All posts by Khabrain News

لاہور: نواب ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ڈاکو ہلاک، ڈولفن فورس کا اہلکار زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ڈاکووں اور پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکو ہلاک جبکہ ڈولفن فورس کا اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن میں ڈاکووں نے ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو زخمی ہوئے اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اہلکار عمیس اشرف اور ہوٹل ملازم فخر امام زخمی ہوئے۔ پولیس نے زخمیوں کو جناح ہسپتال جبکہ ڈاکوؤں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔

نئی یادداشت لکھنے کا ارادہ رکھتی ہوں: برٹنی سپیئرز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے کہا ہے کہ وہ ایک کتاب لکھنے کے عمل میں مصروف ہیں جو ان کی یادداشت پر مشتمل ہو گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برٹنی نے حالیہ خبروں کی تصدیق کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ نئی یادداشت لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ سپیئرز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ یادداشتوں پر مبنی ان کی یہ نئی کتاب زندگی کے ان دردناک واقعات کے بارے میں ہو گی جن کا وہ پہلے کبھی کھل کر اظہار نہیں کر سکی تھیں۔ واضح رہے کہ برٹنی سپیئرز کے والد جمی سپیئرز نے 2008 میں ایک عدالتی حکم کے تحت گلوکارہ کے معمولات زندگی کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے تحت وہ کچن کی الماری کا رنگ تبدیل کرانے سے لے کر بچے پیدا کرنے تک کے فیصلے خود نہیں کر سکتی تھیں۔ انہیں بالآخر گذشتہ برس 13 سال بعد اس ظالمانہ دور سے نجات ملی تھی۔

رمضان المبارک کے دوران یوٹیلٹی سٹورز سے چینی ،گھی اور آٹا غائب، شہری رل گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی، یوٹیلٹی سٹورز سے اشیائے ضروریہ غائب ہو گئیں، چینی ،گھی اور آٹے کے حصول کےلیے شہری رل گئے۔ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی شہریوں کو رعایتی اشیاء کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی، صوبے بھر میں یوٹیلٹی سٹورز پر 19 رعایتی اشیاء کا حصول دشوار ہو گیا۔ حکومت کی جانب سے سٹورز پرسستی اشیاء کی فراہمی کے اعلان کے باوجود اشیاء دستیاب نہیں، شہری یوٹیلٹی سٹورز کا رخ تو کرتے ہیں تاہم سستی چینی، آٹا اور گھی کا ملنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش مہنگی ہونےکے باعث شہری سٹورز کا رخ کررہے ہیں تاہم گھنٹوں انتظار کے بعد مایوس لوٹنے پرمجبور ہیں۔

سیاسی صورتحال کے معیشت پر منحوس سائے، ڈالر مسلسل تگڑا، مہنگائی میں اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کی سیاسی صورتحال کے منحوس سائے ملکی معیشت پر گہرے ہونے لگے۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد ڈالر مسلسل تگڑا اور روپیہ کمزور پڑ رہا ہے۔ حصص بازار میں بھی سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے جبکہ مہنگائی بھی چپکے چپکے اپنے پر پھیلا رہی ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان سے روپیہ ہلکان ہو گیا، سٹاک ایکسچینج گراوٹ کا شکار ہے، ملکی سیاسی صورتحال کے کالے بادل معیشت پر چھانے لگے۔ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو پریشان کر دیا۔ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے پہلے پاکستان میں ڈالر کی قیمت 178 روپے 13 پیسے تھی مگر اسمبلی میں تحریک آنے کے بعد روپیہ مسلسل اپنی قدر کھو رہا ہے۔ ان اٹھائیس دنوں میں پاکستانی کرنسی سات روپے نو پیسے تک گر چکی ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر مزید ایک روپیہ 14 پیسے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 185 روپے 14 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے اضافے سے 186 روپے 20 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔ ڈالر کی بڑھتی قیمت کا اثر بیرونی قرضوں پر بھی پڑ رہا ہے، قوم پر قرضوں کے بوجھ میں مزید ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ملکی سیاسی صورتحال کے اثرات سٹاک ایکس چینج پر بھی نظر آئے، گذشتہ کاروباری دن کے اختتام پر مارکیٹ میں بارہ سو پچاس پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچ چینج میں شیئرز کی خریداری کے بجائے حصص دھڑا دھڑ فروخت ہوتے رہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کے باعث مارکیٹ 1ہزار 250 پوائنٹس کمی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 43 ہزار 902 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں ہونے والی مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے 150 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد مہنگائی کا جن بھی بے قابو ہو رہا ہے، پہلے ملک میں عام مہنگائی کی شرح 12 اعشاریہ 2 فیصد تھی جو تحریک پیش ہونے کے بعد بڑھتے بڑھتے 12 اعشاریہ سات فیصد سے بھی آگے نکل رہی ہے، یوں ان اٹھائیس دنوں میں مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد کھانے پینے کی اشیا کے دام بھی بڑھ گئے ہیں، ان کی اشیا کی مہنگائی پہلے 14 اعشاریہ 3 فیصد تھی جو اس پورے عرصے میں اعشاریہ 2 فیصد بڑھ کر 14 اعشاریہ 5 فیصد ہو چکی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق روپے کی قدر میں کمی، سٹاک ایکسچینج میں گراوٹ اور مہنگائی میں اضافے کی وجہ ملک میں جاری سیاسی کشمکش ہے۔ معیشت مسلسل زوال پذیر ہے مگر حکمرانوں کی توجہ ملک کی حالت زار کے بجائے نئے تنازعات کھڑے کرنے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے پر لگی ہوئی ہے۔

