All posts by Khabrain News

امریکی ڈالر کی قدر مزید 32 پیسے گر گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں امریکی ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے 32 پیسے مزید گر گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز امریکی ڈالر 32پیسے مزید کمی کے بعد 181 روپے 70 پیسے پرٹریڈ ہوا۔ خیال رہے کہ 4 روز کے دوران ڈالر 6 روپے 48 پیسے سستا ہوا ہے۔
گذشتہ کاروباری روز بھی ڈالر سستا ہوا تھا، انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 91 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد امریکی ڈالر 182 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 182 روپے 2 پیسے پر فروخت ہوا تھا۔

عمران خان کی تصویر پی سی بی کی ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزارت عظمی کے عہدے سے علیحدگی کے بعد عمران خان کی تصویر پی سی بی کی ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔’
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی کرسی سنبھالنے کے بعد شہباز شریف پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بن گئے ہیں۔ اس سے قبل کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر عمران خان کی تصویر تھی جسے اب ہٹا دی گیا ہے۔
بورڈ انتظامیہ نے ویب سائٹ پر اب نئے پیٹرن انچیف شہباز شریف کی تصویر لگا دی ہے۔

ضیاشاہد عظیم صحافی حقیقی قلمکار تھے: شیخ رشید

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک چینل ۵ کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”آج پاکستان میں“ گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ضیا شاہد عظیم صحافی تھے۔ وہ جتنی محنت کرتے تھے اتنی اور کسی صحافی کو کرتے نہیں دیکھی وہ حقیقی قلم کار تھے۔ سیاست میں بھرپور حصہ لیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ ضیا شاہد کے درجیات بلند کرے اور ان کے بیٹے کو بھی اتنی ہی ترقی دے جتنی والد کو حاصل ہوئی۔ خبریں گروپ پھلے پھولے اور ترقی کرے۔

یوکرین نے روس پر ماریوپول شہر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا دیا

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس پر ماریوپول شہر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا دیا، امریکا نے کہا ہے کہ فی الحال کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق نہیں کر سکتے جبکہ روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ اہداف کے حصول تک جنگ جاری رہے گی۔
روس اوریوکرین میں 49 ویں روز بھی جنگ جاری، روسی فوج کی جنوبی یوکرین میں پیش قدمی جاری ہے جہاں یوکرینی فورسز کو شمال کی جانب دھکیل دیا ہے۔ یوکرین نے روس پر ماریوپول شہر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگا دیا ہے جس پر کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے” اوپی سی ڈبلیو” نے تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ وہ فی الحال کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
ادھرامریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب پر نسل کشی کا الزام لگایا ہے، جوبائیڈن نے امریکا میں مہنگائی اور گیس قیمتوں میں اضافے کا ذمہ داربھی پیوٹن کو قراردیا۔
دوسری جانب روسی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین میں فوجی آپریشن منصوبے کےتحت جاری رہے گا۔
یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ روس یوکرین جنگ خوراک کا عالمی بحران پیدا کررہی ہے جبکہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں تجارتی شرح نمو کم رہے گی۔

شنگھائی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ

شنگھائی : (ویب ڈیسک) چین کے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدادمیں پھر اضافہ ہونے لگا۔
ایک دن کے دوران 25 ہزار 141 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مزید سختی کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت سزا دی جائے گی۔
پولیس نے بھی شہریوں کوصرف میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں سفرکرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر بھر میں 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔

سری لنکا کا 51 ارب ڈالرزکے بیرونی قرضوں پر دیوالیہ ہونے کا اعلان

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے 51 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضوں پر دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا۔
سری لنکن وزارت خزانہ کے مطابق قرض دہندگان واجب الادا سود کی ادائیگی کا فائدہ اٹھانے کیلئے آزاد ہیں جبکہ غیرملکی حکومتیں بھی سری لنکن روپوں میں ادائیگی کا انتخاب کرسکتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مالی حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے اٹھایا گیا ہے اور معاشی بحران سے نمٹنے کا یہ آخری حل ہے۔

فلپائن میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، 58 افراد جان کی بازی ہار گئے

منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں اب تک 58 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق ٹراپیکل طوفان میگی کے باعث درجنوں مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے جیسے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد اٹھاون تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک سترہ ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

رمضان کی رونقوں کو مہنگائی کی نظرلگ گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) رمضان کی رونقوں کو مہنگائی کی نظرلگ گئی، بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں کے ساتھ جلوا افروز ہے، روزہ داروں کوافطاری میں دسترخوان پر من پسند مشروبات، مختلف اقسام کے اچار اور چٹنیاں اچھی لگتی ہیں مگر کیا جائے ظالم مہنگائی کا، ان کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 80 روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے، اس صورت میں گاہک اور دکانداروں دونوں پریشان ہیں۔
دوسری جانب پھل مہنگا ہونے کے سبب اکثر لوگ بازار سے بنی بنائی فروٹ چاٹ خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گھر میں چاٹ بنانے کے لئے کئی اقسام کے فروٹ خریدنے کی سکت نہیں۔
مختلف برانڈز کے مشروبات کی قیمتوں میں بھی 25 سے 40 فی صد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ان کی فروخت می٘ں کمی دیکھی جارہی ہے۔

سلمان خان نے کیریئر بچانے میں مدد کی: بوبی دیول

ممبئی: (ویب ڈیسک) لیجندری اداکار دھرمیندر کے بیٹے بوبی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے کیریئر بچانے میں بہت مدد کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بوبی دیول نے بالی وڈ سلطان سلمان خان کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں انکشاف کیا کہ کس طرح سلمان خان نے ان کی بالی وڈ میں کامیاب واپسی کروائی۔ بوبی کا کہنا تھاکہ سلمان خان نے فلموں ان کی دوسری اننگز کو ریس تھری کیساتھ توانائی بخشی جس کی وجہ سے انہیں مزید کام ملا۔
بوبی دیول نے بتایا کہ سلمان خان ایک بہترین انسان ہیں، وہ بڑے دل کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف میرے لئے ہی نہیں بلکہ وہ جب کسی کا بھی خیال کرتے ہیں تو اس کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
بوبی کا کہنا تھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ان چند لوگوں میں سے ایک ہوں جن سے سلمان خان بہت محبت کرتے ہیں، اس پر میں ان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری میں واپسی کی وجہ بتا دی

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری میں واپسی کی وجہ بتا دی، انہوں نے صرف ایک پراجیکٹ پر کام کرنے کے بعد ہی انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمن نے کہا کہ میرے سکرین پر واپس آنے کی کئی وجوہات تھیں لیکن سب سے بڑی وجہ لوگوں کی جانب سے ملنے والا پیار ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ لوگ میرے شوبز سے کنارہ کشی کرنے کے فیصلے سے ناخوش ہوں گے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے ایک ہی پراجیکٹ تو کیا تھا، اسی لئے میرا خیال تھا کہ شوبز چھوڑنے کا اعلان کروں گی تو لوگ سمجھیں گے اچھے پراجیکٹس آفر نہیں ہوئے اسی لئے علیحدگی اختیار کر لی۔
ایمن نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت پیار دیا، کوشش کروں گی کہ آئندہ بھی ایسا ہی کام کروں جو لوگوں کو پسند آئے۔