زندگی میں مشاہدہ کیا گیا۔
انہی شرکاء کو اس سے اگلے ہفتے بغیر پروٹین کا مشروب پلایا گیا اور بعد میں ان کے خون کا معائنہ کیا گیا تاکہ دونوں صورتحالوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
ٹیسٹ کے نتائج میں معلوم ہوا کہ کھانے سے پہلے لیے جانے والے مذکورہ پروٹین کے سبب خون میں گلوکوز کی سطح بہتر انداز میں قابو میں تھی۔
نیوکیسل یونیورسٹی کے ذیابیطس ریسرچ گروپ کے ڈاکٹر ڈینیئل ویسٹ کا کہنا تھا کہ لیب میں کی جانے والی چند گھنٹوں کی گزشتہ تحقیق میں اس غذا کے متعلق اس صلاحیت کا علم ہوا تھا، اس کے بعد سے ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ لوگوں کا ان کی معمول کی زندگی میں مشاہدہ کیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ محققین کا ماننا ہے کہ یہ پروٹین دو طریقوں سے کام کرتا ہے۔ ایک تو ہاضمے کے نظام کی رفتار کو سست کر کے اور دوسرا ان متعدد اہم ہارمونز کو حرکت دے کر جو بلڈ شوگر کی سطح کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔

میراڈونا کے نام سے منسوب جہاز قطر فٹبال ورلڈکپ کیلئے اڑان بھرنے کو تیار

بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) ارجنٹینا کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے سابق لیجنڈ میراڈونا کی یاد میں مختص کیے گئے جہاز کی نمائش کردی گئی۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 12 سیٹوں والے ٹینگو ڈی ون زیرو ایس جہاز کو ایک ارجنٹائن کی کمپنی نے فنانس کیا ہے جسے اڑتے میوزیم کا نام دیا گیا ہے، یہ جہاز ارجنٹائن اور دنیا کے دیگر حصوں سے ہوتا ہوا رواں سال فٹ بال ورلڈکپ کے لیے قطر پہنچے گا۔
طیارے کی رونمائی رواں ہفتے بیونس آئرس میں ہوئی جس میں انکے اہلخانہ اور سابق ساتھی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کی بیٹی ڈلما میراڈونا نے کہا لوگوں کا ان کے لیے پیار تصور سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
طیارے کو میراڈانا کی تصاویر سے سجایا گیا ہے، جن میں وہ تصویر بھی شامل ہے جس میں وہ ورلڈ کپ کی ٹرافی کو چوم رہے ہیں۔ طیارے کے پروں پر ان کے وہ دو گولز کی تصویر ہے جو انہوں نے 1986 میں ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کے لیے اسکور کیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق کاک پٹ میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے آنجہانی کھلاڑی سے بات کرسکیں گے جبکہ 1986 کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے جڑی اشیا بھی جہاز میں نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔
طیارہ نجی استعمال کے لیے بھی دستیاب ہوگا جبکہ اس کے بعد اسے چیریٹی کے لیے نیلام کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2020 نومبر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسٹار فٹبالر میراڈونا انتقال کر گئے تھے۔

صرف ڈاکٹروں کے لیے مخصوص رشتے کی ویب سائٹ تنقید کی زد میں

دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں صرف ڈاکٹر جیون ساتھی کی تلاش کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ اس وقت تنقید کی شکار ہے جس پر پہلا الزام تو یہ ہے کہ وہ معاشرے میں ایک خاص گروہ (کلاس) کو فروغ دے رہی ہے۔
’میڈیکو لائف پارٹنر‘ نامی بھارتی ویب سائٹ کےمطابق ان کا مقصد یہ ہے کہ اگر میاں بیوی دونوں ڈاکٹر ہوں تو نہ صرف وہ بہتر جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں بلکہ اس سے ’اعلیٰ معیار کے جوڑے بن سکتے ہیں جو یکساں شعبے کےماہر بھی ہوں‘۔
ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ ان کے پلیٹ فارم پر ہر مذہب، خطےاور برادری سے تعلق رکھنے والے خاتون اور مرد ڈاکٹروں کے رشتے موجود ہیں۔ تاہم یہ ویب سائٹ بھارت میں زیادہ مقبول ہیں کیونکہ اس پر سب سے بڑی تعداد میں بھارتی ڈاکٹر رجسٹر ہیں۔ تاہم رشتے کی تفصیلات پوسٹ کرنے کے لیے 49 سے 243 ڈالر فیس رکھی گئی ہے۔
تاہم اس ویب سائٹ پر کئی انداز سے تنقید کی جاری ہے۔ بعض صارفین نے لکھا ہے کہ شریکِ حیات کے لیے ہم پیشہ ہونا لازمی نہیں بلکہ باہمی احترام اور الفت ضروری ہے۔ اکثر افراد کا خیال ہے کہ بھارت میں پہلے ہی ڈاکٹر اور انجینیئر کے رشتوں کو ایک الگ اشرافیہ جماعت کی حیثیت دی جاتی ہے اور میڈیکو لائف پارٹنر اس آگ کو مزید ہوا دے گی۔
کئی صارفین نے الزام عائد کیا ہے کہ کل 21000 اکاؤنٹ میں سے کئی ایک جعلی ہیں اور ان کی تصدیق نہیں ہوپارہی۔

