All posts by Khabrain News

بھارت میں 60 فٹ طویل پل چوری

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں چوروں کے ایک گروہ نے 60 فٹ طویل لوہے کا پل تین روز میں چوری کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں کباڑیوں کے ایک گروہ نے سرکاری ملازمین کا روپ دھاڑ کر لوہے کا پل نکال کر لے گئے انہیں یہ پل غائب کرنے میں صرف 3 دن لگے۔
پولیس کے مطابق چور محکمہ آبپاشی کے ملازمین بن کر مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے اور وہ اپنے ساتھ بڑی گاڑیوں کے علاوہ لوہے کو کاٹنے کے لیے بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔ چوروں نے 3 دن کے اندر اپنی تمام کارروائی مکمل کی اور 500 ٹن وزنی لوہے کا پُل ٹکڑوں میں لے کر فرار ہو گئے۔
سرکاری افسران کا روپ دھارے چوروں نے مقامی محکمے کے ملازمین سے بھی مدد لی اور دن دیہاڑے سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پل کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے چلتے بنے۔
محکمہ آبپاشی کے انجینیئر ارشد کمال شمسی کے مطابق گاؤں والوں نے اطلاع دی تھی کہ کچھ افراد پرانے اور خستہ حال پل کو اُکھاڑ رہے ہیں۔ چور 60 فٹ طویل اور 12 فٹ اونچا پُل آہستہ آہستہ اُکھاڑتے رہے لیکن اچانک ایک دن اس 50 سال پرانے پُل کے غائب ہو جانے پر گاؤں والے حیران ہو کر رہ گئے۔
لوہے کا یہ پُل 1972 میں ایک نہر کے اوپر تعمیر کیا گیا تھا لیکن اس کے مخدوش ہونے پر 5 سال قبل اس کی جگہ ایک متبادل پل بنایا گیا جو اب عوام کے استعمال میں ہے۔
پولیس نے اس دلچسپ چوری کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

نئے قائد ایوان کے لئے شہبازشریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع

 اسلام آباد: نئے وزیراعظم کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ 

 گزشتہ روز عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اب نئے قائد ایوان کے انتخاب کا عمل شروع ہوچکا ہے، جس کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آج دوپہر 2 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے ہیں۔  شہبازشریف نے خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے اور خواجہ آصف اور رانا تنویر شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔ شہبازشریف کی جانب سے 12 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قوم عمران خان کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ یہ قوم عمران خان کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ رواں مہینے کی 25 تاریخ کو پاکستان تحریک انصاف اپنے 26 سال مکمل کرنے جا رہی ہے اور اس سفر میں پارٹی کے بانی اور چیئرمین عمران خان نے انتھک محنت کی اور اب ایک نئی جدوجہد کا آغاز ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کیا آپ اپنے لیڈر عمران خان کا ساتھ دیں گے؟ یہ قوم انشا اللہ عمران خان کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔

روسی فوج یوکرینی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی فوج یوکرین میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے سے پیچھے نہیں ہٹ رہی۔
برطانوی ایجنسی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک یوکرینی ریلوے اسٹیشن پر حملے کے علاوہ دیگر کئی ایسے حملے ہیں، جن میں روسی فورسز نے صرف یوکرینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ روسی فورسز بالخصوص ڈونباس خطے اور ماریوپول شہر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ماریوپول کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے ایک شہر کراماتورسک میں روسی فوج کی جانب سے کیے جانے والے راکٹ حملے میں 50 شہری ہلاک ہو گئے تھے

امریکا نے شہریوں کوچین کا سفر کرنے سے روک دیا

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو چین کا سفر کرنے کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے اور کوویڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کے چینی طریقہ کار کی وجہ سے امریکی حکومت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ چین نہ جائیں۔
شنگھائی میں کئی کیسوں میں کوویڈ پابندیوں کے تحت بچوں کو ان کے والدین سے بھی الگ کیا جا رہا ہے۔
کسی بھی شخص میں کوویڈ کی تشخیص پر اسے الگ تھلگ کر کے اسپتال میں قرنطینہ کی مدت پوری کرنا ہوتی ہے۔
واشنگٹن حکومت نے شہریوں کو ہانگ کانگ نہ جانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

برف کے پگھلاؤ کی سست رفتار، ملک میں پانی کی سپلائی پر دباؤ میں اضافہ

لاہور: مارچ کے وسط اور اپریل میں موسم گرما کے جلد آغاز کے باوجود پہاڑوں اور پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کا عمل تیز نہیں ہوا جس سے ملک میں پانی کی سپلائی پر گہرا دباؤ پڑ رہا ہے اور اس عمل نے پالیسی سازوں کو کافی پریشان کر دیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پچھلے 10 دنوں سے قومی سطح پر پانی کی سپلائی ناصرف پچھلے سال بلکہ پچھلے پانچ یا 10 سالوں کی روزانہ کی اوسط سپلائی کی سطح سے کافی نیچے گر گئی ہے، جس سے پاکستان کے خریف کے سیزن کا آغاز پانی پیدا کرنے والے دونوں نظاموں میں تقریباً 40 فیصد کمی کے ساتھ ہو رہا ہے، سیزن کا آغاز دریائے سندھ میں 30 فیصد اور دریائے جہلم میں 10فیصد کمی سے ہو رہا ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے خالد رانا کہتے ہیں کہ منگلا میں صورتحال زیادہ نازک ہے جو اپنی صلاحیت کے 1 فیصد سے بھی کم پانی وصول کر رہا ہے۔

