All posts by Khabrain News

پلاسٹک کی آلودگی ساری دنیا کیلیے ’نئی ایمرجنسی‘ ہے، ماہرین

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پلاسٹک کا کچرا پوری دنیا کے لیے ایک خوفناک خطرہ بن چکا ہے۔ اب سائنسدانوں کی طرف سے جاری ایک نئی رپورٹ میں اسے ’سیارہ زمین کی نئی ایمرجنسی‘ قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مداخلت اور قانون سازی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
ماحولیاتی تحقیقی ایجنسی (ای آئی اے) نے پلاسٹک کے ہولناک خطرات کو عین آب و ہوا میں تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب ہم جو سانس لے رہے ہیں اس میں بھی پلاسٹک ہے۔ سمندری غذا میں پلاسٹک کے باریک ذرات شامل ہورہے ہیں اورسمندروں میں پھینکا گیا ہمارا پلاسٹک انٹارکٹک کے ویرانے اور سمندروں کے گہرائیوں تک پہنچ رہا ہے۔
حال ہی میں تھائی لینڈ میں بھوک سے بے تاب 20 ہاتھیوں نے کوڑے دان سے کھانے کے بعد شامل پلاسٹک سے ہلاک ہوئے ہیں۔ افریقہ سے خبر یہ ہے کہ زرخیز مٹی میں باریک پلاسٹک کھیتی باڑی کو تباہ کررہے ہیں۔ اسی بنا پر ای آئی اے سے وابستہ ٹام گیمج کہتے ہیں کہ پلاسٹک کا ٹک ٹک کرتا بم کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے اور اسی بنا پر عالمی اقوام کو پلاسٹک کی تیاری اور استعمال ترک کرنے کا پابند بنانا ضروری ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن بھی پلاسٹک کی تیاری اور استعمال کے گرد گھیرا تنگ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن کوئی نہیں جانتا کہ کانگریس اسے مانے گی یا نہیں کیونکہ پلاسٹک کی اکثریت تیل اور گیس سےبنائی جاتی ہے۔ دوسری جانب چین اور خلیجی ممالک بھی اس پر خاموش ہیں۔
ای آئی اے کی تفصیلی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اب بھی پلاسٹک کے تباہ کن اثرات پرمزید تحقیق کرنا باقی ہے۔ پلاسٹک کی ایک تھیلی پانچ منٹ استعمال ہوتی ہے اور ایک ہزار سال تک ختم نہیں ہوتی۔ سمندروں میں جاکر یہ حساس مخلوق کی خوراک بنتی ہے اور موت کی وجہ بھی بن رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پلاسٹک سازی تمام حدود پار کرچکی ہے اور صارفین پلاسٹک سے جان نہیں چھڑانا چاہتے ۔ پھر پلاسٹک کی بازیافت (ری سائیکل) کی شرح بھی کم ہے جو مزید تشیویش ناک ہے۔

یوٹیوبر نے بانس میں رہنے والی مکڑی کی نئی قسم دریافت کرلی

تھائی لینڈ: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں جنگلی حیات پر ویڈیو بنانے والے مشہور یوٹیوبر جوکو سائپاوٹ اکثر جنگلات میں سانپوں اور دیگر جانوروں کے پیچھے بھاگتے نظرآتے ہیں۔ اب انہوں نے ٹیرنٹیولا مکڑی کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے جو بانس کے اندر چھپ کر رہتی ہے۔
جوکو خود بھی حشرات کی معلومات رکھتے ہیں لیکن انہوں نے تصاویر اور ویڈیو کیڑے مکوڑوں کے ایک ماہر کو بھیجی ۔ وہاں سے بتایا گیا کہ یہ مکڑی ایک نائی دریافت ہے اور اس سے قبل سائنسی لٹریچر میں اس کا کوئی ذکر نہیں ملتا۔ عام ٹیرنٹیولا کےبرخلاف یہ بانسوں کے اندونی کھوکھلے حصہ میں ہی رہتی ہے اور اپنی خوراک کے وقت باہر نکل کر دوبارہ اپنے گھر چلی جاتی ہے۔
نئی مکڑی کو’ٹاک سائنس‘ کا نام دیا گیا ہے جو تھائی لینڈ کے بادشاہ ٹاک سائن کے نام پر رکھا گیا ہے۔ 1767 میں ایوتھایا سلطنت کے زوال کے بعد ٹاک سائن نے ملک کو سنبھالا اور نئے تھائی لینڈ کی بنیاد رکھی تھی۔
دوسری جانب یہ پہلی ٹیرنٹیولا مکڑی ہے جو شمالی تھائی لینڈ میں دیکھی گئی ہے۔ ایشیائی خطے کی ٹیرنٹیولا یا تو درختوں پر کودتی پھرتی ہیں یا پھر زمین میں سوکھے پتوں کا مسکن بناتی ہیں۔ تاہم یہ نئی نوع ایشیائی بانس کے تنے کو گھربنانا پسند کرتی ہے۔ اس طرح ٹیرنٹیولا اندر کھوکھلی سطح پر اپنا گھر بناتی ہے۔

