All posts by Khabrain News

جو لوگ عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، فواد چوہدری

جہلم: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جو لوگ عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے۔
پنڈدادنخان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے آج عدالت میں کہا جو کاپیاں دیں وہ پڑھی نہیں جاتیں، سیاہی ٹھیک نہیں، چارج فریم پڑھا نہیں جارہا، شہبازشریف کو کاپیاں پڑھنے کے لیے بھی استاد کی ضرورت پڑی، اس طرح کے حربے اختیار کرکے یہ احتساب کے عمل سے بچ نہیں سکیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں اور خود اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوسکتے، مارچ والوں سے مارچ کیا واک بھی نہیں ہونی، پیپلزپارٹی لبرل اور جے یو آئی مذہبی جماعت ہے مگر کس لیے ساتھ ہوئے، مولانا سمجھتے ہیں کہ مدرسے کے بچے لانگ مارچ کامیاب کرائیں گے اور بچے اکٹھے کرکے یہ لوگ حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے، یہ کہتے ہیں عدم اعتماد تحریک لائیں گے، ان پر تو اپنے گھر والے اعتماد نہیں کرتے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف قرضہ نہ لیتے تو آج ادائیگی کے لیے مزید نہ لینے پڑتے، نوازشریف لندن جانے کے لیے جھوٹ بول کرگئے، مریم صفدر بھی عدالتوں کے سامنے جھوٹ بول رہی ہوتی ہیں، عوام کے پیسے چوری کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ یہ پہلےعوام کا پیسہ لائیں اور پھر سیاست کریں، یہ لوگ عوام کے مجرم ہیں، بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہورہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم صفدر صرف میئر کا انتخاب لڑ کر دکھادیں۔

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15سال،بھارتی ناظم الامورکی دفترخارجہ طلبی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15 سال مکمل ہونے پربھارتی ناظم الامور کودفترخارجہ طلب کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخارنے بیان میں کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15 سال مکمل ہونے پربھارتی ناظم الامورکودفترخارجہ طلب کرکے سانحے کے متاثرین کوانصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 15 سال گزرنے کے باوجود سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین کوانصاف نہ ملنے اوربھارتی حکومت کی بے حسی پرپاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں اوراس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
سمجھوتہ ایکسپریس میں 2007 میں دہشتگردی کے واقعہ میں 44 پاکستانی شہریوں سمیت 68 مسافرجاں بحق ہوئے تھے۔

فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے تاحیات نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔
اپیل میں الیکشن کمیشن اور مخالف شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں تھا، الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لاء نہیں تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کردی۔
اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سینیٹر کے عہدے پر بحال کیا جائے تاہم ہائی کورٹ سے مسترد ہونے پر فیصل واوڈا نے اب سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

بے تحاشا سونا پہننے کے شوقین نے حیران کن وجہ بتا دی

ہنوئی: (ویب ڈیسک) بے تحاشا سونا پہننے کے شوقین ویتنامی شہری نے خواتین کی طرح زیورات سے سجنے کی حیران کن وجہ بتا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سونا پہننے کے جنونی ویتنامی شہری نے اپنی گاڑی اور موٹرسائیکل پر بھی سونا چڑھوا لیا، وہ صوبہ آن گیان سے تعلق رکھتے ہیں اور امریکہ میں پائی جانے والی چھپکلیوں کی فروخت کا کام کرتے ہیں جو بطور بیش قیمت پالتو جانور استعمال ہوتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 39 سالہ تران ڈک لوئی اپنے پیسوں کی نمائش سونے کے زیورات پہن کر کرتے ہیں۔
ویتنامی شہری کا ماننا ہے کہ سونا تجارت میں خوش نصیبی کو اپنی جانب کھینچتا ہے، اس لئے وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ جب بھی گھر سے نکلیں تو کافی زیادہ سونا پہن کر نکلیں۔ تران سونا پہننے کی وجہ سے اہل علاقہ میں کافی مقبول ہیں۔

