All posts by Khabrain News

پنشن میں 10 فیصداضافے اورکم از کم تنخواہ 25 ہزار مقررکرنے کا نوٹی فکیشن جاری

وزارت خزانہ کی جانب سے سول سرکاری ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافے اور کم از کم اجرت 25 ہزار روپے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشنز میں بتایا گیا ہے کہ سول ملازمین پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل 2022 سے کیا گیا ہے دفاعی بجٹ سے پنشن لینے والے سول ملازمین پر بھی پنشن میں اضافے کا اطلاق ہوگا اس کے علاوہ وزارت خزانہ نے سول سرکاری ملازمین کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
جس میں بتایا گیا ہے کہا کہ دفاعی بجٹ سے پنشن لینے والے سول ملازمین پر بھی کم ازکم اجرت میں اضافے کا اطلاق ہوگا، کم از کم اجرت کا اطلاق بھی یکم اپریل 2022 سے کیا گیا ہے اورکم از کم اجرت کا اطلاق عارضی ملازمین اور کنٹریکٹ ملازمین پر بھی ہوگا۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن مطابق 25ہزارروپے سے کم اجرت لینے والے سول ملازمین کو باقی رقم ڈیفرنشل الاونس کی مد میں لے گی، ڈیفرنشل الاونس کی مد میں ملنے کی رقم پر انکم ٹیکس لاگو ہوگا، سول ملازمین کو رخصت کے دوران اور ایل پی آر کے دوران بھی یہ الاونس ملے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق غیر معمولی رخصت پر یہ الاونس نہیں ملے گا، ہاوس رینٹ،گریجویاٹی اور پنشن کے تعین کے لیے ڈیفرنشل الاونس کی رقم کو شامل نہیں کیا جائے گا، سول ملازمین کی ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک تعیناتی پر ڈیفرنشل الاونس نہیں ملے گا البتہ بیرون ملک سے واپسی پر سول ملازمین کو الاونس ملے گا اس الاونس کی ادائیگی کے لیے وزارتوں اور ڈویژنوں کو کوئی اضافی سپلمنٹری گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کم ازکم ماہانہ تنخواہ 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح؛ سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 18 اپریل کو سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد حکومتی اراکین کی جانب سے وفاداری بدلنے پر ممکنہ نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں آئین کی دفعہ 63 اے کی تشریح کے لیے ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس کی منظوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی تھی۔
اس حوالے سے انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ریفرنس سے متعلق 4 سوالات اٹھائے تھے۔

مسلم لیگ ق کی اپیلیں خارج، دوست مزاری کے بطور ڈپٹی اسپیکر اختیارات بحال

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرنے کے خلاف دائر مسلم لیگ ق کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس، جواد حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ ق اور پرویز الٰہی کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر چار گھنٹے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
بعد ازاں عدالت نے 31 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں پرویز الہی اور مسلم لیگ (ق) کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کردی گئیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرسکتے ہیں، عدالت نے دو روز قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحالی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
عدالتی فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قائد ایوان کے الیکشن کے روز غیر ملکی میڈیا، مبصرین، فافن، پلڈاٹ اور ملکی میڈیا کو کوریج کی سہولیات فراہم کریں۔
عدالت نے مزید کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے کی پاسداری کریں گے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران ووٹنگ کسی بھی شکایت پر فوری کاروائی کریں وزیراعلیٰ کے انتخاب شفاف اور غیر جانبدار انداز میں کروایا جائے۔
فیصلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ دوست مزاری کو قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرنے کا حق حاصل ہے، الیکشن کے دوران آئی جی پنجاب رکاوٹ کے خدشات کو دور کریں گے جبکہ دوست مزاری کا اختیار ہے ہے کہ وہ الیکشن کروائیں۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر درج مقدمات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تبدیل کردیا گیا، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے مقدمات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے نئی حکومت کے اقدامات اور فیصلوں پر سخت ردعمل دیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے نہ صرف اپنے خلاف قائم مقدمے کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو تبدیل کیا بلکہ اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم کے ارکان کو بھی بدل دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں این آئی سی ایل اور حج کوٹہ کیس میں عدالت عظمیٰ نے نوٹس لیا تھا اور ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ حالیہ معاملات کا بھی نوٹس لے، ہم متحدہ اپوزیشن کی امپورٹڈ حکومت پر قائم مقدمات کی تفتیش کو اپنے مفادات کے لیے تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے۔
فواد چوہدری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت نے پہلے ہی دن نیب ریکارڈ میں ہیر پھیر کی کوشش کی، عدالتوں کو ایسے معاملات پر نظر رکھنا ہوگی اور دیکھنا ہوگا کہ لوگ کس طرح بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے ناظم جوکھیو کیس سے متعلق کہا کہ اس میں پرانے پاکستان کی جھلک نظر آئی ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم کی جانب سو صحافیوں کے لیے ہونے والے افطار ڈنر پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ہاؤس میں صحافیوں کے لیے کھابے کھل گئے ہیں جب کہ عمران خان حکومت کو پروگرام کوئی بھوکا نہ سوئے کو بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے نئی حکومت کے خلاف غلط الزامات عائد کیے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر عوامی فلاح کے منصوبوں کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے احساس پروگرام، لنگر خانوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بندش سے متعلق پھیلنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔
فواد چوہدری نے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں بزرگ شہری پر تشدد اور لاہور میں میجر پر تشدد کے واقعات کی مذمت کی۔ علاوہ ازیں مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے آتے ہی چینی کی قیمت میں 9 روپے، گھی کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے اضافہ کردیا ہے جب کہ شہباز شریف پٹرول کی قیمت میں بھی 20 سے 25 روپے تک کا اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔
آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کردیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کی گیا ہے، وزیراعظم کے حکم کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بوجھ خود برداشت کرے گی، عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
واضح رہے کہ اوگرا نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات میں تقریبا 84 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز دی تھی۔

