All posts by Khabrain News

معیشت کیلئے اچھی خبر، پاکستان پیٹرولیم کا گیس کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان

معیشت کیلئے اچھی خبر، پاکستان پیٹرولیم نے گیس کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان پیڑولیم کی جانب سے  کوٹری سے گیس پیداوار شروع کرنے کی اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں دی گئی ہے۔

خط کے مطابق کوٹری نارتھ بلاک ون سے گیس کی یومیہ پیداوار 5.3 ملین میٹرک کیوبک فٹ پے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ کنوئیں سےیومیہ گیس کا حصول 950 پاؤنڈ فی مربع انچ کے ساتھ ہورہا ہے۔

 خط کے مطابق کوٹری سے گیس پیداوار میں پاکستان پیڑولیم، یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ اور ایشیاء ریسورسز آئل لمیٹڈ کے مشترکہ شئیرز ہیں۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ کوٹری میں ٹکری ون کنویں سے ملنے والی گیس کو علی آباد پراسیسنگ پلانٹ سے سوئی سدرن سسٹم میں شامل کیا جارہا ہے۔

جمی کارٹر کی آخری رسومات کی منفرد روایت

امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق 100 سال کی عمر میں  انتقال کرجانے والے سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے اپنے دورِ حکومت میں امریکیوں کو اہم ایشوز پر ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا تھا۔

ان کی آخری رسومات میں بھی یہی اتحاد و اتفاق کو دیکھنے کو ملا جب موجودہ صدر جوبائیڈن، نومنتخب صدر ٹرمپ اور سابق صدور بل کلنٹن، بارک اوباما اور جارج بش ایک ساتھ نظر آئے۔

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے اپنے مخالفین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے جمی کارٹر کی میت کے سامنے کھڑے تھے۔

پانچوں صدور نے جمی کارٹر کی امریکا کے لیے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بتائے گئے سنہری جمہوری روایات کو زندہ رکھنے کا عہد کیا۔

1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہنے والے جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد گزشتہ برس 29 دسمبر کو انتقال کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ جمی کارٹر کو نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا اور انھوں نے امریکی ڈرون حملوں کو انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے اُس وقت کے امریکی صدور بش اور اوباما کی مذمت کی تھی۔

منی پور میں بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف احتجاج جاری، جھڑپوں میں فوجی افسر زخمی

بھارتی ریاست منی پور میں سیکورٹی کی صورتحال بدترین ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منی پورمیں بھارتی فوج کی جانب سے جعلی انکاؤنٹرز کےخلاف کوکی قبیلے اور دیگر تنظیموں کا احتجاج جاری ہے۔ حالیہ جھڑپوں میں بھارتی فوج کا افسر زخمی ہوگیا۔

 احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پردھاوا بول دیا۔ مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے افسر مطاہرین کو دھمکیاں دینے لگ۔ جوابی کارروائی میں مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر پتھراؤ کیا اور پیٹرول بم پھینکے۔ منی پور میں گاؤں کے گاؤں تباہ ہوچکے ہیں۔

مودی کے دور حکومت میں مذہبی عدم برداشت اور فرقہ واریت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ علیحدگی پسند تنظیموں کا منی پور پر قابض ہونا مودی کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے منی پور پر مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔

کوہلی پر بھارتی کرکٹر کے کیریئر تباہ کرنے کا الزام

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر رابن اتھپا نے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی پر مڈل آرڈر بیٹر یوراج سنگھ کے کیرئیر کو ختم کرنے کا ذمہ دار ٹھہرادیا۔

للن ٹاپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے رابن اتھپا نے بتایا کہ کینسر کو شکست دینے کے بعد ٹیم میں واپسی کی اُمید کرنیوالے یوراج سنگھ نے کپتان سے رعایت مانگی تھی تاہم انکے مطالبے کو مسترد کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ورلڈکپ جتوانے کھلاڑی کو محض چیمپئینز ٹرافی میں پرفارم نہ کرنے پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا، بطور کپتان آپ انہیں وقت دے سکتے تھے کیونکہ وہ ایک جان لیوا مرض سے لڑ کر واپسی آرہے تھے۔

رابن اتھپا نے انکشاف کیا کہ یوراج سنگھ نے فٹنس ٹیسٹ میں پوائنٹ کی کٹوتی کی درخواست کی لیکن ٹیم انتظامیہ کی طرف سے کسی نرمی سے انکار کردیا گیا، پھر اس نے ٹیسٹ کیا کیونکہ وہ ٹیم سے باہر تھا اور وہ اسے اندر نہیں لے رہے تھے۔ اس نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا لیکن پھر بھی اُسے گڈبائے کردیا۔

کوہلی کی کپتانی پر اتھپا کا کہنا تھا کہ انکی کپتانی میں نہیں کھیلا لیکن وہ بہت منہ پھٹ انسان ہیں۔

قبل ازیں سابق کرکٹر منوج تیواری نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہار کا ذمہ دار انہیں قرار دیا تھا۔

