All posts by Khabrain News

جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، 20 ہزار افراد بھی جمع نہ کرپانے پر عمران خان کی ذہنی حالت قابلِ رحم ہوگئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف کو فتنہ خان کہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آئیں بائیں شائیں سوائے شرمندگی اور ناکامی کے اعتراف کے اور کچھ بھی نہیں، ان کے 30 لاکھ کے دعوے کے برعکس 20 ہزار افراد بھی جمع نہ کرپانے پر ان کی ذہنی حالت قابلِ رحم ہوگئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کو پہچان کر مسترد کر دیا ہے، انقلاب اپنا راستہ خود بناتا ہے، پولیس کے روکنے سے نہیں رکتا، اور جو انقلاب پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دے اُسے ڈوب مرنا چاہیے، کہاں 30 لاکھ کا دعویٰ اور کہاں 10 ہزار تماشائی، کھسیانی بلی کے پاس نوچنے کو کھمبا تو ہوتا ہے لیکن نیم پاگل شخص کے پاس تو وہ بھی نہیں، ایسی ذہنی حالت میں میڈیا سے دور رہنا بہتر ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان جس سپریم کورٹ کو چند دن پہلے تک گالیاں دے رہے تھے، آج اسی سپریم کورٹ کی آڑ لے کر اپنے انتشار کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کو چوکنا رہنا ہوگا اور اس سیاسی لڑائی سے خود کو الگ رکھنا ہوگا، ورنہ جانب داری کا تاتر مضبوط ہوگا جو عدلیہ کے لیے بطور ادارہ نقصان دہ ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار جو اس فتنہ کی فتنے بازی کا شکار ہوئے اور اس کے بلوایوں اور مسلح جتھوں کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا بیٹھے، ان کے گھروں میں جا کر ان کے لواحقین کے سامنے اپنے گناہ کا اعتراف کرنا چاہیے اور انُ سے معافی مانگنی چاہیے۔

اسلام آباد میں تیز آندھی کیساتھ بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد راولپنڈی سمیت ٹیکسلا، شانگلہ اور ہری پور کے مختلف علاقوں میں بھی تیز آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارش برسی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی تھی۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ہفتے کے روز بھی ملک کے بعض علاقوں جن میں خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر شامل ہیں میں تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے: مصطفیٰ نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے لکھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے، آئی ایم ایف شاید کئے گئے اضافہ سے مطمئن نہ ہو، سخت بجٹ بھی دینا پڑے گا۔
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سوال تو یہ ہے کہ عمران خان کی ناکامیوں اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کا بوجھ اپنے سر لینے میں کیا حکمت ہے؟۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازارجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق سونےکی فی تولہ قیمت 2100 روپےکم ہوکر ایک لاکھ 41 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کی قدر 1800 روپےکم ہوکر 121056 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 14 ڈالر بڑھ کر 1860 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

حکومت کا اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والے جلسے جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)حکومت نے اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والے جلسے، جلوسوں پر مستقل پابندی عائد اور کسی بھی جلسے جلسوس کو انتظامیہ سے تحریری معاہدے کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سمیت آئی جی پولیس پنجاب، آئی جی پولیس اسلام آباد، ضلع راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخو پورہ کے آر پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ لانگ مارچ میں شامل شرپسند عناصر کی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور گاڑیوں سے برآمد اسلحہ کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس میں سیاسی جماعت کے بہروپ میں پُرتشدد جلسے جلوسوں کو سختی سے روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے اور اسلام آباد میں فتنہ، فساد اور شر پھیلانے والے جلسے، جلوسوں کے داخلے پرمستقل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد کی انتظامیہ کو فسادی مارچ کا راستہ روکنے کے لیے مزید موثر اقدامات کی ہدایات کی گئی جب کہ ریاست کی طرف سے امن و امان کو ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور اسلام آباد میں جلسے جلوسوں کو انتظامیہ کے ساتھ تحریری معاہدوں کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فسادی جتھے اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں ملک کو یرغمال بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، مستقبل میں کسی بھی فسادی لانگ مارچ یا جلوس کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فسادی جتھوں کے ہاتھوں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی شہادت کا واقعہ بہت دلخراش ہے، شہریوں کے جان و مال کی ذمہ داری ریاست کی ہے اس لیے ریاستی ادارے امن وامان کو ہرصورت یقینی بنائیں۔

پاک امریکا میں کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے: بلاول

نیو یارک: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اورامریکا اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کومزید خراب ہونے دینا دانشمندی نہیں ہوگی۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکا کے باہمی تعلقات جس طرح کے رہے ہیں وہ نہ پاکستانی اورنہ ہی امریکی عوام کے مفاد میں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ امریکا اورپاکستان کے درمیان مختلف امور پراتفاق زیادہ ہے اوراختلاف کم ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان تناؤ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ بننا اس طرح ہے جیسے امریکا میں ٹرمپ اورکلنٹن خاندان ایک حکومت کا حصہ ہوں۔میں انقلاب کے بجائے ارتقا پریقین رکھتا ہوں۔ پاکستان اورامریکا کے درمیان بہت سی چیزیں مشترکہ ہیں۔دونوں ممالک کو پنے مثبت تعلقات پرجذبات کوحاوی نہیں ہونے دینا چاہئیے کیونکہ اس میں کسی کا بھی فائدہ نہیں۔
افغانستان سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا اورپاکستان یہ چاہتے ہیں اپنے رویے بہتربنانے اورافغان عوام کے لئے ملک میں استحکام لانے کے لئے طالبان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے، پہلے مہنگائی کیا کم تھی کہ اب ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگائی میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کیلئے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے، حکمران سستا تیل روس سے کیوں نہیں لیتے،عمران خان نے روس سے سستے تیل کی ڈیل مکمل کر لی تھی، بھارت نے روس سے سستا تیل لے کر اپنی عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے لانگ مارچ ختم نہیں کیا صرف 6 روز کیلئے حکومت کو مزید مہلت دی ہے، گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، اعلیٰ عدلیہ نے بھی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ملک میں وحشت و درندگی کا جو کھیل کھیلا ہے اس پر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، بی اے بی کے خالد مگسی اور محسن داوڑ شامل تھے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم نے قوم سے خطاب سے متعلق بھی اتحادیوں سے مشاورت کی۔

خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ میں بھی شیولنگ ہونے کا دعویٰ

جمیر شریف: (ویب ڈیسک) ہندوتوا تنظیم نے خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی درگاہ میں بھی شیولنگ ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
ہندوتوا تنظیم “مہارانا پرتاپ سینا” کے صدر نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور مودی سرکار کو خط لکھ دیا۔
خط میں دعویٰ کیا گیا کہ خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ کے احاطے میں بھی شیولنگ موجود ہے، لہٰذا حکومت کو اس کی تحقیقات کرانی چاہیے۔
ہندوتوا تنظیم کے جھوٹے دعویٰ کے بعد اجمیر میں شدید تنازع کھڑا ہو گیا، درگاہ کے خدام اورعہدیداروں سمیت مسلمانوں نے ہندوتوا تنظیم کے دعوے پر شدید تنقید کی ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنارس کی گیانواپی مسجد کے احاطے سے شیولنگ ملنے کا دعویٰ کیا گیا۔

امریکا؛ گھر میں خوفناک آتشزدگی میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی

پنسلوانیا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک گھر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی ریاست پنسلوانیا کے ایک گھر میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوررے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
خوفناک آگ میں بری طرح جھلس کر 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور چند روز زیر علاج رہنے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت دیدی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت لواحقین کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