All posts by Khabrain News

بھارت: کیمیکل پلانٹ میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

بھارت میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے باعث 6 افراد دم توڑ گئے۔
بھارتی ریاست گجرات میں کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کے سبب چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ دہیج انڈسٹریل اسٹیٹ میں پیش آیا۔
مقامی پولیس افسر کے مطابق مذکورہ فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے جبکہ ملبے سے چھ افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
آگ بجھانے والے محکمے کے مطابق اوم آرگینک پلانٹ میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پایا جا چکا ہے۔

موجودہ سیاسی صورتحال ، 2017 کے بعد اسٹاک ایکس چینج میں نیا ریکارڈ قائم

پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے 2017 کے بعد نیا ریکارڈ قائم کردیا ، ایک دن میں سب سےزیادہ 1700 پوائنٹس کا ریکارڈ کاروبارہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیاست میں بدلتی ہوئی صورتحال کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر نمایاں ہونے لگے ، کاروباری ہفتے کے آغاز میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے پہلے سیشن میں100 انڈیکس میں1770 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
مارکیٹ کا آغاز 44 ہزار 444 پوائنٹس پر ہوا اور چند منٹس میں ہی 1300 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 46 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
ہنڈرڈ انڈیکس3.98 فیصد بڑھ کر 46 ہزار215 پوائنٹس پر بند ہوا، 2017 کے بعد اسٹاک ایکس چینج میں ایک دن میں سب زیادہ کاروبار ہوا۔
ایک دن میں سب سےزیادہ 1700 پوائنٹس کا ریکارڈ کاروبارہوا ، اس سے قبل 15جون 2017 کو کاروبار میں 1566 پوائنٹس کا ریکارڈ قائم ہوا۔
خیال رہے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس میں 707 پوائنٹس کی کمی ہوئی ، جس کے بعد انڈیکس 44 ہزار 444 پوائنٹس پر بند ہوا۔
4 سے 8 اپریل 2022 کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 45 ہزار 152 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 43 ہزار 749 پوائنٹس رہی جبکہ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں 76 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 125 ارب روپے کم ہو کر 7474 ارب روپے ہوگئی۔

ایپل صارفین کا ’کلائی ‘ پر بھی واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن

دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی واچ میں واٹس ایپ صارفین کے لیے بڑی آسانی پیدا کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب ایپل صارفین ایپل واچ میں رسٹ چیٹ ایپ کے ذریعے کلائی پر بھی واٹس ایپ کا استعمال کرسکیں گے۔ WristChat واچ OS ایپ میں صارفین کے پیغامات تک رسائی کے لیے واٹس ایپ ویب اے پی آئی (Web API) کا استعمال کرے گی۔
ایپل واچ میں رسٹ چیٹ ایپ کا انٹرفیس SwiftUI کو استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
رسٹ واچ میں رسٹ چیٹ ایپ انسٹال کرنے کے بعد صارف کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اسکرین پر QR کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔
کوڈ اسکین کرنے کے بعد واٹس ایپ پر موصول ہونے والے تمام پیغامات صارف کی رسٹ واچ پر واضح ہو جائیں گے جنہیں ٹیپ کرنے کے ذریعے چیٹ کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

دل کے امراض اور نیند کے مسائل میں تعلق دریافت

دل کے امراض کئی دیگر بیماریوں کا بھی سبب بن سکتے ہیں، حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ یہ نیند پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں دریافت ہوا ہے کہ امراض قلب میں مبتلا تقریباً نصف مریض بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں۔
ناروے کی یونیورسٹی آف اوسلو کی میڈیکل کی طالبہ اور تحقیق کی سربراہ مصنفہ لارس فروژڈ کا کہنا تھا کہ نیند کے مسائل کا تعلق ذہنی صحت کے مسائل ہے، لیکن اس تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ بے خوابی کا تعلق قلبی حالات سے بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوا کہ دل کے مریضوں میں بے خوابی کو دیکھا جانا چاہیئے اور مناسب علاج کیا جانا چاہیئے، تحقیق میں 1 ہزار 68 مریضوں کا دل کے دورے یا شریان کھولے جانے کے لیے کیے جانے والے آپریشن کے اوسطاً 16 مہینوں کو شامل کیا گیا۔
بے خوابی کے متعلق ڈیٹا کو دل کے مسلسل وقوعات کے خطرات کے بیس لائن کے طور پر جمع کیا گیا۔
تحقیق کے شرکا سے برجین انسومنیا اسکیل کا سوالنامہ پر کروایا گیا جو بے خوابی کے تشخیصی معیار پر مبنی تھا۔
6 سوالوں میں سونے اور جاگنے کی صلاحیت، جلدی اٹھ جانے، مکمل آرام نہ ملنے کا احساس، دن کے وقت تکان کا احساس جو کام یا معاشرتی معاملات میں متاثر کرتا ہے اور نیند سے بے اطمینان ہونے کے حوالے سے 6 سوال پوچھے گئے۔

