All posts by Khabrain News

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 399.72 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 399.72 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، مندی کے باعث 100 انڈیکس 45940.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.86 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 21 لاکھ 37 ہزار 472 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کو مندی کے باعث 100 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

ارکان اسمبلی پہلے ہی عمران خان پر عدم اعتماد کیلئے تیار: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم نواز نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی پہلے ہی عمران خان پر عدم اعتماد کیلئے تیار ہیں، ان کے اقتدار کی کشتی ڈولتی نظر آ رہی ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کیلئے جھوٹ چل جاتا ہے ہمیشہ نہیں چلتا، عمران خان کی پارٹی آج کے بعد کہیں نظر نہیں آئے گی، یہ جب عوام میں جائیں تو ہیلمٹ لے کر جائیں، عمران خان کے ساتھی اقتدار کے ساتھی ہیں، عوام کے ہاتھ آپ کے گریبان تک پہنچ چکے، اپنی خیر منائیں، عوام کی آواز پر لبیک نہ کہا تو سیاسی جماعتوں پر تنقید ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقاریر ایک بوکھلائے آدمی کی تقریریں ہیں، عمران خان کی کشتی ابھی ڈولی ہے اور ان کے ممبران دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہیں، ان کی کشتی میں بیٹھے افراد جمپ کرنے کو تیار ہیں، مسلم لیگ ن آگ کے دریا سے گزر کر آئی اور متحد ہے۔

اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے: بلاول بھٹو

ملتان: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کٹھ پتلی حکمرانوں سے ہر صورت جان چھڑانا ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے آج کا کسان بری طرح پس رہا ہے، اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سلیکٹڈ اور نالائق حکومت کیخلاف اعلان جنگ کیا، ہم نے یہ جنگ مل کر لڑنی ہے، ہم نے اس کٹھ پتلی نظام کا خاتمہ کرنا ہے، پٹرول و گیس بحران کیخلاف پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا، پیپلزپارٹی نے یوریا بحران کیخلاف ٹریکٹر مارچ کیا، آج کسان کا مسئلہ کل ہر پاکستانی کیلئے فوڈسکیورٹی کا مسئلہ ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں زرعی بحران پیدا ہوا ہے، حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے، عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج مہنگائی عروج پر ہے تو ہم کل تک انتظار کیسے کرسکتے ہیں ؟ اس نالائق کا بندوبست کرنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے، ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم سے حساب لیں گے، موجودہ حکومت کی نااہلی بےنقاب کریں گے، ہمیں حکومت کیخلاف عدم اعتماد مہم چلانی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ حکومت تبدیلی کے نام پر تباہی کر رہی ہے، عمران خان ہمیں اور ہمارے مخالف کو بھی چور چور کہتے تھے، آصف زرداری اور میں بھی موجود ہوں، پکڑ سکتے ہو تو پکڑلو، جس جس پر جھوٹا الزام لگایا وہ سب باعزت بری ہوئے، تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن خان صاحب کی حکومت نے کی۔

سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعے کا ڈراپ سین، خاتون ذہنی مریضہ نکلی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاورمیں خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، متاثرہ خاتون ذہنی مریضہ نکلی۔
پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کے واقعہ کے حقائق سامنے آ گئے، ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کا واقعہ سے متعلق بریفنگ میں کہنا تھا کہ 4 فروری کو متاثرہ خاتون کو ہسپتال لایا گیا جس کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی، 8 فروری کو واقعہ سوشل میڈیا اور میڈیا پر سامنے آیا، ہسپتال اور بازاروں کے کیمروں کوچیک کیا گیا، ہسپتال ریکارڈ میں نام کے علاوہ کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا، متاثرہ خاتون بازگلہ اور اس کے شوہرتک رسائی حاصل کی گئی۔
ایس ایس پی کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ ہے اور اس نے خود کو زخمی کیا ، شوہر مسلسل اپنی بیوی کا چیک اپ ڈاکٹر سے کروا رہا ہے، متاثرہ خاتون کے شوہرکا کہنا تھا کہ اس کی بیوی ذہنی بیماری کا شکار ہے، متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے۔ واقعہ کے دن گھر پر نہیں تھا جب آیا تو بیوی کے سر میں کیل تھی۔
شوہر کا کہنا تھا کہ کیل ٹھونکنے کا واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے ،متاثرہ خاتون کے شوہرکے مطابق خاتون سے دوسری شادی ہے، ہمارے بچوں کی تعداد 11 ہے، متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے،اس سے قبل بھی خاتون کو تیسری منزل سےجنات نے پھینکا تھا۔

