All posts by Khabrain News

ہر کسی کی ذاتی زندگی، لوگوں کو سپیس دینا چاہیے :حبا بخاری

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حبا بخاری نے کہا ہے کہ کہ ہر کسی کی اپنی پرسنل لائف ہے، لوگوں کو سپیس دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شادی میں زیادہ رسموں کی قائل نہیں، میری شادی میں زیادہ رسمیں نہیں ہوئیں، شادی میں انگلی پکڑائی اور جوتا چھپائی کی رسم ہوئی۔
شادی میں انٹری کے دوران آریز نے کہا کہ مجھے پھول کیوں مار رہے ہیں، رخصتی میں گاڑی میں نے نہیں چلائی۔
اداکارہ حبا بخاری نے کہا کہ شادی کے بعد اور پہلے کام کرنے میں بہت فرق ہے، وہ آریز کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں، جہاں بھی ہوں لوگوں کو راستہ دینا سیکھیں۔
حبا بخاری نے کہا کہ رش کے وقت یا دور جانا ہو تو گاڑی آریز نہیں بلکہ وہ ڈرائیو کرتی ہوں، اس موقع پر اداکار آریز نے کہا کہ انگلی چھڑانے کے لیے حبا کے گھر والوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے تھے، حبا کی اداکاری مجھ سے بہتر ہے۔

رونالڈو کا مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی پر غور

مانچسٹر : (ویب ڈیسک) پرتگالی سٹرائیکر کرسچیانو رونالڈو کے مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑنے کا امکان ہے۔
رونالڈو رواں فٹ بال سیزن کے 38 میچوں میں 24 گول کر چکے جن میں 18 مرتبہ گیند کو انگلش پریمیئر لیگ کے دوران جال میں پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ان کے ایجنٹ جارج مینڈس مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ نے کے لئے نئے کلب کی تلاش کر رہے ہیں۔

ہالے اوپن:ہیوبرٹ نے رواں سال کا پہلا ٹائٹل جیت لیا

ہالے: (ویب ڈیسک) جرمنی میں کھیلے گئے ہالے اوپن کے مینز سنگل فائنل میں پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاکز نے عالمی نمبر ایک حریف روس کے ڈینیئل میڈیڈیو کو باآسانی چھ، ایک اور چھ، چار سے مات دے کر رواں برس پہلا ٹائٹل جیت لیا۔
جبکہ یہ ان کی گراس کورٹ پر بھی اولین ٹرافی تھی، 2021 میں ومبلڈن کے سیمی فائنلسٹ نے محض 65 منٹ میں پہلا اے ٹی پی 500 ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا جو ان کے کیریئر کا پانچواں ٹورلیول ٹائٹل بھی ہے۔
اسی ٹورنامنٹ کا مینز ڈبل ٹائٹل ٹاپ سیڈ جوڑی ارجنٹائن کے ہوراشیو زیبالوس اور سپین کے مارسیل گرینولرز نے جیت لیا جب انہوں نے نمبر تین سیڈ حریفوں آسٹریلیا کے مائیکل وینس اور جرمنی کے ٹم پٹز کو چھ، چار،چھ، سات اور چودہ، بارہ سے مات دے دی۔
ادھر برطانیہ میں جاری کوئنز کلب چیمپئن شپ میں نمبر دو سیڈاٹلی کے میٹیو بیریٹینی نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے سربیا کے فلپ کرائنووچ کو سات،پانچ اور چھ،چار سے ٹھکانے لگا کر گراس پر چوتھی جبکہ ٹور لیول پر ساتویں ٹرافی جیت لی۔
جرمن اوپن کے برلن میں کھیلے گئے فائنل میں تیونس کی اونس جیبیور نے رواں برس چوتھی ٹرافی اپنے نام کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے لیے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے لیے سلیکشن کمیٹی کی مشاور ت مکمل ہو گئی، دو ٹیسٹ میچز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔
قومی ٹیم آئندہ ماہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گی ، سری لنکن بورڈ کی جانب سے حتمی تاریخوں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے ، چیف سلیکٹر محمد وسیم نے قومی اسکواڈ کے حوالے سے کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت مکمل کر لی ہے ، ٹیم کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 25 جون سے شروع ہوگا، پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