وزیراعظم کا خط پر پارلیمان کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا اعلان

پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں خط کے حوالے سے پارلیمان کی سکیورٹی کمیٹی میں ان کیمرہ اجلاس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے تمام سربراہان، فارن سیکرٹری، امریکی سفیر بھی ہوں گے، اگر اس حوالے سے رتی بھر شواہد یا ہمارا ملوث ہونا ثابت ہوجائے تو ایک سیکنڈ میں وزارت عظمیٰ سے استعفی دے کر چلا جاؤں گا۔
شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں 174 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج قوم کے لے ایک عظیم دن ہے، اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے، ایوان نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو آئین و قانون کےمطابق ہٹایا، حق کی کامیابی اور باطل کو شکست ہوئی، سپریم کورٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سپریم کورٹ نے آئین شکنی کو کالعدم اور نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا، آئندہ کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا۔
نومنتخب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلی فرصت میں ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے گا، پچھلے ایک ہفتے سے ڈرامہ چل رہا تھا، ڈھٹائی کے ساتھ خط کے حوالے سے جھوٹ بولاجارہا تھا، نہ مجھے بھیجا نہ میں نے ابھی تک وہ خط دیکھا، اس حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے، آصف زرداری، بلاول بھٹو کے ساتھ میری ملاقات کئی دن پہلے ہوئی تھی،3 مارچ کو نوازشریف نے سی ای سی کی میٹنگ کی، میٹنگ میں عدم اعتماد کا فیصلہ کیا تھا، 8 مارچ کوعدم اعتماد کی قرارداد جمع کرائی گئی، یہ کہتے ہیں خط 7مارچ کو آیا، ہمارے فیصلے پہلے ہوچکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ڈالر 190 سے واپس 182 پر آیا ہے، ڈالر 8 روپے نیچے گیا ہے، یہ ایوان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، ایوان نے جھرلو، سلیکٹڈ وزیراعظم کو آئین و قانون کے مطابق ہٹایا، یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے عدم اعتماد کامیاب ہوئی، حق کی کامیابی اور باطل کوشکست ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے قائد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں، قائد نے سارے معاملے میں میری مکمل رہنمائی فرمائی، میڈیا کا بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، ملک بھر کی وکلا برادری کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، وکلا ہماری جنگ میں ہراول دستہ تھے۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ کہا قرض کی زندگی کوئی زندگی نہیں، یہی قائد اور اقبال کا پیغام ہے، اگر ہم نے زندہ رہنا ہے تو خود مختار اور باوقار قوم کی طرح رہنا ہے ورنہ کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کر سکتے، چار سالوں میں اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، چرس اور بھنگ جیسے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، یہ ظلم اور زیادتی عمران خان کی ناک کے نیچے ہوا، کوئی غدار ہے نہ کوئی غدار تھا۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ اتفاق اور اتحاد سے ہم مسائل کو حل کریں گے، اگر ملک کی جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے تو پھر ڈیڈ لاک نہیں ’ڈائیلاگ ہوگا، تبدیلی باتوں سے نہیں آتی، معاشرے کے اندر زہر گھول دیا گیا، زہر آلودہ پانی کو صاف کرنے میں کئی سال لگیں گے۔