چڑھتے چاند کی تاریخوں میں شارک کے حملے بڑھ جاتے ہیں، تحقیق

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ماہرین کی ایک ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ چڑھتی تاریخوں میں جب آسمان پر چاند زیادہ روشن اور بڑا ہوتا ہے، دنیا بھر میں شارک کے حملے بھی بڑھ جاتے ہیں۔
لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس بارے میں وہ بھی اب تک کچھ نہیں جان سکے ہیں۔
اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بات یہ معلوم ہوئی ہے کہ چڑھتے چاند کی تاریخوں میں شارک کے زیادہ تر حملے دن کی روشنی میں ہوئے ہیں۔
یعنی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ شارک مچھلیاں رات کے وقت چاند کی روشنی سے متاثر ہو کر لوگوں پر بلا وجہ حملے کرتی ہیں۔
لیوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی اور فلوریڈا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس مشترکہ تحقیق کےلیے ’انٹرنیشنل شارک اٹیک فائلز‘ (ISAF) نامی عالمی ادارے کے فراہم کردہ اعداد و شمار استعمال کیے جو 1958 سے باقاعدہ طور پر مرتب کیے جارہے ہیں۔
ان اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 1958 سے 2016 کے دوران شارک مچھلیوں نے دنیا بھر میں 2,785 مرتبہ بغیر کسی وجہ کے انسانوں پر حملے کیے ہیں۔
ماہرین نے ان حملوں کے مقامات، مقامی وقت اور آسمان میں چاند کی کیفیت جیسی تفصیلات جمع کرنے کے بعد ان کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ چڑھتے چاند کی تاریخوں میں شارک مچھلیوں کے ’بے وجہ‘ حملے واضح طور پر زیادہ تھے۔
اس کے برعکس گھٹتے چاند کی تاریخوں میں ان حملوں کی تعداد بہت دیکھی گئی۔
البتہ جس بات نے سائنسدانوں کو چکرا دیا، وہ یہ تھی کہ چاند کی بڑھتی تاریخوں میں شارک مچھلیوں کے زیادہ حملے دن کی روشنی میں ہوئے تھے کہ جب آسمان پر چاند ضرور موجود تھا لیکن سورج کے مقابلے میں اس کی روشنی نہ ہونے کے برابر تھی۔
کیا شارک مچھلیوں پر چاند کی کششِ ثقل اثر انداز ہوتی ہے جو انہیں لوگوں پر حملے کرنے کےلیے مجبور کرتی ہے؟ سائنسدانوں کے مطابق، اس بارے میں کچھ بھی کہنا فی الحال قبل از وقت ہوگا۔
ریسرچ جرنل ’فرنٹیئرز اِن میرین سائنس‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں ماہرین نے لکھا ہے کہ فی الحال ان کے پاس اتنے زیادہ اعداد و شمار نہیں کہ وہ شارک کے زیادہ حملوں کو چڑھتے چاند کا نتیجہ قرار دے سکیں۔
موجودہ معلومات اس طرف اشارہ ضرور کرتی ہیں لیکن حتمی نتیجے کےلیے زیادہ وسیع اور تفصیلی تحقیق کی ضرورت ہوگی۔

کراچی میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کی نمائش، معدوم ہوتی نسلوں کی اہمیت اجاگر

