All posts by Khabrain News

دورہ سری لنکا پر موجود فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی فٹنس مسائل کا شکار

کولمبو: (ویب ڈیسک) دورہ سری لنکا پر ٹیسٹ میچ کھیلنے میں مصروف پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلے گال ٹیسٹ میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس مسائل درپیش ہیں۔
قومی ٹیم کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز فیلڈنگ کے دوران شاہین آفریدی کی ٹانگ میں کھنچاؤ ہوا تھا جس کے بعد ان کو ابتدائی طور پر آئس ٹریٹمنٹ دی گئی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ شاہین آفریدی گھٹنے سے نیچے تکلیف محسوس کر رہے ہیں، شاہین کی ٹانگ میں درد کم نہ ہوا تو ایم آر آئی کروایا گیا جس کے بعد ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

انور مقصود کا یوم آزادی پر تھیٹر ڈرامہ ‘ساڑھے 14 اگست’ پیش کرنے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف لکھاری، ڈرامہ ساز اور مزاح نگار انور مقصود نے یومِ آزادی کے موقع پر دلچسپ تھیٹر ڈرامہ “ساڑھے 14 اگست” پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔
کاپی کیٹ پروڈکشن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے انور مقصود کے تھیٹر ڈرامے “ساڑھے 14 اگست” کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔
ڈرامے کے ٹیزر میں ایک فوٹوگرافر کو مہاتما گاندھی اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ایک ساتھ تصویر لینے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے جبکہ گاندھی اور قائدِاعظم کے درمیان دلچسپ تکرار بھی دکھائی گئی ہے۔
ساڑھے 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر روشنیوں کے شہر کراچی کے آرٹس کونسل میں پیش کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انور مقصود نے 2011 میں “پونے 14 اگست” اور پھر “سوا 14 اگست” نامی تھیٹر پیش کیا تھا، جس کا تیسرا حصہ “ساڑھے 14 اگست اب پیش کیا جائے گا۔
ڈرامے کی کہانی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مہاتما گاندھی سے کیے گئے کسی شخص کے سوال کے گرد گھومتی ہے۔

قومی پہلوان انعام بٹ کے ہاں بیٹی کی پیدائش

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی پہلوان انعام بٹ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، انعام بٹ نے یہ خبر ٹوئٹر کے ذریعے دی اور نوزائیدہ کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی۔
انعام بٹ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الحمداللّٰہ، اللہ نے اپنی رحمت سے نوازا، اللہ ایمان، صحت اور تندرستی والی زندگی دے اور نصیب اچھے کرے۔
پاکستانی پہلوان نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ “میری پیاری بیٹی کے لیے اچھا سا نام بتائیے”۔

ترک صدر اردوان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے ایران پہنچ گئے

تہران: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان سرکاری دورے پر سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے ایران پہنچ گئے۔
طیب اردوان کے تہران پہنچے پر ایرانی ہم منصب نے ان کا استقبال کیا، ایرانی مسلح افواج نے ترک صدر کو سلامی دی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران ترک صدر ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
سہ فریقی اجلاس میں روس، ترکی اور ایران کے سربراہان شرکت کریں گے جس کے دوران شام اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو پہلے ٹی 20 میں شکست دے دی

ڈبلن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو پہلے ٹی 20 میں 31 رنز سے شکست دے دی ، تین میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 173 رنز بنائے، گلین فلپس 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آئرلینڈ کے جوش لٹل نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جوابی اننگز میں آئرش ٹیم 19 ویں اوور میں 142 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، کرٹس کیمفر 29 اور مارک ایڈیر 25 رنز بنا سکے، کیوی بولر لوکی فرگوسن نے 14 رنز کے عوض 4 شکار کیے۔

کان کھول کرسن لیں الیکشن تب ہوں گے جب حکومت چاہے گی: مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کان کھول کرسن لیں ،الیکشن تب ہوں گے جب حکومت چاہے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار بچانے کیلئے حکومتی اداروں پر حملہ آور ہوئے، یہ فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ٹارگٹ کررہےہیں، ادارے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں اور اداروں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، عمران خان فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، عمران خان نے اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر معاشی لینڈ مائنز بچھائیں، اداروں کو مفلوج کیا، اداروں کو کمزور کیا، اداروں کو استعمال کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ وہ تمام 20 سیٹیں جیت جائیں، ایسا نہیں ہوا تو وہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو گئے، تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کے بجائے بھی عمران خان آئین پر حملہ آور ہوئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چور دروازے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی جس طرح وہ جاوید اقبال سے کرتے تھے اور ڈی جی ایف آئی اے سے کرتے تھے، جب چیف الیکشن کمشنر نے ملنے سے انکار کیا تو پھر یہ ان کے خلاف ہو گئے۔

