All posts by Khabrain News

ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ کی منزل قریب، ایڈوائزری کمیٹی قائم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس لانے لئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کردی ہے جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ سروسز کے رواں سال کے آخری مہینے یا آئندہ سال کے آغاز تک شروع ہونے کا امکان ہے۔
وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین ایڈوائزری کمیٹٰی کی سربراہی کریں گے، کمیٹی کے ارکان میں وزیر آئی ٹی، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی، وزیر صنعت و پیداوار، مشیر تجارت و سرمایہ کاری، محکمہ فنانس، آئی ٹی و قانون کے سیکریٹریز شامل ہوں گے، ممبر ٹیلی کام، چیئرمین پی ٹی اے، فریکیونسی ایلوکیشن بورڈ سمیت اہم اداروں کے حکام بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عالمی معیار کے مطابق کمیٹی پاکستان میں دستیاب اور استعمال ہونے والے سپیکٹرم کا جائزہ لے گی اورفائیو جی سرسز شروع کرنے کیلئے سٹریٹجی پلان کے جائزے کے بعد اس کی منظوری دے گی۔
وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کوشش ہے کہ فائیو جی سروسز کا آغاز رواں سال دسمبر یا آئندہ سال جنوری تک کردیا جائے، سٹریٹیجی پلان کیلئے اسٹیک ہولڈرز خصوصاً ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، ٹیلی کام سیکٹرز کیلئے اصلاحات و مراعات کے معائنے کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔
امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کے طریقہ کار کی منظوری بھی دے گی، فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں ٹیلی کام سیکٹرز کے تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے قابل عمل بنایا جائے گا، ڈیجیٹیل پاکستان ویژن کے تحت فائیو جی ایکو سسٹم کا قیام عوام اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے اہم ہے، ابتدائی طور پر ملک کے 5 بڑے شہروں میں فائیو جی سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔

عمران خان میں ہمت ہے تو ہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں: بلاول

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے ہی کامیابیاں ملنا شروع ہوگئیں، ۔ اگرعمران خان میں ہمت ہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں۔ وزیراعظم عدم اعتماد اورآنے والے الیکشن میں بھی ہارے گا، ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے جوعدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے وہ بھی مان رہے ہیں، ہم عدم اعتماد کے لیے مہم چلائیں گے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کےعوامی مارچ سے قبل ہی عمران خان کی وکٹیں گرنا شروع ہوچکی ہیں، پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین کی بدولت ایک نالائق سینیٹر نااہل ہوچکا ہے، اسلام آباد پہنچنے سے قبل ان کی مزید وکٹیں گرائیں گے۔ اسلام آباد میں پورا ملک ہمارے ساتھ ہوگا عوام کا ری ایکشن پوری دنیا کے سامنے ہوگا پھرکوئی نہیں انکارکرسکے گا، اس وزیراعظم پرحملہ ہونا ہے۔ نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم سے حساب لیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ بزدل لاہورالیکشن سے بھاگا، اب ڈی آئی خان میں بھاگ رہا ہے، یہ ڈی آئی خان میں اپنے ہی امیدوار کو نااہل کر کے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کررہا ہے، بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیزاوردوسرا فیزمیں بھی ہارے گا، خیبرپختونخوابلدیاتی الیکشن دوسرا فیز، عدالت سے فیصلہ سنوایا موسم خراب ہے الیکشن نہیں ہونا چاہیے، اعلیٰ عدلیہ،الیکشن کمیشن کوسلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے عمران کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی ہے، عمران خان کا سینیٹرنااہل ہوچکا ہے، اسلام آباد پہنچنے سے پہلے مزید وکٹیں گریں گی، وزیراعظم آج مہنگائی کے بجائے پیپلزپارٹی کوبڑا یاد کررہے تھے، اگرعمران خان میں ہمت ہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں، اگرعمران خان کویقین ہے عوام اسے ووٹ دیں گے تو ہمت کریں، اس بزدل نے اپنے ہی امیدوارکے فارم ریجیکٹ کروایا تھا، یہ وزیراعظم بزدل ہیں۔
پی پی چیئر مین کا کہنا ہے کہ مجھے سوفیصد یقین ہے ہماری پارٹی لانگ مارچ میں کامیاب ہوگی، ہمارے لانگ مارچ سے پہلے کامیابیاں ملنا شروع ہوگئی ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا اب پارلیمان کا اٹھنا چاہیے۔ کچھ لوگ عمران خان کے لیے کھلا میدان چھوڑنا چاہتے تھے، پیپلزپارٹی کا فیصلہ تھا سلیکٹڈ کے لیے کھلا میدان نہیں چھوڑیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہرضمنی الیکشن میں عمران خان کوشکست دی، ہم نے وزیراعظم کے گھرمیں گھس کراسے شکست دی، سی ای سی میں کچھ دوستوں نے کہا ابھی انتظارکرنا چاہیے، اکثریت کی رائے تھی مہنگائی،غربت عروج پرہے آج ہی لانگ مارچ کا اعلان کریں۔ سی ای سی نے عوامی مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے، 27فروری کوکراچی سے نکلیں گے، سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہم نے اعلان جنگ کیا ہے، پہلے دن سے نااہل، ناجائز، کٹھ پتلی کا مقابلہ کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے محترمہ شہیدبینظیر بھٹو، سابق صدر آصف زرداری کو الزامات سے بری کیا، پرویز مشرف آمرچور،چورکہتا تھا آج وہ خود بھگوڑا ہے، عمران خان عدم اعتماد اورآنے والے الیکشن میں بھی ہارے گا، تین سال بعد بھی کرپشن، کرپشن کی رٹ لگارہا ہے، لوگوں کے کرپشن، کرپشن کے الفاظ سن کر کان پک چکے ہیں، ٹرانسپرنسی کے مطابق موجودہ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے، ہم پرکرپشن کے الزام لگانے والے الزام ثابت نہیں کرسکے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیروشنی میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے اضلاع جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستا، کرم، اورکزئی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، کوہستان لوئر، کولاتی پلاس، سوات، شانگلہ، دیر لوئر، دیر اپر، چترال لوئر اور چترال اپر کے لیے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کل پبلک نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوابلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ31 مارچ کو ہوگی، امیدواران کے کاغذات نامزدگی چودہ فروری سے اٹھارہ فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ پہلے ستائیس مارچ کو ہونا تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ پہلے ستائیس مارچ کو ہونا تھی۔
اس سے قبل جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا، یکم فروری کی سماعت کا نوٹس دو فروری کو موصول ہوا، جو ملنے تک ہائیکورٹ بلدیاتی انتخابات موخر کر چکی تھی، ہائی کورٹ میں پانچ اضلاع کا الیکشن موخر کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔
شکایت کنندگان کے وکیل نے کہا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔
جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہیے تھا، اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ کے پی میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ عدالت نے کیسں کی سماعت پیر 14 فروری تک ملتوی کردی۔

دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دینگے: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دیگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ فورم نے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بھارت میں حجاب پہننے پر مسلمان طالبات کو دہشت زدہ کرنا سراسر ظلم ہے، شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ بھارت میں حجاب پہننے پر مسلمان طالبات کو دہشت زدہ کرنا سراسر ظلم ہے۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ باحجاب طالبات پرپابندی مسلمانوں کو الگ تھلگ کرنےکے بھارتی ریاستی پلان کاحصہ ہے، مسلم لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر اسد عمر نےکرناٹک کی بہادر طالبہ مسکان خان کی بہادری کو سلام کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے حالات دیکھ کر قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی قدر میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

نورمقدم کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے قتل کے الزام سے صاف انکار کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مرکزی ملزم ظاہر جعفر نور مقدم کو قتل کرنے کے الزام سے صاف مکر گیا۔
نور مقدم قتل کیس میں ایک نیا موڑ آگیا ہے، قتل کیس کا مرکزی ملزم ظاہر جعفر نور مقدم کو قتل کرنے کے الزام سے صاف مکر گیا ہے اور اس نے کہا ہے کہ اس کیس میں، میں اور میرے والدین بے گناہ ہیں، مدعی کے بااثر ہونے کی وجہ سے مجھے ملوث کرکے ریاستی مشینری کا میرے خلاف بے دریغ استعمال کیا گیا۔
مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے دفعہ 342 کے تحت سوالنامے کے جوابات دے دئیے ہیں، وکیل عثمان گل نے مرکزی ملزم کی جانب سے سوالنامے کے جوابات لکھوائے، جس میں ظاہر جعفر کا کہنا ہے کہ میرے والدین اور دیگر خاندان کے افراد عید کے لیے کراچی میں تھے، میں گھر میں اکیلا تھا، 20 جولائی کو نور مقدم نے اپنے دوستوں کے ہمراہ میرے گھر میں ڈرگ پارٹی رکھی، اس پارٹی میں مجھ سمیت تمام دوستوں اور مقتولہ نے منشیات کا استعمال کیا، اور میں منشیات کے زیادہ استعمال سے ہوش و حواس میں نہیں رہا۔
ظاہر جعفر کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں بعد جب مجھے ہوش آیا تو میں نے خود کو اپنے لاؤنج میں بندھا ہوا پایا، اور کچھ دیر کے بعد باوردی پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے ریسکیو کیا، جب مجھے ریسکیو کیا گیا تو مجھے معلوم ہوا کہ نور مقدم کو ڈرگ پارٹی میں شرکت کرنے والوں یا کسی اور نے قتل کردیا ہے۔
مرکزی ملزم نے اپنے جوابات میں کہا ہے کہ کیس کا مدعی شوکت مقدم بااثر شخص ہے، اس نے پولیس کے ساتھ مل کر غلط طریقے سے مجھے کیس میں ملوث کیا، نور مقدم کے ساتھ کافی عرصے کا تعلق تھا، دونوں فیملیز بھی جانتی تھیں، ہمارا لیونگ ریلیشن تھا، لیکن قتل کے دن سے چھ ماہ پہلے تک میرا نورمقدم سے رابطہ نہیں تھا، 18 جولائی کو وہ اپنی مرضی سے میرے گھر آئی اور مجھے کہا کہ ڈرگ پارٹی رکھو، لیکن میں نے انکار کردیا، وہ اس دن بھی منشیات کی بڑی مقدار کے ساتھ میرے گھر آئی تھی، اور اس دن بھی اس نے ڈرگ پارٹی کےلیے اصرار کیا اور اپنے دوستوں کو بلایا، اور اس کے دوستوں نے میرے گھر آکر ڈرگ پارٹی میں شرکت بھی کی۔
ظاہر جعفر نے کہا کہ میری 19 جولائی کو امریکا کی فلائٹ تھی اور اس روز میں ائیرپورٹ کے لیے گھر سے نکلا، لیکن نور مقدم نے اصرار کیا کہ میں اپنی فلائٹ چھوڑ دوں، کیوں کہ وہ بھی میرے ساتھ امریکا جانا چاہتی تھی، اور اس مقصد کے لیے اس نے ٹکٹ کے پیسے اکٹھے کرنے کے لیے مختلف دوستوں سے رابطے کیے، میں نے جس ٹیکسی پر ایئرپورٹ جانا تھا نور مقدم نے زبردستی اس کو بھی واپس بھجوا دیا۔
