All posts by Khabrain News

نمبر محفوظ کیے بغیر واٹس ایپ سے پیغام بھیجنا اب آسان

لندن: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ پر بات اور پیغامات کے لیے ضروری ہے کہ پہلے فون بک میں مطلوبہ نمبر محفوظ کیا جائے۔ پھر واٹس ایپ اس نمبر سے جڑنے کے بعد ہی پیغام یا فون کی اجازت دیتا ہے۔ لیکن ہم سارے نمبر محفوظ نہیں کرنا چاہتے۔ پھر دوسری جانب نمبر محفوظ کرنے اور اسے واٹس ایپ سے منسلک کرنے میں بھی وقت لگتا ہے۔ واٹس ایپ میں نمبر محفوظ کئے بغیر دو طرح سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ سب سے پہلے فون یا ڈیسک ٹاپ براؤزر میں wa.me شارٹ یوآرایل ٹائپ کیجئے۔ اگرچہ یہ طریقہ کمپنیاں اور آن لائن اسٹور استعمال کرتے ہیں لیکن اسے آپ بھی اپنی مرضی کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ پہلا طریقہ بذریعہ ویب سائٹ فون براؤزر یا کسی بھی اچھے براؤزر پر https://wa.me/cccxxxxxxxxxx ٹائپ کیجئے۔ ان میں ccc کا مطلب ملکی (کنٹری) کوڈ لکھیں لیکن + نشان ٹائپ نہ کریں بلکہ اس طرح لکھیں گے۔ مثلاً پاکستان کا کوڈ 92 ہے تو اس طرح لکھیں۔ https://wa.me/923006xxxxxx ٹائپ کرکے نمبر پورا لکھیں لیکن کوئی ڈیش یا بریکٹ وغیرہ استعمال نہ کیجئے۔ آپ براؤزر میں بار بار استعمال کرنے کے لیے اسے بک مارک بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد واٹس ایپ آپ سے چیٹ بٹن جاری (کنٹینیو) کرنے کو پوچھے گا۔ اسے دباتے ہی واٹس ایپ کی ایپ کھل جائے گی اور اب آپ کال کرسکتے ہیں، ٹیکسٹ کرسکتے ہیں یا پھر وائس میسج بھی بھیج سکتے ہیں۔ دوسراطریقہ بذریعہ ایپ ’واٹس ڈائریکٹ‘ اور’کلک ٹو چیٹ‘ ایپس کی بدولت اس پورے عمل کو خودکار بنایا جاسکتا ہے۔ بس آپ کو کوئی ایک ایپ اتارنا ہوگی۔ یہ دونوں ایپس بالکل مفت میں دستیاب ہیں۔ انسٹالیش کے بعد ایپ کھولیں اور درست کنٹری کوڈ کے ساتھ نمبر شامل کریں اور فوری طور پر ڈیوائس اجازت نامے کے ساتھ واٹس ایپ استعمال کریں۔ لیکن خود دنیا بھر کے صارفین بھی واٹس ایپ سے اس کا سادہ طریقہ یا فیچر شامل کرنے کی درخواست کرتے رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ واٹس ایپ اسے کب شامل کرتا ہے۔

سات ماہ کے دوران 11 بار پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے 7 ماہ میں گیارویں بار پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیں جب کہ 15جون2021 کے بعد سے اب تک پٹرولیم مصنوعات 39 روپے27پیسے فی لیٹر تک مہنگی کی گئیں۔ حکومت نے جون دو ہزار اکیس میں وفاقی بجٹ پیش کرنے کے بعد سے اب تک پٹرول کی قیمت میں فی لٹر39روپے 27پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل میں33روپے 86پیسے،لائٹ ڈیزل میں 36 روپے89پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر36روپے 48 پیسے کا اضافہ کیا۔ سات ماہ میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک سو آٹھ روپے چھپن پیسے سے ایک سو سنتالیس روپے تریاسی پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک سو دس روپے چھہتر پیسے سے ایک سو چوالیس روپے باسٹھ پیسے،مٹی کے تیل کی قیمت اسی روپے سے ایک سو سولہ روپے اڑتالیس پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت ستتر روپے پیسنٹھ پیسے سے بڑھ کر ایک سو چودہ روپے چون پیسے فی لٹر کردی گئی ہے۔

