All posts by Khabrain News

پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے پرویز الٰہی کو ووٹ دیا جائے: وزیراعظم کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں اپنے تمام اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ نئے قائد ایوان کے لیے چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب میں چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دیں، رائے شماری سے غیرحاضر رہنے یا جماعتی ہدایات کیخلاف ووٹ ڈالنے والے رکن کو کڑی انضباطی کارروائی کا سامنا ہو گا اور اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اتوار کو پنجاب میں نئے قائد ایوان کے لیے چودھری پرویز الٰہی کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز کے ساتھ ہو گا۔ اس وقت جوڑ توڑ کی سیاست جاری ہے۔

غداری کا مقدمہ سب سے پہلے عمران خان کیخلاف درج ہونا چاہیے: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی شکست کو تسلیم کرنے کے بجائے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں، اپنے طرز عمل اور دھمکیوں کے ذریعے قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔ غداری کا مقدمہ سب سے پہلے آپ کے خلاف درج ہونا چاہیے۔
نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی ساری اسٹرٹیجی آخری مرحلے میں کامیابی سے ہمکنار ہو گی، عمران نیازی اپنی شکست ماننے کے بجائے قوم کو تقسیم درتقسیم کرنے کی بھیانک سازش کرنے میں مصروف ہے۔ یہ تمام آئینی اداروں کا فرض ہے تمام اقدامات اٹھائیں۔ عمران نیازی آئین وقانون کے راستے پرچلنے سے انکاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ووٹ کا حق ملنا چاہیے، عمران کے فسطایت، غیرجمہوری سوچ کو آئین وقانون کی طاقت سے دفن کریں گے، امید کرتا ہوں پرامن ماحول اورعمران خان کو تھوک کو چاٹنا ہو گا، ’بیگرز کانٹ بھی چوزر’ یہ بات پہلی مرتبہ نہیں کی، یہ بات بیسیوں مرتبہ کر چکا ہوں، بعض کرم فرماؤں نے میری بات کو ٹوئسٹ کرنے کی کوشش کی، عمران کی بیجا باتوں سے مجھے کوئی سروکارنہیں، واضح کرنا چاہتا ہوں دہائیوں سے یہ بات کررہا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے بھکاری والے بیان پر قائم ہوں، اگر کوئی قوم معاشی طور پر محکوم ہے تو اس کی سیاسی آزادی بے معنی ہے،74سال ہو گئے معاشی لحاظ سے آزاد نہیں ہیں، قرضوں پر قرض لیے جاتے ہیں، اگر ہم نے ایک آزاد قوم کی طرح زندہ رہنا ہے تو کشکول کو توڑنا ہو گا، کشکول توڑنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ کسی جادو، ٹونے سے نہیں دن رات محنت سے جاپان، جرمنی نے اپنا مقام بنایا، جرمنی کو تقسیم کر دیا گیا تھا، مغربی جرمنی کی اکانومی، خوشحالی سے دیوار برلن منہدم ہو گئی تھی، مشرقی اور مغربی جرمنی ایک ہو گئے تھے، یہی وہ فارمولا ہے اسی طرح کشمیر ہماری جھولی میں آئے گا، اگر جرمنی ایک بیگر ہوتا تو کیا مغربی جرمنی کی جھولی میں گرتا، خود انحصاری تب ہی اچیو کر سکتے ہیں، قرضوں سے نکلنا ہو گا، اس تناظرمیں ہمیشہ یہ بات کی، میری بات کو ٹوئسٹ کرنا درست بات نہیں تھی، میری بات کوامریکا سے کونیکٹ کردیا گیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو اس کا مکروہ چہرہ دکھانا چاہتا ہوں، 2011میں ڈرون حملوں کے نیتجے کی وجہ سے پنجاب حکومت نے امریکا کی ایڈ سے انکار کیا تھا، آپ نے تو کہا تھا آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا خود کشی کر لوں گا، آئی ایم ایف جانے پر خود کشی کر لیتے، کہتا ہے مغرب کو سب سے زیادہ جانتا ہوں قوم کو کیا دیا؟ غصے میں دن رات ریاست مدینہ کی مثالیں دیتے تھکتے نہیں، کارٹیل کو پاکستان لوٹنے کی تم نے کھلی اجازت دی، کیا ہوا چینی سکینڈل کی کمیشن کی رپورٹ کا؟
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطر، چین کو آپ نے بدنام کیا، کس کو عمران نیازی بھاشن سنارہے ہو، قوم کو برباد کردیا، غداری کا کیس اگر بنتا ہے تو تم پر بنتا ہے، پی ٹی آئی دھرنوں کے دوران چینی صدرکا دورہ موخر ہوا، تم پرغداری کا مقدمہ بنتا ہے، چینی صدرکے دورے کے دوران ڈی چوک دھرنا ختم نہیں کیا گیا تھا، راحیل شریف کے پاس گیا، چین کے صدرکا دورہ موخر ہو جائے گا، نوازشریف سے اجازت لیکرپنڈی راحیل شریف سے ملنے گیا تھا، دھرنے کی وجہ سے سی پیک معاہدہ موخرہوا تھا، غداری کا مقدمہ سب سے پہلے آپ کے خلاف درج ہونا چاہیے۔ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں تین ہفتے بعد خط لیکر آئے پہلے سوتے رہے، اوآئی سی میٹنگ میں امریکی وفد کوبلایا گیا، آپ نے کہا امریکا اورپاکستان کے تعلقات کوسیلبریٹ کریں گے، خط 7 مارچ کو آیا تھا تو پھر امریکا کی تعریف کرنے کی کیا ضرورت تھی، یہ چاہتا ہے ’نا کھیڈا گے نا کھیڈن دیاں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیا، آپ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بھی بگاڑ دیا، بال ٹمپرنگ آپ کے زمانے میں شروع ہوئی، غداری، وطن پرستی میں پڑیں گے تو بات بہت دور تک جائے گی، تمام عالمی طاقتوں سے اچھے تعلقات بنانے چاہئیں، عمران نیازی نے آج پھر لوگوں کو اشتعال دلایا، مسلم لیگ (ن)کے کارکن پرامن رہیں ، اگرعمران نیازی نے آئین کے ساتھ ٹکراؤ والی صورتحال پیدا کی توقانون اپنا راستہ اپنائے گا۔