شہباز شریف 174 ووٹ لیکر پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف 174 ووٹ لیکر ملک کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے مدمقابل تھے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے اور قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ جی ڈی اے نے استعفے دینے سے انکار کردیا۔
پی ٹی آئی کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے جبکہ اس سے قبل قاسم سوری نے اجلاس کو چلانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ اس عمل کا حصہ بنوں۔
شہباز شریف کو ووٹنگ کے بعد پاکستان کا وزیراعظم منتخب کیا گیا، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چودھری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ نے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کو ووٹ دیا۔

خیبر پختونخوا کے گورنر مستعفی، عمران اسماعیل کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

کراچی، پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان مستعفی ہوگئے ہیں جبکہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا جیسے ہی شہبازشریف وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے استعفیٰ دیدیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سامان کی پیکنگ شروع کر دی، ایک دو دن میں گورنر ہاؤس سے شفٹ ہوجائیں گے، استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے صدر مملکت کو بھیج دونگا۔
ادھر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے ہیں اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بجھوا دیا ہے۔

آئی ایم ایف نے پٹرول اور بجلی کے ریٹ مزید بڑھانے کا مطالبہ کر دیا: گورنر سٹیٹ بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، آئی ایم ایف پٹرول اور بجلی کے ریٹ مزید بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے تاہم موجودہ سیاسی حالات میں یہ ممکن نہیں ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے غیر ملکی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، آئی ایم ایف پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ چاہتا ہے اور بجلی کے ریٹ بڑھانے کا مطالبہ کر رہا یے۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں پٹرول اور بجلی کا ریٹ نہیں بڑھا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے ریٹ میں اضافہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہوا، آئی ایم ایف سے قرضہ ملا تو دیگر ذرائع سے بھی فنڈز مل سکیں گے۔
گورنر سٹیٹ بینک نےکہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے شرح سود بڑھانی پڑی، مسلسل روپے پر دباؤ سے بھی شرح سود میں اضافہ کرنا پڑا۔ آئی ایم ایف کے قرض سے دیگر ذرائع سے مالی امداد ممکن ہو گی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ توقع ہے کہ معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد سے زیادہ ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں سیاسی استحکام اور نئی سیاسی حکومت آنے سے آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوسکے گی اور قرض پروگرام کی ساتویں قسط کے حصول کے لیے کوششیں کی جاسکیں گی۔

نیویارک کے ٹائمزاسکوائرپرزورداردھماکا،بھگدڑ مچ گئی

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی شہرنیویارک کے ٹائمز اسکوائرپرزورداردھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے ٹائمز اسکوائرپرزوردار دھماکہ ہوا جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اوربھگدڑ مچ گئی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ علاقے میں موجود 3 گٹروں میں گیس بننے کے باعث ہوا۔ دھماکے کے بعد تینوں گٹروں میں آگ لگ گئی۔فائربریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پرقابو پالیا۔
نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق علاقے کوگھیرے میں لے کرٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں دھماکے کےبعد لوگوں کوافراتفری میں بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

جواہرلال یونیورسٹی میں گوشت کھانے پر انتہا پسند ہندوؤں کا طلبا پر حملہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں انتہا پسند ہندو جماعت کی طلبا تنظیم نے ہوسٹل میں گوشت سے بنے پکوان کھانے کی پاداش میں طلبا اور طالبات کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی دارالحکومت میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں انتہا پسند ہندو طلبا تنظیم اکھل بھارتیہ ودھارتی پریشد کے غنڈوں نے ہوسٹلز میں حملہ کردیا اور طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
انتہا پسند ہندو جماعت کے غنڈوں نے طلبا سے مارپیٹ کی اور سڑک پر گھسیٹا جس کے باعث متعدد طالبات بھی شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمی طلبا کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک طالبہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اکھل بھارتیہ ودھارتی پریشد نے ہوسٹلز میں گوشت سے بنے پکوان کھانے پر پابندی عائد کردی تھی تاہم طلبا کی اکثریت نے اسے مسترد کردیا تھا جس پر انتہا پسند جماعت کے غنڈوں نے طلبا پر حملہ کردیا۔
واقعے کے بعد اسپتال میں والدین اور شہری بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور کوئی ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