All posts by Khabrain News

یوکرین میں روسی جنگ برسوں تک چل سکتی ہے، امریکی جنرل

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی جنرل مارک ملی کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روسی جنگ برسوں تک چل سکتی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے امریکی کانگریس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں روس کی جنگ برسوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی مدد کرنے والے امریکہ اور دیگر ممالک بھی اس جنگ میں کچھ عرصے تک شامل رہیں گے۔
جنرل مارک ملی نے مشورہ دیا ہے کہ امریکہ کو مشرقی یورپ میں اپنے مستقل اڈے قائم کرنے چاہئیں لیکن فوج کو مستقل طور پر کسی ایک جگہ تعینات کرنے کی بجائے انہیں ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بالٹک ریاستیں، رومانیہ اور پولینڈ اس طرح کے اڈوں کی ادائیگی کے لیے بھی راضی ہیں۔

بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد

لاہور: (ویب ڈیسک) بابر اعظم کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کر لیا گیا۔
آئی سی سی نے مارچ کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہو گئے۔
بابر اعظم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

خلاوں پر نظر رکھے ایلون مسک ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) لگژری کاریں بنانے والی کمپنی ’ٹیسلا’ ، اسپیس ایکس کے بانی اور دنیا کے امیر ترین ایلون مسک نے اب ٹوئٹر کو بھی سنبھال لیا ہے۔
مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئر خریدنے کے بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہوگئے ہیں۔ جس کی تصدیق ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے کی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں ایلون مسک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد کمپنی کو یقین ہوگیا کہ وہ ان کے لیے فائدہ مند ہیں، اس لیے انہیں بورڈ آف ڈائریکٹر کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
جس پر ایلون مسک نے جواب دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹوئٹر میں نمایاں بہتری لانے کے لیے پیراگ اور ٹوئٹر بورڈ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہوں!
گزشتہ ہفتے ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کا کہنا تھا کہ وہ ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے بارے میں سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک پول میں صارفین سے یہ پوچھا تھا کہ کیا ٹوئٹر آزادیٔ اظہار کے اصولوں کی پاسداری کر رہا ہے؟‘۔ جس کے جواب میں 70 فیصد افراد کا جواب نفی میں تھا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر آزادی اظہار کے اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانے میں ناکامی کی وجہ سے جمہوری قدروں کا ساتھ نہیں دے رہا۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تیاریاں مکمل

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی ایک اور جوڑی نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کر لیا۔ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، تقریبات 17 اپریل تک جاری رہیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اسٹارز نے شادی کے لیے رنبیر کپور کے انکل رندھیر کپور کے گھر (RK House) کا انتخاب کیا ہے، جہاں 1980 میں رنبیر کپور کے والد رشی کپور اور نیتو سنگھ کی شادی ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کی ہی رپورٹ کے مطابق دونوں اداکار نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھیں گی جس میں صرف ان کے خاندان اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔
رنبیر کپور کی والدہ نیتو سنگھ کو بھارت کے مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا کے اسٹوڈیو اور پھر انہیں ان کے گھر جاتے بھی دیکھا گیا ہے، جبکہ عالیہ اور رنبیر نے اپنی فلموں کی جاری شوٹنگز سے کچھ دیر کے لیے بریک بھی مانگ لی ہے۔
پنک ولا نے رپورٹ میں کہا ہے کہ شادی کے بعد رنبیر اور عالیہ کا ریسپشن ممبئی میں رکھا جائے گا، جس میں کئی بالی ووڈ ستارے نظر آئیں گے، جس کی گیسٹ لسٹ بھی تیار ہو چکی ہے، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ رنبیر کپور کی پرانی دوست رہ چکیں دیپیکا پڈوکون کا نام بھی شامل ہے۔
یاد رہے عالیہ بھٹ ہمیشہ سے انٹرویوز میں بتاتی رہی ہیں کہ 11 سال کی عمر سے انہیں رنبیر کپور سے محبت ہوئی تھی، لیکن ان کا رشتے کا آغاز 2017 میں ہوا، جسے 2018 میں انہوں نے سونم کپور کی شادی پر ایک ساتھ آ کر آفیشل کر دیا۔

سعودی حکومت نے عمرہ ادائیگی کی شرائط میں مزید نرمی کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) عمرہ زائرین کے لئے اچھی خبر سامنے آ گئی، سعودی حکومت نے عمرہ ادائیگی کی شرائط میں مزید نرمی کر دی۔
عمرہ ادائیگی سے متعلق سعودی سفارتخانہ کی جانب سے نیا سرکلر جاری کر دیا گیا، تمام عمرہ آپریٹر ایجنسیز اور ائیرلائینز کو جاری سرکلر میں کہا گہا ہے کہ اب 40 سال سے کم عمر کے مرد حضرات بغیر فیملی کے عمرہ ادا کر سکیں گے جبکہ پینتالیس سال سے کم عمر زائرین فیملی کے بغیر بھی عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جا سکیں گئے جبکہ 45 سال سے کم عمر خواتین کے لیے محرم کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
خواتین بغیر محرم سعودی عرب عمرے کی غرض سے جا سکیں گی اسکے علاوہ بغیر محرم خواتین پر سے گروپ کی شرط بھی ہٹا دی گئی ہے، خواتین کو عمرہ کی غرض سے گروپ کی صورت میں جانے کی بھی اجازت ہوگی۔

