All posts by Khabrain News

رانا ثناء کی 5 ایم پی ایز کوغائب کرنے کی دھمکی سیاسی غنڈہ گردی ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی 5 ارکان اسمبلی کو غائب کرنے کی دھمکی سیاسی غنڈہ گردی ہے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی 5 ارکان اسمبلی کو غائب کرنے کی دھمکی سیاسی غنڈہ گردی کا ثبوت ہے، ارکان اسمبلی کو اٹھایا جانا اورخرید وفروخت جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے، ڈالر 218 روپے کا ہوگیا، معیشت تباہ حال ہے لیکن کسی کو فکر نہیں، ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا توجھاڑو پھر جائے گی۔

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ سنائے:وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ طویل عرصے سے التواء کے شکار پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنائے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا ہے کہ ریاستی اداروں پر بار بار شرمناک حملوں کے باوجود عمران نیازی کو کھلی چھٹی دی جارہی ہے، عمران نیازی کو دیئے گئے استثنیٰ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

گرمی کی شدت کیساتھ ہی شارٹ فال پھر بڑھنے لگا، 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گرمی کی شدت کیساتھ ہی بجلی کا شارٹ فال پھر بڑھنے لگا، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے تک پہنچ گیا.
ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 65 میگا واٹ تک پہنچ گیا جبکہ بجلی کی کل طلب 28 ہزار 500 میگاواٹ ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 435 میگا واٹ ہے، ہائیڈل سے 6 ہزار 600 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 120میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔
نجی شعبے کے بجلی گھروں سے مجموعی پیداوار 11 ہزار میگا واٹ تک ہے، ونڈ پاور پلانٹس 1100 میگا واٹ اور سولر پلانٹس 170 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے، بگاس سے بجلی کی پیداوار 160میگا واٹ ہے، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 285 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
توانائی ذرائع کے مطابق ملک بھر کے بڑے شہروں میں 8 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے زیادہ ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔

ڈالر مزید تگڑا، روپے کو رگڑا، امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر مزید تگڑا، روپے کو رگڑا، امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی، پاکستانی کرنسی کے مقابلے ڈالر 2 روپے 31 پیسے مہنگا ہو گیا۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کے قرض پروگرام کی بحالی کے معاہدے کے باوجود روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک مارکیٹ ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن کے آغاز ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور کاروبار کے دوران ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 217 روپے سے تجاوز کرگیا۔
انٹر بینک میں ڈالر2 روپے 31 پیسے اضافہ کے بعد 217 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈالر کی قدر میں 3 روپے 5 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد 216 روپے پر بند ہوا تھا۔

برطانوی حکومت نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ جیت لیا، وزارتِ عظمیٰ کیلئے چار امیدوار میدان میں رہ گئے۔
برطانوی حکومت نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ جیتتے ہوئے ایک سو گیارہ ووٹوں کی اکثریت حاصل کی۔ دارالعوام میں اعتماد کے ووٹ پر پانچ گھنٹے بحث ہوئی جس میں حکومت کے حق میں تین سو انچاس اور مخالفت میں دو سو اڑتیس ووٹ پڑے۔
دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کی دوڑ میں رشی سوناک نے ایک سو پندرہ ارکان کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ پینی مورڈانٹ بیاسی ووٹوں کے ساتھ دوسرے، لزٹُرس اکہترووٹوں کے ساتھ تیسرے جبکہ کامی بدینوچ اٹھاون ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

رواں سال کراچی کے شہری 27 ہزار موٹر سائیکلوں اور 14 ہزار موبائل فونز سے محروم

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں سٹریٹ کرائم عروج پہنچ گیا، دن ہو یا رات شہری ملزمان کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کے شہری 27 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں، 1173 گاڑیوں اور 14 ہزار موبائل فونز سے محروم ہو گئے۔ سی پی ایل سی نے رپورٹ جاری کر دی۔
پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اور پولیس، رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے سب کے سب کراچی میں سٹریٹ کرمنلز کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔ بے چارے شہری سڑکوں پر روز لٹتے ہیں۔ موبائل فون، گاڑیوں اور نقدی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور یہ سلسلہ برسوں سے چلا آ رہا ہے۔ رواں سال کے چھ ماہ بھی کراچی والوں پر بڑے بھاری گزرے۔
چھ ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے شہریوں سے 14 ہزار 490 موبائل فونز چھینے، گزشتہ سال کے چھ ماہ میں یہ تعداد 12 ہزار 393 تھی۔ رواں سال شہریوں کی 27 ہزار 319 موٹرسائکلیں چوری اور چھینی گئیں، 2021 کے چھ ماہ میں 25 ہزار 467 موٹرسائکلز چوری ہوئیں۔
لٹیروں نے شہریوں کو 1173 گاڑیوں سے بھی محروم کر ڈالا، گزشتہ نصف سال میں یہ تعداد 919 تھی۔ شہر میں ڈکیتی اور دیگر واقعات میں رواں ماہ 150 سے زائد افراد قتل ہوئے۔ کراچی کے شہری سٹریٹ کرائم پر برسوں سے آواز اٹھا رہے ہیں مگر سندھ کے حکمرانوں نے کوئی سنجیدہ قدم نہ اٹھایا۔
متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے باوجود پولیس ملزمان کو موثر سزا دلوانے میں ناکام نظر آتی ہے، موثر قانون سازی نہ ہونے کے باعث گرفتار ملزمان بھی رہا ہوجاتے ہیں۔

ایکواڈور کی جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم، 13 ہلاک

کیوٹو: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جیل میں قیدیوں کے دو گروہوں کے درمیان لڑائی علاقے کے تنازعے اور منشیات سمگلنگ کے راستوں کے تعین پر ہوئی۔ تصادم کے دوران 13 قیدی ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
ایکواڈور کی جیل میں قیدیوں کے درمیان لڑائی کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ دو ماہ قبل بھی اسی جیل میں 44 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سرکاری دورے پر فرانس پہنچ گئے

پیرس: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سرکاری دورے پر فرانسیسی دارالحکومت پیرس پہنچ گئے۔
فرانسیسی صدر میکرون نے اماراتی ہم منصب کا ریڈ کارپٹ پر شانداراستقبال کیا اوران کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
فرانسیسی حکومت کے مطابق معاہدے کا مقصد مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

لاہور میں آج بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) آج لاہور میں موسم کی ملی جلی کیفیت برقرار رہے گی۔ تمام دن بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کل سے لاہور میں بارشیں برسانے والا نیا نظام داخل ہوگا۔
لاہور میں بادلوں کی موجودگی کے باوجود بارش کا زیادہ امکان نہیں ہے،کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ سے شہر میں بارشوں کے نئے نظام کی پیش گوئی کردی، بارشوں کا نیا سلسلہ دوسے تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کورونا کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ، مثبت کیسز کی شرح 2.80 فیصد تک جا پہنچی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مثبت کیسز کی شرح 2.80 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 2.80 فیصدریکارڈ کی گئی۔
این آئی ایچ کے مطابق ایک دن میں16 ہزار 419 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 459 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی جبکہ 163 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