All posts by Khabrain News

بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی

ایڈن گارڈن: (ویب ڈیسک) بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی، ڈیبیو میچ کھیلنے والے روی بیشنوئی مین آف دی میچ قرار دیئے گئے ۔
ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ پر ایک سو ستاون رنز بنائے، نکولس پوران اکسٹھ رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
جوابی اننگز میں روہت شرما کے چالیس اور ایشان کشن کے پینتس رنز کی مدد سے بھارت نے ہدف انیسویں اوور میں حاصل کر لیا، تین میچز کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔

‘عالمی منڈی میں تیل 60 سے 95 ڈالر پر پہنچ جائے تو حکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے؟’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن بتائے بین الاقوامی منڈی میں تیل 60 ڈالر سے 95 ڈالر پر پہنچ جائے تو حکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے؟۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کر رہی ہیں، لیکن کسی بھی تنقید کا اہم پہلو یہ ہوتا ہے کہ آپ متبادل دیتے ہیں، کوئی جادو کا چراغ ہے تو بتا دیں۔

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس پاکستان میں قیام کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات میں آئی ٹی سیکٹر سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چک شہزاد میں قائم کورونا اسپتال کا دورہ بھی کریں گے۔ بانی مائیکرو سافٹ این سی او سی ہیڈ کوارٹرز بھی جائیں گے۔ بِل گیٹس کو کورونا اور پولیو کی روک تھام پر بریفنگ دی جائے گی۔ بانی مائیکروسافٹ بِل گیٹس آج شام کو ہی واپس چلے جائیں گے۔

پی ایس ایل سیون میں آج زلمی اور یونائیٹڈ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں ، قذافی سٹیڈیم لاہور میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ لاہور میں پی ایس ایل سیون کے میلے نے کرکٹ دیوانوں کا جوش بڑھا دیا، ایونٹ کا 24 واں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان شیڈول ہے، شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ بڑےمقابلے سے قبل دونوں ٹیمیں اہم کھلاڑیوں سے محروم ہو گئیں،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور نوجوان فاسٹ بولر ذیشان ضمیر انجری کے باعث کے آج ان ایکشن نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب پشار زلمی کے فاسٹ بولر ثاقب محمود بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک چار چار میچ جیت چکی ہیں۔ بہتر رن ریٹ کے باعث یونائیٹڈ کی تیسری اور زلمی کی چوتھی پوزیشن ہے،اہم مقابلے میں جیتنے والی ٹیم کے لیے پلے آف تک رسائی آسان ہوجائے گی۔

آسٹریلیا کیخلاف سیریز: قومی سکواڈ کے تربیتی کیمپ کا آج آغاز

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل دستیاب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تربیتی کیمپ میں اظہر علی، فواد عالم، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل اور زاہد محمود شرکت کریں گے۔ ریزرو کھلاڑی یاسر شاہ اور محمد عباس بھی کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ ان کے علاوہ کیمپ میں طلب کردہ اضافی کھلاڑیوں میں عالیان محمود، احمد بشیر، علی عثمان، ارشد اللہ، حسیب اللہ، عرفان اللہ شاہ، محمد علی، رضا المصطفی اور تاج ولی بھی پریکٹس سیشنز میں شرکت کریں گے۔

کورونا وائرس سے مزید 40 افراد دم توڑ گئے، 24 گھنٹوں میں 2870 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ پانچ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 917 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 94 ہزار 293 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 870 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 97 ہزار 307، سندھ میں 5 لاکھ 61 ہزار 683، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 13 ہزار 21، بلوچستان میں 35 ہزار 163، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 274، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار 529 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستانی نژاد امریکی شہری امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور مقرر

