All posts by Khabrain News

لاہور: مقامی ہوٹل میں اپوزیشن ارکان کی موجودگی، پی ٹی آئی کارکن احتجاج کرنے پہنچ گئے

لاہور کے مقامی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی موجودگی پر تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے کارکن ریلی کی شکل میں ہوٹل کے باہر پہنچے، خواتین کارکن بھی ریلی میں شامل تھیں۔
ہوٹل کے باہر پولیس نفری تعینات ہے، مین بلیو وارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شرم کرو حیا کرو کے نعرے لگائے جارہے ہیں، اپوزیشن ارکان بھی ہوٹل سے باہر آگئے، متحدہ اپوزیشن نے اپنی خواتین ارکان اسمبلی کو کمروں میں بھیج دیا۔
ن لیگ کے رہنما خواجہ عمران نذیر کے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد وہ ساتھی ارکان کو ہوٹل کے اندر لےگئے۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کے ورکرز یہاں سے نہ گئے تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی اور ہم بھی اپنے کارکنوں کو طلب کرلیں گے، جس کے بعد حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔
ہوٹل کے اطراف راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گلبرگ کے علاقے میں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا تھا جس کے بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کردیا تھا تاہم بعد ازاں اپوزیشن نے طے کیا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب تک ارکان گھر نہیں جائیں گے۔

حکومت گرانے والے بحال کروانا چاہتے ہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سازش کو ناکام بنانے پر ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں، حکومت گرانے والے حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں مشاورت سے سابق چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد کا نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن رہنماء باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آ رہے ہیں، وہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، حکومت گرانے والے حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں، یہ عوام کی عدالت میں جانے سے ڈر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے، آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں، بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ بہترین کام کیا۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ ہمارا پاکستان میں تجربہ شاندار رہا، یہ ایک تاریخی دورہ ہے جو ایک عرصہ کے بعد ہوا، بہت اچھی کرکٹ ہوئی، میزبانی شاندار رہی، کرکٹ کا معیار غیر معمولی رہا ہے اور دورہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ آن لائن پریس کانفرنس میں آسٹریلیا کے کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے ون ڈے سیریز شاندار کھیلی ہے، پاکستانی کرکٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا، پاکستان کے ایمرجنگ کھلاڑی بھی اچھا کھیل رہے ہیں، ون ڈے سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو موقع ملا، ہم نے بہترین ون ڈے سائیڈ میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔ اینڈریو میکڈونلڈ نے مزید کہا کہ ٹریوس ہیڈ نے زمہ داری لی جس کا فائدہ ہوا، ہم تینوں ٹاس ہارے ہیں، لیکن پہلا میچ جیتے جبکہ دوسرا میچ جیتنے کا ہمارے پاس موقع تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ میری ابھی تفصیلی بات نہیں ہوئی، مستقبل میں میری جاب کا کیا ہوتا ہے اس کا ابھی علم نہیں، میرے لئے یہاں کوچنگ کا تجربہ بھی شاندار رہا، بہت لطف اندوز ہوا ہوں، ایرون فنچ بھی اپنی حالیہ فارم کی وجہ سے مایوس ہے، وہ ویسا نہیں کھیل پا رہے جیسے ان سے امید ہوتی ہے، فنچ کے ساتھ کام ہو رہا ہے جہاں ان کو مشکل پیش آ رہی ہے وہ بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ڈینئل ویٹوری نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا کو پاکستان کھیلتے دیکھا، پاکستان میں کرکٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی،یہاں میری کرکٹ کی کافی یادیں وابستہ ہیں، 2002 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ آج بھی یاد ہے، انضمام الحق نے شاندار بیٹنگ کی، شعیب اختر اور ثقلین مشتاق نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کرکٹ کو بہت انجوائے کیا، پاکستان میں کھلاڑی محفوظ رہے، میں خود اس ٹور کے حوالے سے لوگوں کو بتاؤں گا، امید ہے مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی، ٹیسٹ کرکٹ میں جو شائقین کا جذبہ تھا وہ قابل تعریف ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ ہمارا پاکستان میں تجربہ شاندار رہا، یہ ایک تاریخی دورہ ہے جو ایک عرصہ کے بعد ہوا، بہت اچھی کرکٹ ہوئی، میزبانی شاندار رہی، کرکٹ کا معیار غیر معمولی رہا ہے اور دورہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
آن لائن پریس کانفرنس میں آسٹریلیا کے کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے ون ڈے سیریز شاندار کھیلی ہے، پاکستانی کرکٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا، پاکستان کے ایمرجنگ کھلاڑی بھی اچھا کھیل رہے ہیں، ون ڈے سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو موقع ملا، ہم نے بہترین ون ڈے سائیڈ میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔
اینڈریو میکڈونلڈ نے مزید کہا کہ ٹریوس ہیڈ نے زمہ داری لی جس کا فائدہ ہوا، ہم تینوں ٹاس ہارے ہیں، لیکن پہلا میچ جیتے جبکہ دوسرا میچ جیتنے کا ہمارے پاس موقع تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ میری ابھی تفصیلی بات نہیں ہوئی، مستقبل میں میری جاب کا کیا ہوتا ہے اس کا ابھی علم نہیں، میرے لئے یہاں کوچنگ کا تجربہ بھی شاندار رہا، بہت لطف اندوز ہوا ہوں، ایرون فنچ بھی اپنی حالیہ فارم کی وجہ سے مایوس ہے، وہ ویسا نہیں کھیل پا رہے جیسے ان سے امید ہوتی ہے، فنچ کے ساتھ کام ہو رہا ہے جہاں ان کو مشکل پیش آ رہی ہے وہ بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ڈینئل ویٹوری نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا کو پاکستان کھیلتے دیکھا، پاکستان میں کرکٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی،یہاں میری کرکٹ کی کافی یادیں وابستہ ہیں، 2002 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ آج بھی یاد ہے، انضمام الحق نے شاندار بیٹنگ کی، شعیب اختر اور ثقلین مشتاق نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کرکٹ کو بہت انجوائے کیا، پاکستان میں کھلاڑی محفوظ رہے، میں خود اس ٹور کے حوالے سے لوگوں کو بتاؤں گا، امید ہے مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی، ٹیسٹ کرکٹ میں جو شائقین کا جذبہ تھا وہ قابل تعریف ہے۔

عمران خان میں امریکی سفیر سے آپ کے ساتھ آپ کے گھرمیں ملا،کیا وہ غداری تھی؟ علیم خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 183 ارکان میں سےآپ کوکوئی ایک بندہ پسند نہیں آیا، آپ جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتےتھے اسےکہتےہیں 183ووٹ ڈال دو۔
علیم خان نے کہا کہ ہم تو غدار بن گئے، چیمہ اور سالک کو بھی کہو غدار ہیں، پیسےلے لیے ہیں، علیم خان پر الزام لگاؤ تو سہی کہ اس نے پیسے لے لیے ہیں، مجھےآپ پر اور ان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو الزامات لگاتےہیں،میں نے 2010 سے 2018 تک بہت مشکل وقت گزارا ہے۔
علیم خان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں امریکی سفیر کو آپ کے ساتھ آپ کے گھرمیں ملاتھا،کیا وہ غداری تھی؟ آپ نے اسمبلی توڑنی تھی تو پہلے توڑ دیتے، قوم کے سامنے کہہ رہا ہوں،جس دن ووٹ دوں گا اس کے 2 دن بعداستعفیٰ دوں گا۔
علیم خان نے مزید کہا کہ جہانگیرترین کی بیٹیوں کے خلاف آپ نے پرچے کٹوادیے، آپ کو کوئی شرم نہیں آئی کہ اپنےمخلص ساتھی کوجیل میں ڈال دیا،عثمان بزدار کی ایک ایک کرپشن آپ کو بتائی گئی، جوآپ کےساتھ ہے وہ محب وطن، دوسرےغدار ہیں، آپ کیا ملک کے مامے ہیں۔
علیم خان نے کہا کہ فرح بی بی نےبہت رشوت لی، میرےذرائع نے بتایا ہے وہ بھاگ گئی ہیں، خان صاحب کی فیملی کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا، فرح بی بی نے یہاں بہت رشوت لی ہے، فرح بی بی ہر ٹرانسفر پوسٹنگ میں ملوث ہیں، فرح بی بی پاکستان سے بھاگ چکی ہیں، ان کے شوہر بھی بھاگ چکے ہیں، فرح بی بی پیسے کِسے پہنچاتی تھیں، بیوروکریٹ پکڑے جائیں گے تو سب سامنے آجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’خان صاحب اگر بزدار کو وزیراعلیٰ بنانا تھا تو مجھے نیب کے پاس بھیجنے کی کیا ضرورت تھی، میں نے تو کبھی نیب کا دفتر بھی نہیں دیکھا تھا، چوتھی مرتبہ نیب کےدفترگیا تو ٹی وی پردیکھا کہ بزدارکو وزیراعلیٰ بنادیا۔

