All posts by Khabrain News

میرا گھر اسکیم’ کو نئی شکل دے رہے ہیں،کسی کا پیسا ضائع نہیں ہوگا، وزیرخزانہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ ‘میرا گھر اسکیم’ کو نئی شکل دے رہے ہیں،کسی کا پیسا ضائع نہیں ہوگا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ انہیں بہت سے لوگ پیغام بھیج رہے ہیں کہ ان کا ‘میرا گھر اسکیم’ میں قرض منظور ہوا تھا اور انہوں نے اس منظوری کی بنیاد پرگھر بنانے پر رقم خرچ کرلی۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اس اسکیم کو نئی شکل دے رہے ہیں،کسی کا پیسا ضائع نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم اگلے ہفتے تک یہ مسئلہ حل کرلیں گے۔

گرفتار پی ٹی آئی کارکن سے واٹس ایپ چیٹ کے معاملے پر فرخ حبیب کا ردعمل سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ووٹرز کے شناختی کارڈز کے ہمراہ گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن کی پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور پی پی 168 کے امیدوار نواز اعوان کے ساتھ مبینہ واٹس ایپ چیٹ سامنے آئی ہے۔
ووٹرز کے 200 شناختی کارڈز کے ہمراہ گرفتار ہونے والے ملزم خالد سندھو کے موبائل سے فرخ حبیب اور پی آٹی امیدوار نواز اعوان کو میسیج کیےگئے۔
مبینہ واٹس ایپ چیٹ میں ملزم نے ووٹرز کے شناختی کارڈز کی تصاویر بھی پی ٹی آئی امیدوار نواز اعوان کو واٹس ایپ کیں۔
اب اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے مجھ سے منسوب چیٹ کی جھوٹی تشہیرکی، کیااس چیٹ میں، میں نےکوئی ہدایات دیں کہ شناختی کارڈز اکٹھے کیے جائیں؟
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ میں عوام کو متحرک اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچا رہا ہوں، ن لیگ نےعوام کو گمراہ کرنے کا بہت ہی بھونڈا طریقہ اپنایا ہے، خود ایک شخص کو پکڑ کے تشدد کیا،واٹس ایپ چیٹ بناکر وائرل کرکے بڑا ڈرامہ کیا گیا، ن لیگ کےاس ڈرامے میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ مذکورہ شخص سے میری ملاقات جون کے آخری ہفتے میں صرف ایک بارہوئی، میں نے اس شخص سےکبھی بات نہیں کی، نہ کوئی ہدایات دی ہیں، جھوٹ کے ٹھیکیدار میری کوئی ویڈیو یا آڈیو دکھادیں جس میں ووٹ خریدنے کا ذکر بھی موجود ہو۔

ضمنی الیکشن، پاک فوج نے انتہائی حساس مقامات کا جائزہ مکمل کر لیا: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آ) نے کہا ہے کہ پنجاب کے 20 ضمنی الیکشن کے لیے پاک فوج کی جانب سے انتہائی حساس مقامات کا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضمنی الیکشن کے حوالے سے پاک فوج کی جانب سے انتہائی حساس مقامات کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاک فوج کے جوان انتخابات میں فرائض سرانجام دیں گے۔
بیان کے مطابق پاک فوج کے جوان ضمنی انتخابات میں قیام امن کے لئے ذمہ داریاں نبھائیں گے، ضمنی انتخابات کے دوران پاک فوج کے دستے کیو آر ایف فرائض سرانجام دینگے۔ پاک فوج کے دستوں نے تیسرے درجے کے جواب دہندگان کے طور پر متعلقہ علاقوں میں انتہائی حساس مقامات کی چھان بین کی، دستوں کی امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چھان بین کی۔