سری لنکا: 41 حکومتی اراکین اپوزیشن سے مل گئے، صدر اکثریت سے محروم

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں معاشی بحران کے بعد آئینی بحران بھی سر اٹھانے لگا، حکومت کے 41 اراکین اسمبلی اپوزیشن سے جا ملے جس کے سبب صدر گوٹابیا راجہ پکسا پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں اتحادیوں نے بھی حکومت سے استعفی دینے کا مطالبہ کر دیا جبکہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی دی ہے۔ ادھر رات گئے صدر گوٹابیا راجہ پکسا نے یکم اپرل سے نافذ ایمرجنی منسوخ کر دی۔ دوسری جانب دو رز قبل تعینات کئے گئے وزیر خزانہ علی صابری نے بھی استعفی دے دیا۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں عوامی احتجاج کے پیش نظر کرفیو لگایا گیا تھا اس کے باوجود شہری معاشی بحران پر احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے۔ سری لنکا اس وقت شدید معاشی بحران سے گذر رہا ہے جس کی وجہ سابق حکمرانوں کی معاشی بد انتظامی اور بڑھتا ہوا بجٹ شارٹ فال ہے۔

کویت: عدم اعتماد پر رائے شماری سے قبل حکومت مستعفی

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) عدم اعتماد کی تحریک پر رائے شماری سے قبل کویت کی حکومت حلف برداری کے 3 ماہ بعد مستعفی ہو گئی، وزیراعظم صباح خالد الصباح نے کابینہ کی جانب سے ولی عہد مشعل احمد الجابر الصباح کو استعفی پیش کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم الصباح کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر رائے شماری رواں ہفتے ہونا تھی، گذشتہ ہفتے مبینہ کرپشن اور بد انتظامی کی وجہ اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم صباح خالد الصباح کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ملکی مسائل سے نمٹنے اور معاشی اصلاحات کیلئے انہیں غیر موزوں قرار دیتے ہوئے نئے وزیراعظم کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کویت میں تیسری مرتبہ حکومت مستعفی ہوئی ہے۔

مقبوضہ وادی: قابض بھارتی فوج کی بربریت، مزید دو کشمیری نوجوان شہید

پلوامہ: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے۔ ظالم فورسز نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فورسز نے بزدلانہ کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں افراد کو پلوامہ کے علاقے آریگام ترال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ علاقے میں فوجی کارروائی بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شعبہ صحت کے تین نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب نے شعبہ صحت کے تین نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عثمان بزدار نے سروسز ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور و ٹراما سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور و ٹراما سنٹر کی تعمیر پر تقریباً 5 ارب روپے لاگت آئے گی، نئے ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سنٹر بننے سے 800 بستروں کا اضافہ ہوگا، ٹراما سنٹرز اور نئے ایمرجنسی بلاک میں سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں فراہم کریں گے، یہ منصوبے لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت حمید الدین حاکم سرجیکل کمپلیکس شیخ زید میڈیکل کالج / ہسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 7.6 ایکڑ اراضی پر تعمیرہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ظاہر پیر، رحیم یار خان میں ہب اینڈسپوک ماڈل کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا، منصوبے کے تحت ظاہر پیر، رحیم یار خان میں میڈیکل سینٹر بنے گا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے تینوں منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ ہیلتھ کی بہتری کیلئے ہماری حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے، قومی صحت کارڈپنجاب کے ہر خاندان کو مل چکا ہے، 400ارب روپے کا یہ منصوبہ اپنی مثال آپ ہے، سیاسی و انتظامی ٹیم کو شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اقدامات پر شاباش دیتا ہوں۔

ملک بھر میں موسم آج خشک رہے گا: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج ملک بھر میں موسم خشک رہے گا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج جنوبی پنجاب میں بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔ سندھ میں نوابشاہ، مٹھی، دادو اور موہنجودڑو میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بھی موسم خشک رہے گا۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب: پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب کر لیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے اجلاس طلب کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کے ساتھ مشاورت کے بعد اجلاس طلب کیا گیا ہے، پہلے اجلاس سولہ اپریل تک موخر کر دیا گیا تھا، آج شام ساڑھے سات بجے ہونے والے اجلاس میں آرٹیکل 130 کے تحت پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