All posts by Khabrain News

سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت ناساز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری علیل ہو گئے اور ان کے ذاتی معالج کراچی سے لاہور پہنچے ۔
طبیعت ناسازی کے بعد آصف زرداری نے لاہور میں تمام مصروفیات ترک کر دیں جبکہ ڈاکٹروں نے سابق صدر کو آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری چند روز سے لاہور میں مقیم ہیں۔

برطانیہ میں شہباز شریف کیخلاف تحقیقات میں عدالتی دستا ویز سامنے آگئیں

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف تحقیقات میں عدالتی دستا ویز سامنے آگئیں۔
دستاویز کے مطابق لیگی صدر شہباز شریف نیشنل کرائم ایجنسی کی منی لانڈرنگ تحقیقات کا ہدف تھے۔ این سی اے کو شبہ تھا شریف فیملی کی دولت مجرمانہ طرز عمل سے حاصل ہوئی۔ شہباز شریف کے خلاف تحقیقات پاکستانی حکومت کے کہنے پر شروع ہوئیں۔
یاد رہے کہ این سی اے نے دسمبر 2019 میں شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے اثاثے ضبط کر لئے تھے۔ برطانیہ میں ٹیکس کے ادارے ایچ ایم آر سی نے بھی شہباز اور سلیمان کے خلاف تحقیقات کیں۔ ثبوت نہ ملنے پر این سی اے نے شہباز اور سلمان کے خلاف کرمنل انویسٹی گیشن ختم کردی۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ الزامات میں بے گناہ قرار دیدیا ۔

اتحادی ہو یا کوئی اور، جو عمران خان کو چھوڑے گا صفر ہوجائے گا، فواد چوہدری

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں ہوں یا کوئی بھی ہو وہ سیاست میں اپنے مفادات دیکھتے ہیں، جوعمران کوچھوڑ کر جائے گا وہ صفر ہوجائے گا۔
صحافی رحیم اللہ یوسفزئی اور حافظ ثناء اللہ کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافت میں ذاتی پسند و ناپسند بڑھ گئی ہے، غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں میڈیا بہت آزاد ہے، حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافیوں نے بڑا مشکل وقت دیکھا ہے، 100 بڑی کمپنیوں نے 929 ارب کامنافع کمایا لیکن ورکروں تک اثرات نہیں پہنچے، ہم قوانین لانے کی کوشش کرتے ہیں تو رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1947 سے 2006 تک 6 ٹریلین قرضہ لیا گیا، زرداری اور نوازشریف کے ادوار 2008 سے 2018ء تک 23 ٹریلین قرضہ لیا گیا، اسحق ڈار اور دیگر نے باہر جائیدادیں بنائیں اور ملک کو تباہ کیا، سابقہ حکومتوں نے صنعتیں ختم کیں، اور معیشت بیٹھ گئی، یہ ملک سے بھاگنے کے لیے ہلچل پیدا کررہے ہیں، شہباز شریف پہلے پیسہ دیں پھر ان سے بات ہوگی، ورنہ انہیں باہر نہیں جانے دیں گے، سیاسی جماعتوں میں بونے بیٹھے ہوئے ہیں، یہ جماعتیں تحقیق کے بغیر کام کرتی ہیں، اتحادی جماعتیں ہوں یا کوئی بھی ہو وہ سیاست میں اپنے مفادات دیکھتے ہیں، جوعمران کوچھوڑ کر جائے گا وہ صفر ہوجائے گا، اب جانے والوں کی نہیں آنے والوں کی لائن لگے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے تین سالوں میں مسائل ختم نہیں کئے لیکن سماجی ریاست یا ریاست مدینہ بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، ہم نے صحت کارڈ، احساس پروگرام اور راشن پروگرام شروع کیے تاکہ غرباء کوریلیف مل سکے، ہمارے دور میں گندم، گنا اور چاول کی بمپر فصلیں ہوئیں، ہم اب یہاں مہنگی فصلیں پیدا کر رہے ہیں، 1100 ارب زراعت اور ایک ہزار ارب تعمیراتی صنعت کودئیے گئے، اگلے دوسالوں میں اٹھارہ ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی نہیں اپنائی۔

