All posts by Khabrain News

لاہور، اسلام آباد، کراچی میں رمضان کا چاند نظر آ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا
زونل رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لاہور میں رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے، حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
چاند نظر آنے کا علان ہوتے ہوئی ملک بھر میں نماز تراویح کا آغاز ہوگیا جبکہ سحری کی تیاریاں بھی شروع کردی گئیں۔

آصف زرداری کیخلاف 25 سال پرانے کیسز، نیب اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیسز کے سلسلے میں نیب اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ پیر کے روز سماعت کرے گا۔
عدالت نے نیب کو مزید عدالتی وقت ضائع نہ کرنے اور کیس کی تیاری کی ہدایت دے رکھی ہے۔ نیب نے سات سال قبل آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ نیب نے آصف زرداری کی ارسسز ٹریکٹر، اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں بریت کو چیلنج کیا۔ ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں بھی آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب اپیل زیر سماعت ہے۔

ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ نعمان لنگڑیاں کا کہنا تھا کہ ہمارا فیصلہ ملک اور صوبے کی بہتری کیلئے ہے۔
نعمان لنگڑیاں نے حمزہ شہباز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری اپوزیشن ملک کی بہتری کی کوشش کر رہی ہے، جہانگیر ترین کے پی ٹی آئی پر بے شمار احسانات ہیں، گزشتہ رات ہم نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ وہ بنا جس نے کرپشن کو فروغ دیا، پارٹی کو نقصان پہنچایا، ہماری آواز پر انہیں استعفیٰ دینا پڑا، ترین گروپ حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہا تھا، حمزہ شہباز صوبے کی خدمت کریں گے۔
قبل ازیں حمزہ شہباز نے ترین گروپ سے ملاقات کی، جس میں 16 ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔ ملاقات میں نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدلحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت گیلانی، فیصل جبوانہ، سعید اکبر نوانی، طاہر رندھاوا، اسلم بھروانہ، غلام رسول، زوار وڑائچ، بلاول وڑائچ، قاسم لنگاہ، نذیر خان بلوچ، امین چوئدری، سلمان نعیم شامل تھے۔

آریان خان منشیات کیس کا اہم گواہ پربھاکر سائل چل بسا

ممبئی: (ویب ڈیسک) آریان خان منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا آزاد گواہ پربھاکر سائل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ پربھاکر سائل کے وکیل تشار کھنڈارے نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات کیس کے آزاد گواہ پربھاکر سائل کو ان کی رہائش گاہ پر دل کا شدید دورہ پڑا جس کے باعث وہ جمعے کو چل بسا۔ پربھاکر کی عمر 36 برس تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پربھاکر سائل اس کیس کے ایک اور گواہ کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ تھا۔ پربھاکر سائل نے اس وقت میڈیا کی توجہ حاصل کی جب اس نے اپنے حلفیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے آریان خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی رہائی کے بدلے شاہ رخ خان کو بلیک میل کیے جانے کا انکشاف رپورٹس کے مطابق پربھاکر سائل نے دعویٰ کیاتھا کہ اس نے کے پی گوساوی کو 25 کروڑ روپے کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے سنا تھا یہ معاملہ 18 کروڑ میں فائنل ہونا تھا جس میں سے 8 کروڑ روپے مبینہ طور پر این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو ادا کیے جانے تھے اور باقی 10 کروڑ آپس میں بانٹنے کی بات ہورہی تھی۔ اس کے علاوہ پربھاکر سائل نے یہ بھی کہا تھا کہ این سی بی نے اس سے خالی کاغذات (پنچ نامے) پر سائن کرنے کے لیے کہاتھا۔ ڈی سی پی زون ون کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں سائل نے کہا تھا کہ اس نے شاہ رخ خان کی مینجر پوجا دادلانی سے بھی بات چیت کی تھی۔ ان الزامات کے بعد این سی بی نے انکوائری شروع کی تھی اور وانکھیڑے نے ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔ اینٹی نارکوٹکس بیورو (این سی بی) نے گزشتہ برس 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں منشیات برآمد کی تھی۔ اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔ بحری جہاز پر شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی موجود تھا۔ تاہم آریان کو پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے دوسرے روز یعنی 3 اکتوبر کو اس کے خلاف جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 26 روز تک قید رہے۔ بعد ازاں 28 اکتوبر کو بومبے ہائی کورٹ نے آریان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