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستانی نژاد امریکی سفارت کار دلاور سید کو تجارتی اور کاروباری امور کے لیے نمائندہ خصوصی بنانےکا اعلان کردیا۔
پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے نے محکمہ خارجہ کے فیصلےکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دلاور سید امریکی کاروباری امور میں ایک نئی اور مضبوط سوچ لائیں گے۔
اِس موقع پر دلاور سید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ عالمی سطح پر امریکا کی نمائندگی کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں دلاور سید نے کہا کہ 30 سال قبل جب وہ امریکا میں ایک طالب علم کی حیثیت سے آئے تھے تو سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں امریکا کی سفارت کاری کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
دلاور سید کا کہنا تھا کہ ایسا ہونا صرف امریکا میں ہی ممکن ہے، اگر آپ اپنے مقاصد پر قائم رہیں تو کوئی بھی چیز ناقابل تسخیر نہیں ہے۔

ایران کے پاس جوہری ڈیل تسلیم کرنے کیلئے چند روز کی مہلت ہے: فرانس

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ڈیل تسلیم کرنے کے لئے چند روز کی مہلت ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکی سینیٹ میں بریفنگ کے دوران فرانس کے وزیر خارجہ جین یویس کا کہنا تھا کہ ایران نے اگلے چند دنوں میں جوہری معاہدہ تسلیم نہیں کیا تو سنگین بحران جنم لےگا۔
ایران کے قومی سلامتی مشیر نے ذمہ داری امریکا اور یورپی اتحادیوں پر عائد کرتے ہوئے کہاکہ امریکا اور یورپی ممالک جوہری معاہدکے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے ہیں، تہران کے لئے جوہری معاہدہ اندر سے خالی اور کھوکھلا بن چکا ہے۔

یمن میں انسانی بحران، اقوام متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی

صنعا: (ویب ڈیسک) یمن میں انسانی بحران مزید گھمبیر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا اور اقوام متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق یو این کے نمائندہ خصوصی برائے یمن مارٹن گریفتھس کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ 80 لاکھ یمنی شہری امداد سے محروم ہوجائیں گے، بھوک و افلاس کے شکار یمنی شہریوں کی امداد کے لئے ہنگامی فنڈز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوری میں فنڈز کی قلت کے باعث اقوام متحدہ کے دو تہائی امدادی پروگرامز ختم ہوچکے ہیں۔

برطانوی پولیس کا شہزادہ چارلس کے فلاحی ادارے کیخلاف تفتیش کا آغاز

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادہ چارلس کے خیراتی ادارے پرنس فاؤنڈیشن کے خلاف برطانوی پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس شہزادہ چارلس کے خیراتی ادارے کی جانب سے ایک سعودی شہری کو برطانوی شہریت دلانے سمیت دیگر اعزازات کے حصول میں غیر قانونی مدد کی پیشکش پر تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ شہزادہ چارلس کے فلاحی ادارے کے خلاف آنرز ایکٹ 1925 کے تحت تحقیقات کر رہی ہے تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی کسی کا انٹرویو کیا گیا ہے۔
کوئی گرفتاری نہ ہونے کے باعث سمجھا جارہا ہے کہ شہزادہ چارلس کے خیراتی ادارے کی جانب سے میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے شہزادہ چارلس کی فاؤنڈیشن کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ گزشتہ برس ستمبر میں موصول ہونے والے ایک خط کے جائزے کے بعد کیا۔ یہ خط مبینہ طور پر شہزادہ چارلس کے شاہی خدمت گار مائیکل فاسٹ نے لکھا تھا۔
اس خط سے ظاہر ہوتا ہے کہ شاہی خدمت گار مائیکل فاسٹ مبینہ طور پر سعودی شہری کے لیے اعزاز حاصل کرنے میں مدد کی پیشکش کی تھی۔
خط کے منظر عام پر آنے کے بعد مائیکل فاسٹ نے شہزادہ چارلس کی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا تاہم شہزادہ چارلس کے ادارے نے کہا تھا کہ الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
ادارے نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ شہزادہ چارلس کو ان کے خیراتی اداروں کو عطیہ کی بنیاد پر اعزاز یا برطانوی شہریت کی مبینہ پیشکش کا کوئی علم نہیں تھا۔