All posts by Khabrain News

فنچ نے بابر اعظم اور کوہلی کو کور ڈرائیو میں ماسٹر قرار دیدیا

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ نے بابر اعظم اور ویراٹ کوہلی کو کور ڈرائیو میں ماسٹر قرار دے دیا۔
حال ہی میں آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو جوائن کرنے والے فنچ سے ٹویٹر پر سوال و جواب کے سیشن میں جب پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں بہترین کور ڈرائیو کون کھیلتا ہے تو ان کا جواب تھا کہ بابر اعظم اور ویراٹ کوہلی ان دونوں کو یہ شاٹ کھیلتے ہوئے دیکھنا ہمیشہ ہی اچھا لگتا ہے۔

شان مسعود، مکی آرتھر کی آنکھ کا تارا بن گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) شان مسعود ڈربی شائرکے کوچ مکی آرتھر کی آنکھ کا تارا بن گئے۔
پاکستان کے اوپننگ بیٹر شان مسعود نے ڈربی شائر کی جانب سے مڈل سیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈیبیو پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انھوں نے پہلی اننگز میں 91 اور دوسری میں 62 رنز اسکور کیے، اس طرح وہ ڈربی شائر کی تاریخ میں ڈیبیو پر دونوں اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والے دوسرے کھلاڑی ثابت ہوئے، ماضی میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ کرنے والے ڈربی شائر کے موجودہ کوچ مکی آرتھر شان کی پرفارمنس سے بہت خوش ہیں۔
مکی آرتھر نے کہاکہ شان کے حوالے سے مجھے جو توقعات تھیں وہ ان پر پورا اترے، وہ ایک بار پھر کھیل کے اگلے لیول پر دکھائی دیے، میچ کے دوران انھوں نے صورتحال کے مطابق شاندار بیٹنگ کی، خود شان مسعود بھی لارڈز میں اپنی بیٹنگ کے حوالے سے کافی مطمئن دکھائی دیے۔
انھوں نے کہا کہ مجھے توقع تھی اس میں سیم اور سوئنگ ہوگی مگر خوش قسمتی سے یہ ایک بہترین کرکٹنگ پچ ثابت ہوئی، جس میں سب کیلیے کچھ نہ کچھ موجود تھا، ہمارے پاس موجود اسپنر نے وکٹیں لیں اور بیٹرز نے پچ پر وقت گزار کر اپنا بھرپور حصہ ڈالا، آپ کو انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اس قسم کی پچز کی ضرورت ہے جس میں سب کیلیے کچھ نہ کچھ موجود ہو، جہاں پر کھلاڑی اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاسکیں۔

شاہین آفریدی کی اپنے ہونیوالے سسر شاہد آفریدی کیساتھ افطاری

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ہونے والے سسر سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ افطاری کی، جس کی تصویر شیئر کردی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے ساتھ ان کی بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی دستر خوان پر موجود ہیں، افطاری سے پہلے سب ہاتھ اٹھا کر دعا کر رہے ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کیپشن لکھا کہ افطار کے قریب آتے ہی ہمیں اس وقت کو دعا کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے، کیونکہ یہ قبولیت کا وقت ہے۔ صاف دل اور خلوص دل کے ساتھ میں اپنے پیارے پاکستان اور اس کے تمام لوگوں کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں، آمین!۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ کے ساتھ طے پاچکا ہے۔

ایف بی آر کا کریڈٹ نوٹس کا مسئلہ حل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ کریڈٹ نوٹس کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا کہ سیلز ٹیکس کے رجسٹرڈ تمام افراد خاص طور پر ریٹیلرز اور امپورٹرز کو یہ ترجیحاً کہا جاتا ہے کہ اگر ان کے بقایا سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں ہوئے تو وہ جلد از جلد جمع کروائیں تاکہ مزید تاخیر نہ ہو۔
ملکی محصولات کے ذمہ دار ادارے ایف بی آر کی جانب سے اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹیکس صارفین کو سہولیات پہنچانے کے اپنے عزم پہ قائم ہے۔
ایف بی آر نے اس مقصد کے لئے پالیسی اور عملی سطح پہ کئی تخلیقی منصوبے شروع کر رکھے ہیں تاکہ ملک میں کاروباری طبقے کو کاروبار میں آسانی ہو اور ملک میں بروقت ٹیکس ادائیگی کا کلچر پروان چڑھے۔