پہلے انتخابی اصلاحات کی جائیں پھر الیکشن ہوں تا کہ دھاندلی نہ ہوسکے، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پہلے انتخابی اصلاحات کی جائیں پھر الیکشن ہوں تا کہ دھاندلی نہ ہوسکے، اپوزیشن کی رائے نہیں لی گئی اور اسمبلی تحلیل کردی گئیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ خود کو وزیر اعظم کہہ سکیں یا سرکاری وسائل استعمال کریں، صدر مملکت کو باور کرادینا چاہتاہوں کہ پارلیمنٹ اور عوام کا ’موڈ‘ آپ کے مواخذے کا بھی ہے۔
انہوں نے ڈاکڑ عارف علوی کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ بھی اسی ناجائز اور تسلط پر مبنی ’ریجیم‘ کا حصہ ہیں، صدر نے بھی کچھ نہیں دیکھا اور فوراً اسمبلی تحلیل کردی‘۔
علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے مراسلہ (خط) کو سیکیورٹی کمیٹی کے راز کو جس طرح افشاں کیا تم نے حلف سے غداری کی ہمارے اداروں کو سوچنا ہوگا کہ پاکستان مفروضوں پر مبنی الزامات اور پاکستان کی وفا دار قیادت کو غداری کی طرف کے نتائج کیا ہوں گے۔

انڈونیشیا؛ طالبات سے زیادتی پر اسلامی اسکول کے استاد کی عمر قید سزائے موت میں تبدیل

انڈونیشیا کی عدالت نے 13 نابالغ طالبات کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے استاد کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے اسلامی بورڈنگ اسکول کے 36 سالہ سربراہ اور استاد ہیری ویرامین کو طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی پر فروری میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسلامی بورڈنگ اسکول کے استاد پر الزام تھا کہ انھوں نے 2011 سے 2016 کے درمیان لالچ دیکر یا ڈرا دھمکا کر 11 سے 16 سال کی 13 طالبات کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی ان طالبات کا تعلق انتہائی غریب گھرانوں سے تھا اور والدین نے بچیوں کو پالنے کی قوت نہ رکھنے کے باعث اسلامی بورڈنگ اسکول میں داخل کرایا تھا۔
جنسی زیادتی سے 9 طالبات حاملہ بھی ہوئیں اور بچوں کو جنم بھی دیا۔ مقامی عدالت نے 16 فروری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
عوامی دباؤ پر حکومت نے سفاک شخص کو موت کی سزا دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر آج اعلیٰ عدلیہ نے مجرم کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کردیا

