All posts by Khabrain News

مولانا فضل الرحمان نے بھی فوری انتخابات کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے بھی فوری انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصلحت کی بھی حد ہوتی ہے، اقتدار کو غیر ضروری لمبا کرنا جے یو آئی ف کا مؤقف نہیں۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اس کی امانت واپس کرنا ذمہ داری ہے، انتخابی نظام میں کوئی خامی ہے تو وقتی طور پر اصلاحات کی جائیں، موجودہ اسمبلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابی اصلاحات کر لیں، نئی حکومت زیادہ سے زیادہ ایک سال کیلئے ہے، موجودہ حکومت کے اندر جے یو آئی ف کا اپنا مؤقف ہے۔

کورونا وائرس: 24 گھنٹے میں مزید ایک شخص کا انتقال، 78 نئے مریض رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ تین پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 326 ہوگئی۔ این آئی ایچ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 690، سندھ میں 5 لاکھ 76 ہزار 570، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 385، بلوچستان میں 35 ہزار 483، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 735، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 157 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 306 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا ٹیلیفونک رابطہ

ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق روسی صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے، مفاد عامہ کے شعبوں میں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کو قریب لانے کے لیے اقدامات پر گفتگو کی۔
ٹیلیفونک رابطے میں یمن اور یوکرینی مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی بحران کے سیاسی حل، سلامی اور استحکام کے حصول کے لیے ہونے والی مملکت کی کوششوں کی حمایت کی۔
ولی عہد نے یوکرین کے سیاسی حل کے لیے مملکت کی حمایت کی توثیق بھی کی۔ رابطے میں یمن اور یوکرین کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

کتے نے سب سے لمبی عمر پا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ’چھیہواہوا‘ نسل کے کتے نے 21 سال 70 دن کی عمر کو پہنچ کر سب سے لمبی حیات پانے والے کتے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹوبی کیتھ نامی کتے نے دنیا میں سب سے طویل زندگی پانے والے کتے کا اعزاز حاصل کرلیا، گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اکیس سال اور ستر دن کی عمر رکھنے والے ٹوبی کیتھ کو عالمی ریکارڈ سے نواز دیا ہے۔
کتے کی مالکن گیسیلا کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے اپنے کتوں کے کھانے پینے کا خاص خیال رکھتی ہیں، سبزیاں اور چاول سمیت پروٹین سے بھرپور غذا کتوں کی خوراک کا حصہ ہے۔
امریکی خاتون نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتا تھا کہ میرے کتوں میں سے ٹوبی کیتھ دنیا کا سب سے لمبی عمر پانے والا کتا بن جائے گا، کتے کا عالمی اعزاز حاصل کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔
گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ٹوبی کیتھ کی ویڈیو اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر بھی کی جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس عمر کو پہنچ کر بھی یہ کتا صحت مند ہے۔ خیال رہے کتوں کی اوسطاً عمر 10 سے 13 سال ہوتی ہے۔

فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست میں یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنےکی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے بعدازاں گیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور تربیت کے معیار کو سراہا اور اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست کی سالمیت اور یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے، فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے جبکہ دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

نئی وفاقی کابینہ کے کل حلف اٹھانے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت سازی کا اہم ترین مرحلہ، نئی وفاقی کابینہ کے کل حلف اٹھانے کا امکان ہے، پہلے مرحلے میں 10 سے 12 وزرا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ بلاول بھٹو کو وزیر خارجہ بنایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لئے حکمران اتحاد میں معاملات طے پا گئے، وفاقی وزرا کے پہلے بیج کا آج حلف اٹھانے کا امکان ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بنایا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ، حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ امور، پیپلز پارٹی کی شازیہ مری یا مصطفیٰ نواز کھوکھر کو وزارت انسانی حقوق کا قلمدان مل سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو وزیر تجارت، مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات و نشر یات جبکہ مفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ کا عہدہ ملنے کا قوی امکان ہے جبکہ رانا تنویر کو وزارت پارلیمانی امور ، رانا ثنا اللہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان مل سکتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کسی وزارت کا قلمدان لینے سے معذرت کر لی ہے، تاہم وہ بغیر قلمدان توانائی کے امور دیکھیں گے۔