غصیلے شیروں پر’محبت ہارمون‘ کے مثبت نتائج برآمد

جنوبی افریقہ: (ویب ڈیسک) کھلے جنگل میں شیر ایک دوسرے پر حملہ آور ہوتے ہیں اور اسے کم کرنے کے لیے سائنسدانوں نے انسانوں میں محبت اورلگاوٹ پیدا کرنے والے ہارمون کا تجربہ کیا ہے جس کے نتائج بہت حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں۔ سائنسدانوں نے ’لوو ہارمون‘ آکسی ٹوسِن کی پھوار جب شروں پر ڈالی تو اس کے فوائد سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل انسانوں میں یہ ہارمون ، سماجی بندھن، دودھ پلانے اور دیگر روابط میں اس کا اہم کردار سامنے آیا ہے۔ پھر 2017 میں ایک دوسرے سے جھگڑتی سیلوں پر آکسی ٹوکسن کا ٹیکہ لگایا تو وہ قدرے پرسکون ہوئے اور لڑائی کم ہونے لگی۔ لیکن جنگل کے بادشاہ پر ان تجربات کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟ تیزی سے ختم ہوتے شیر اب 20 ہزار کی تعداد میں ہی بچے ہیں۔ ان کا شکار کیا جاتا ہے، کبھی وہ دیگر جانداروں پر حملہ کرتے ہیں اور یوں ان کی تعداد تیزی سے کم ہورہی ہے کیونکہ مقامی افراد اپنےمویشیوں کے تحفظ میں بھی انہیں ہلاک کررہے ہیں۔ شیروں کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں انسانوں اور دیگر پرخطر مقامات سے دور رکھا جائے۔ اس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ انہیں کسی اور دوردراز مقام تک منتقل کیا جائے تاکہ وہ آبادی اور دیگر مویشیوں سے دور رہ سکیں۔ لیکن ان کی غضبناک کیفیت کی بنا پر یہ بہت مشکل کام ہوتا ہے۔ اسی لیے پریم کیمیکل کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ تجرباتی طور پر جامعہ مِنی سوٹا کے سائنسدانوں نے ایک دلچسپ تجربہ کیا جس کا مقصد شیروں کے درمیان سماجی بندھن مضبوط کرنا تھا۔ انہیں جنوبی افریقہ کے ایک وائلڈ لائف پارک سے ایک جنگلے تک لے جانے کی کوشش کی جہاں پہلے ہی کچھ شیر موجود تھے اور وہ اس علاقے کو اپنی ملکیت سمجھتے تھے۔ جنگلی حیات کے پارک سے شیروں کو تازہ گوشت سے لبھاتے ہوئے ایک بڑے جنگلے میں لایا گیا ۔ جیسے ہی وہ اس میں داخل ہوئے ان پر آکسی ٹوسن کا اسپرے کیا گیا۔ اس سےقبل وہ خونخوار تھے لیکن جیسے ہی ان پر اسپرے کیا گیا تمام 23 شیر پرسکون ہوگئے اور انہوں نے نئے ساتھیوں کو قبول کرلیا۔ اسی طرح تمام شیروں کو کھیلنے کے لیے گیند دی گئی تو ان کا اوسط فاسلہ جو 22 فٹ تھا کم ہوکر 11 فٹ تک آگیا اور کوئی جھگڑا شروع نہیں ہوا۔ یہ ایک زبردست کامیابی ہے۔ تاہم یہ سارے پرسکون شیر اس وقت پٹڑی سے اتر گئے جب دوبارہ ان کے سامنے گوشت ڈالا گیا۔

اومیگا تھری ، کینسر امیونوتھراپی میں مددگار ثابت

ہارورڈ: (ویب ڈیسک) اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے بے شمار فوائد سامنے آئے ہیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ یہ جادوئی فیٹی ایسڈ امیونوتھراپی اور اینٹی انفلمیٹری تھراپی کی تاثیر بھی بڑھاسکتا ہے جو کینسر کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ امیونوتھراپی، کینسر کے تدارک کا ایک قدرے نیا طریقہ علاج ہے جس میں انسانی جسم کے اپنے ہی خلیات اور نظام سے کینسر کے خلاف لڑنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ اب بوسٹن میں واقع ہارورڈ میڈیکل اسکول کے تحت بیتھ اسرائیل ڈیکونیس میڈیکل سینٹر کے سائنسدانوں نے اس ضمن میں چوہے پر بعض تجربات کئے ہیں۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ امیونوتھراپی کے دوران اومیگا تھری سپلیمنٹ سے اس عمل کی اہمیت بڑھ جاتی ہے اور علاج میں بہت بہتری پیدا ہوجاتی ہے۔ اس سے قبل ماہرین زور دیتے رہے ہیں کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے بہت سے فوائد ہیں اور ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس کا باقاعدہ استعمال کئی طرح کے کینسر سے بھی بچاتا ہے۔ اس طرح فیٹی ایسڈ حفاظتی طب اور پرہیز میں نہایت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ انڈے، گوشت اور مچھلیوں میں بکثرت پایا جاتا ہے۔ اس کےعلاوہ اس کے سپلیمنٹ بھی دستیاب ہیں۔ ماہرین نے کئی چوہوں کو کینسر کے ابتدائی درجے میں بیمار کیا۔ اس کے بعد چوہوں کی امیونوتھراپی اور اینٹی انفلمیٹری تھراپی جاری رہی لیکن ساتھ ہی انہیں فیٹی ایسڈ کھلائے جاتے رہے تھے۔ اس طرح فیٹی ایسڈ نہ کھانے والے چوہوں کے مقابلے میں فیٹی ایسڈ استعمال کرنے والے چوہوں پر اس کے زبردست اثرات ہوئے اور دونوں اقسام کی تھراپیاں تیزی سے مؤثر ثابت ہوئیں۔

شکل بدلنے والا ’مقناطیسی سلائم‘ روبوٹ

لندن: (ویب ڈیسک) بچے سلائم سےکھیلنا پسند کرتے ہیں اور اب عین اسی طرز پر ایک روبوٹ بنایا گیا ہے جو ایک ہی وقت میں ٹھوس بھی ہے اورمائع بھی ہے۔ یہ روبوٹ اپنی اشکال بدل کر پیچیدہ ترین شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کی مدد سے جسم کے اندر مختلف اشیا کو گرفت کیا جاسکتا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب اسی روبوٹ کی مدد سے غلطی سے نگلے جانے والی اشیا کو بھی اس روبوٹ سے پکڑ کر بدن سے باہر نکالنا ممکن ہوگا۔ روبوٹ بھی سلائم سے ہی بنایا گیا ہے جس کی بدولت چھوٹے دھاتی موتیوں کو گھیر کر گرفت کیا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مقناطیسی میدان کے لحاظ سے روبوٹ مختلف شکلیں اختیار کرسکتا ہے اور اسے مختلف سمتوں میں دوڑایا جاسکتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کے ایک حصے کو بھی کانٹوں کے ابھار کی طرح کسی بھی زاویے میں بڑھایا جاسکتا ہے۔ لیکن یہ سلائم ایک قسم کے پولیمر، پولی وئنائل الکحل سے تیار کیا گیا ہے جس پر بوریکس، نیو ڈائمیئم اور مقناطیسی ذرات کی پھوار کی گئی ہے۔ اس کے باوجود روبوٹ بہت ہی لچکدار ہے۔ جس سے طرح طرح کے کام لیے جاسکتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بھی ہم اسے اپنے اشاروں پر چلاکر روبوٹ بناسکتے ہیں۔ اس میں موجود نیوڈائمیئم کے ذرات کچھ زہریلے ہوسکتے ہیں جنہیں سلائم کے اندر ہی گہرائی میں رکھا گیا ہے اور اسے باہر نکلنے سے روکنے کے لیے سلیکا سے مہربند کیا گیا ہے۔ لیکن اس ساری محنت کا آخر کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟ پہلے مرحلے میں اسے طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر بچہ کوئی چیز نگل لے تو یہ روبوٹ بیرونی مقناطیسی میدان کے تحت اس شے کو حلق سے نکالنے کا کام بھی کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے انجینیئرنگ اور دیگر شعبوں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم سے اٹارنی جنرل کی ملاقات، کمیشن اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم اور اٹارنی جنرل کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد اور کمیشن بنانے کے حوالے سے غور کیاگیا وزیراعظم عمران خان کی اٹارنی جنرل خالد جاوید سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال کے پیش نظر قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ممکنہ حکومتی قانونی اور آئینی امور پر غور کیا گیا۔وزارت قانون کی جانب سے قائم کمیشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس:شہباز، حمزہ کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا مسترد

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی اسپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت فوری طور پر منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں، شہباز شریف عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وکیل ایف آئی اے نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔ عدالت نے ایف آئی اے پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ اگر عبوری ضمانت میں توسیع غلط ہے تو ایف آئی اے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوسری پارٹی کو سنیں بغیر کیسے آرڈر پاس کر سکتے ہیں۔ جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی فوری ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔

اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ ضرور بے ضمیر ہے: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ ضرور بے ضمیر ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب یہ قوم بھکاری نہیں ہے، اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے بھیک مانگنے سے بھی گریز نہیں کرتا مگر یہ قوم غیرت مند ہے، اسی لئے غیرت مند لیڈر کے ساتھ کھڑی ہے۔