ہفتے کے روز 70 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد گنجائش کے حامل منگلا ڈیم میں صرف 3لاکھ 54ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ منگلا جھیل بنیادی طور پر بارش کے پانی پر مشتمل ہے اور مارچ میں بارش نہیں ہوئی، محکمہ موسمیات نے بارش کے پانچ اسپیل کی پیش گوئی کی تھی لیکن صرف ایک ہی مرتبہ بارش ہوئی۔

خالد رانا نے بتایا کہ معاملات مزید خراب ہو گیا کیونکہ اس موسم سرما میں 37 انچ برف پڑی جو سالانہ اوسطاً 50 انچ کے مقابلے میں 26فیصد کم ہے، یہ 37 انچ برف بھی انتہائی اونچائی پر پڑی ہے جہاں برف پگھلنے کے لیے درجہ حرارت کا 23 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہونا ضروری ہے، کم اور اونچائی پر پڑنے والی برف اور بارش نہ ہونے جیسے رجحانات نے دریائے جہلم میں ایک بحران پیدا کر دیا ہے۔

پنجاب کے محکمہ آبپاشی کے ایک اہلکار نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی رجحان دریائے چناب پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، بہاؤ بہتر ہو رہا ہے لیکن نظام کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ عمل بہت آہستہ ہے جس سے طلب اور رسد کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے اسمبلی سیکرٹریٹ سے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے اسمبلی سیکرٹریٹ سےنئے وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ۔
پاکستان تحریک انصاف کا وزارت عظمی کا میدان خالی نہ چھوڑنے کا فیصلہ، امیدوار کون ہو گا اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کورکمیٹی اجلاس میں کرے گی۔ پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں وزرائے اعلی، گورنر پنجاب و گورنر خیبر پختوانخوا اور سینئر پارٹی قیادت نے شرکت کی ۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔

نئے وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی کے وقت میں توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں توسیع کر دی گئی۔
ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت سہ پہر 4 بجے کر دیا گیا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ساڑھے 4 بجے کی جائے گی۔
قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے وزیراعظم کے عہدے کے انتخاب کے لیے نامزدگی کے کاغذات جمع کرانے کا وقت آج اتوار دن دو بجے تک مقرر کیا گیا تھا جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال آج دن تین بجے تک ہونی تھی۔
وزیر اعظم کے عہدے پر الیکشن کل بروز پیر ہو گا جس کیلئے دن دو بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان میں جاری صورتحال کومانیٹرکررہےہیں، امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں قانون کی عملداری کریں۔
امریکا کی جانب سے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ردعمل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں قانون کی عمل داری کریں، امید ہے کہ سیاسی جماعتیں گڈ گورننس اور جمہوری اقدار پر قائم رہیں گی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی برطرفی کی وجہ امریکی سازش قرار دیتے ہیں۔ ثبوت کے طورپر انہوں نے گذشتہ ماہ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے میں ایک خط لہرایا تھا جس میں مبینہ طور پر امریکہ کی جانب سے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی دھمکی دی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اس خفیہ خط کی مندرجات بھی شیئر کی تھیں۔ مندرجات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کا مقصد وزیراعظم کو ہٹانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے، پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کو پسند نہیں کیا جا رہا، آنے والے دنوں میں آپ کے لیے حالات مزید مشکل ہوں گے۔
مندرجات میں بتایاگیا کہ اگر عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو ریاستِ پاکستان کے ساتھ معاملات بہتر کر سکتے ہیں، آنے والے دنوں میں آپ کے لیے حالات مشکل ہو سکتے ہیں، اگر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو مشکلات کیلئے تیار رہنا چاہیے۔

پشاور میں رمضان کے باوجود دالوں سمیت مصالحہ جات کی قیمتوں میں مزید اضافہ

پشاور: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات رمضان المبارک میں بھی کم نہ ہوسکیں،پشاور میں دالوں سمیت مصالحہ جات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
رمضان المبارک میں بھی عوام کو مہنگائی سے نجات نہ مل سکی ،اوپن مارکیٹ میں دالوں، چاول ،چنا اور گھی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شہر کی اوپن مارکیٹ میں دال چنا 170 سے بڑھ کر 200، دال ماش 240 سے بڑھ کر 270، دال مسور 160 اور اچھی کوالٹی کا چنا 260 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، شہری کہتے ہیں رمضان المبارک میں منافع خوری میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
مارکیٹ میں فی کلو مصالحہ 400 سے بڑھ کر 480 روپے،چاول 150سے بڑھ کر 180 جبکہ دوسرے درجے کا گھی فی کلو 440 روپے میں فروخت ہورہا ہے ۔