All posts by Khabrain News

مدھو بالا کی عمر رسیدہ بہن کو بہو نےگھر سے نکال دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھو بالا کی بڑی بہن کنیز بلسارا کو ان کی بہو نے گھر سے نکال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 96 سالہ کنیز بلسارا کو ان کی بہو ثمینہ نے گھر سے نکال دیا۔ بعد ازاں کنیز 29 جنوری کو بغیر کسی مدد اور پیسوں کے آکلینڈ سے ممبئی پہنچیں۔ بزرگ خاتون کنیز کے ساتھ بہو کے برے رویے کے بارے میں میڈیا کو ان کی بیٹی پرویز نے بتایاجو ممبئی میں ہی رہتی ہے۔
پرویز نے بتایا کہ ان کی والدہ آج سے 17 یا 18 سال قبل نیوزی لینڈ اپنے بیٹے اور بہو کے پاس رہنے گئی تھیں لیکن ان کی بہو کا رویہ ان کے ساتھ صحیح نہیں تھا۔
اداکارہ مدھوبالا کی چھوٹی بہن مدھر بھوشن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بڑی بہن کی اس حالت کو دیکھ کر صدمے میں ہیں۔
کنیز کی بیٹی پرویز نے ان کی والدہ کو گھر سے نکالنے والی بہو ثمینہ اور ایئرپورٹ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر کس طرح ایئر پورٹ انتظامیہ کووڈ کے دنوں میں کسی بزرگ خاتون کو بغیر کسی کو ساتھ لائے فلائٹ میں بٹھانے پر رضامند ہوگئی۔
پرویز نے مزید بتایا کہ انہوں نے جب اپنی بھابھی ثمینہ سے فون پر ان کی والدہ کے فنڈز (پیسوں) کے متعلق سوال کیا تو اس نے لاعلمی کا اظہار کیا اور میری والدہ کے پیسے اور زیورات اپنے پاس ہی رکھ لیے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم دہلوی تھا۔ وہ گیارہ بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھیں۔ مدھوبالا کے چار بہن بھائی بچپن میں ہی اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔

اداکارہ شگفتہ اعجاز کے والد انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کے والد انتقال کرگئے۔
اداکارہ نے اپنے والد کے ساتھ ایک یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ یہ افسوسناک خبر شیئر کی۔
شگفتہ اعجاز نے والد کو اپنی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ’’تم جو گئے تو جیسے، میرے بازو ہی ٹوٹ گئے‘‘۔
اداکارہ نے اپنے والد کے دائمی سکون اور مغفرت کے لیے دعا کی۔ سوشل میڈیا پر دیگر فنکار اور صارفین بھی اداکارہ کے والد کے لیے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کرنے کی تلقین کررہے ہیں۔

آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو حیرت کا شدید دھچکا

نیویارک: (ویب ڈیسک) نیویارک میں رہائش پذیر خاتون کو مہاراجہ سٹٓائل کی کرسی اتنی پسند آئی کہ انہوں نے جھٹ آن لائن آرڈر دیدیا تاہم جب کرسی ان کو موصول ہوئی تو انہیں حیرت کا شدید دھچکا لگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے آن لائن شاپنگ کے دوران ایک خوبصورت مخملی کرسی برائے فروخت دیکھی، یہ مہاراجہ سٹٓائل کی کرسی تھی جسے انتہائی نفاست سے تیار کیا گیا تھا اور لکڑی کا ڈیزائن بھی انتہائی شاہانہ تھا۔ انہیں یہ کرسی اتنی بھائی کہ فورا ہی آرڈر دے ڈالا۔
ڈلیوری ملنے پر وہ حیرت میں مبتلا ہو گئیں کیونکہ پیکنگ اتنی چھوٹی تھی کہ وہ سمجھ نہ سکیں کہ یہ کرسی ہے یا غلطی سے کوئی دوسری چیز بھجوا دی ہے۔ تجسس کے مارے انہوں نے جب پیکنگ کو کھولا تو اندر سے کرسی تو وہی نکلی مگر وہ صرف ایک کھلونا تھی جسے بچے کھیلنے کیلئے استعمال کرتے ہیں یا جسے شو کیس میں سجایا جا سکتا ہے۔ خاتون کو اپنی خواہش کا خون ہونے پر اتنا صدمہ ہوا کہ واقعہ ٹک ٹاک پر شیئر کر دیا۔ صارفین نے آن لائن شاپنگ کو ایک مرتبہ پھر ناقابل بھروسہ قرار دے دیا۔

کوے کائیں کائیں ہی نہیں کرینگے، کچرا بھی اٹھائیں گے

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) کوے کائیں کائیں کر کے صرف شور ہی نہیں کریں گے بلکہ کچرا اٹھانے کا کام بھی کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سویڈن میں خصوصی تربیت یافتہ کوے کچرا اور سگریٹ کے ٹکڑے جمع کرنے لگے، اس کام کے بدلے ان کو خوراک دی جاتی ہے۔ صفائی کے شعبے کی ایک کمپنی نے سڑک پر سگریٹ کے ٹکڑے اور کچرا اٹھانے کیلئے کوووں کو استعمال کرنے کا سوچا اور پھر انہیں اس کام کی خصوصی تربیت دی۔ کوووں کی مرحلہ وار تربیت میں انہیں اس مقام پر لے جایا جاتا جہاں سگریٹ کے ضائع کئے گئے ٹکڑے پڑے ہوں اور ہر سگریٹ کے ٹکڑے اٹھانے پر کوووں کو خوراک دی جاتی۔
رفتہ رفتہ کوے اس کام میں ماہر ہو گئے، کوووں کو دی جانے والی تربیت کے دوران اس بات کا خیال رکھا گیا کہ کوے سگریٹ کے ٹکڑے کھائیں نہیں۔ سویڈن کی بلدیہ افسر کے مطابق منظم طریقے سے مناسب تعداد میں کووں کو تربیت دے کر صفائی کرائی جائے تو اس سے 75 فیصد بجٹ بچایا جا سکتا ہے۔

