All posts by Khabrain News

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر جماعت اسلامی کا اتوار کو ملک گیراحتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر جماعت اسلامی نے اتوار کو ملک گیراحتجاج کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ بھی تحریک انصاف کی طرح آئی ایم ایف سےہدایت لےرہی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان ، نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری اپنے اثاثے فروخت کردیں تو ملک کا قرض اترجائے گا۔

ملک میں17 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 17 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق نئی حکومت بھی مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف نہ دے سکی، سبزیاں، دالیں، دودھ مزید مہنگا ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے آلو 3 روپے 15 پیسے، ٹماٹر 4 روپے 48 پیسے، پیاز 2 روپے 29 پیسے، تازہ دودھ 4 روپے 17 پیسے لٹر، دہی 3 روپے 26 پیسے کلو اور انڈوں کی قیمت میں 9 روپے 71 پیسے درجن اصافہ ہوا، دال چنا بھی 4 روپے 54 پیسے جبکہ دال ماش 3 روپے 77 فی کلو مزید مہنگی ہوئی۔
حالیہ ہفتے چینی سمیت 5 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی 77 پیسے کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے 62 پیسے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 174 روپے سستا ہو کر 1250 روپے کا ہوگیا، چکن 15 روپے اور لہسن 9 روپے فی کلو سستا ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

بھارتی اداکارہ نرگس فخری سائیکل چلاتے ہوئے گر گئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی معروف اداکارہ نرگس فخری سائیکل چلاتے ہوئے بری طری گر گئیں۔
بالی ووڈ اداکارہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سائیکل چلاتے ہوئے اور گرنے کی ویڈیوز اور تصویر شیئر کی گئی۔
پہلی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نرگس فخری تیزی کے ساتھ سائیکل چلا رہی ہیں اور وہ ویڈیو بنانے والے کی طرف دیکھ رہی ہیں، دھیان بٹنے کی وجہ سے ٹریک سے اترنے کی وجہ سے اداکارہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور منہ کے بل گر پڑیں۔
تاہم سائیکل سے گرنے کے بعد خوش قسمتی سے بالی ووڈ اداکارہ چوٹ لگنے سے محفوظ رہیں اور انہوں نے اس واقعے کی ویڈیو اور تصویر اپنے چاہنے والوں کے ساتھ بھی شیئر کی۔

حکومت کو قوانین میں خامیوں سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے: چیف جسٹس

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا ہے کہ مصالحتی نظام کی کامیابی کے لیے متعلقہ قوانین کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت کو قوانین میں خامیوں سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مصالحتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتوں میں آنے والے سائلین میں مصالحت کے لیے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے، کانفرنس میں کمرشل کورٹس اور مصالحتی عدالتوں کے فوائد پر بات کی گئی۔
عمر عطا بندیال نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹس اور چیف جسٹس پاکستان نے مشترکہ پالیسی بنائی، ماتحت عدلیہ مصالحتی نظام کے لیے وکلا، ججز کی تربیت میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ انتظامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ماتحت عدلیہ کا کردار اہم ہے، اعلیٰ عدلیہ ثالثی نظام کی کامیابی کے لیے پر عزم ہے۔

پاکستان کا بھارت سے یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بھارت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی اور مشکوک کیس میں سنائی گئی سزا کی شدید مذمت کی۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اس معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جبکہ وزیر خارجہ نے یاسین ملک کی جلد اور فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
کورونا وبا کے بعد چینی جامعات میں پاکستانی طلبہ کی واپسی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چینی جامعات میں کلاسوں کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، 251 پاکستانی طلبہ کو ویزا پراسس کے بعد چین واپس بھیجا جائے گا، اس حوالے سے چارٹرڈ طیارے پر بھی غور جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سری نگر اور پلوامہ میں آج 4 معصوم کشمیری نوجوانوں کو بھارتی افواج کی جانب سے شہید کیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے۔

بھارت میں فوجی ٹرک دریا میں گرنے سے 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں گاڑی حادثے میں 7 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اے این آئی کے مطابق زخمیوں کو صحیح علاج اور دیکھ بھال کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ شدید زخمیوں کو فضائیہ کے ذریعہ مغربی کمان میں منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ 26 فوجیوں کی ٹیم پرتاپ پور میں ٹرانزٹ کیمپ سے حنیف سب انسپکٹر میں پیشگی پوزیشن کی طرف بڑھ رہی تھی۔ تقریباً 9 بجے تھوئس سے تقریباً 25 کلو میٹر دور گاڑی سڑک سے پھسل گئی اور تقریباً 50-60 فٹ نیچے ندی میں جا گری۔ اسی دوران سبھی لوگ زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران سات فوجی چل بسے، دیگر لوگوں کو بھی سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ کوشش جاری ہے سبھی زخمیوں کو بہتر میڈیکل دیکھ بھال ملے اور اسی وجہ سے زیادہ سنگین جوانوں کو مغربی کمان بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