عامر لیاقت نے تیسری شادی کرلی، اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کرلی۔ عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنی تیسری شادی کی اطلاع دی اور اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ گزشتہ روز 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔ اہلیہ کے تعارف میں عامر لیاقت نے لکھا کہ دانیہ کا تعلق لودھراں کے ایک معزز نجیب الطرفین سادات خاندان سے ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے اپنی پوسٹ میں سرائیکی خاندان کی تعریف کی اور مداحوں سے اپنے اور اہلیہ کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی ایک تاریک سرنگ سے گزر چکے ہیں جو ایک غلط موڑ تھا۔ دوسری جانب عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ نے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کی۔
خیال رہے گزشتہ روزعامر لیاقت سےعلیحدگی سے متعلق ان کی دوسری اہلیہ طوبیٰ کا مؤقف سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں بوجھل دل کے ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی ایک تبدیلی کے حوالے سے آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں جس سے میری فیملی اور قریبی دوست آگاہ ہیں اور وہ یہ کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات صاف تھی کہ اب مفاہمت اور صلح کی کوئی امید نہیں بچی لہٰذا مجھے خلع لینے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ لینا پڑا‘۔
یاد رہے دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت کی پہلی شادی ختم ہوگئی تھی اور ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ نے دسمبر 2020 میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔ سیدہ بشریٰ نے بتایا تھا کہ دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت نے انہیں طلاق دے دی تھی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہیں کب طلاق ہوئی۔

وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینا قوم کے ساتھ مذاق ہے: شیری رحمن

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے “بہترین کارکردگی” دکھانے والے وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے ہیں جو قوم کے ساتھ ایک اور مذاق ہے، وزیراعظم گالم گلوچ اور الزام تراشی کی بہترین کارکردگی پر وزراء کو ضرور تعریفی سرٹیفکیٹ دے سکتے ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے وزیراعظم کی جانب سے وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر ردعمل میں کہا کہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے، کون سی وزارت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا نہیں ہوا؟ ہر وزارت میں بحرانی صورتحال ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ معیشت، خوراک، پیٹرولیم، توانائی، خارجہ، داخلہ، صحت اور دیگر تمان وزارتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، وزراء اور حکومت کی کارکردگی پر اب عوام ووٹ کے ذریعے اپنی رائے دیں گے۔

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ پر 18 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ پر 18 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔
سپیشل جج سینٹرل لاہور نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے چالان کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 18 فروری کو طلب کر لیا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر پولیس نے صحافیوں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا گیا۔ عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ 74 سالوں میں ایسے سنگین حالات کبھی نہیں ہوئے جو اب ہیں، برطانیہ کی عدالت نے شہباز شریف کو کلین چٹ دے دی ہے۔

کراچی: گلشن حدید میں ٹرک الٹ گیا، حادثے میں 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ٹرک الٹ گیا۔ حادثے میں ٹرک کے نیچے دب کر 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
حادثے کا شکار افراد ٹرک کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے۔ جیک پھسلنے کے باعث ٹرک تینوں افراد کے اوپر الٹ گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والے افراد اور زخمی شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

نوکوٹ : اغواء اور مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکیوں کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری

نوکوٹ : (ویب ڈیسک) اغواء اور مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکار دونوں لڑکیوں کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ میں زیادتی ثابت نہ ہوسکی۔
نوکوٹ میں اغواء کے بعد مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکار لڑکیوں کی ابتدائی میدیکل رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ لڑکیوں کے جسم پہ زخم کے نشان ظاہر نہیں ہوئے اور نہ ہی خون کے دھبے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حتمی سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے جاچکے ہیں تاکہ مزید تحقیق ہوسکے، ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد درست بات ظاہر ہوگی۔ مذکورہ رپورٹ جاری ہونے کے بعد شکوک نے جنم لے لیا ہے۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، قومی خواتین ٹیم کرائسٹ چرچ پہنچ گئی

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کرائسٹ چرچ پہنچ گئی ہے۔
پاکستان ٹیم آکلینڈ سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کرائسٹ چرچ پہنچی ہے جہاں قومی سکواڈ دس روز کے لیے قرنطینہ کرے گا، پاکستانی ٹیم 27 فروری کو نیوزی لینڈ سے جبکہ دو مارچ کو بنگلادیش سے وارم آپ میچ کھیلے گی۔
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ چار مارچ سے شروع ہوگا۔