ایوی ایشن سیکیورٹی تنازع؛ اسرائیل کی یو اے ای کو تمام پروازیں معطل کرنے کی دھمکی

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اپنی تمام پروازیں روکنے کی دھمکی دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر عرب ملک دبئی میں ہوابازی کے حفاظتی انتظامات کو قبول کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ’علاقائی بحران‘ پیدا ہو جائے گا۔
خبر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹر‘ کے مطابق ایک سینئراسرائیلی اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی وزیر ٹرانسپورٹ نے ایوی ایشن سیکیورٹی تنازع پرڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے دبئی کو اسرائیل کی شرائط ماننے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔
موجودہ ایوی ایشن سیکیورٹی انتظامات منگل کو ختم ہونے والے تھے۔ اسی دوران اسرائیل نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامات کو لے کر متحدہ عرب امارات پر دباؤ بڑھا دیا ہے
اسرائیلی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبردار کیا کہ اسرائیل بالآخر متحدہ عرب امارات کے ساتھ شعبہ ہوابازی میں اپنا تعاون ختم کر سکتا ہے۔
اہلکار نے واضح کیا گیا کہ اگر ہم یواے ای کے لیے پرواز نہیں کر سکتے ہیں، تو اماراتی کمپنیاں بھی یہاں نہیں اتر سکتیں۔
اسرائیلی اہلکار نے اسرائیل اور متعدد عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں متحدہ عرب امارات کے بنیادی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بحران علاقائی ہو سکتا ہے اور اس کا بہت بڑا اثر ہو سکتا ہے‘۔

حجاب تنازع، بھارت بھر میں ‘اللہ اکبر’ کی گونج، مسلم طالب علم سڑکوں پر نکل آئے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج ملک گیر تحریک بن گیا، کولکتہ میں مسلمان طالب علم سڑکوں پر نکل آئے اور اللہ اکبر کے نعرے لگاتے رہے جبکہ کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب پر پابندی کا کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا۔
کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں ایک کالج سے شروع ہونے والا حجاب پر پابندی کا تنازع ملک گیراہمیت اختیارکر گیا اورپاک بھارت سوشل میڈیا پر آج بھی حجاب ہی چھایا رہا۔
حجاب تنازع پر بھارت کے کئی شہروں میں مسلمان طالب علم سراپا احتجاج ہیں، کولکتہ میں مسلمان طالب علموں نے مظاہرہ کیا گیا، اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور حجاب پر پابندی کو مسترد کردیا۔
بھارتی اپوزیشن پارٹی کانگریس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرناٹک میں حجاب کے مسئلے کو بی جے پی کی ہم خیال جماعتیں اچھال رہی ہیں، بنگلور میں ایک لاکھ زعفرانی شالوں کا آرڈر دیا جاچکا ہے تاکہ ہندو طلبہ کو مسلمانوں کے خلاف اکسایا جاسکے۔
دوسری جانب کرناٹک ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے حجاب پر پابندی کا کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا، عارضی ریلیف کا فیصلہ بھی لارجر بینچ ہی کرے گا جبکہ بنگلور میں تعلیمی اداروں کے قریب مظاہروں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔

ایران کا طویل فاصلےتک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے طویل فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق ایران نے طویل فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’خیبرشکن ‘ کا تجربہ کیا ہے۔
ایرانی میزائل 1 ہزار450 کلومیٹرفاصلے تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کونشانہ بنایا۔ میزائل ’خیبرشکن‘ میزائل شیلڈ سے پارہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اورمیزائل کولانچ کرنے کے لئے سولڈ فیول کا استعمال کیا گیا ہے۔
بیلسٹک میزائل ’خیبرشکن‘ مکمل طورپرایران میں تیارکیا گیا ہے۔