مشہور گیم ’اسنیک‘ 25 سال کا ہوگیا

ہیلسنکی: (ویب ڈیسک) کینڈی کرش اور اینڈی برڈز سے قبل اسنیک ایسا گیم تھا جس کی وجہ سے صارفین موبائل کی اسکرین سے جڑے رہتے تھے۔1997 میں نوکیا 6110 میں شامل کیا جانے والےاس گیم نے بہت تیزی کے ساتھ عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔
اس سادہ سے گیم میں سانپ کو اپنی دم اور اسکرین کے کناروں سے ٹکرانے سے بچا کر غذا کے ٹکڑے اکٹھے کرنے ہوتے ہیں۔
اس موبائل گیم نے کال اور میسج کے لیے استعمال کیے جانے والے موبائل کو گیم کونسول میں بدل دیا تھا۔25 ویں سالگرہ کے موقع پر ماہرین سے پوچھا گیا کہ اس گیم میں ایسا کیا تھا کہ یہ آج تک اتنا مقبول ہے۔
اس معاملے میں ویڈیو گیم ڈیویلپر کوالی کے ولیم کاکس کا خیال ہے کہ گیم ہارنے پر جومایوسی ہوتی ہے یہی چیز اس گیم کو اتنا نشہ آور بناتی ہے۔ آپ ہمیشہ اسنیک کے لیے واپس آتے ہیں۔ ہارنے کےبعداحتیاط کے ساتھ کھیلنے کے لیے گیم دوبارہ سے شروع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنا یا اپنے دوست کا ہائی اسکور عبور کرنا انتہائی اطمینان بخش ہوتا ہے۔ گیم کو کنٹرول کرنے میں سادگی اس کو اتنا نشہ آور بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسنیک گیم بہت کھیلا کہ انہوں نے اسکرین بھر کر گیم کو شکست دی۔ یہ گیم گیم انڈسٹری کی تاریخ کا حصہ ہے۔

اب انسٹاگرام پر کچھ پوسٹس دیکھنے کےلیے ادائیگی کرنی ہوگی

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فوٹوشیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام میں اب پوشیدہ پوسٹس کو دیکھنے کےلیے صارفین کو رقم کی ادائیگی کرنی ہوگی۔
انسٹاگرام پر تخلیق کاروں کے لیے جاری کی گئی نئی اپ ڈیٹ کے متعلق انسٹاگرام چیف ایگزیکٹِیو ایڈم موسیری نے اعلان کیا کہ تخلیق کار اب ایسی فیڈ پوسٹس شائع کر سکیں گے جو صرف ان لوگوں کو دِکھے گی جو سبسکرائبر ہوں گے۔
پہلےاس فیچر کا اطلاق صرف اسٹوریز پر ہوتا تھا لیکن ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ کمپنی کو اس فیچر کے متعلق سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔اگر انسٹاگرام پر موجود تمام ویڈیوز کی ریلز میں منتقلی کے فیچر کی آزمائش کامیاب ہوتی ہے تو پوسٹ کے ساتھ اس فیچر کا اطلاق ریلز پر بھی ہوگا۔
ایڈم موسیری کے مطابق تخلیق کار ایک وقت میں 30 سبسکرائبرز کے ساتھ براہ راست میسج کرنے کے اہل ہوں گے تاکہ مداحوں کے ساتھ بامقصد طریقے سے رابطہ کیا جاسکے۔
ایک انسٹاگرام سبسکرپشن کی قیمت 0.99 ڈالر سے 99.99 ڈالرز فی ماہ کے درمیان ہوگی اور تخلیق کار کی پروفائل پر ایک سبسکرائبر ہوم ہوگا جہاں صارفین مخصوص کانٹینٹ دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکِٹیو کا کہنا تھا کہ یہ ایک طویل راستے کے لیے اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے یہ آلات امریکا میں ہزاروں تخلیق کاروں تک پھیلا دیے گئے ہیں۔

عوام گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگائیں، یاسمین راشد

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر یاسمین راشد نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگائیں۔
پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 17 جولائی پاکستان کی سالمیت اور ایک آزاد قوم بننے کا دن ہے، عوام گھروں سے نکلیں اور بلے پر مہر لگاکر عمران خان کو کامیاب کرائیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ 17 جولائی کو لاہور کے 4 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی، حلقے کے ووٹرز اپنا اور اپنی فیملی کا ووٹ پی ٹی آئی کو دیں تاکہ ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان بنا سکیں۔