عدم اعتماد پر امریکا نے اپوزیشن کیساتھ ملکر سازش کی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، اچھائی اور برائی میں نیوٹرل رہیں گےتو بُرائی کا ساتھ دیں گے۔ بیرونی سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے۔ عدم اعتماد پر امریکا نے اپوزیشن کیساتھ ملکر سازش کی، آج فیصلہ کریں گے سازشیوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی کرنی ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے ہیں، ہمیں درست راستے کا انتخاب کرنا ہے، قوم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرف لے کر جانا ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اچھائی کےساتھ اور برائی کیخلاف کھڑے ہو، جو معاشرہ اچھائی کا ساتھ دیتا ہے وہ زندہ ہوجاتا ہے۔وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے جس میں اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بیرونی سازش کے تحت سیاستدانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، اگر نوجوان چپ بیٹھیں گے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے مستقبل کیلئے احتجاج کریں ، نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے، نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے باہر آنا پڑے گا، کیا باہر کی قوت 15ارب روپے خرچ کرکے حکومت گرادے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ زندہ معاشرہ ہے وہاں اچھے بُرے کی تمیزہے، غداروں کوپرامن احتجاج سے خوف ہوتاہے، جھوٹ بول کر کسی کی حکومت گرانا برائی ہے، چاہتا ہوں قوم میر جعفر اور میر صادق نہ بھولے، کہا گیا عمران خان کو ہٹائیں گے تو آپ سے تعلقات اچھے ہوں گے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور کابینہ نے دستاویزات دیکھ لیے، آفیشل دستاویز میں کہاگیاہے عمران کو ہٹاؤ تعلقات بہتر ہو جائیں گے، شہبازشریف نے 22 کروڑ عوام کو غلام بنا کر رکھ دیا ہے، لیگی صدر پر اربوں روپے چوری کے کیسز ہیں، اپوزیشن لیڈر نے 22 کروڑ لوگوں کو بھکاری قرار دیا، اِس نے کل قوم کو غلام قرار دے دیا، جس قوم میں خودداری نہ ہو، وہ قوم کبھی بھی اوپر نہیں جاسکتی۔ نوجوانوں نے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، یہ لوگ کہتےہیں امریکاکی غلامی کرو، نوجوانوں کو بیرونی سازش کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔
شہری نے سوال کیا کہ ان کیخلاف غداری کے مقدمات کب درج کریں گے جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں ہمیشہ آخری گیند تک مقابلہ کرنے والا شخص ہوں۔ کل سب دیکھیں گے کہ میں کیسے ان سے مقابلہ کرتا ہوں، کل سب نے احتجاج کرنا ہے، میں چاہتا ہوں کہ قوم زندہ ہو۔ سب سے کہتا ہوں کہ آپ سب کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، یہ اقتدار میں اس لیے آنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کریں۔ وکیلوں سے مشاورت کی ہے، ملک سے غداری معاف نہیں کرینگے، سب پر کیسز بنائیں گے، آج رات تک فیصلہ کریں گے کہ ہم نے کیا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج پر ہمیں فخر ہے وہ ملک کو اکٹھا رکھ رہے ہیں، ہمارے دشمنوں کی کوشش ہے کہ ملک 3 حصوں میں ٹوٹ جائے، مضبوط فوج ملک کی اہم ضرورت ہے، ملک میں صرف ایک ہی نیشنل پارٹی ہے، وہ پی ٹی آئی ہے، فورسز کیخلاف سازش پاکستان کیخلاف سازش ہے، سب سے کہتا ہوں کہ فوج پر کسی قسم کی تنقید نہ کریں، سوشل میڈیا پر پاک افواج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،ملک کے ساتھ ذاتی مفادات کے لیے غداری کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک کو اکٹھا کیا ہوا ہے، 40 سال بعد امریکا میں مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، آج ملک کی تاریخ میں ریکارڈ ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، ن لیگ کے دور میں ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا۔ مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف، انسانیت اور خودداری پر رکھی گئی تھی۔ شہبازشریف، نوازشریف او ر آصف زرداری کرپٹ ترین لوگ ہیں، یہ باہر کی سازش کا حصہ بن کر ملک پر مسلط ہوتے ہیں، کبھی بھی کوئی قوم بھکاریوں کی طرف، اپنے لوگوں کو قربان کر کے ترقی نہیں کرتی۔
برطانیہ سے ایک لیڈی ڈاکٹر نے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان بھٹو والا پاکستان نہیں، بدل چکا ہے، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کو سمجھ آگئی ہے کیا ہو رہا ہے، سازش کا پوری قوم کا پتا چل گیا ہے، سب سے بڑا کرپٹ سازشی ٹولہ پیسے چلا رہا ہے، 30 سالوں سے یہی حکومت کرتے رہیں قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی، کل دنیا کوپتا چلے ہم زندہ قوم ہیں، بے فکر ہو جائیں، کل اسمبلی میں ان کو شکست دے کر دکھاؤں گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اخلاقیات ایسی نہیں تھی، ملک کی بدقسمتی 1985ء سے شروع ہوئی جب نوازشریف وزیراعلیٰ بنا، نوازشریف نے لفافہ جرنلزم، ججز کو پلاٹ دیئے، آصف زرداری، نوازشریف نے ملکر ملک میں اچھے اور بُرے کی تمیزختم کر دی، اگر ملک میں امربالمعروف ہوتا تو کیا سندھ ہاؤس میں لوگوں کو خرید سکتے تھے؟ قوم کا سب سے بڑا جرم ہو گا اگر امریکا کی رجیم چینج کی سازش کے خلاف کھڑے نہ ہوئے۔ شہبازشریف ہے ہی غلام، پیسے کی پوجا کرتے ہیں، نوازشریف 3 سالہ دور میں 18فیکٹریاں بناچکا تھا، جب تک عوام پُرامن احتجاج نہیں کریں گے سازشیں ہوتی رہیں گی، سازش کا پوری قوم کو پتا چل گیا ہے، عمران خان سب سے بڑا کرپٹ سازشی ٹولہ پیسے چلارہا ہے، 30 سال سے یہی حکومت کرتے رہے، قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کل اسمبلی میں ان کوشکست دے کر دکھاؤں گا۔ ووٹنگ کے حوالے سے ایک سے زائد پلان ہے، انشااللہ جیتیں گے، قوم کبھی بھی ان چوروں کواقتدارمیں واپس نہیں آنے دے گی، خیبرپختونخوا میں جن علاقوں میں پی ٹی آئی کمزور وہاں سے جیت گئے، عوام کا موڈ بتا رہا ہے، خیبرپختونخوا کا رزلٹ دیکھ کرایم این ایز کو خوف آ گیا ہے، (ن) لیگ کی ٹکٹ لیکر نہیں جیت سکتے، منحرف اراکین اب ڈرنا شروع ہو گئے، منحرف اراکین نے اگر ووٹ ڈالا تو اس سازش کا حصہ بن جائیں گے، مجھے کل رات سے منحرف اراکین کے فون آنا شروع ہوگئے ہیں، کل آپ رزلٹ دیکھیں گے۔