روس سے سستا تیل لانے کا معاہدہ کہاں ہے؟ وزیر مملکت پیٹرولیم کا سوال

اسلام اباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے سوال کیا ہے کہ روس سے سستا تیل لانے کا معاہدہ کہاں ہے؟
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھاکہ اگر روس سے سستے تیل کی بات ہوئی تھی تو پی ایس او کےکسی ٹینڈر میں اس کا ذکر کیوں نہیں؟ عمران خان نے سیاسی فوائد کیلئے ملک کی خارجہ پالیسی کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی جانب سے تجارت کی خواہش ظاہر کرنے کے باوجود روس کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
مصدق ملک کا کہنا تھاکہ بھارت میں پیٹرول کی قیمت250 روپے17 پیسے پاکستانی روپے اور پاکستان میں 179روپے88 پیسے ہے جبکہ بھارت میں ڈیزل کی قیمت 234 روپے 3 پیسے پاکستانی روپے اورپاکستان میں 174روپے15پیسے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پیٹرول کی قیمت میں24 روپے کمی سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کیلئے کی، ہمارے ہاں سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی پہلے ہی صفر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔

کوہ پیما علی رضا سدپارہ کا انتقال، آرمی چیف کا اظہارِ افسوس

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستانی کوہ پیما علی رضا سد پارہ کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معروف پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ انتقال کر گئے تھے۔
نامور کوہ پیما علی رضا نے آئندہ ماہ کے ٹو کی مہم جوئی پر جانا تھا جس کی پریکٹس کے دوران وہ 17 مئی کو مقامی پہاڑی سے پھسل کر کھائی میں گر گئے، حادثے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں، علی رضا پچھلے 10 روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
نامور کوہ پیما نے پاکستان میں موجود آٹھ ہزار میٹر سے بُلند دنیا کے چار پہاڑوں کو 16 مرتبہ سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی انتخابات ہوں گے، مریم اورنگزیب کا ردعمل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی شکست تسلیم کرلی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران خان نے تسلیم کرلیا وہ تیاری کر کے نہیں آئے تھے، ان کی ساری تیاری خونی مارچ، اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ جب سپریم کورٹ کا حکم آیا اس وقت کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آپ آوازیں مارتے رہے لیکن لوگ نہیں آئے، خیبرپختونخواحکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کیلئے دیے لیکن عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہوں گے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان اتحادی حکومت کرے گی، آپ اپنے گھر جا کر بیٹھیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مریم کا کہنا تھاکہ آج پیٹرول جو مہنگا ہوا ہے اس کی وجہ عمران خان ہے، چار سال ملک پر مسلط رہ کر عمران خان نے معیشت کا قتل کیا اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کیے جس کی وجہ سے پیٹرول مہنگا ہوا۔

جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، 20 ہزار افراد بھی جمع نہ کرپانے پر عمران خان کی ذہنی حالت قابلِ رحم ہوگئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف کو فتنہ خان کہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آئیں بائیں شائیں سوائے شرمندگی اور ناکامی کے اعتراف کے اور کچھ بھی نہیں، ان کے 30 لاکھ کے دعوے کے برعکس 20 ہزار افراد بھی جمع نہ کرپانے پر ان کی ذہنی حالت قابلِ رحم ہوگئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کو پہچان کر مسترد کر دیا ہے، انقلاب اپنا راستہ خود بناتا ہے، پولیس کے روکنے سے نہیں رکتا، اور جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، کہاں 30 لاکھ کا دعویٰ اور کہاں 10 ہزار تماشائی، کھسیانی بلی کے پاس نوچنے کو کھمبا تو ہوتا ہے لیکن نیم پاگل شخص کے پاس تو وہ بھی نہیں، ایسی ذہنی حالت میں میڈیا سے دور رہنا بہتر ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان جس سپریم کورٹ کو چند دن پہلے تک گالیاں دے رہے تھے، آج اسی سپریم کورٹ کی آڑ لے کر اپنے انتشار کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کو چوکنا رہنا ہوگا اور اس سیاسی لڑائی سے خود کو الگ رکھنا ہوگا، ورنہ جانب داری کا تاتر مضبوط ہوگا جو عدلیہ کے لیے بطور ادارہ نقصان دہ ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار جو اس فتنہ کی فتنے بازی کا شکار ہوئے اور اس کے بلوایوں اور مسلح جتھوں کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا بیٹھے، ان کے گھروں میں جا کر ان کے لواحقین کے سامنے اپنے گناہ کا اعتراف کرنا چاہیے اور انُ سے معافی مانگنی چاہیے۔