All posts by Khabrain News

سنیل گواسکر اور ہربھجن کی ٹائٹل نہ جیتنے پر بھارتی ٹیم پر تنقید

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کے حوالے سے سابق بھارتی بلے باز سنیل گواسکر نے اعتراف کیا ہے کہ 2007 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھارت کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکا۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ آئی پی ایل اور ٹی ٹوئنٹی کے تجربے پر بھارتی ٹیم کو کوئی بڑا ٹائٹل جیتنا چاہیے تھا۔

بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی گواسکر کی ہاں میں ہاں ملائی اور کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی لیگ بھارت کے پاس ہونے کے باوجود 2007 کے بعد کوئی بڑا ٹائٹل بھارت کے پاس نہیں گیا۔

ایف آئی اے نے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث لڑکی سمیت6 ملزمان گرفتارکرلیے

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبرکرائم سرکل نےکراچی اور سکھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے پہلی کارروائی میں سکھر سے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر سرکل عمران ریاض کے مطابق ملزمان نے کم عمر بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، اس واردات میں مقامی گلوکارکو جھوٹے الزام میں پھنسانے کی نیت سے بچے سے زیادتی کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کی گئی۔

گرفتار ملزمان میں محمد قاسم، ہیبت خان، شاہد حسین اور فراز شیخ شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے موبائل فونز بھی برآمدکرلیےگئے جنھیں فارنزک کے لیےبھیج دیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نےکراچی سے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان آپس میں بہن بھائی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم آدرش بخاری اپنی کم عمر سابقہ اہلیہ پر تشددکرکے ویڈیو بناتا تھا۔

ملزم نے اپنی بہن ملزمہ دانیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل کی تھی اور اب دونوں خاتون کو بلیک میل کررہے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ملک میں ڈینگی کے وار قابو سے باہر، پنجاب میں صورتحال تشویشناک

اسلام آباد : ملک میں ڈینگی کے وار قابو سے باہر ہو گئے۔ پنجاب میں بھی صورتحال تشویشناک ہو گئی۔

جڑواں شہروں میں ڈینگی کیسز کی تعداد بڑھنے لگی۔ شہر اقتدار میں ایک دن میں 118 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے ۔ محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2721 ہو چکی ہے۔ شہر میں اب تک ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق دیہی علاقوں میں 79 جبکہ شہری علاقوں میں 39 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1668 اور شہری علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1053 ہو چکی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 95 مریض راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ شہر میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1964 ہو چکی ہے جبکہ 8 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ہولی فیملی اسپتال میں 56 ، بینطیر اسپتال میں 23 اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں 16 مریض لائے گئے۔

نور مقدم قتل کیس میں گرفتار ملزم جمیل احمد کی ضمانت منظور

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں گرفتار ملزم جمیل احمد کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے باورچی جمیل احمد کی درخواست ضمانت پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے باورچی جمیل کی ضمانت پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض باورچی جمیل کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔

عدالت نے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کے بعد 21 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے ضمانت منظور کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا ہے ۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری ہو گا۔

گرفتار ملزم جمیل احمد اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہے ۔

بلوچستان میں مستونگ کے علاقے روشی میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ : بلوچستان میں مستونگ کے علاقے روشی میں سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ میں نو کلاشنکوف، بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر اور آر پی جی راکٹ بمعہ دو گولے شامل ہیں۔

پاک بھارت ٹاکرا، وزیراعظم بھی قومی ٹیم کی جیت کیلئے پرامید

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بھی گرین شرٹس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم بھارت کے خلاف کامیاب ہو گی۔

عمران خان نے کہا کہ دعا ہے قومی ٹیم بھارت کو شکست دے، ان شاء اللہ بھارت سے ضرور جیتیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ کل بروز اتوار 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور اس حوالے سے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں۔

کالعدم تنظیم کا احتجاج: پنجاب کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند

لاہور: کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث پنجاب کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق شیخوپورہ، گوجرنوالہ اور گجرات میں انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی معطل رہےگی۔

اس کے علاوہ کالا شاہ کاکو، مرید کے،کامونکی، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور گجرات میں بھی انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ ریلی جس جس ضلع سے گزرے گی وہاں انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے گی۔

پاکستان اور مراکش کی مشترکہ مشقیں اختتام پذیر، دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا

پاکستان اور مراکش کی مشترکہ مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں۔ مشقوں میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے مختلف ڈرلز میں حصہ لیا۔ ٹریننگ کا مقصد انسداد دہشت گردی کے حوالے سے باہمی تجربات شیئر کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور مراکش کی دو طرفہ مشترکہ مشقوں کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب نیشنل انسداد دہشتگردی مرکز پبی میں منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کے دوران پاکستان اور مراکش کی اسپیشل فورسز نے مختلف ڈرلز میں حصہ لیا۔ انسداد دہشتگردی آپریشنز، کارڈن اینڈ سرچ آپریشن اور کمپاونڈ کلیئرنس کا مظاہرہ کیا گیا۔ کلوز کوارٹر بیٹل، فاسٹ روپنگ، ریپلنگ اور کمبیٹ میڈکس میں بھی حصہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دونوں ممالک کی پہلی مشترکہ مشقیں تھیں۔ ٹریننگ کا مقصد انسداد دہشت گردی کے حوالے سے باہمی تجربات شیئر کرنا تھا۔ دونوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانا اور بہترین پریکٹسز اختیار کرنا تھا۔

پاک بھارت میچ سپر اوور میں جائیگا اور پاکستان کی فتح ہوگی: رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز  راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ سپر اوور میں جائےگا جس میں پاکستان کی فتح ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے نجی یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں وہ طالب علموں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔

پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رمیز راجہ نے کہا کہ 24 اکتوبر کو پاک بھارت کا میچ سپر اوور میں جائےگا اور پاکستان جیتے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بڑا میچ ہوتا ہے تو اس کا گراؤنڈ میں الگ منظر ہوتا ہے لیکن  بھارت کے خلاف میچ کا دباؤ نہیں لینا، بس گیند کی طرف دیکھنا ہے، دباؤ لینے سے نہ رات کو نیند آئے گی نہ بھوک لگےگی،اچھا کھیلا بھی نہیں جائے گا۔

قومی ٹیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری ایسی ٹیم ہونی چاہیےتھی کہ سب کہتے بھارت کو ہرائیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے، ہم نے پاکستان کو ایسی ٹیم بنانا ہےکہ سب اس کی جیت کے لیےاعتماد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں سلیکشن کے مسائل ہیں ٹیلنٹ کی نشاندہی نہیں ہوتی۔

رمیز راجہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آنا چاہتے ہیں اس حوالے سے جلد سیریز ری شیڈولڈ ہونےکی خبر ملےگی، اس سلسلے میں ای سی بی کے چیف نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان آرہے ہیں۔

افغانستان میں فوجی آپریشن، فضائی حدود کے استعمال پر امریکا اور پاکستان معاہدے کے قریب: سی این این کا دعویٰ

افغانستان میں فوجی آپریشن کے لیے فضائی حدود کے استعمال پر امریکا اور پاکستان معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
امریکا کے سرکاری نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ نے امریکی اراکین کانگریس کو پاکستان کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے سے آگاہ کر دیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی اراکین کانگریس کو پاکستان کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے سے گزشتہ روز آگاہ کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے فضائی حدود کے استعمال کے بدلے امریکا سے انسداد دہشتگردی کے لیے امداد کی فراہمی کے ایم او یو کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فضائی حدود کے استعمال کے بدلے بھارت سے تعلقات کے معاملے میں مدد کی بھی خواہش ظاہر کی ہے۔
سی این این کے ذرائع کے مطابق امریکا سے پاکستان کے مذاکرات جاری ہیں، سمجھوتے کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور اس میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