دھمکی آمیز خط سے متعلق امریکا کا انکار سراسر جھوٹ ہے، شیریں مزاری

لاہور: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مبینہ دھمکی آمیز خط سے متعلق امریکا کا انکار سراسر جھوٹ ہے۔
شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ سرکاری کمیونیکیشن کے ذریعے پاکستان کو دھمکی دی گئی، کہا گیا کہ عمران خان کو اتارو گے تو معاف کردیں گے۔
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی امریکی اہلکاروں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی عراق میں موجودگی سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے جھوٹ بولا تھا۔

اسلام آباد میں اتوار اور پیرکو دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسلام آباد میں اتوار اور پیرکو دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نوٹیفکیشن کےمطابق انتظامیہ نےاسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے تحفظ کو برقرار رکھنےکے لیے ایف سی، رینجرز اور پنجاب پولیس کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں کل میٹرو بس سروس معطل رکھے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ ڈبل سواری پرپابندی ہوگی۔ ریڈزون بھی سیل کردیا گیا۔

سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرے روکنے کے لئے ایمرجنسی نافذ

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں سنگین اقتصادی بحران کے باعث حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کوروکنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے صدرنے ملک بھرمیں ہنگاموں اورپرتشدد واقعات کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ دارالحکومت کولمبو سمیت مختلف شہروں میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا ہے۔
سری لنکا میں سنگین اقتصادی بحران کے باعث دواؤں ، ایندھن اورکھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ ملک میں ڈیزل کی قلت ہونے سے 10 گھنٹے روزانہ بجلی بند کی جارہی ہے۔
کولمبو میں سیکڑوں مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنے احتجاج کیا اورصدرراجا پکسا سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا۔
سری لنکا میں گزشتہ کئی روزسے حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی مظاہرین کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔

بھارت نے روس سے روسی کرنسی میں تجارت کی تو نتائج بھگتنا ہوں گے، امریکا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) امریکا نے بھارت کووارننگ دی ہے کہ اگراس نے روس سے روسی کرنسی یا روپے میں تجارت کی تونتائج بھگتنے ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کا دورہ کرنے والے امریکی نائب مشیرقومی سلامتی برائے عالمی اقتصادیات دلیپ سنگھ نے خبردار کیا کہ بھارت کوروس سے روسی کرنسی یا روپے میں تجارت کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔
انہوں نے کہ امریکی پابندیوں کیخلاف بھارت نے روس سے تجارت کی یا تیل خریدا تو متعدد مغربی ممالک بھارت پرسخت پابندیاں عائد کریں گے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی قومی سلامتی مشیر نے بھارت پریہ بھی واضح کیا ہے کہ اگرچین کے ساتھ ایکچوئل لائن آف کنٹرول(ایل اے سی) پرکوئی کارروائی ہوتی ہے تو بھارت امریکا سے مدد کی توقع نہ رکھے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ ویڈیو کا آغاز جسٹن ٹروڈو نے ’سلام‘ سے کیا اور کینیڈا سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کے مقدس مہینے کی مبارکباد دی۔
جسٹن ٹروڈو نے ویڈیو پیغام میں کہا آج کینیڈا اور دنیا بھر کے مسلمان رمضان کے مقدس مہینے کو منانے کا آغاز کررہے ہیں۔ یہ عبادت کا وقت ہے، غور و فکر اور ضبط نفس کا وقت ہے اور اسلام کی بنیادی اقدار جیسے امن، ہمدردی اور سخاوت کو منانے کا وقت ہے۔
پیغام کے آخر میں جسٹن ٹروڈو نے تمام عالم اسلام کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا اپنے اہلخانہ کی طرف سے میں اور صوفی ان تمام لوگوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں جو بابرکت اور پُرامن رمضان منارہے ہیں۔

افغانستان: 2 بم دھماکوں میں 6 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان سے ایک اور افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر ہرات اور ہلمند میں 2 بم دھماکوں میں 6 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق ہرات میں کھیل کے ایک میدان میں اس وقت دو بم دھماکے ہوئے جب وہاں نوجوان اور بچے کھیل رہے تھے۔ میدان میں دو بم اور بھی نصب تھے جنھیں بم ڈسپوزل کے عملے نے ناکارہ بنادیا۔
ہرات میں بیک وقت 2 بم دھماکوں میں ایک بچہ اور 5 نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 لڑکے شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ہلمند میں بھی کھیل کے ایک میدان میں مارٹر گولہ پڑا تھا جسے ناکارہ سمجھ کر بچے کھیل رہے تھے اور اسی دوران گولہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔ طالبان اہلکاروں نے دونوں واقعات کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔

علی ظفر کے نئے آنے والے البم ’’حُسن‘‘ کا پہلا ٹریک ریلیز

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنے نئے آنے والے البم ’’حُسن‘‘ کا پہلا ٹریک ریلیز کر دیا ہے۔
علی ظفر نے البم کا آغاز صوفیانہ کلام ’’مولا‘‘ سے کیا جو سننے والوں پر سحر طاری کر دیتا ہے۔ آواز اور مناظر سامعین کو مسحور کن روحانی سفر پر لے جاتے ہیں۔
ٹریک کی ویڈیو شاہی قلعے کے شیش محل میں عکس بند کی گئی۔ موسیقی گلوکار علی ظفر نے خود ترتیب دی جبکہ کلام کامل حیدرآبادی نے لکھا۔ گلوکار نے البم کا حوالے سے خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے۔
علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم سب اپنے سفر سے گزرتے ہیں اور زندگی کو منفرد انداز میں دیکھتے ہیں، یہ البم اس خاص سفر کی عکاسی کرتی ہے جس سے میں بطور فنکار گزرا ہوں۔
خیال رہے کہ علی ظفر تقریباً 11 سال بعد نیا البم ریلیز کر رہے ہیں، ان کا آخری البم “جھوم” 2011 میں ریلیز ہوا تھا۔