All posts by Khabrain News

ٹیکنالوجی کے ذریعے عدلیہ مقدمات کے فیصلے جلد کر سکتی ہیں، جسٹس منصور علی شاہ

کراچی: (ویب ڈیسک) اپریل 2022: جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی جانب سے کراچی میں آج ‘ٹیکنالوجی فار جسٹس فورم’ منعقد کیا گیا۔ تقریب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے عدالتوں میں ٹیکنالوجی، فورنزک سائنس اور تحقیق پر انحصار پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان وکلا، جج، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور سرمایہ کار عدالتوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے منصوبوں پر کام کریں تاکہ مقدمات کے جلد فیصلے ہو سکیں اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنائی جا سکے۔
تقریب میں نظام انصاف کے نقائص دور کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار پر تین مذاکرے بھی شامل تھے۔
انصاف تک رسائی میں ٹیکنالوجی کے کردار سے متعلق مختلف موضوعات پر معاون خصوصی برائے قانون وزیراعلی سندھ مرتضیٰ وہاب، آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر اور صدر سندھ ہائی کورٹ بار سابق جسٹس شہاب سرکی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران وکلا اور سائلین کو ملانے والی ایپلیکیشن وکیل آن لائن کا تعارف بھی کروایا گیا۔
وکیل آن لائن کے شریک بانی اسفندیار قصوری نے اس فورم کو نظام انصاف میں ٹیکنالوجی کی شمولیت کے سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے بہترین موقع قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، ‘آج کراچی کی سول سوسائٹی، وکلاء، سرکاری عہدیداران اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اپنے مشترکہ وژن کا اظہار کیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ یقیناً اس کانفرنس سے ایک ڈیجیٹل لیگل پاکستان بنانے میں مدد ملے گی۔

عمران نیازی نے آئین شکنی کر کے سول مارشل لاء نافذ کیا: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر کوئی بیرونی خط تھا تو 24 مارچ کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیوں منظور کی گئی، عمران نیازی نے آئین شکنی کر کے سول مارشل لاء نافذ کیا، جلد بازی میں رولنگ دی گئی، تحریک عدم اعتماد پر شکست کے خوف سے جمہوریت کو مسخ کیا گیا۔
شہباز شریف نے متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے کل سویلین مارشل لا نافذ کیا، 3 نومبر 2007 کو مشرف نے بھی یہی غیر آئینی حرکت کی تھی، عمران خان اور ان کے حواریوں نے آئین کی واضح خلاف ورزی کی، گزشتہ دن ملکی سیاست میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، تحریک کو ہر صورت کل ووٹنگ کیلئے پیش کیا جانا تھا، عمران نیازی نے ڈپٹی اسپیکر کو اپنا آلہ کار بنایا، انہوں نے جمہوریت کو مسخ کیا، آئین شکنی کی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کوئی ماورائے آئین اقدام نہ کیا جائے، ماورائے آئین اقدام تو عمران نیازی اٹھا چکا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا تھا ووٹنگ ہر صورت ہوگی، اگر مراسلہ آچکا تھا تو 24 مارچ کو اعتراض کیوں نہیں اٹھایا گیا، عمران نیازی اپنی سیاسی شکست کا سامنا نہیں کر سکتے تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی میں آئین کو توڑا گیا، تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کو ہٹانے کا جمہوری طریقہ تھا، وزیراعظم کو اندازہ نہیں کہ ہوا کیا ہے، جمہوری عمل کو سبوتاژ کیا گیا، آئین کا دفاع ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، کارکن جشن منا رہے ہیں کہ عمران خان کی حکومت ختم ہوگئی، ہمیں آئین کو توڑے جانے پر زیادہ تشویش ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کا جینا حرام کیا، یہ اپنی حکومت ختم ہونے پر جشن منا رہے ہیں، ہم جمہوریت اور آئین کا تحفظ کرنیوالے ہیں، اپنی انا کی وجہ سے عمران نیازی نے یہ سب کیا، عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہو کر جمہوری عمل مکمل کیا جاسکتا تھا، عوام فیصلہ کریں عمران خان کی انا اہم یا آئین۔ بلاول بھٹو نے معاملے پر فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرانے کی ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل ایف آئی اے نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف عبوری ضمانت پر ہیں، شہباز شریف کا ہر صورت عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔
جج سپیشل کورٹ نے استفسار کیا کہ عدالت اپنے حکم پر کیسے نظر ثانی کر سکتی ہے۔ جس پر وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ اعلی عدالتوں کی دو نظیریں پیش کی ہیں جس کے مطابق عدالت کے پاس اختیار ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اعزاز میں الوداعی تقریب، انتظامی افسروں کی شرکت