وزیراعظم کا چینی کی قیمت میں کمی کے لیے بڑا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمت کم رکھنے کے لیے اس کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بڑے فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کردی جو کہ پورے سال نافذ رہے گی۔
ذرائع کے مطابق ملک میں ضرورت کے مطابق چینی کی وافر مقدار کے ساتھ اضافی ذخیرہ بھی موجود ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کا مقصد ملک میں چینی کی قیمتوں کو کم کرنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔

پاک بھارت کرکٹرز؛ 15 سال بعد ایک ہی انگلش کاؤنٹی ٹیم میں شامل

انگللینڈ کی سرزمین پر جاری کاؤنٹی کرکٹ میں 15 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک ساتھ ایک ٹیم میں کھیلتے نظر آرہے ہیں۔
گزشتہ روز سسیکس کرکٹ کاؤنٹی کی جانب سے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور بھارت کےچیتشور پجارا نے ڈیبیو کیا۔ دونوں کرکٹرز نے ڈربی شائر کے خلاف کیپس دی گئیں۔
اس سے قبل سال 2007 میں بھارتی فاسٹ بولر آر پی سنگھ اور پاکستان کے لیگ اسپنر منصور امجد لیسٹرشائر کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ میں ایک ساتھ کھیلتے دکھائی دیے تھے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔

راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسپیکر قومی اسمبلی بننے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ان کے مدمقابل کسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے سبب راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کیا ہے جس میں وفاقی کابینہ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ افطار ڈنر میں تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے قائم خصوصی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کو 13، پیپلزپارٹی کو 10 اور جے یو آئی ف کو 3 وزارتیں دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔

عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی انتقال کرگئیں

معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 برس کی عمر میں‌ دار فانی سے کوچ کرگئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور سماجی کاموں کے حوالے سے معروف بلقیس ایدھی انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی۔

بلقیس ایدھی گزشتہ چند روز سے انتہائی علیل اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کو بنانے میں ،بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا۔

محض سولہ برس کی عمر میں انہوں نے ایدھی صاحب کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔

اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دیں عبدالستار ایدھی سے شادی کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ان کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے دوہزار پندرہ میں مدر ٹریسا ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پیاری امی جان دنیا میں نہیں رہیں، فیصل ایدھی

بلقیس ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے بتایا کہ پیاری امی جان دنیا میں نہیں رہیں، والدہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھیں، مختصر علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد مرحومہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن تھیں۔

آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے قائد ایوان کے انتخاب کو روک دیا

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے قائد ایوان کے انتخاب کو روک دیا۔
آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے اسپیکر اسمبلی کی کارروائی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ قائد ایوان کی انتخاب کے لیے جاری پراسس کو پیر تک روک دیا ہے۔
آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے قائد ایوان کے انتخاب پر حکم امتناعی جاری کر دیا۔ اپوزیشن کی جانب سے دائر درخواست پر ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