پنجاب اسمبلی میں کل رات گئے تک اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا اور اس دوران اسمبلی کی لابی اور ایوان میں توڑ پھوڑ کی وڈیو سامنےآگئی۔
وڈیومیں لابی میں میز کے شیشے ٹوٹے، کرسیاں اور صوفے بکھرے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کو ایوان اور لابی کے نقصان کا تخمینہ لگانےکا حکم دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کےاحتجاج میں ہونیوالےنقصان سےمتعلق رپورٹ مرتب کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ نقصان پر قانونی کارروائی کی سفارش کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ نہ ہوسکی تھی اور ڈپٹی اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کو جواز بناتے ہوئے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا تاہم اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکارکردیا تھا۔
اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس صرف 6 منٹ ہی چل سکا، خواتین ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئیں، نامناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا، ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اجلاس ملتوی کیے جانے پر اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکار کردیا، ارکان نے دو روز تک پنجاب اسمبلی میں رہنے ہی کا فیصلہ کیا ہے۔





