ظاہر جعفر کا کہنا ہے کہ مجھے اور میرے والدین کو اس کیس میں صرف اس لیے ملوث کیا جارہا ہے کیونکہ یہ بدقسمت واقعہ میرے گھر ہوا، ڈی این اے اس لیے مثبت آیا کیونکہ ہم دونوں باہمی رضامندی سے جسمانی تعلق میں تھے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے جسم کے نمونوں میں ایسا مادہ پایا گیا جو کہ منشیات کے زیادہ استعمال سے پیدا ہوتا ہے، اس کیس میں، میں اور میرے والدین بے گناہ ہیں، مدعی کے بااثر ہونے کی وجہ سے مجھے ملوث کیا گیا، اور میرے خلاف ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ مرکزی ملزم نے اپنے دفاع میں بھی شواہد عدالت کے سامنے پیش کرنے کی استدعا کردی ہے۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پروفائل پر بھارتی طالبہ مسکان کی تصویر لگادی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مسکان کی ڈسپلے پکچر لگالی۔
مریم نواز نے انتہا پسند ہندوؤں کے سامنے ڈٹ جانے والی بھارتی باحجاب طالبہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر باہمت مسکان کی تصویر لگا دی۔
بھارتی ریاست کرناٹک میں کئی کالجوں میں حجاب پر پابندی لگادی گئی ہے۔ گزشتہ روز حجاب پہن کر مہاتما گاندھی میموریل (ایم جی ایم) کالج جانے والی طالبہ مسکان کو ’جے شری رام‘ کے نعرے لگاتے سیکڑوں انتہا پسند ہندو طالبِ علموں کے گروہ نے ہراساں کیا ۔ لیکن مسکان نے بہادری کے ساتھ مشتعل ہجوم سے ڈرنے کے بجائے ان کا بھرپور مقابلہ کیا اور اونچی آواز میں ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نااہلی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے فیصل واوڈا کی نااہلی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا
نااہلی کا تحریری فیصلہ 27 صفحات پر مشتمل ہے، تحریری فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا نے امریکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن کے پاس جمع نہیں کروایا جبکہ انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کب امریکی شہریت چھوڑی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت فیصل واوڈا اہل شخص نہیں تھے، آخری سماعت کے وقت فیصل واوڈا کو امریکی شہریت چھوڑنے کی کاپی دکھائی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فیصل واوڈا کو امریکی شہریت چھوڑنے کی پیش کی گئی کاپی کو مسترد کیا گیا، فیصل واوڈا کا غلط بیان حلفی آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے زمرے میں آتا ہے، واوڈا کی جانب سے نادرا کا جمع کروایا گیا سرٹیفکیٹ معیار پر پورا نہیں اترتا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے رکن قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا، فیصل واوڈا رکن اسمبلی کی حیثیت سے حاصل تمام مالی مراعات واپس جمع کروائیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ فیصل واوڈا عوامی عہدہ رکھنے کے دوران حاصل مالی مراعات، تنخواہیں، ٹی اے ڈی اے، رہائشی اخراجات اور دوسری دیگر مراعات واپس جمع کروائیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ واوڈا تمام مالی مراعات دو ماہ کے اندر سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کروائیں۔ فیصل واوڈا نے 7جون 2018 کو ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے پاس غلط بیان حلفی جمع کروایا۔