آئی ایم ایف کیساتھ بجلی 7 روپے یونٹ مہنگی کرنے پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کی آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بجلی ٹیرف میں 7 روپے فی یونٹ اضافے پر بات چیت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بجلی ٹیرف میں 7 روپے فی یونٹ اضافے پر بات چیت ہوئی ہے،آئی ایم ایف نے 2600 ارب روپے کے بجلی کے گردشی قرض پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے بجلی کی منافع بخش تقسیم کار کمپنیوں کی فوری فروخت ،بجلی کی نقصان میں چلنے والی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویزدی گئی، سرکاری کمپنیوں کے آڈٹ کیلئے نیپرا آڈیٹر جنرل کو معاونت فراہم کرے گا، سرکاری شعبے میں بجلی کارخانوں کی فوری نجکاری کا بھی دباو ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال2022-23 میں بجلی ٹیرف بھی بڑھایا جائے گا، بجلی کی قیمت میں اضافہ یکم جولائی سے شروع کیا جائے گاجومرحلہ وار صارفین پر بڑھایا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال میں بجلی ٹیرف بھی بڑھایا جائے گا جب کہ بجلی ٹیرف میں اضافہ بیس ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کیا جائے گا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت میں 4 جون تک توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع کر دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ یہ کہتا ہے اکاؤنٹ سلمان شہباز کی ٹرانزیکشن کے لیے کھولا گیا اور کوئی پیسے بھی آتے ہیں تو ہر طرح سے اسے دیکھا جا سکتا ہے۔ فارم میں کہیں نہیں لکھا کہ اکاؤنٹ شہباز شریف کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چالان میں چودھری شوگر مل کا ذکر ہے ؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا کہ چالان میں رمضان شوگر مل اور العریبیہ شوگر مل کا ذکر ہے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے چالان میں کہانیاں لکھی گئی ہیں اور چالان میں کوئی شواہد نہیں لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے کئی لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے۔ ملزم بنایا گیا نہ گواہ اور مقصود چپڑاسی کے بیان دیکھیں تو ان کے تمام چیکس پر سیلف لکھا گیا ہے۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں ملزمان کے اوپننگ اکاؤنٹ فارم پیش کیے گئے اور کیشیئر رمضان کا اکاؤنٹ اوپننگ فارم بھی پیش کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرسنل ڈیٹا فارم پر کراس لگا ہوا ہے۔
وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد مقصود پر الزام ہے کہ اس نے 3 ارب 40 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی اور محمد مقصود کا تنخواہ کے علاوہ جو بھی اکاؤنٹ کھلا وہ رمضان شوگر مل کے لیٹر پیڈ پر نہیں تھا۔ محمد مقصود کے اکاؤنٹ میں 98 فیصد ٹرانزیکشن کیش نہیں بلکہ ٹرانسفر اینٹریز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد مقصود کے اکاؤنٹ سے کبھی شہباز شریف کو پیسے نہیں گئے اور ریکارڈز کے مطابق محمد مقصود اپنی ریٹررنز جمع کراتا تھا۔ اگر مان لیں کہ مقصود بے نامی تھا تو یہ دیکھنا ہے کہ وہ کس قانون کے تحت مجرم ہے کیونکہ وہ پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا اور کیس کو جس انداز سے دیکھ لیں، شہباز شریف سے کوئی بھی تعلق بنتا ہو تو چلا جاؤں گا۔ تفتیشی نے سارا کیس کمرے میں بیٹھ کر بنایا۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نےعبوری ضمانت کی توثیق پر دلائل مکمل کر لیے جس کے بعد اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے حمزہ شہباز کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔

امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کالام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے دوران پر امن کارکنوں پر بدترین تشدد کیا اور ہم امپورٹڈ حکومت کی جانب سے تشدد کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف شہید کارکنوں کے قتل کا مقدمہ درج ہو گا۔ رانا ثنا اللہ نے میرے خلاف ایف آئی اے درج کروائی ہے اور رانا ثنا اللہ کے قلم میں جتنا زور ہے وہ میرے خلاف استعمال کر لیں۔
محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت جتنا بھی تشدد کرے ہم حقیقی آزادی کی جنگ سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں اور ہمارے لیڈر عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو پہلے سے زیادہ تعداد میں عوام نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پرامن کارکنوں پر جو تشدد ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور یہ ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ یہ وسائل چوری کر کے بیرون ملک اپنے اثاثے بنائیں۔ امپورٹڈ وزیر اعظم قومی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوب ہے اور آدھے سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ علاقے کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور منصوبہ 36 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

پاک فوج کا ایٹمی قوت بننے میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) مسلح افواج نے نیوکلیئر صلاحیت حاصل کرنے میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 سال قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے نیوکلیئر صلاحیت حاصل کی تھی اور 24 سال قبل اسی دن پاکستان ایٹمی قوت بنا جس سے خطے میں طاقت کا توازن بحال ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے نیوکلیئر صلاحیت حاصل کرنے میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملک کا دفاع مضبوط کرنے والوں نے مشکلات کے باوجود نیوکلیئر صلاحیت کو ممکن بنایا۔

آئی ایم ایف سےمعاہدہ جون میں ہو گا، امید ہے 5 ارب ڈالر مل جائیں گے،وزیر خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ جون میں ہو گا، اسکے بعد پیسے آجائیں گے۔علم نہیں یکم جون سے پیٹرول کی قیمت بڑھے گی یا نہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ جون میں ہو گا۔ معاہدے کے بعد پیسے آ جائیں گے۔ آئی ایم ایف سے 3 بلین ڈالر ملنے ہیں۔ ہم نے درخواست کی 2 بلین ڈالر مزید دیں۔ امید ہے آئی ایم ایف سے سب ملا کر 5 بلین ڈالر آئیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ورلڈ بینک سے ایک ارب ڈالر ملیں گے۔ ڈھائی ارب ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملٰیں گے۔ سعودی عرب سے تین بلین ڈالر کی توسیع بھی ہو جائے گی۔
یکم جون کو پیٹرول مہنگا ہو گا یا نہیں؟ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے صحافی کے سوال پر لاعلمی کا اظہار کردیا۔ کہاعلم نہیں پیٹرول کی قیمت بڑھے گی یا نہیں، ابھی پیٹرول مہنگا کیا۔ نہیں لگتا چار دن بعد دوبارہ قیمت بڑھے گی۔ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی ابھی کوئی سمری نہیں آئی۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے مزیدمہنگائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیا گیا اورمہنگائی آئے گی۔پیٹرول مہنگا نہ کرتے تو زیادہ مہنگائی ہوتی اور روپے کی قدر بھی کم ہوتی۔پیٹرول کی قیمت خوشی سے نہیں بڑھائی، بین الاقوامی منڈی میں بڑھ گئی تھی ۔
ان کا کہنا ہے کہ جو مہنگائی کا طوفان پچھلی حکومت کی وجہ سے آیا اس کا تدارک ضروری ہے۔ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے اندازہ ہے کہ بسوں کے کرائے بھی بڑھیں گے۔ ملک میں85فیصد پیٹرول 40 فیصد امیر ترین گھرانے استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کا معاہدہ ڈیزل کی قیمت 300 اور پیٹرول 260 روپے کرناتھا۔ہم شوکت ترین کے والے فارمولے پر عمل نہیں کررہے۔شوکت ترین کہہ گئے تھے کہ وہ پیسے رکھ کے گئے ہیں۔ہمیں بتا دیں وہ پیسے کہاں ہیں، ہمیں کہیں نہیں ملے۔عمران خان نے جو کیا اس سے ملک کی معیشت دیوالیہ ہوجاتی۔
ان کا کہنا ہے کہ 8کروڑ 40 لاکھ پاکستانیوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔وظیفہ دینے سے 28 کروڑروپے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ غریب ترین لوگوں کو 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔بےنظیر انکم سپورٹ والے رجسٹرڈ افراد کو دو دن تک پیسے دے دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آبادی کے ایک تہائی افراد کو جون میں وظیفہ دینے کا اعلان کیا۔شناختی کارڈکےذریعےتصدیق کےبعد 2ہزارروپےاداکیےجائیں گے۔ریلیف ا سکیم سے فائدہ اٹھانے کےلیے 786 نمبر پر شناختی کارڈنمبر بھیجا جاسکتا ہے۔ غریب عوام کی مددکرناہماری اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر اگلے سال وظیفے میں اضافہ بھی کریں گے۔