معیشت جام کرنے کا نعرہ دھرا رہ گیا، وزیراعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔

پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالر آئے جو ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد اضافہ ہے۔

کارکنوں کی ترسیلات زر میں مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 17.8  ارب ڈالر آئے جو مالی سال 24ء  کی پہلی ششماہی کے موصول شدہ  13.4 ارب ڈالر کے مقابلے میں 32.8  فیصد اضافہ ہے۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر دسمبر 2024ء سال بسال 29.3  فیصد اور ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد  بڑھ گئیں۔

دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (770.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (631.5 ملین ڈالر)، برطانیہ (456.9 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (284.3  ملین ڈالر) سے آئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ؛ لطیف کھوسہ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سردار لطیف کھوسہ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا 26 دسمبر کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ سردار لطیف کھوسہ کو آج 10 جنوری سے 24 جنوری تک بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ یقینی بنائیں سردار لطیف کھوسہ کو بیرون ملک جانے سے نا روکا جائے، سیکریٹری داخلہ عدالتی حکم سے متعلق نیب، ایف آئی اے، پولیس اور امیگریشن اتھارٹیز کو بھی آگاہ کریں۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ سردار لطیف کھوسہ نے ٹکٹ پیش کیا کہ وہ کینیڈا 10 جنوری سے 24 جنوری جانا چاہتے ہیں، لطیف کھوسہ ہائیکورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت میں شورٹی بھی جمع کرائیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھ فروری تک ملتوی کر دی۔

بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا، محسن نقوی

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ان کی  رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبرپختونخوا خصوصا کرم میں  قیام امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمن نے امدادی اشیاء کے  قافلوں کی پارا چنار آمد پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کرم میں قیام امن کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے۔ صورتحال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ نیاز مندی ہے۔ پاکستان کی سیاست میں مولانا فضل الرحمن کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔

ایف آئی اے اور پولیس کو پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کی ممبر جیل اصلاحاتی کمیٹی و پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت  ہوئی، جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔

ہائی کورٹ نے پولیس اور ایف آئی اے کو خدیجہ شاہ کو ہراساں کرنے سے روک دیا ۔

دورانِ سماعت درخواست گزار خدیجہ شاہ کی جانب سے وکیل آمنہ علی عدالت پیش ہوئیں اور مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔ مقدمات کی تفصیلات تک پولیس کو درخواست گزار اور ان کی فیملی کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی۔

لاس اینجلس کے جنگلات کی آگ نے حکام کو ایٹم بم کی یاد دلا دی

امریکا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کئی ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل گئی۔ آگ سے اب تک 10 ہزار سے زائد گھر جل چکے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ آگ سے متاثر بڑے رقبے پر اب بھی شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ جنگلات کی آگ سے اب تک 7 افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ آگ سے متاثرہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

لاس اینجلس کے شیرف رابرٹ لونا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  آگ سے متاثرعلاقے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ان علاقوں پر ایٹم بم گرایا گیا ہو۔ مجھے آگ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جس پیمانے پر تباہی ہوئی ہے وہ پریشان کن ہے اور اس میں کسی اچھی خبر کی توقع نہیں ہے۔ آگ بجھانے والے ورکرزکو تیز ہواؤں کے سبب مختلف علاقوں میں پھیلی آگ پر قابو میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آگ سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو آلودہ ہوا اور دھوئیں کے خطرات کا بھی سامنا ہے۔

دسمبر 2024 میں ترسیلات زر میں کئی گنا اضافہ، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

 دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالر آئے جو ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد اضافہ ہے۔

کارکنوں کی ترسیلات زر میں مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 17.8  ارب ڈالر آئے جو مالی سال 24ء  کی پہلی ششماہی کے موصول شدہ  13.4 ارب ڈالر کے مقابلے میں 32.8  فیصد اضافہ ہے۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر دسمبر 2024ء سال بسال 29.3  فیصد اور ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد  بڑھ گئیں۔

دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (770.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (631.5 ملین ڈالر)، برطانیہ (456.9 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (284.3  ملین ڈالر) سے آئیں۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں سب سے زیادہ  770.6 ملین ڈالر بھیجے۔ ماہانہ بنیادوں پر یہ رقم 6 فیصد زیادہ تھی لیکن گزشتہ سال کے اسی مہینے میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجے گئے 577.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ تھی۔

متحدہ عرب امارات سے ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 2 فیصد اضافہ ہوا جو نومبر میں 619.4 ملین ڈالر سے دسمبر میں 631.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں تقریبا 51 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ترسیلات زر 419.2 ملین ڈالر تھیں۔

دسمبر 2024 میں برطانیہ سے ترسیلات زر کا حجم 456.9 ملین ڈالر رہا جو نومبر 2024 میں 409.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ برطانیہ سے سالانہ آمد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دسمبر 2024 میں امریکا میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 284.3 ملین ڈالر بھیجے جو ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور یہ نومبر میں 323.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں 360.3 ملین ڈالر رہیں۔