All posts by Khabrain News

پنجاب کا اگلا وزیراعلی کون؟ پرویز الہی بمقابلہ حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے پنجاب میں موجودہ صورت حال پر مشاورتی اجلاس کیا ہے۔
رکن پنجاب اسمبلی صباءصادق کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے، صباءصادق نے بتایا کہ حکمران اتحاد کے نامزد وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کا مقابلہ حمزہ شہباز کریں گے۔
یاد رہے کچھ روز قبل وزیر اعلی عثمان بزدار کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی، جس کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ق لیگ کے چوہدری پرویز الہی وزارت اعلی کے امید وار ہیں۔

عمر گل افغانستان ٹیم کےبولنگ کوچ مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل افغانستان کرکٹ ٹیم کےبولنگ ک کنسلٹنٹ مقرر ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمر گل کا افغان کرکٹ بورڈ سے ابتدائی طور پر 3 ہفتوں کا معاہدہ طے پایا ہے،جس میں توسیع کی جا سکتی ہے، عمر گل 4 اپریل کو ابوظہبی میں افغان ٹیم کے کیمپ کو جوائن کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو بھی افغانستان کرکٹ ٹیم کی ذمے داریاں ملنے کا امکان ہے۔

پٹرول 55،ڈیزل70 روپے مہنگا کرنے کی تجویز مسترد،63 ارب کا ریلیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کہتے ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے بجٹ تک پٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، تجویز تھی کہ پٹرول 55 سے 56 اور ڈیزل 70 روپے فی لیٹر مہنگا کیا جائے۔
وزیر اعظم اگر سمری منظور کرتے تو پیٹرول 205 روپے فی لیٹر ہوجاتا۔

ناسا کی دوربین نے سورج سے 50 گنا بڑا ستارہ دریافت کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ناسا نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی، 1990 میں لانچ کی گئی ہبل دوربین نے سورج سے بھی 50 گنا بڑا ستارہ دریافت کرلیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ستارہ ”ائیرنڈل” دوربین کو اب تک نظر آنے والا سب سے فاصلے پر واقع ہے۔ جس کی روشنی کو پہنچنے میں بارہ اعشاریہ 9 ارب سال لگے۔
دوربینیں اتنے فاصلے پر صرف لاکھوں ستاروں پر مشتمل کہکشاؤں کی نشاندہی کر سکتی ہیں مگر ہبل نے ستارے کی الگ سے تصویر لینے کے لیے جدید طریقے کو اپنایا۔
بی بی سی اردو کے مطابق اس سے پہلے سب سے زیادہ دوری کا ریکارڈ بنانے والے ستارے کا نام آئکارس تھا۔ اس کی تصویر بھی ہبل نے کھینچی تھی۔ اس سے نکلنے والی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں 9 ارب سال لگے تھے۔
ائیرنڈل قدیم انگریزی کا لفظ ہے جس کے معنی ’ستارۂ سحری‘ یا ’طلوع ہوتی روشنی‘ کے ہیں، ہبل سے لی گئی تصویر میں ایک نقطے سے زیادہ کچھ نظر نہیں آ رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے سورج سے کم سے کم 50 گنا زیادہ بڑا ہے مگر اس کا انحصار میگنیفیکیشن کی درست مقدار کے تعین پر ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ اس سے بھی کہیں بڑا ہو تاہم اگر اس کی جسامت 50 گنا بھی ہے تو اس کا شمار اب تک نظر آنے والے بڑے ستاروں میں ہو گا۔
سورج کی 50 گنا کمیت والا ستارہ بہت تھوڑے عرصے تک ہی جل سکتا ہے، شاید زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ سال تک، جس کے بعد اس کا ایندھن ختم ہو جائے گا اور وہ مر جائے گا۔
یاد رہے جیمز ویب، ہبل کی جگہ لے رہی ہے۔ اسے گزشتہ دسمبر میں لانچ کیا گیا تھا۔ اس کا عدسہ زیادہ بڑا اور تجزیاتی آلات کہیں زیادہ برتر ہیں۔ یہ وہ تفصیلات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی جو ہبل کے بس سے باہر تھیں۔ جیمز ویب دو یا تین ماہ کے اندر سائنسی آپریشن شروع کر دے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ، ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کی سینئیر قیادت شریک ہے، اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ووٹنگ ڈے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان آج قانونی ٹیم سے بھی اہم مشاورت کریں گے جس کے دوران حالیہ ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق قانونی اور آئینی امور زیر بحث آئیں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے سیاسی محاذ پربھی بھرپورسرگرمیاں جاری ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گورنرچودھری سرورکو اسلام آباد طلب کرلیا ۔اس سے پہلے وزیراعلی عثمان بزدار کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم گورنر اور وزیراعلی پنجاب کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیراعلی بزدار کی اسلام آباد روانگی موخر کر دی گئی۔ وزیراعظم گورنر پنجاب سے ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر فیصلہ کن مشاورت کریں گے۔

سپیکرپنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، سیاسی رابطوں پر مشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہٰی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں ارکان اسمبلی سےرابطوں پر مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماوں کی ملاقت میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور وزیراعلیٰ کے آئندہ انتخاب پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس سے قبل وزیراعلی بزدار ،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کیلئے گورنر ہاوس پہنچے جہاں حکومت سازی اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر و وزیراعلی پنجاب کو اسلام آباد طب کر رکھا تھا تاہم وزیراعلی کی گورنر سے ملاقات کے بعد عثمان بزدار کی اسلام آباد روانگی موخر کر دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کااعلان کر دیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کااعلان کر دیا، کوئٹہ اور ضلع لسبیلہ کے علاوہ صوبے بھر کے دیگر اضلاع میں 29 مئی کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہونگے۔
صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ اور لسبیلہ میں دوبارہ حلقہ بندیاں کی جائیقف گی۔
صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، کاغذات نامزدگی سے متعلق تمام تر شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا، بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے بھی انتظامات سخت کئے جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں: محمود خان

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کی باشعور عوام نے اس دفعہ بھی لٹیروں کو مسترد کر دیا، بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پرکارکنان اور امیدواروں کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کرنے پر صوبے کی عوام کا مشکور ہوں، دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی کامیابی حق و سچ کی جیت ہے، نتائج نے ثابت کر دیا صوبے کے عوام ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ ہیں، انتخابات کے نتائج اپوزیشن والوں کے لئے بڑا سبق ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری حاصل کی ہے، عوام نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، آج تاریخی دن ہے خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے، مکمل نتائج کے بعد زیادہ نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے ہونگے، وزیراعلیٰ نے صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا، ضم اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوئے۔

‘ایک بڑا طاقتور ملک دورہ روس پر غصہ ہوگیا، کوئی ملک اس طرح دھمکی دے سکتا ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک بڑا طاقتور ملک دورہ روس پر غصہ ہوگیا، کیا حکومت کو ہٹانے کیلئے کوئی ملک اس طرح دھمکی دے سکتا ہے، اچکنیں سلوانے والے کہتے ہیں امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہیے، ان لوگوں کی وجہ سے ملک اس حال کو پہنچا۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کہتے ہیں شاید ووٹ کیلئے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہوں، ریاست مدینہ کی کامیابی تاریخ کا حصہ ہے، لوگوں کو ریاست مدینہ کا ماڈل ہی سمجھ نہیں آیا، ہم نے سکیورٹی سے متعلق کبھی بات نہیں کی، ہمارے دماغ میں ہمیشہ سکیورٹی کا مطلب فوج تھا، امیر اور غریب میں فرق سے لوگوں میں بے چینی پیدا ہوتی ہے، سکیورٹی ڈائیلاگ ملک کیلئے بہت اہم ہیں، تعلیم اور صحت کے نظام میں فرق پیدا کر دیا گیا، کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، ملک پر اشرافیہ نے قبضہ کیا ہوا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کی بڑی وجہ مجرموں کو سزائیں نہ ملنا ہے، کرپٹ لوگ غریب ملکوں کا پیسہ باہر لے جاتے ہیں، مخصوص طبقہ غریب عوام کو آگے نہیں بڑھنے دیتا، کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے پابندیوں کے باوجود ترقی کی، کرپٹ لوگ پیسہ چوری کر کے امیر ممالک میں رکھتے ہیں، خود مختار خارجہ پالیسی ملک کیلئے ضروری ہے، بہترین خارجہ پالیسی ملکی مفادات کو ترجیح دیتی ہے، ماضی میں افغان جنگ میں شراکت دار رہے، افغان جنگ میں شراکت داری مالی امداد کیلئے تھی یا افغانوں کی مدد کیلئے ؟ روس جانے پر نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، کیا کسی خود مختار آزاد ملک کو ایسی دھمکیاں دی جاسکتی ہیں؟۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی کھجوروں کی قیمتیں آسمان پر، شہریوں کو تشویش

پشاور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے سے قبل ہی کھجوروں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، شہری قوت خرید سے باہر ہونے کے باعث تشویش میں مبتلا ہو گئے۔
رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی پشاورکے بازاروں میں مختلف اقسام کی کھجوریں دستیاب ہو گئیں، بازارمیں عجوہ ہو یا پھرمبروم ہرقسم کی کجھوریں وافرمقدارمیں موجود ہیں۔ بازار میں عنبر2400، عربی مبروم 1800 روپے اورعجوہ 1600 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہیں ،عربی 400، مضافتی 350 ، زیدی 250 اور سکھر کی کجھور 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، قیمتیں سن کر شہریوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں، شہری کہتے ہیں کجھور بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ مانگ میں اضافے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رمضان المبارک میں روزہ داروں کے لیے کھجورسے روزہ کھولنا سنت اور غذائیت کے حصول کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