قوم نے پی ٹی آئی اور پرویز الہٰی کا اصل چہرہ دیکھ لیا: رہنما ن لیگ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں رانا مشہود اور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قوم نے پی ٹی آئی اور پرویز الہٰی کا اصل چہرہ دیکھ لیا، کل پنجاب اسمبلی میں غنڈے اتارے گئے، الزام ہم پر لگا دیا، تمام ویڈیو ثبوت موجود ہیں، پرویزالہٰی نے اس عمر میں غلط بیانی کی، آپ نے جو انگوٹھا لہرایا وہ ہم نے بھی دیکھا۔
عطا تارڑ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو جان کا خطرہ تھا اسکے باوجود انہوں نے اجلاس منعقد کیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہے، چودھری پرویزالہیٰ فوری طور پر ڈپٹی اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اجلاس بلائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا حملہ تھا؟ کیسا بازو ٹوٹا تھا؟ جو 2 منٹ میں جڑ بھی گیا، پرویزالہیٰ نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے ان پر حملہ کیا، آج تک اسمبلی پر غنڈوں کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، پرویزالہیٰ اپنے ذاتی غنڈے لیکر اسمبلی آئے، پولیس کو اسپیکر نے اسمبلی میں اس لئے بلایا کیونکہ ان پر حملہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کی خوشحالی سے مطلب نہیں، یہ اس طرح کے لوگ ہیں جنہیں ہر قیمت پر اقتدار چاہیے، کل پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ کا اصل چہرہ قوم نے دیکھ لیا، کل جو پنجاب اسمبلی میں کیا گیا جمہوریت کیلئے بدترین دھبہ ہے، ہم نے سینیٹ الیکشن میں نتائج کو تسلیم کیا، پاکستان میں تمام فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے، پنجاب اسمبلی کی فوٹیج نکال لی سب کےخلاف کارروائی کریں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو خاردار تاریں لگا کر نوگو ایریا بنا دیا گیا، 3 اپریل سے الیکشن شیڈول 6 اپریل پھر 16 کر دیا گیا، 3 اپریل سے الیکشن شیڈول 6 اپریل پھر 16 کر دیا گیا، 3 اپریل کو الیکشن کو ہوجاتا تو کونسی قیامت آجانی تھی، آپ اپنی مرضی سے اسمبلیاں چلانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی نے قوم کو لاقانونیت اور آئین کو توڑنے کا درس دیا، پی ٹی آئی نے قوم کو بدتمیزی سکھائی، سپریم کورٹ احکامات کے باوجود قومی اسمبلی کو یرغمال بنایا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ خواہش ہے فیاض الحسن چوہان بھی کبھی جیل نہ جائیں، ہم نیا آغاز کریں گے، انتقام نہیں لیں گے، 70 سے زائد پی ٹی آئی اراکین ہمیں کہہ رہے ہیں استعفے منظور نہ کیے جائیں، کل پرائیویٹ لوگوں کو وردیاں پہنائی گئیں، جن ہاتھوں سے آپ نے بددعا کی انہی ہاتھوں سے آپ نے گھر پر دعائےخیر کرائی تھی، اپوزیشن کو مار کر آپ کا چہرہ متکبرانہ تھا، آپ نے تھمز اپ کیا، گورنرصاحب آپ حلف نہیں لینا چاہتے تو کسی اور کو نامزد کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کل کے معاملے کی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، آج رات 8 بجے وزیراعلیٰ پنجاب کےعہدے کی حلف برداری کی تقریب ہوگی، مونس الہیٰ نے آپ کو ناقابل تلافی نقصان اٹھایا، گورنر پنجاب کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وزیراعلیٰ سےعہدے کا حلف لیں، اطلاعات ہیں گورنر صاحب بھی صدر مملکت کی طرح وزیراعلیٰ کا حلف نہیں لینا چاہتے، آپ نے پنجاب کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کرائی، چودھری صاحب آپ نے پنجاب کا وقار خاک میں ملایا، کل اگر کوئی بڑا نقصان ہوجاتا تو ذمہ دار کون ہوتا، آپ نے چودھری شجاعت حسین کی بات کو بھی کل خاک میں ملایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس طرح کی سیاست کبھی نہیں کی، چودھری صاحب ہم آپ کے گھر آئے دعائے خیر کرنے آئے، چودھری صاحب ہم آپ کے گھر پلیٹ میں وزارت اعلیٰ لیکر آئے تھے، نہیں جانتے آپ کے اپنے بیٹے مونس الہیٰ سے کیا معاملات ہیں، آپ نے جو تھمز اپ کیا ہے وہ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، کل ہاتھ اٹھا کر اللہ سے انصاف مانگنےکی دعا کی گئی، اللہ سے انصاف نہیں رحم مانگنا چاہیے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے ذاتی نگرانی میں لوگوں کو گیلری سے چھلانگیں لگانے کا کہا، پاکستانی عوام کیلئے کیا پیغام دے رہے ہیں، ہم دنیا بھر میں اپنا کیا تشخص لیکر جا رہے ہیں، پرویزالہیٰ نے اپنی نگرانی میں ذاتی گارڈز کو حملہ کرنے کا کہا، گجرات سے اپنے ذاتی گارڈز اور ذاتی فورس بلائی گئی، کل کے واقعے کی ویڈیوز موجود ہیں، پرویزالہیٰ اور پی ٹی آئی کے نمبرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن کو تاخیر کا شکار کیا گیا، پچھلے 15 دن سے صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے ہے، پرویزالہیٰ سے درخواست ہے اب بس کر دیں، کل پاکستان کی جمہوریت میں سیاہ ترین دن تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میجر حارث کی عیادت کو پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ لاہور میں میجر حارث کی عیادت کی۔
ترجمان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق لاہور پہنچنے پر کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل محمدعبدالعزیزنےآرمی چیف کااستقبال کیا۔ جس کے بعد آرمی چیف سی ایم ایچ لاہور گئےاوروہاں پر انہوں نے حالیہ واقعہ میں تشدد کا نشانہ بننے والے میجر حارث کی عیادت کی۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گااور واقعہ کے ذمہ داران جو کہ گرفتار کر لیے گئے ہیں ان کے حوالے سے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لاہورگیریژن کادورہ کیا اورگیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقات کی۔ آرمی چیف نےلاہور کور کے حوالے سے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کو سراہا۔