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ سی ایم آفس، پولیس اور انتظامی افسروں نے شرکت کی۔ اعلی حکام نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سرکاری امور میں میرٹ کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ جائز کام کئے، میرٹ کو مد نظر رکھ کر مشاورت سے فیصلے کئے، کسی کو کبھی بھی غلط کام کا نہیں کہا، ضمیر مطمئن ہے، لوگوں کو عزت دی، کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا، میرے دور میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا، ذاتی تشہیر کا قائل ہوں نہ کبھی کی، خاموشی سے کام کرنے کا عادی ہوں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسان ہوں، غلطی ہو سکتی ہے، مشکل فیصلے کرنے سے کبھی نہیں گھبرایا، نیک نیتی سے عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی، عوام کے بہترین مفاد میں ازخود وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ دیا، وزیر اعظم عمران خان نے جو بھی فیصلہ کیا اس کی تائید اور حمایت کرتے ہیں، بھرپور تعاون اور معاونت کرنے پر حکومت پنجاب کے ہر افسر اور اہلکار کا ممنون ہوں، بیوروکریسی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 میچ کل ہو گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 میچ کل ہو گا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں تیز کر دیں۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں چھوٹے فارمیٹ کا بڑا مقابلہ منگل کو شیڈول ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی سیریز کا آخری معرکہ بھی قذافی سٹیڈیم میں ہو گا، میچ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہو گا جس کے لیے دونوں ٹیموں نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
آج بھی کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں اِن ایکشن ہوں گے، اس سے پہلے ٹیسٹ سیریز مہمان کینگروز نے جیتی جبکہ ون ڈے مقابلے قومی شاہینوں نے اپنے نام کیے تھے۔

عمران خان نے ایک گیند پر 3 وکٹیں گرا دیں: اداکار شان

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار شان شاہد نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک گیند پر 3 وکٹیں گرا دیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شان شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر وزیر اعظم عمران خان کی ایک تصویر شیئر کی، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان کی تعریف میں لکھا کہ وہ سمجھتے تھے کہ آپ کرکٹر ہیں لیکن آپ ایک بہترین سیاسی ذہن بھی رکھتے ہیں۔
اداکار نے مزید لکھا کہ عمران خان نے ایک گیند پر 3 وکٹیں گرا دیں۔

طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، قائد عوام جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی: بلاول بھٹو

لاہور: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، قائد عوام جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، ،ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 43 ویں یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے اور افکار پر سختی سے پابند ہے، پیپلز پارٹی آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اس اصول کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو شعور دیا اور متفقہ آئین دے کر ریاست کو مضبوط بنایا، قائدِ عوام نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا، یہ قائدِ عوام تھے، جنہوں نے تختہ دار پر چڑھ کر دنیا کو ایک پیغام دیا۔

سٹاک ایکس چینج میں مندی کا رجحان، 1100 سے زائد پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹاک ایکس چینج میں مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران 1100 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں 1100 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے سبب 100 انڈیکس 44 ہزار 51 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
آج صبح کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، ابتدا میں 787 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس سے 100 انڈیکس 44 ہزار 364 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ اس کے بعدمزید 212 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 44 ہزار 152 پوائنٹس پر آ گیا۔ تیسری دفعہ 1085 پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس 44 ہزار 66 پوائنٹس کی سطح پردیکھا گیا۔

پنجاب کا سیاسی محاذ: وزیر اعظم نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو اسلام آباد بلالیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سیاسی محاذ اور آپشنز پر غور کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد بلالیا۔
وزیراعظم نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی اسلام آباد بلالیا۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ پنجاب کے سیاسی بحران میں ممکنہ آپشنز ہر مشاورت ہوگی۔ پنجاب کی نمبر گیمز بارے وزیر اعلی اور میاں محمود الرشید وزیر اعظم کو بریف کریں گے۔
گورنر پنجاب بھی آئندہ لائحہ بارے اپنی تجاویز دیں گے۔ پنجاب کے حوالے سے سیاسی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔

سری لنکا میں کرفیو کے باوجود شہریوں کا معاشی بحران کیخلاف احتجاج

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں کرفیو کے باوجود سیکڑوں شہری معاشی بحران پر احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے۔
کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس اہلکار آمنے سامنے آ گئے، مشتعل مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ اور واٹرکینن کا استعمال کیا گیا۔
ناقدین کے مطابق سری لنکا اس وقت بدترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے جس کی وجہ سابق حکومتوں کی جانب سے معاشی بدانتظامی اوربڑھتا ہوا بجٹ شارٹ فال ہے۔