صوابی: ممتاز عالم دین مفتی سردار علی قاتلانہ حملے میں زخمی

صوابی: (ویب ڈیسک) ممتاز عالم دین مفتی سردار علی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مانکی میں موسیٰ ولد لیاقت علی نے تیز دھار چاقو سے مفتی سردار علی پر حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں مفتی سردار علی زخمی ہوگئے جن کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حملہ آور کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
واقعہ پر ڈی پی او صوابی نے فوری نوٹس لیکر مقامی پولیس کو ملزم گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا تھا ، جس پر ایس ڈی پی او لاہور افتخار علی کی نگرانی میں ایس ایچ او جواد خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پہنچ کر ملزم موسیٰ ولد لیاقت ساکن مانکی کو گرفتار کر لیا، جس سے آلہ ضرر بھی برآمد کیا گیا ہے۔
مفتی سردار علی کو فوری طور پر بغرض علاج معالجہ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرلیا گیا۔
مفتی سردارعلی نے ایف آئی آر میں موقف اپنایا کہ ملزم نے ہیروئن آئس و کے خلاف بیان کے ردعمل کے طور پر مجھ پر حملہ کیا۔

آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی امداد ملنے کے بعد روپے کی قدر بحال ہونے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعدا دو شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 89 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 176 روپے 41 پیسے سے کم ہو کر 175 روپے 52 پیسے ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط کی منظوری دی تھی جس کے بعد قوی امکان ہے مزید اداروں کی جانب سے اربوں ڈالرز کی امداد کے راستے کھل جائیں گے جس سے ملکی کرنسی کے بحال ہونے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث 256.22 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، 256.22 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45862.93 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.56 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 55 لاکھ 8 ہزار 54 شیئرز کا لین دین ہوا۔

سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گی، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان آپریشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملوں کی پیشگی اطلاع تھی جس سے متعلق ہم نے صوبوں کو آگاہ کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیف سیکرٹریز کو بھی ممکنہ حملوں سے آگاہ کیا تھا۔ دہشت گردوں کے زیراستعمال وہی اسلحہ ہے جو افغانستان میں چھوڑا گیا جبکہ افغانستان اور بھارت میں کالعدم ٹی ٹی پی دوبارہ سے رابطوں میں ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوشکی میں ہنگامی طور پر موبائل فون سروس معطل کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
دہشت گردوں کی کارروائیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گی۔

پیراسیٹامول گھر میں ذخیرہ نہ کریں، ڈریپ کی وارننگ

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے ملک میں پیراسیٹامول گولیوں کی کمی کے باعث شہریوں کو پیراسیٹامول گھر میں ذخیرہ نہ کرنے کی وارننگ دے دی۔
ڈریپ کے مطابق پیراسیٹامول کی دستیابی معمول سے زیادہ مانگ کے باعث دباؤ میں ہے، ادوایات کے خام مال کی فراہمی میں بین الاقوامی رکاوٹ بھی اس کا باعث ہے، رپورٹ کے مطابق ٹیبلٹ کی پیداوار میں 13 فیصد اضافے کے باوجود دستیابی معمول سے کم ہے۔
ڈریپ کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ صارفین گھروں پر ادویات کو زیادہ ذخیرہ کرنے سے گریز کریں، ڈریپ نے مشکل وقت میں ادویات ذخیرہ کرنے والوں کو خبردار بھی کیا، کہا گیا ہے کہ ادویات کی ذخیرہ اندوزی قابل سزا جرم ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈیرن سیمی پی ایس ایل اور پاکستانی مداحوں کو مس کرنے لگے

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں جہاں مداح پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ ڈیرن سیمی کی کمی محسوس کر رہے ہیں وہیں ڈیرن سیمی بھی پی ایس ایل کو مس کر رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈیرن سیمی اس بار پی ایس ایل کا حصہ نہیں جس کی وجہ سے ان کے مداح اداس ہیں اور ان کی کمی کو محسوس کر رہے ہیں۔
پی ایس ایل 7 کے میچز کے دوران سیمی ڈیرن کے لیے خصوصی ڈسپلے کارڈز بھی دیکھنے کو مل رہیں ہیں جن کے ذریعے شائقین کرکٹ ڈیرن سیمی کو مس کرنے کا پیغام دے رہے ہیں۔
ڈیرن سیمی کے ایسے ہی ایک مداح کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں اس نے ڈسپلے کارڈ اٹھا رکھا ہے۔ کارڈ پر مس یو ڈیرن سیمی لالا تحریر کیا گیا ہے۔
ڈیرن سیمی بھی پاکستانی مداح کی محبت کا جواب دیے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے مداح کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں بھی آپ سب کو بہت مس کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں اور مداح ان کے منفرد انداز اور پاکستان سے خصوصی لگاو کی وجہ سے انہیں خوب پسند کرتے ہیں۔