چہرے پر انسانی تاثرات اور جذبات ظاہر کرنے والا روبوٹ بچہ

جاپان: (ویب ڈیسک) جامعات اورمیڈیکل کالجوں میں انسانی جذبات اوراحساسات ظاہر کرنے والی تصاویراورویڈیوزکوتدریس میں استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن اب ایک روبوٹ بھی یہ تمام جذبات بہت اچھی طرح اپنے چہرے پر نمایاں کرسکتا ہے۔
لیکن ویڈیوز اور تصاویر کی اپنی خوبیاں اور خامیاں ہوسکتی ہیں۔ اسی لیے اب جاپانی روبوٹ ساز کمپنی رائکن نے نکولا نامی روبوٹ بچے کا سر بنایا ہے جس کے چہرے پر 35 بادی (نیومیٹک) ایکچوایٹرنصب ہیں اور وہ چھ طرح کے تاثرات اپنےچہرے پرظاہرکرتا ہے۔ یہ تعلیمی اداروں میں بالخٓصوص نفسیاتی تدریس میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
اس کا پورا نام ’نکولا دی اینڈروئڈ چائلڈ‘ ہے اور وہ اپنے چہرے پر جو بھی تاثر دکھاتا ہے اس میں کوئی کمی نہیں ہوتی جسے تمام افراد پہچان سکتے ہیں۔ یہ روبوٹ اپنے چہرے پر خوشی، غم، خوف، غصے، حیرت، اور مضحکہ خیزتاثرات ظاہر کرتا ہے۔ صرف آنکھوں اور سر پر بل کے لیے اس میں چھ ایکچوایٹرلگائے گئے ہیں۔
ہرایکچوایٹرپر فیشل ایکشن کوڈنگ سسٹم ( ایف اے سی ایس) کی بنا پر روبوٹ کے چہرے پر جو ایکچوایٹرلگائے گئے ہیں وہ عین حیاتیاتی ’فیشل ایکشن یونٹس‘ کی طرح کام کرتے ہیں۔ یہ احساسات ہمارے چہرے پر مختلف عضلات اور پٹھوں (مسلز) کیوجہ سے ہی ممکن ہوتا ہے۔ ہوا کی قوت سے چلنے والے ایکچوایٹر بہت ہی مؤثر انداز میں چہرے پر جذبات سجاتے ہیں۔
ماہرین نے نکولا کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور انسانی جذبات دھارنے کے عمل کو بہترین قرار دیا ہے۔

ٹائیگر شروف کی گرل فرینڈ نے 80 کلو گرام وزن اٹھا کر سب کو حیران کردیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وُڈ کی اداکارہ دیشا پٹانی اپنی فٹنس کے معاملے میں بہت حساس ہیں اور انسٹاگرام پر آئے روز اپنی جِم کی روٹین کی ویڈیوز پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
ابھی حال ہی میں دیشا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ 80 کلو گرام وزن اٹھاتی نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو نے جہاں دیگر اداکاروں کو حیران کیا وہیں ٹائیگر شروف کی والدہ اور بہن بھی دیشا کو داد دیئے بغیر نہیں رہ سکیں۔
اس سے قبل انہوں نے ہوا میں الٹی قلابازی کے کرتب کی بھی ویڈیو شیئر کی تھی جس پر مداحوں میں گردش کررہی ایک افواہ کے مطابق ٹائیگر شروف بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے تھے اور انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کو آگ اور دل کے ایموجیز میسج کیے تھے۔
اگرچہ دیشا پٹانی اور جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر شروف نے ابھی تک اپنے رشتے کے بارے میں وضاحت نہیں کی تاہم دونوں اکثر باہر ریستورانوں میں ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں اور بیرون ملک چھٹیاں گزارنے بھی ایک ساتھ جاتے ہیں۔

میرے شوہر کبھی بھی دوسری شادی نہیں کر سکیں گے: حبا بخاری

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حبا بخاری نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کبھی بجہ دوسری شادی نہیں کر سکیں گے کیونکہ انہوں نے یہ شرط نکاح نامے میں لکھوائی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکار جوڑی حبا بخاری اور آریز احمد کی شادی سے متعلق دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔ دونوں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔
حبا بخاری نے پروگرام میں بتایا کہ آریز اب دوسری شادی نہیں کر سکیں گے کیونکہ یہ ان کے نکاح کے معاہدے کی اہم شرط تھی اور اسے نکاح نامے میں بھی باقاعدہ درج کروایا گیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے علاوہ بھی بہت کچھ نکاح نامے میں لکھوایا۔

فی تولہ سونا مزید مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں پچاس روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قدر 5 ڈالر بڑھ گئی جس کے بعد نئی قیمت 1891 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 26 ہزار 450روپے ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 85 روپے اضافے سے ایک لاکھ 8 ہزار 410 روپے ہے۔

اے این ایف کی پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی، 18 کلو منشیات برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے مشترکہ کارروائی میں ملزمان سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں۔
اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر پشاورموٹروے ٹول پلازہ کےقریب ِ تلاشی کے دوران18 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ برآمدشدہ منشیات میں 15 کلوگرام چرس اور 3کلوگرام افیون شامل ہے ۔برآمدشدہ منشیات کار میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئ تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق دورانِ کارروائی گاڑی میں سوارپشاور کےرہائشی رفیع اللہ اورچارسدہ کےرہائشی مرسلین خان2 ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا۔ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا غلطی تھی: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ سب ڈرے ہوئے ہیں، نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا غلطی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف خیبرپختونخوا جاتا تو کہتا تھا کدھر ہے نیا پاکستان، خیبرپختونخوا کسی کو دوسری باری نہیں دیتا، خیبرپختونخوا نے دوسری بار بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، فضل الرحمان کو مولانا نہیں کہوں گا، پہلی بار اسمبلی ڈیزل کے بغیر سولر پر چل رہی ہے، ڈیزل سب کو اکٹھا کر کے ہر 3 ماہ بعد کہتا ہے حکومت کو گرا دو، 20 سال سے یہ ایک دوسرے کو ڈاکو کہہ رہے ہیں۔