بنگلا دیش میں کالعدم تنظیم کے 4 کارکنان کو سزائے موت

بنگلا دیش میں ایک پروفیسر کو تیز دھار چاقو کے وار کرکے قتل کرنے کے الزام میں کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین کے 4 کارکنان کو سزائے موت سنا دی گئی۔
بنگلہ دیشی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈھاکا ہائی کورٹ نے فروری 2004 میں قتل ہونے والے پروفیسر محمد ہمایوں آزاد کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 ملزمان کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
ملزمان کو 58 میں سے 41 عینی شاہدین نے شناخت کیا تھا تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔ انوار العالم اور میزان الرحمان اس وقت قید میں ہیں۔
ہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین بنگلادیش کے کارکنوں صالحین، انوار العالم، میزان الرحمان اور نورمحمد کو سزائے موت سناتے ہوئے مفرور صالحین اور نور محمد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ پروفیسر ہمایوں آزاد پر فروری 2004 میں ایک بک فیئر سے واپس آتے ہوئے چاقو بردار افراد نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد وہ پہلے ملٹری اسپتال ڈھاکا، تھائی لینڈ اور پھر جرمنی میں اگست 2004 کو دم توڑ دیا تھا۔

چین کا سی پیک پر وزیراعظم کے بیان کا خیر مقدم

چین نے پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے اور اسے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت بہترین معیاری ترقیاتی پروگرام کے طور پر اُجاگر کیا جاسکے۔
”کے سی آر کو سی پیک کے تحت بنائیں گے“
اس سے قبل دورہ کراچی کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں اجلاس ہوا جس میں صوبے کے ترقیاتی پروگراموں، وفاق اور سندھ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کراچی سرکلر ریلوے پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی کی ٹریفک کا مسئلہ، بی آر ٹی سروس کی کامیابی اور کے سی آر پر منحصر ہے، وفاق نے کے سی آر پراجیکٹ 201 ارب کی لاگت سے پی پی موڈ پر منظور کیا۔
مراد علی شاہ نے درخواست کی کہ کے سی آر کو سی پیک کے تحت تعمیر کیا جائے۔ اس پر وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ کے سی آر کو ہم واپس سی پیک کے تحت بنائیں گے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت، 13 ملزمان کے نام خارج

ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں انسداد دہشتگردی کے منتظم جج کی عدالت میں تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان جمع کرادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتول ناظم قتل کیس کے تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں جمع کرادیا ہے، چالان سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم اور رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 8 افراد کے نام خارج کردئیے گئے ہیں۔
چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ کیس میں دو ملزمان حیدر علی اور میر علی گرفتار جبکہ ملزم نیاز کو مفرور قرار دیا گیا ہے، کیس میں استغاثہ کے 31 گواہان کے نام شامل ہیں، مقدمے میں حیدر، معراج اور نیاز کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ناظم جوکھیو کو نومبر 2021 میں میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کیس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس ویڈیو پیغام کے بعد ہوئی جب ناظم جوکھیو کی بیوہ اور مقدمے کی مدعی شیریں جوکھیو نے تمام ملزمان کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ جو بچوں والا ہوگا وہ ہی ان کی مجبوری سمجھ سکتا ہے اور جو ماں بہن والا ہوگا وہ ہی ان کا درد محسوس کر سکتا ہے، میں جس وقت سے گزر رہی ہوں اللہ نہ کرے یہ وقت کسی پر آئے۔ میں ایک ایماندار اور وفادار لڑکی ہوں، میں مقدمہ لڑنا چاہتی تھی، میں آگے اس لیے لڑ نہیں پا رہی ہوں کیونکہ میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔
میں اس مجبوری میں مقدمے سے ہٹ رہی ہوں، مجھے ڈیل کی کوئی پیشکش نہیں ہوئی ہے، میں نے معاف کر کے اللہ پر چھوڑ دیا ہے اور وہ انصاف دے گا۔ میری کوئی لالچ نہیں ہے، میں آگے نہیں لڑ سکتی مجھ میں مزید طاقت نہیں ہے۔

پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے: ترجمان پینٹاگون

پینٹاگون نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات جاری رہیں گے، ترجمان پینٹاگون نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پینٹاگون جان کربی نے بریفنگ میں کہا ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں، پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
ترجمان پینٹاگون سے سوال کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی تبدیلی میں امریکا پر الزامات لگائے گئے ہیں، تاہم ترجمان جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا
جان کربی نے کہا پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ امریکا کے مضبوط ملٹری تعلقات ہیں، امید ہے پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے۔
ترجمان نے تسلیم کیا کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، انھوں نے کہا پاکستانی عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔

وی لاگر ’ڈکی بھائی‘ نے منگنی کرلی، تصاویر وائرل

معروف وی لاگر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے منگنی کرلی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
وی لاگر ڈکی بھائی نے اپنی منگیتر عروب جتوئی سے منگنی کرنے کا اعلان انسٹاگرام پر کیا اور ساتھ ہی منگنی کی خوبصورت تصاویر بھی شیئر کیں انہیں مداحوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈکی بھائی اپنی منگیتر عروب جتوئی کو انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔
ان کی منگیتر عروب نے انسٹاگرام پر رنگ پہنتے ہوئے تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
ڈکی بھائی کی منگنی کی تقریب میں وی لاگر زید علی، سوشل میڈیا اسٹار رومیسا خان اور راحم پردیسی نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے اکثر شہ سرخیوں میں رہتے ہیں، ڈکی بھائی نے ایونٹ یوٹیوبرز کی کم تعداد کو بلایا جبکہ ٹک ٹاکرز نے ان کی تقریب کو چار چاند لگائے۔
اس سے قبل ڈکی نے ہندوستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان میں بھی پابندی لگ جاتی ہے تو بھی نان لیپ سنک، باصلاحیت اور کم کرپٹ لوگوں کو یوٹیوب پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس کے بعد متعدد ٹویٹر صارفین نے ڈکی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں خود ٹیلنٹ سے عاری اور عجیب و غریب مواد شیئر کرنے سے متعلق ان پر تنقید کی تھی۔

وزیراعظم کا دورہ کراچی، ایم کیو ایم کے مرکز آمد، اتحادی امور پر تبادلہ خیال

وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا پہلا دورہ کراچی، وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ون آن ون ملاقات ہوئی، سیاسی، معاشی اور دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی، شہباز شریف ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد آمد، رابطہ کمیٹی اور ارکان اسمبلی سے ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال اور اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے، خالد مقبول صدیقی نے شہباز شریف اور لیگی رہنماؤں کا مرکز آمد پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ میاں صاحب اندازہ ہے حالات مشکل ہیں مگر مشکلات سے نمٹنا سیاستدان کا کام ہے۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم سے زیادہ مشکلات سے نکلنے کا ہنر کون جانتا ہے؟۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کراچی اب آپ کی طرف دیکھ رہا ہے آپ سے بہت امیدیں ہیں۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ امیدیں انشاللہ مل کر پوری کریں گے، پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے، کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سائٹ کی سڑکیں وفاقی فنڈز سے بنانے کا اعلان کرچکا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، کراچی کے لئے مل کر کام کریں گے، چیئرمین بلاول بھٹو کی ایم کیوایم کو ساتھ لیکر چلنے کی بڑی خواہش ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ بڑی مفید گفتگو کی، مراد علی شاہ نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، وفاق سندھ حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا،عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کریں گے، وزیراعلیٰ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بہت کام کر رہے ہیں، کراچی میں ایئر کنڈیشنڈ بسیں لانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے، کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کی پوری کوشش کریں گے، کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے ترجیحی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی، بابائے قوم کے مزار پر حاضری دے کر خراج عقیدت پیش کیا، قائداعظم کے نقش قدم پر چلنے کی پوری کوشش کریں گے، بلاول بھٹو نے شاندار استقبال کیا۔