توہین عدالت کیس: پشاور ہائیکورٹ نے فواد چودھری، فردوس عاشق اعوان کو معافی دیدی

پشاور: (ویب ڈیسک) توہین عدالت کیس میں پشاورہائیکورٹ نے وفاقی وزیرفواد چودھری اور پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان کو معافی دیدی ،عدالت نے حکومتی اراکین کو آئندہ کے لیے محتاط رہنے کی بھی تنبیہ کردی۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس سیٹھ وقار کی جانب سے جنرل پرویز مشرف کیس کے فیصلے پر وفاقی وزراء نے پریس کانفرنس کے دوران توہین آمیز جملے استعمال کئے گئے تھے جس کا ازخود نوٹس لیا گیا تھا اور اس ضمن میں وفاقی وزراء کو پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا تھا۔
پشاورہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، فواد چودھری اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان عدالت میں پیش ہوئے، دونوں رہنماؤں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی، ہائیکورٹ نے دونوں کی معافی منظور کرلی۔
فردوس عاشق اعوان کا عدالت میں کہنا تھا کہ آپ سے معاف مانگتے ہیں،جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیئے کہ دعا کیلئے سابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے مزار پر چلے جائیں اور کہیں کہ ہم جذباتی ہوگئے تھے، یہ بھی کہیں جذبات میں حد سے نکل گئے تھے جس کیلئے معافی مانگتے ہیں، مزار پر معافی کے بعد ہمارے پاس آئیں۔
ایڈوکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ ان دل آزادی ہوئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ذمہ داری زیادہ بنتی ہے جس میں غلطی کی گنجائش نہیں۔
جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیئے کہ آپ قانون بنانے والے ہیں ،پھر ایسی باتیں قانون سے نکال دیں اور اسٹیج پر کچھ بھی کہیں۔
فواد چودھری کا عدالت میں کہنا تھا کہ ججز کے ساتھ ہماری عزت کا تعلق ہے،ججز کا فرض یہ ہے کہ مناسب الفاظ استعمال کریں۔
جسٹس روح الامین نے فواد چودھری سے استفسار کیا کہ ججز اپنا کام جانتے ہیں،آپ کیس لڑنا چاہتے ہیں یا معافی،اگر آپ یہ کام کرینگے تو پھر عام آدمی سے کوئی امید نہیں،آپ اپنا حلف نامے پر معافی جمع کردیں،ہم بعد میں دیکھیں گے،توہین عدالت کرینگے تو کیس ہوگا اور آپ معافی مانگیں گے تو ہم معاف کردینگے۔
جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے الفاظ سے جس کی دل آزاری ہوئی آپکو اس سے معافی مانگنے کیلئے جانا ہوگا،عدالت نے کیس میں معافی کرکے آئندہ کیلئے انتباہ کی ہدایت کی۔

حکومتی اتحادی کے طور پر عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں: پرویز الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی پارٹنر کے طور پر ہم عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ سے جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن نے اسمبلی میں ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جرمن سفیر نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین بزنس پارٹنر ہے، آٹوموبائل انڈسٹری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جرمنی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہیے۔
قائم مقام گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ای پارلیمنٹ کے قیام سے پیپر ورک ختم ہو گا اور اسمبلی زیادہ موثر انداز سے کام کر سکے گی ۔
برن گارڈ سٹیفن نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور مربوط اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا ۔
جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ ای پارلیمنٹ کے قیام کے لئے جرمن حکومت نہ صرف ٹیکنیکل بلکہ مالی طور پر بھی پاکستان کی مدد کر رہی ہے۔
ملاقات میں ایم این اے چودھری سالک حسین، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سیکرٹری کوآرڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر بھی شریک ہوئے۔
بعدازاں جرمن سفیر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کیا۔