این اے 33 ہنگو کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

ہنگو: (ویب ڈیسک) ہنگو میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال نے کامیابی حاصل کرلی۔
این اے 33 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال کامیاب قرار پائے ہیں۔ این اے 33 ہنگو کے تمام 210 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ندیم خیال 21583 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مفتی عبید اللہ 17153ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی خیال کے انتقال بعد خالی ہوئی تھی اور پی ٹی آئی نے اس نشست پر حاجی خیال کے بیٹے کو ٹکٹ جاری کیا۔

ڈی آئی خان میں فورسز کا آپریشن؛ ٹی ٹی پی کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

پشاور: (ویب ڈیسک) حساس اداروں اور پاک آرمی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں مشترکہ آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے، مارے جانیوالے دہشت گرد آٸی ای ڈیز حملوں سمیت پولیو ٹیم پر حملوں اور بھتہ خوری میں مطلوب تھے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق حساس اداروں اور پاک آرمی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں مشترکہ آپریشن 15 اور 16 اپریل کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے، جن کی شناخت خلیل اور احسان عرف دیوا کے نام سے ہوئی، خلیل خود کش جیکٹس اور دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔
اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 مشین گنز کے علاوہ 4 گرینیڈ برآمد کرلئے گئے، ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گرد مختلف تخریبی کاررواٸیوں میں ملوث تھے، جن میں دہشت گرد 11 اپریل کو پولیس کے 5 جوانوں کی شہادت کا واقعی بھی شامل ہے جبکہ یہ دہشت گرد آٸی ای ڈیز حملوں سمیت پولیو ٹیم پر حملے اور بھتہ خوری میں بھی مطلوب تھے۔