کراچی: منشیات سمگلنگ کیخلاف کارروائیاں، 70 کلو منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) اے این ایف نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
اے این ایف سندھ نے پورٹ قاسم پر کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ سے سمگل کی جانے والی منیشات کی کوشش ناکام بنائی، کارروائی کے دوران 40 کلو گرام ہیروئین برآمد کی گئی، رینجرز کے ہمراہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں ایک اور کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرکے 13 کلو آئس اور ہیروئین برآمد کی گئی جبکہ نجی کورئیر کمپنی پر چھاپہ مار کر 33 کلو سے زائد مشکوک مواد برآمد کیا۔ حکام کے مطابق کورئیرکمپنی کےذریعے پارسل میں مواد چھپا کر سمگل کیا جا رہا تھا۔
ادھر حیدرآباد حالا ناکہ کے قریب گاڑٰی سے17 کلو گرام منشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔

فیصل آباد میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور سرگرم، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) رحمتوں بھرے ماہ رمضان میں شیطان تو قید لیکن منافع خور آزاد ہیں، یہی وجہ ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔
رمضان المبارک میں افطار کیلئے پھل اور سبزیاں زیادہ مقدار میں دستر خوان کی زینت بنتے ہیں۔ فیصل آباد میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور سرگرم دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
پھلوں کی بات کریں تو خربوزہ 70 روپے سے بڑھ کر 150 روپے ، سٹابری 100 روپے سے بڑھ کر 150 روپے، سیب 150 سے بڑھ کر 300 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔ سبزیوں کی قیمت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے ، دکاندار کہتے ہیں ذخیرہ اندوزوں نے پھل اور سبزیوں کی مصنوعی قلت پیدا کررکھی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر کا کہنا ہے منافع خوروں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں۔ گرم موسم کے باعث افطار میں سکنجبین کا استعمال زیادہ ہوتا ہے جس کے سبب لیموں اوپن مارکیٹ میں 480 روپے تک فروخت ہورہے ہیں۔

تحریک انصاف اپنے ہی ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئی

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی۔
پنجاب میں نیا بحران ابھرنے لگا، تحریک انصاف ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئی، ڈپٹی سپیکر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی، وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے منظوری حاصل کر لی ۔ تحریک عدم اعتماد میاں محمود الرشید اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کروائی گئی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد سردار دوست مزاری اسمبلی اجلاس بلانے کے اہل نہیں رہے۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق غیر یقینی صورتحال درپیش تھی کہ آج اجلاس ہو گا یا نہیں۔ سردار دوست مزاری کا اصرار تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 6 اپریل کو ہی ہو گا جبکہ سیکرٹری ترجمان اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کو ہو گا۔

فیس بک اور ٹک ٹاک کی ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی لڑائی

ایک سیاسی کنسلٹنگ فرم ’ٹارگٹڈ وکٹری‘ کے چیف ایگزیکٹیو نے واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کا جواب دیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ میٹا (فیس بک) نے ٹِک ٹاک کو کمزور کرنے کے لیے اُن کی خدمات حاصل کی تھیں۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے ایسی ای میلز دیکھی ہیں، جو ظاہر کرتی ہیں کہ ٹارگٹڈ وکٹری نامی سیاسی کنسلٹنگ فرم کو ایسی مہم چلانے کا کہا گیا جس میں ٹک ٹاک کو ’امریکی بچوں کے لیے خطرے‘ کے طور پر پیش کیا جائے۔

ٹارگٹڈ وکٹری کے چیف ایگزیکٹیو زیک موفٹ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں اُن کے کمپنی کے کام کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے اور رپورٹ کا مرکزی نکتہ بلکل غلط ہے۔

بی بی سی نے میٹا ( فیس بک) سے واشنٹگن پوسٹ کی خبر پر تبصرے کے لیے رابطہ کیا۔ میٹا (فیس بک) کے ترجمان نے کہا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ تمام پلیٹ فارمز بشمول ٹک ٹاک کو اس کی کامیابی کے مطابق جانچ پڑتال کا سامنا کرنا چاہیے۔‘

امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی

واشنگٹن : امریکی حکومت نے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی کردی، سفری ہدایات میں’زیادہ احتیاط برتنے‘ کے الفاظ حذف کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات میں نرمی کردی گئی۔

تازہ جاری کی گئی سفری ہدایات میں’زیادہ احتیاط برتنے‘ کے الفاظ حذف کردیئے گئے ہیں جبکہ سی ڈی سی کی جانب سے پاکستان کا لیول ون کیٹیگری میں شمار کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے پاکستان میں بیرونی سازش پر،امریکی محکمہ خارجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ملک آئین کی بالادستی اور جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا ہے،یہ اصول صرف پاکستان نہیں بلکہ باقی ملکوں کے لیے بھی ہے۔

امریکہ کسی ایک جماعت نہیں قانون کی حکمرانی اور برابری کےاصول کی حمایت کرتا ہے۔