All posts by Khabrain News

بھارتی سپریم کورٹ نے صحافی محمد زبیر کو عبوری ضمانت دیدی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو ریاست اتر پردیش میں درج تمام چھ مقدمات میں عبوری ضمانت دے دی۔
سپریم کورٹ نے تمام ایف آئی آر ایک ساتھ ڈیل کرنے اور ان کی تحقیقات ایک ایجنسی سے کروانے کا حکم دے دیا۔
محمد زبیر کے خلاف 20 جون کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔
یاد رہے کہ محمد زبیر نے ہی بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی وہ توہین آمیز ویڈیو سامنے لائی تھی جس پر عالمی رد عمل کے بعد بی جے پی نے نوپور شرما کو پارٹی سے برطرف کردیا تھا۔

ترک صدر نے شمالی یورپ کے ممالک کو دہشت گردوں کا گڑھ قرار دیدیا

تہران: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے شمالی یورپ کے ممالک کو دہشت گردوں کا گڑھ قرار دے دیا۔
تہران میں ترکیہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ شمالی یورپ کے تمام ممالک دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں، جن لوگوں کو ترکیہ دہشت گردی کہتا ہے، انہیں جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ میں بھی ڈھیل دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن اور فن لینڈ نے ترکیہ سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے تو نیٹو میں ان کی شمولیت کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سویڈن اور فن لینڈ نے ترکیہ کو مطلوب افراد حوالے کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

سبطین خان کی پی ٹی آئی کے ایک رکن کے منحرف ہونے کی تصدیق

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رکن کے منحرف ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
خیال رہے کہ 22 جولائی کو وزارت اعلیٰ کا انتخاب پنجاب اسمبلی میں ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے نامزد کئے گئے پرویز الٰہی میدان میں ہونگے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان سے ایم پی اے میاں مسعود کی بولی لگ گئی ہے، آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 175 ارکان کی گنتی مکمل تھی، کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 187 ارکان مکمل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ارکان بیماری یا شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے آج اجلاس میں نہیں پہنچے، جو رکن آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نہیں آیا انہوں نے ہمیں اعتماد میں لیا تھا۔

بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث 2 شوٹرپولیس مقابلے میں مارے گئے

چندی گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث 2 شوٹرپولیس مقابلے میں مارے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے خفیہ اطلاع پر پاکستانی سرحد کے قریب ایک گاؤں میں کارروائی کی، اس دوران پولیس اور گینگسٹرز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان مارے گئے جن میں سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث 2 شوٹرز بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ نامور بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، بعد ازاں گینگسٹر لورنس بشنوئی نے اعتراف کیا تھا کہ سدھو موسے والا کا قتل اس کے گینگ نے کیا ہے۔

زرداری شجاعت ملاقات،پی ٹی آئی شک میں پڑگئی، پرویزالہیٰ پر رابطے روکنے پر زور،ذرائع

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے پرویز الہٰی کو تحفظات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کے کچھ ارکان پنجاب اسمبلی حکومتی اتحاد سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ ق لیگ کے رہنماوں کو 22 جولائی تک کسی سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری اور چودھری شجاعت کی ملاقات سے شک و شہبات پیدا ہوئے ہیں۔
جس پر چودھری پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ چودھری شجاعت کو ملاقات سے تو نہیں روکا جاسکتا۔
شاہ محمود قریشی نے اصرار کیا کہ ضرورت ہے کہ تمام ارکان متحد ہوں تبھی آپ وزیراعلی ٰبن سکیں گے، جب تک آصف زرداری لاہور میں ہیں ملاقات نہ ہو تو اچھا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی۔
سابق صدر نے چودھری شجاعت سے ملاقات میں حکومتی اتحاد کا ساتھ دینے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پرویز الہیٰ کو حکومتی امیدوار بنانے کی پیشکش بھی کی ہے۔