کراچی: بھتہ خوری اور بلیک میلنگ، ایاز میمن موتی والا ساتھی سمیت گرفتار

ڈیفنس میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے بعد صدر صرافہ بازار کے معروف سنار ایاز میمن موتی والا کو بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کے الزام میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ایاز میمن موتی والا خود کو حساس ادارے کی اسپیشل ٹیم کا ممبر ظاہر کر کے بلڈرز کو بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے نبی بخش کے علاقے میں بلڈر اور اسکے پارٹنر سے 1 کروڑ 40 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا تھا جسکا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج ہے۔
دوسری جانب زمان ٹاؤن پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث چھ رکنی گروہ کو گرفتار کر کے تین موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی جبکہ زمان ٹاؤن پولیس موٹرسائیکل چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک موٹرسائیکل چور کو گرفتار کر لیا جبکہ ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کو ایوان اور لابی کے نقصان کا تخمینہ لگانےکا حکم دے دیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں کل رات گئے تک اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا اور اس دوران اسمبلی کی لابی اور ایوان میں توڑ پھوڑ کی وڈیو سامنےآگئی۔
وڈیومیں لابی میں میز کے شیشے ٹوٹے، کرسیاں اور صوفے بکھرے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کو ایوان اور لابی کے نقصان کا تخمینہ لگانےکا حکم دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کےاحتجاج میں ہونیوالےنقصان سےمتعلق رپورٹ مرتب کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ نقصان پر قانونی کارروائی کی سفارش کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ نہ ہوسکی تھی اور ڈپٹی اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کو جواز بناتے ہوئے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا تاہم اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکارکردیا تھا۔
اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس صرف 6 منٹ ہی چل سکا، خواتین ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئیں، نامناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا، ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اجلاس ملتوی کیے جانے پر اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکار کردیا، ارکان نے دو روز تک پنجاب اسمبلی میں رہنے ہی کا فیصلہ کیا ہے۔

کپتان آپ نے کیا شاندار ماسٹر سٹروک کھیلا، تحریک عدم اعتماد کو کچل دیا: وقار یونس

قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ کپتان آپ نے کیا شاندار ماسٹر سٹروک کھیلا، تحریک عدم اعتماد کو کچل کر رکھا دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری بھیجی تھی جس میں اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا گیا تھا، صدر عارف علوی نے اس سمری کے بعد اسمبلی تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔
سابق کپتان وقار یونس نے وزیراعظم عمران خان کے اسمبلی توڑنے اور ڈپٹی سپیکر کی جانب سے تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کو کپتان کی بہترین سیاسی چال قرار دے دیا۔
سابق فاسٹ باؤلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں یہ گیم کھیلنے نہیں بلکہ اسے بدلنے آیا تھا۔
وقار یونس نے لکھا کہ کپتان آپ پر ہمیشہ کی طرح فخر ہے، آپ نے کیا شاندار ماسٹر اسٹروک کھیلا، تحریک عدم اعتماد کو کچل کر رکھا دیا۔

پنجگور، نوشکی میں ایف سی چیک پوسٹوں پر دھماکے کے 2 سہولت کار گرفتار

پنجگور اور نوشکی میں ایف سی کی چیک پوسٹوں پر دھماکے سے متعلق ہونے والی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن سینٹرل کے مطابق پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی پر بلال کالونی سے 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار سہولت کاروں سے دستی بم، پستول، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی شہلا قریشی کے مطابق گرفتار سہولت کاروں سے 2700 ایکٹو سمز، بایئو میٹرک اور الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں، گرفتار سہولت کار کراچی میں بائیو میڑک کر کے پنجاب میں سمز فروخت کرتے ہیں، سہولت کاروں نے ہی سمز منظم تخریب کاری گروپ تک پہنچائیں۔
شہلا قریشی کا مزید کہنا تھا کہ سہولت کاروں نے تخریب کاری میں رابطے کے لئے استعمال ہونے والی سمز کو ایکٹو کیا تھا، تخریب کاری میں 5 جوان شہید ہوئے تھے، دہشتگردی کی واردات کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی، گرفتار سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