اسرائیلی فوج کے غزہ پر میزائل حملے، ہولناک ویڈیو وائرل

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ پر میزائل حملے میں حماس کی راکٹ بنانے کی ایک فیکٹری کو تباہ کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پر ایک بار پھر میزائل برسائے۔ میزائل حملوں میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دو عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ غزہ سے راکٹ ہماری سرزمین پر گرا جس کے جواب میں میزائل حملہ کیا گیا۔ میزائل حملے میں حماس کی راکٹ بنانے کی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیل کی جانب سے میزائل حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب امریکی صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے پر اسرائیل پہنچے تھے اور وہاں سے فلسطین گئے اور پھر سعودی عرب پہنچے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جارحیت کا یہ پہلا موقع نہیں۔ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے آتش گیر غباروں سے حملوں کا بہانہ بناکر غزہ پر میزائل برسائے تھے اور امن معاہدے کی صریح خلاف ورزی کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں ڈینگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

لاپور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں ڈینگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوا
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کی تاکید کی.
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو 36 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی کے تدارک کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ ڈینگی کے خلاف مرحلہ وار اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کا کلیدی کردار ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ کو پیشہ ورانہ تربیت یافتہ عملے اور جدید فنی طریقوں کو اپناتے ہوئے ڈینگی کے خلاف جنگی بنیادوں پر مؤثر طریقے سے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی وباء کی شروعات میں پاکستان عالمی سطح پر ڈینگی کے خلاف خاطر خواہ کامیابی سے نبرد آزما تھا کارکردگی کے اسی پیمانے کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈینگی سے بچاؤ کی عوامی آگاہی مہم اور عوامی مقامات پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب, سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ پنجاب , سیکرٹری ایگریکلچر پنجاب , سیکرٹری آبپاشی پنجاب , سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ،کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے.

حکومت جو بھی ہتھکنڈے اپنالے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرینگے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت جو بھی ہتھکنڈے اپنالے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ امید ہے 16 نشستوں پر بھرپور کامیاب ہو گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کی ابتدا ہی دھاندلی سے ہوئی ہے، الیکشن کمیشن خود ہی دھاندلی کررہا ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے جب ہم ہیں تو کسی کو دھاندلی کی ضرورت نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے کو عدالتوں میں مسترد کیا گیا، آج عدالت نے پولنگ ایجنٹ دوسری جگہ سے نہ لینے کا بھی فیصلہ معطل کردیا، الیکشن کمیشن کا کل کا فیصلہ بھی عدالت نے مسترد کیا، الیکشن کمیشن سے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجٹ اجلاس نہیں ہوا اس وقت جو بھی خرچہ ہورہا ہے غیر قانونی ہے، پنجاب میں جہازوں کو رکشہ بنایا گیا ہے، انتخابی مہم ہیلی کاپٹرز پر چل رہی ہے، وقت آنے پر یہ سارے حساب کتاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوتا ہے تو اسے بڑا مجرم بنادیا جاتا ہے، پی ٹی آئی امیدواروں پر جعلی کیسز بنائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں کو روکنے کیلئے ریاستی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ پنجاب میں غیرقانونی گرفتاریاں کی جارہی ہے، جو بھی پی ٹی آئی کی حمایت کررہا ہے اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے، انتخابی مہم میں متحرک لوگوں کو بھی جعلی کیسز میں پھنسایا جارہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ جمہوریت میں اکثریت دکھا کر آنا پڑتا ہے، حمزہ شہباز کو آمریت کا شوق ہے تو الگ بات ہے، یہ جو بھی ہتھکنڈے اپنالیں ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، ہمیں امید ہے تحریک انصاف 16 نشستوں پر بھرپور کامیاب ہو گی۔

پی پی 168 الیکشن،زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کیساتھ مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ایک شخص سے شناختی کارڈ ملنے کے معاملے پر زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کے ساتھ مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک ہوگئی۔
ملزم نے پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس سے مبینہ طور پرگفتگو کی۔ ملزم نے گزشتہ رات تمام شناختی کارڈزمبینہ طور پر فرخ حبیب کو بھیجے۔
ملزم اور پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت کے درمیان چیٹ مئی میں شروع ہوئی۔ ملزم نے حافظ فرحت کو مبینہ طور پر سینکڑوں شناختی کارڈ خرید کر بھیجے گئے۔
فرخ حبیب نے ملزم خالد سندھو کو جون میں واٹس ایپ میسج کیا۔ واٹس ایپ چیٹ کے مطابق فرخ حبیب نے ملزم کو اپنے گھر پر بلایا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات تک 7 ہزار ووٹ خرید چکا تھا۔
اُدھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کے ساتھ مبینہ بات چیت کا نوٹس لے لیا اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