All posts by Khabrain News

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 30 جولائی تک توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 مقدمات میں ان کی عبوری ضمانتوں میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔
عمران خان نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں بھی ضمانت کے لیے رجوع کر کیا جس پر جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ کا سیاسی معاملہ ہے لیکن ملزم کا پیش ہونا بھی ضروری ہے۔
سیشن جج نے دوران سماعت مزید کہا کہ مقدمہ نمبر 425 میں فریش ضمانت ہے اس کے لیے ملزم پیش ہو گا تو حکم جاری کروں گا جس پر جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ فریش ضمانت کی درخواست بھی آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
عدالت نے مقدمہ نمبر 425 میں درخواست ضمانت کی بھی سماعت 30 جولائی کو مقرر کر دی۔

روپے کا براحال، ڈالر مزید تگڑا، تاریخ کی بلند ترین سطح 227 روپے تک جا پہنچا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بدترین گراوٹ کا تسلسل جاری ہے، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی کی قیمت 227 روپے تک جاپہنچی ہے۔
کاروبار کے آغاز پر ہی ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 8 پیسے مہنگا ہونے سے امریکی کرنسی 227 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بے لگام گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، روپے کی بے قدری کی وجہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام کی صورتحال کے درمیان مارکیٹ کا معاشی رہنمائی سے محروم ہونا ہے۔
مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے اور مارکیٹ کو عام انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف یا مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت حکمراں اتحاد کی جانب سے کچھ رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔
روپے کی قدر میں گراوٹ میں تیزی ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ منفی کیے جانے، یورو بانڈ کی پیداوار میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی فعال سپلائی نہ ہونے کے بعد ہوئی ہے۔

موسلا دھار بارشیں، وزیراعلیٰ کا اداروں کو چوکس رہنے، فوری نکاسی آب کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) موسلا دھار بارشوں کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، واسا اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حکام فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔
حمزہ شہبازنے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیاجائے، منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو مانیٹر کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک کی روانی کے لئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس کا عملہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے، مخلوق خدا کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔

لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا بارشیں، چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری ہے،نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے، گجرات میں مکان کی چھت گرنے سے 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں،جبکہ لاہور کے علاقہ سلامت پورہ میں بھی بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص چل بسا۔
شدید بارشوں کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں، کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، بادل برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں رات سے ہی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 185 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
جیل روڈ پر 56، ایئرپورٹ 156، گلبرگ میں 60، لکشمی چوک میں 126، اپر مال 98، مغلپورہ 141 اور نشتر ٹاﺅن میں 101 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ادھر گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کورونا کے وار جاری، مزید 3 افراد لقمہ اجل مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے متجاوز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، مثبت کیسز کی شرح ایک مرتبہ پھر 3 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 21 ہزار 315 ٹیسٹ کیے گئے۔
این آئی ایچ کے مطابق 599 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ مثبت کیسز کی شرح 2.81 ریکارڈ کی گئی۔
مہلک وائرس نے ایک دن میں مزید 3 مریضوں کی جان لے لی جبکہ اب بھی 170 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

اٹلی کے شہری نے 98 سال کی عمر میں دوسری بار گریجویشن مکمل کرلی

روم: (ویب ڈیسک) تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور انسان جب تک اس دنیا میں موجود ہے اسے علم کا حصول جاری رکھنا چاہیے ،اس مثال کو اٹلی کے شہری نےسچ ثابت کردیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اٹلی کے شہری نے 98 سال کی عمر میں دوسری بار گریجویشن مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق اٹلی کے 98 سالہ شہری گیوسیپی پیٹرنو( Giuseppe Paterno) ایک بار پھر اٹلی کے معمر ترین گریجویٹ بن گئے۔
پیٹرنو نے گزشتہ دنوں یونیورسٹی آف پالرمو سے تاریخ اور فلسفے میں ماسٹرز مکمل کیا اور انہیں ایک تقریب میں ڈگری دی گئی ۔واضح رہے کہ 2 سال قبل بھی انہوں نے انہی مضامین میں ابتدائی ڈگری حاصل کی تھی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرنو نے ایک بار پھر اعلیٰ نمبروں کے ساتھ ڈگری حاصل کی۔
1923 میں پیدا ہونے والے پیٹرنو ایک غریب گھرانے میں پلے بڑھے،کتابوں اور مطالعے سے محبت کے باوجود وہ نوجوانی میں یونیورسٹی نہیں جا سکے تھے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرنو نے 20 سال کی عمر میں دوسری جنگ عظیم کے دوران اٹلی کی بحریہ میں خدمات انجام دیں اور پھربعدا ازاں ریلوے میں بھی ملازمت کی۔
رپورٹس کے مطابق ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی پیٹرنو کا آرام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ اپنے ٹائپ رائٹر کا استعمال کرتے ہوئے ایک ناول لکھنا چاہتےہیں۔

جھنگ: سابق ایم پی اے پر تشدد کا واقعہ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) جھنگ میں سابق ایم پی اے افتخار احمد پر نامعلوم افراد کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی، جس پر وزیراعلیٰ نے انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی ) پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
سابق ایم پی اے پرتشدد کی ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے تشدد کرتے ہوئے افتخار احمد کے کپڑے پھاڑ دیے، وڈیو میں وہ ملزمان سے معافی مانگتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
افتخار بلوچ حالیہ ضمنی انتخاب میں حلقہ پی پی 125 سے آزاد امیدوار تھے، ان کے ساتھ آج پیش آنے والے تشدد کے واقعے پر انہوں نے کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی نے افتخار احمد بلوچ سے ملاقات کر کے انہیں واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا لیکن افتخار بلوچ نے کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق افتخاربلوچ پرتشدد کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، تشدد میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق ایم پی اے افتخاراحمد پر تشدد کا واقعہ پر نوٹیس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن ، سندھ سے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے ساتھ کراچی میں این اے 245 کا ضمنی الیکشن بھی ملتوی کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 245 کاضمنی الیکشن ملتوی کردیا گیا ہے، این اے 245 کراچی میں ضمنی الیکشن 27 جولائی کو شیڈول تھا۔
خیال رہےکہ این اے 245 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے عامر لیاقت کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 245 کراچی کا ضمنی انتخاب اب 21 اگست 2022 کو ہوگا۔
دوسری جانب سندھ میں 24 جولائی کو ہونے والے دوسرے مرحلےکا بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کردیا گیا، الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث انتخابات ملتوی کرنےکی درخواست کی گئی تھی، یہ فیصلہ متحدہ قومی موومنٹ، چیف سیکرٹری، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنرکی درخواست پرکیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے بارشوں کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے ہیں۔ انہوں نے تبایا کہ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتخابات اگست کے آخر میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں انتخابات ہونے تھے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سمری چیف سیکرٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کو بھیجی تھی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے مراسلہ میں کہا کہ سندھ میں 22 جولائی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو شیڈول تھے۔

برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل، دو امیدوار میدان میں رہ گئے

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئی، ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کے اختتام پر دو امیدوار میدان میں رہ گئے۔
سابق وزیر خزانہ رشی سناک بدستور سب سے آگے ہیں اور ان کو ٹوری پارٹی کے 137 اراکین پارلیمنٹ کی حمایات حاصل ہے، سابق وزیر خارجہ لیز ٹرس 113 اراکین کی حمایت کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔
شروع دن سے دوسرے نمبر پر موجود پینی مورڈانٹ 105 ووٹ لے کر مقابلے سے باہر ہوگئیں، پارٹی سربراہ اور اگلے وزیر اعظم کے نام کا اعلان پانچ ستمبر کو کیا جائے گا۔