رمضان شوگر ملز کیس، شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی، ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر وکیل نے دلائل کے مکمل کئے۔ شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ شہباز شریف کے نمائندے محمد نواز کو انکی جانب سے حاضری کے لیے مقرر کیا جائے ،شہباز شریف وزیراعظم پاکستان ہیں انہوں نے کبھی ضمانت کا غلط استعمال نہیں کیا۔
نیب کے پراسکیوٹر نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کردی ، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مستقل حاضری معافی دینے کی ٹھوس وجوہات نہیں ہیں،شہباز شریف کا حاضری معافی کی درخواست میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں دیا گیا ۔

چین نے چاند پر پانی ڈھونڈ لیا

چین : (ویب ڈیسک) چین نے چاند پر پانی کے آثار ڈھونڈ لیے ہیں، چینی سائنسدانوں نے چٹانی نمونوں میں H2O یعنی پانی کی نشاندہی کی ہے۔
چنگ اے۔5 کی چاند کی سطح پر اترنے والی گاڑی کے جمع کردہ چٹانی نمونوں سے یہ تحقیق سامنے آئی ہے، نیچر کمیونیکیشن جریدے کی اشاعت کے ایک مقالے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ چاند گاڑی دسمبر 2020 میں چاند پر اتری اور ریگولیٹ کے نام سے پہچانی جانے والی 1،7 کلو گرام لونر مٹی اور چٹانی ٹکڑوں کو جمع کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی اسکوپک اور سیٹلائٹ مشاہدے سے ثابت ہوتا ہے کہ چاند پر پانی چٹانوں میں ہائیڈروکسل یا پھر H20 کی شکل میں پایا جاتا ہے۔
سائنس دانوں کو امید ہے کہ مستقبل میں دنیا کے سیٹلائٹ کو کالونی بنانے کے لئے خلاء باز اپنے لئے پانی اور آکسیجن کی پیداوار کے لئے ماحول سے مالیکیولر آکسیجن اور ہائیڈروجن کی کشید کر سکیں گے۔

پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی مثبت شرح میں پھر اضافہ ہونے لگا۔
قومی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.53 رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا کے 171 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 11 ہزار 212 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
قومی ادارہ صحت کا بتانا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم کورونا وائرس کے باعث زیرعلاج 57 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

میوزک شو میں فائرنگ، 15 سالہ لڑکا ہلاک، متعدد زخمی

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعے میں 15 سالہ لڑکا ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واشنگٹن میں میوزک شو کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے جانی نقصان ہوا، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں پولیس افسر بھی شامل ہے ، جبکہ حملہ آورفرار ہو گیا۔
فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی، جس کے بعد لوگوں نے بھاگ کر جان بچائی، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے جلد ہی حراست میں لے لیا جائے گا۔
تین روز قبل بھی امریکی ریاست الاباما کے شہر ویسٹاویا ہلز کے چرچ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے امریکا میں 2022 میں گن وائلنس سے 18 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ہفتے اسکول ، یونیورسٹی اور اسپتال میں فائرنگ سے کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور ان واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں بدھ تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) این ڈی ایم اےنے ملک کے مختلف شہروں میں بدھ تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بدھ تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔
تیز بارشوں کے باعث خیبر پختونحوا ،گلیات، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں مییں ندی نالوں،دریاؤں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنانے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات کی گئیں ہیں۔متعلقہ ادارےمشینری و عملہ ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنائیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے کہاہے کہ نشیبی علاقوں کے رہائشی ہنگامی صورتحال سے متعلق ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کر یں۔

بنگلہ دیش اور بھارت میں سیلاب، 62 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

بنگلہ دیش،بھارت : (ویب ڈیسک) مون سون بارشوں کی وجہ سے بنگلہ دیش اور بھارت میں آنے والے سیلابوں کے نتیجے میں کم از کم ساٹھ افراد ہلاک اور کئی ملین بے گھر ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے شمال مشرق میں سیلابوں میں پھنسے ہوئے لاکھوں افراد کی مدد کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ بنگلہ دیش میں سیلابی صورتحال مزید بدتر ہوتی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بنگلہ دیش سے بارشوں کا سلسلہ اور سیلابی پانی بھارتی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں اور وہاں بھی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اب تک بھارتی ریاست آسام کے تقریبا تین ہزار دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