سپریم کورٹ نے نیب ترامیم خلافِ آئین ہونے پر حکومت سے جواب مانگ لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر نیب ترامیم خلاف آئین ہونے پر حکومت سے جواب مانگ لیا۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، بینچ میں جسٹس اعجاز الااحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل تھے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وزیر قانون کا کہنا ہے ہر ترمیم کی سپورٹ میں عدالتی فیصلے ہیں۔ کیا ایسا ہی ہے۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نہیں ایسا نہیں ہے، ترامیم سپریم کورٹ کے فیصلوں متصادم تو ہیں لیکن انکے مطابق نہیں، بہت سے ترامیم کو جلد بازی میں منظور کیا گیا ہے۔ ترامیم کے بعد کسی کو فائدہ پہنچانے پر کیس نہیں بنے گا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مخصوص فرد کیلئے بنے قانون کو عدالت کالعدم کر سکتی ہے، سرکار کا کام آگے بڑھنا چاہیے اور فیصلہ سازی ہونی چاہیے، نیب قانون کی وجہ سے سرکاری افسران فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں، جو ترامیم بنیادی حقوق کیخلاف نہیں، انہیں الگ رکھنا ہوگا۔ کرپشن کرنے والے کو سزا ہونی چاہیے نہ کہ اس کا کیا گیا کوئی ضروری فیصلہ ہی واپس ہوجائے۔
عدالت نے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب ترامیم کے خلاف آئین ہونے پر حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی 167 لاہور میں بدامنی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور میں بدامنی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تحریک انصاف کے امیدوار شبیر گجر کی معاون وکیل نے رپورٹ پراعتراض اٹھا دیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کے وکیل نے حلقہ کے نتائج کو امتناع میں رکھنے اور تحقیقات کی استدعا کر دی۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی167 میں مسلح تصادم اورفائرنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ تحریک انصاف کے امیدوار شبیر گجر، انکوائری کمیٹی اور سی سی پی او لاہور رپورٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ نذیر چوہان کے وکیل خالد اسحاق نے دلائل دیئے کہ اگرغیر قانونی کام ہوا ہے، وہ صرف الیکشن کے دن یا پولنگ اسٹیشن تک محدود نہیں۔ حلقہ کے نتائج کو امتناع میں رکھتے ہوئے مزید تحقیقات کی جائیں۔ جو بھی مجرم ہے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
شبیر گجر کی معاون وکیل کاشفہ نیاز نے رپورٹ پراعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ پولیس نے تیار کی جو پنجاب حکومت کے ساتھ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر شبیر گجر نے بتایا کہ الیکشن عمل ٹھیک ہوا، میرے ساتھ زیادتی ہوئی، آراونے ہمیں ریلیف دیا، آپ سے بھی ریلیف کی استدعا ہے۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی پی 167 لاہور بدامنی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بلوچستان میں سیلاب سے 17 اضلاع میں وبائی مرض پھیل گئی، 11 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 17 اضلاع میں وبائی مرض پھیل گئی ہے۔ ڈائریا اور ہیضہ سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بلوچستان میں مون سون بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں پھیل گئی ہے۔ بارشوں کے بعد بلوچستان کے 17 اضلاع میں وبائی مرض پھیل گیا ہے ۔ یہ مرض ڈائریا اور ہیضہ کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ دس دن کے اندر 11 افراد زندگی کی باری ہار گئے۔ ژوب میں 9 افراد ڈائریا سے جبکہ 2 خضدار میں ہضہ سے جاں بحق ہوئے۔
صوبے کے کئی اضلاع میں دست اور اسہال کی بیماری ڈائریا اور اس کی خطرناک شکل کالرا ہیضہ پہلے سے پھیلی ہوئی تھی تاہم بارشوں اور سیلاب کے بعد ان بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، کیچ ، ہرنائی ، چمن ، لورالائی ، ژوب ، خضدار، مستونگ اور گوادر شامل ہیں۔
ایک ماہ میں 6312 کیسز رپورٹ ہوئے یعنی ماہانہ 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دیگر اضلاع میں لیبارٹری نہ ہونے کی وجہ سے سارا بوجھ بی ایم سی ہسپتال میں بنائے ایک ہی ٹیسٹ لیبارٹری ہی برداشت کر رہا ہے۔

بائیس جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی، فواد چودھری کا دعوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ 22 جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی، 23 جولائی کو رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کے پنجاب داخلے پر پابندی لگا سکتے ہیں۔ وزارت اعلیٰ کیلئےپرویزالہیٰ کی نامزدگی کردی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کو بھی پتہ ہے اب ن لیگ کی حکومت نہیں چل سکتی، شہباز حکومت اب وینٹی لیٹر پر ہے۔ حمزہ شہباز کو خود ہی مستعفی ہو جانا چاہئے۔ آصف زرداری کبھی بھٹو کیساتھ کھڑے نہیں ہوئے، ن لیگ کیساتھ کیا ہوں گے۔ وہ چاہتے ہیں سندھ میں ان کی حکومت رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس صرف چند دن ہیں، چیف الیکشن کمشنر فیصلہ کر لیں خود جائیں گے یا ہم بھیجیں، سیاسی جماعتوں کو خود ہی مل بیٹھ کر نیا الیکشن کمیشن بنانا چاہیے۔ شہبازشریف اور آصف زرداری نے اپنا سیاسی نقصان کیا، انہوں نے نیب کو ختم کرنے کی بھونڈی سازش کی۔شہباز شریف کو مشورہ ہے کہ رانا ثنا جیسے لوگوں سے دور رہیں، راناثنا اور عطا تارڑ جیسے لوگوں کی گرفتاری کا آرڈر جاری ہو سکتا ہے۔ 5 ایم پی ایز کےغائب ہونے کے بیان کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ حکومت کے 5 سے زائد ایم این ایز ہم سے رابطے میں ہیں،، جب چاہیں آپ کو گھر بھیج سکتے ہیں۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اگر پہلے ہی انتخابات کی طرف چلے جاتے تو آج معاشی استحکام ہوتا، جب سے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ڈالر 10 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