اقوام متحدہ کے شام سے متعلق آزاد بین الاقوامی کمیشنِ تحقیقات نے جنوبی شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔ کمیشن کے مطابق اسرائیلی کارروائیاں شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔
کمیشن نے یہ مؤقف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران بیان کیا۔ کمیشن کے مطابق جنوبی شام، بالخصوص قنیطرہ اور درعا کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے گھروں پر چھاپوں، چیک پوسٹوں کے قیام، گرفتاریوں اور گولہ باری سمیت متعدد کارروائیاں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے کمیشن نے ان اقدامات کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔