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کی نمائش ہوئی جس میں رکھی گئی تصویروں میں قدرتی ماحول کی حفاظت اور جانوروں سے محبت کی ترغیب کے علاوہ معدوم ہوتی نسلوں کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
کراچی میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی پر مبنی نمائش ہوئی جس میں ساوتھ ایشیا کے نادر پرندوں اور جانوروں کی تصاویر پیش کی گئیں۔ ان تصاویر کو پاکستان کے دور دراز علاقوں اور جنوبی ایشیا کے دیگر کئی ممالک میں اتارا گیا تھا۔ نمائش کے ذریعے پرندوں اور جانوروں کی معدوم ہوتی نسلوں کی خوبصورتی اور اہمیت اجاگر کی گئی۔
قدرتی ماحول اور وائلڈ لائف سے دلچسپی رکھنے والے افراد اس نمائش کو دیکھنے پہنچے اور تصاویر کو سراہا۔ یہ نمائش 25 جنوری تک کراچی کی مقامی آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔

ماہرہ خان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر گالیاں پڑیں، اداکار علی عباس

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹی وی کے معروف اداکار علی عباس نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماہرہ خان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ گالیاں پڑی تھیں۔
’’اداکار علی عباس حال ہی میں ایک آن لائن شو میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے ان سے پوچھا کبھی آپ کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا ہے(تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے) جس پر علی عباس نے جواب دیا بالکل مجھے سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی وجہ سے گالیاں پڑی تھیں۔
علی عباس نے واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی ایک تصویر آئی تھی ڈوپٹے کے بغیر۔ حالانکہ ماہرہ خان نے پورے کپڑے پہنے ہوئے تھے، ان کا لباس بالکل بھی غیر مناسب نہیں تھا کہ جس کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی۔ لیکن پھر بھی لوگ ان پر بہت زیادہ تنقید کررہے تھے اور سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شور مچا ہوا تھا کہ ماہرہ خان ڈوپٹے کے بغیر کیوں آگئیں۔
لہذا میں نے ماہرہ خان کی تصویر کے ساتھ سوشل میڈیا پر ان کے حق میں ایک بات لکھی ’’اگر انہوں نے ڈوپٹہ نہیں پہنا تو چلو تم دیکھنا بند کردو‘‘۔ لیکن ماہرہ خان کی حمایت کرنے پر مجھے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ گالیاں پڑیں۔
علی عباس نے بتایا کہ لوگوں نے مجھے اتنا زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا اور ایسی گالیاں دیں جو مجھے زندگی میں کبھی کسی نے نہیں دیں۔ مجھے لوگوں کا رویہ بہت برا لگا اس واقعے کے بعد میں نے سبق سیکھ لیا کہ مجھے دوبارہ ایسا نہیں کرنا۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کی گزشتہ برس ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف نکلنے والی ریلی میں شریک ہوئی تھیں اور انہوں نے ڈوپٹہ نہیں پہنا ہوا تھا جس کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

’’طیفا ان ٹربل‘‘ سمیت 11 پاکستانی فلمیں دبئی ایکسپو کا حصہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آج سے دبئی ایکسپو میں پاکستان فلم ویک کا آغاز ہورہا ہے جہاں 11 پاکستانی فلمیں دکھائی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے یہ اطلاع اپنے ٹوئٹ میں دیتے ہوئے کہا کہ آج سے دبئی ایکسپو میں پاکستان فلم ویک کا آغاز ہو رہا ہے، 21 جنوری سے 26 فروری تک 11 پاکستانی فلمیں پاکستان انکلوژر میں دکھائی جائیں گی۔
وزیراطلاعات نے یہ بھی کہا کہ یہ سال پاکستانی سینما کی بحالی کا سال ہوگا۔ اس سال پی ٹی وی کی فلم ڈویژن قائم کی گئی ہے جو پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں 10 فلمیں بنائے گی۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ فواد چوہدری نے پاک فلمز کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
دبئی ایکسپو میں دکھائی جانے والی فلموں میں طیفا ان ٹربل، لوڈ ویڈنگ، پرے ہٹ لو، ایکٹر ان لا، پرواز ہے جنوں، بن روئے، ہیر مان جا، پرچی، چھلاوا، سپراسٹار اور ساون شامل ہیں۔

ریکوڈک کیس : حکومتِ پاکستان اور ٹیتھیان کمپنی کے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو

اسلام آباد :ریکوڈک کیس میں حکومتِ پاکستان اور ٹیتھیان کمپنی کے درمیان 50فیصد شیئرز پر اتفاق ہوگیا، ڈیل فائنل ہوئی تو پاکستان پر سے 10ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ ٹل جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ریکوڈک کیس میں حکومتِ پاکستان اور ٹیتھیان کمپنی کے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اورٹھیتھان کمپنی کے درمیان 50فیصد شیئرز پر اتفاق ہوگیا، سابقہ معاہدے میں پاکستان کا شیئر صرف 25 فیصد تھا۔

اس حوالے سے پاکستان اورٹیتھیان کمپنی کےدرمیان معاہدہ فروری میں طےہونے کا امکان ہے ، اگر ڈیل فائنل ہوگئی تو پاکستان پر سے 10ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ ٹل جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیتھان کمپنی نے حکومت سے سرمایہ کاری پر قانونی تحفظ مانگ لیا، کمپنی نے مؤقف میں کہا ہے کہ ماضی کی قانونی چارہ جوئی میں جوکچھ ہوا ویسا حادثہ دوبارہ نہیں چاہتے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اورٹیتھان کمپنی میں مذاکرات عدالت کے باہر تصفیے کے لیے ہورہے ہیں۔
.
واضح رہے کہ اکسڈ نے 12 جولائی 2019 کو 5.6ارب ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا پاکستان نے5.6 ارب ڈالر جرمانے کے خلاف اکسڈ سے مشروط حکم امتناع لیا تھا ، مشروط حکم امتناع کے تحت پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالرغیر ملکی بینک میں جمع کرانا تھے، حکم امتناع مدت ختم ہونے پر ٹیتھیان نے برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ میں درخواست دی۔

یاد رہے کہ عالمی بینک کے ایک ٹربیونل نے جولائی 2019 میں پاکستان کی طرف سے ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی) کے ساتھ کان کنی کا معاہدہ ختم کرنے پر تقریباً چھ ارب ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستان نے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی جس پر ٹربیونل نے عارضی حکم امتناع دے رکھا تھا

نیو انار کلی دھماکے میں معصوم افراد کی ہلاکتیں قابل مذمت ہے، حافظ سعد رضوی

حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ نیو انار کلی دھماکے میں معصوم  افراد کی ہلاکتیں قابل مذمت ہے۔

امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد رضوی نے لاہور میں انار کلی بازار کے پاس  دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں بم دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہیں ، دھماکے میں معصوم  افراد کی ہلاکتیں قابل مذمت ہے ، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ بم دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی اور شہداء  کیلئے دعاگو ہیں ، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک پیج پر افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔

امیر تحریک لبیک پاکستان نے کہا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے حکومت کو عملی اقدامات کرنے ہونگے۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے نیوانارکلی پان منڈی میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے نیو انار کلی بازار کی پان منڈی میں عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے 6 موٹر سائیکلیں اور اردگرد کی دکانیں تباہ جب کہ گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔

دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طبی عملے نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 20  زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں شواہد اکٹھا کررہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ایسا لگتا ہے کہ دھماکے میں موٹرسائیکل استعمال کی گئی ہے۔

انارکلی دھماکہ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی شدید مذمت، انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس، انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب

دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم،زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں:عثمان بزدار
لاہور20 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انارکلی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورہدایت کی ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے اور دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

نیو انار کلی دھماکا، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

نیو انار کلی دھماکا ہوا جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی جائے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ دھماکے کے ذمےداروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

اس کے علاوہ عمران خان نے پنجاب حکومت سے واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے نیوانارکلی پان منڈی میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے نیو انار کلی بازار کی پان منڈی میں عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے 6 موٹر سائیکلیں اور اردگرد کی دکانیں تباہ جب کہ گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔

دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طبی عملے نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 20  زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں شواہد اکٹھا کررہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ایسا لگتا ہے کہ دھماکے میں موٹرسائیکل استعمال کی گئی ہے۔