بیرون ملک51 نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل آغاز پر ہی متنازع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بیرون ملک 51نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل آغاز پر ہی متنازع ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے 26 افسران کی درخواستیں مسترد کی گئیں جس پر کچھ افسران نے عدالت سے رجوع کرنا شروع کر دیا، نجی شعبے سے بھی بڑی تعداد میں درخواستیں مسترد کی گئیں ہیں، امیدواروں کا تحریری امتحان ایک ہفتے کیلیے ملتوی کردیا گیا۔ وزیراعظم نے وزارت تجارت کو تعیناتیوں کا عمل شفاف اورمیرٹ پر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے 300 امیدواروں کی درخواستیں تحریری امتحان کیلئے منظور کیں۔

افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کو بچھڑے 67 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) اردو ادب کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کو بچھڑے 67 برس بیت گئے۔ منٹو کے افسانے، مضامین اور خاکے اُردو ادب میں منفرد حیثیت اور نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
سچائیوں کو افسانوں اور خاکوں میں ڈھال کر امر ہو جانے والے سعادت حسن منٹو کو اپنے چاہنے والوں سے جدا ہوئے 67 برس بیت گئے مگر وہ اپنی تحریروں کے حوالے سے دنیائے ادب میں سدا زندہ رہیں گے۔
سعادت حسن منٹو 11مئی 1912 کو بھارت کے شہر ضلع لدھیانہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم گھر سے حاصل کی۔ سعادت حسن منٹو کہتے تھے کہ افسانہ مجھے لکھتا ہے مگر اُن کے لکھے افسانے آج بھی اردو ادب کا شاہکار قرار دیئے جاتے ہیں۔
تقسیم ہند کے وقت منٹو بمبئی میں شہرت کی بلندیوں پر تھے پھر وہ 1948میں پاکستان آ گئے۔ منٹو کے لکھے افسانے، نیا قانون، لائسنس، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کالی شلوار پڑھنے والوں کو ہمیشہ یاد رہیں گے۔
یوں تو اردو کے اس عظیم افسانہ نگار کا انتقال 42 برس کی عمر میں 18 جنوری 1955 کو ہوا مگراُن کے لکھے افسانے اُنہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔

لاہور میں اشیائے ضروریہ کی مختلف نرخوں پر فروخت کی شکایات میں اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کے حوالے سے سرکاری نرخوں کے اطلاق کو یقینی نہ بنایا جاسکا، پرچون مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی مختلف نرخوں پر فروخت کی شکایات میں اضافہ ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گراں فروش مافیا سرگرم ہے، 68 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہونے کے باوجود سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی نہ بنایا جاسکا، لہسن، ادرک، آلو، بینگن اور دیگر سبزیوں پر سرکاری نرخوں کے بجائے 10 سے 20 روپے کلو تک زائد نرخ وصول کئے جانے کی شکایات عام ہیں۔
پھلوں کے حوالے سے صورتحال زیادہ خراب دکھائی دیتی ہے، امرود، کیلے، سیب، پپیتا اور دیگر پھلوں پر سرکاری نرخوں سے 10 سے 50 روپے تک زائد وصول کئے جانے کی شکایات معمول کی صورت اختیار کر چکی ہیں۔
صارفین کے مطابق یہ صورتحال متعلقہ اہلکاروں اور دکانداروں کی ملی بھگت کا بھی نتیجہ ہے تاہم حکام اِس تاثر کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق گراں فروشی پر ایف آئی آر درج کرانے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہے۔