چمپانزی کیڑوں کے مرہم سے زخم مندمل کرتے ہیں

گبون: (ویب ڈیسک) چمپانزی غیر معمولی طور پر ذہین ہوتے ہیں لیکن اب ان کے متعلق ایک غیر معمولی پہلو سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک چمپانزی کی جانب سے زخمی ہونے والے چمپانزی کا علاج کرنے کا حیرت انگیز منظر سامنے آیا، 2019 میں گبون میں واقع لونگو نیشنل پارک میں ایک پی ایچ ڈی طالب علم نے دیکھا کہ ایک ماں چمپانزی نے اپنے بچے کے کھلے زخم پر ایک کیڑا پیس کر بطور مرہم لگایا۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کا رجحان چمپانزیوں میں اس سے پہلے نہیں دیکھا گیا تھا، پارک میں سوزی نامی مادہ چمپانزی نے اپنے بچے سیا کے پیر پر ایک کھلا زخم دیکھا۔ اس کے بعد اس نے کچھ دور جا کر مٹھی میں کوئی چیز دبائی اور اسے منہ میں رکھ کر پیسا اور بچے کے زخم پر مل دیا۔ اس کے بعد ایسے کئی واقعات دیکھے گئے اور ریکارڈ ہوئے جس میں چمپانزیوں نے ہوا میں اڑتے کیڑے پکڑے، منہ میں رکھ کر پیسا اور زخموں پر بطور مرہم لگایا۔
اگرچہ ماہرین نے اس سے قبل سانپ، ممالیہ حتی کہ سمجھدار پرندوں کو بھی اپنا علاج خود کرتے دیکھا گیا ہے۔ بعض جنگلی جانور اپنی زبان سے چاٹ کر زخم ٹھیک کرنے کے عمل سے گزرتے بھی دیکھے گئے ہیں مگر کیڑوں سے علاج کا طریقہ ابھی تک چمپانزیوں میں ہی دیکھا گیا ہے۔
ریسرچ کے دوران ریکارڈ مرتب کرتے ہوئے ماہرین نے کیڑوں کو چمپانزیوں کی فارمیسی قرار دیا، ان کا خیال ہے کہ منہ میں نرم کئے گئے کیڑے زخم پر لگانے سے درد میں کمی ہو جاتی ہے بلکہ جلن جیسی تکلیف دہ صورتحال سے بھی نجات مل جاتی ہے۔
ایک اور مفروضے کے مطابق چمپانزی نے ایسا انسانوں کو کرتے دیکھا اور وہ ان کی نقل کرتے ہوئے اپنے زخمی ساتھیوں کا علاج کرتے ہیں۔ تحقیق کا اہم ترین نکتہ یہ ہے کہ ایک جانور دوسرے جانور کی مدد کر رہا ہے اور اس کو علم ہے کہ اس عمل سے اس کا ساتھی تکلیف سے نجات حاصل کر لے گا۔ چمپانزیوں کا یوں ایک دوسرے سے تعاون کرنا خالص انسانی عمل ہے جو بعض منفی رجحانات کے مالک انسانوں کیلئے سبق بھی ہے۔

علی ظفر کیخلاف سوشل مہم چلانے پر میشاء شفیع کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی ضلع کچہری عدالت نے علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے مقدمہ میں گلوکارہ میشاء شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
ایف آئی اے کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے میشا شفیع اور شریک ملزمہ ماہم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر اگر علی ظفر کے وکیل نے زیر التواء درخواستوں پر دلائل نہ دیئے تو پراسکیوٹر کے دلائل کی روشنی میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔ مقدمے میں نامزد ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی نے حاضری مکمل کروائی۔
ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے۔ ایف آئی اے نے چالان میں کہا ہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلائی لیکن ملزمان اپنی صفائی میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔

ڈراموں کے بعد ترک فلمیں بھی پاکستانی سینما کی زینت بننے کو تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈراموں کے بعد ترک فلمیں بھی اب پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہیں جہاں پہلی فلم آئیلہ 11 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی فلمی شائقین کو معیاری تفریح کیلئے ڈسٹری بیوشن کلب نے ترک زبان میں بننے والی عالمی شہرت یافتہ فلم آئیلہ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے والی پہلی ترک فلم ہو گی۔
فلم کی کہانی ایک خوبصورت بچی آئیلہ کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو ایک ترک فوجی کو میدان جنگ میں ملتی ہے۔

سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں نو ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک ہزار 827 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 750 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئے دام ایک لاکھ 25 ہزار 550 روپے ہو گئے ہیں۔
اُدھر دس گرام سونےکا بھاؤ 643 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 7 ہزار 639 روپے ہو گیا ہے۔