زرداری ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ میں خریدنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری ایم پی ایز کو 50، 50 کروڑ میں خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہورمیں بھی سندھ ہاؤس اسلام آباد والی ہارس ٹریڈنگ کی صورتحال دوبارہ ہورہی ہے، ایم پی ایز کو خریدنے کیلئے 50 کروڑ کی آفر کی جارہی ہے۔
عمران خان نے بتایا کہ اس سب کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جو اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کرتے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف ہماری جمہوریت بلکہ ہمارے معاشرے کے اخلاقی اقدارپر حملہ ہے، اگر سپریم کورٹ نے ایکشن لیا ہوتا اور ان لوٹوں پر تاحیات پابندی لگائی ہوتی تو یہ سلسلہ رک سکتا تھا۔

92 سالہ بھارتی خاتون کی 75 سال بعد اپنی جنم بھومی راولپنڈی آمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) 92 سالہ بھارتی خاتون رینا ورما کی 75 سال بعد اپنی جنم بھومی راولپنڈی آمد، ڈی اے وی کالج روڈ پہنچنے پر اہل محلہ نے شاندار استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں، ڈھول کی تھاپ پر رینا ورما بھی جھوم اٹھیں۔
بھارتی خاتون رینا ورما کو 75 سال بعد اپنی جنم بھومی راولپنڈی کھینچ لائی، ڈھولک کی تھاپ پر اہل محلہ نے رقص کیا، رینا بھی خوشی سے جھوم اٹھی، رینا ورما اپنے آبائی گھر ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی پہنچ کر جذباتی ہوگئیں، جذبات میں آنسو نکل آئے۔
تقسیم ہند کے وقت بھارت منتقل ہونے والی رینا ورما کا کہنا تھا کہ انہیں اپنا گھر بھولا نہ گلی اور دوست، کھانے بھی یاد ہیں اور بچپن کی ساری اٹھکیلیاں بھی۔
رینا ورما کی آنکھوں میں پاکستان کی محبت آج بھی چمک رہی اور کہا کہ جو محبت اور اپنا پن چھوڑ کر گئی، اس سے زیادہ ملا ہے۔

جے یو آئی کی کوششیں رنگ لے آئیں، سود کے خاتمے کے لیے ٹاسک فورس قائم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادیوں پر مبنی حکومت کے قیام کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ایک اور کوشش رنگ لے آئی، سود کے خاتمے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی گئی۔
مولانا فضل الرحمن کی کاوشوں سے سود کے خاتمے کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سربراہ ہوں گے، دیگر میں مفتی تقی عثمانی، مفتی اسعد محمود، علامہ راغب نعیمی، محمد حسین اکبر شامل ہیں۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام کے مطابق جےیوآئی ہر فورم پر سود کے خلاف آواز بلند کرے گی، سود کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے چند روز قبل وزیراعظم شہبازشریف سے ٹاسک فورس بنانے سے متعلق سفارش کی تھی۔

ملک میں فی تولہ سونا 1200 روپے سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت میں 1200 روپےکی کمی ہوئی ہے۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے کمی کے بعد ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 44 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
10گرام سونے کا بھاؤ 1028 روپےکم ہوکر ایک لاکھ 23 ہزار 457 روپے ہے۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونےکابھاؤ 9 ڈالرکم ہو کر 1708 ڈالرفی اونس ہے۔

برطانیہ میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ

لندن: (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث برطانیہ میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
برطانوی محکمہ شماریات کے مطابق جون 2022 میں برطانیہ میں مہنگائی کی شرح 9.4 فیصد تک پہنچ گئی جو 40 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔
برطانیہ میں مئی کے دوران مہنگائی کی شرح 9.1 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی جو مارچ 1982 کے بعد سب سے زیادہ تھی۔
بینک آف انگلینڈ کے مطابق برطانیہ میں مسلسل 9 ماہ سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور توقع ہے کہ یہ شرح موسم خزاں تک 11 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
ماہرین کو توقع ہے کہ مہنگائی کی شرح کو دیکھتے ہوئے اگست میں بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شرح سود میں 0.25 یا 0.5 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
جون میں بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شرح سود کو ایک فیصد سے بڑھا کر 1.25 فیصد کردیا گیا تھا جو 13 سال میں سب سے بلند سطح ہے۔