محمد وسیم نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن پر رشوت لینے کا الزام عائد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) باکسر محمد وسیم نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن پر رشوت لینے کا الزام عائد کر دیا، کہتے ہیں کہ فیڈریشن نے مستقبل میں آنے والی آمدنی میں سے حصہ مانگا۔
باکسر محمد وسیم نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن سے متعلق کہا ہے کہ باکسرز کو گرمی میں پنکھے کے نیچے سلایا جاتا تھا جبکہ ہمارے لوکل کوچز اے سی میں سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورین کوچ نے کنٹریکٹ سائن کرنے کا کہا اور شرط میں لکھا فیڈریشن کی اجازت درکار ہوگی ۔ پاکستان فیڈریشن کے پاس گیاتو انہوں نے مستقبل میں آنے والی آمدنی پر میں سے حصہ مانگا،فیڈریشن نے کہا 20 فیصد حصہ دیں تو اجازت ملے گی،مجھے مجبوراً حصہ دینا پڑا۔
باکسر محمد وسیم کے الزامات پر سینئر نائب صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے موقف دیتے ہوئے کہاکہ محمد وسیم نے جو انکشافات کیے ہیں وہ ٹھیک لگتے ہیں ۔اُس وقت کے صدر دودھا خان بھٹو نے بیس فیصد حصہ مانگا ہوگا،محمد وسیم نے شرائط والے دستاویزات پر انگوٹھا اور دستخط کیے ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری باڈی نے کبھی محمد وسیم سے حصہ نہیں مانگا۔

بولان میں ریلوے لائن پر دھماکہ ، جعفر ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی، متعدد زخمی

بولان: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے بولان میں ریلوے لائن پر بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ مشکاف کے قریب دھماکے کی زد میں آ گئی۔ حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریلوے حکام نے ٹریک کلیئر کروانے کیلئے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا۔

حکومت کا جانا دنوں کی بات ہے، ہفتوں یا مہینوں کی نہیں: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں صاحب جلد پاکستان واپس آئیں گے، وقت کا تعین ن لیگ کرے گی، حکومت کا جانا دنوں کی بات ہے، ہفتوں یا مہینوں کی نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے عدالت نے ثبوت مانگے نیب بہانے کر رہی ہے، حیران ہوں یہ وہی نیب ہے جس نے روزانہ سماعت کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، ان کے کابینہ ارکان ان کی کارکردگی کیخلاف بات کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن آزمائشوں کے باوجود نہیں ٹوٹی، کہا جا رہا ہے مسلم لیگ ن کے 4 افراد ان سے ملے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا انجام بہت قریب ہے، مری میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، عوام اب یہ حکومت ایک دن کیلئے بھی برداشت نہیں کرسکتی، شہباز شریف سیلاب کے پانی میں اترتے تھے تو انہیں شوباز کہا جاتا تھا، لگتا تھا عمران خان شہباز شریف سے بوٹ مانگ کر لوگوں کی مدد کو جائیں گے۔

جرائم پیشہ افراد سے متعلق رپورٹ: حلیم عادل شیخ کا وزیر داخلہ سے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے پولیس افسر ڈاکٹر رضوان کی جرائم پیشہ افراد سے متعلق رپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ سے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پولیس افسر ڈاکٹر رضوان کی جرائم پیشہ افراد سے متعلق رپورٹ پر جے آئی ٹی بنائی جائے، ڈاکٹر رضوان نے رپورٹ میں با اثر شخصیات اور سعید غنی کے کزن سے متعلق انکشافات کئے، رپورٹ میں چنیسر گوٹھ، محمودآباد میں منشیات فروشی کا معاملہ اٹھایا، مذکورہ رپورٹ کو حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام نے التواء میں رکھا ہوا ہے۔

اقتدار سے آؤٹ اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے: گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اقتدار سے آؤٹ اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، کسی بھی احتجاج یا مارچ سے حکومت جانے والی نہیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور، گلگت بلتستان میں سیاست کے فروغ سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اور تحریک انصاف وزیر اعظم کی کپتان میں متحد ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ مخالفین مارچ میں مارچ کر یں یا فروری میں، کپتان ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، کسی احتجاج مارچ سے حکومت جانیوالی نہیں، عمران خان بطور وزیراعظم مدت پوری کریں گے، اپوزیشن کو احتجاجی سیاست کرنے کی بجائے الیکشن 2023 کا صبر سے انتظار کرنا چاہیے، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں آئنی مدت پوری کر چکیں، ہم بھی کر یں گے، پورے ملک میں یکساں ترقی حکومت کا مشن ہے، گلگت کے عوام کو بھی خوشحال او ر مضبوط بنائیں گے، موجودہ حکومت ملک کو درست سمت میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، صحت کارڈ جیسا پاکستان کی تاریخی منصوبہ ہے، حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیر اعظم عمران خان اور ان کے پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت گلگت کے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتیں دے رہی ہے۔