All posts by Khabrain News

بھارت میں دو سر اور تین ہاتھوں والے بچے کی پیدائش

مدھیا پردیش : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے دو سر، دو دل اور تین ہاتھ ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق یہ بچہ ڈائی سیفیلک پیراپیگس (Dicephalic Parapagus) کے ساتھ پیدا ہوا ہے جس کی وجہ سے ماں کے رحم میں بچوں کا جسم ایک دوسرے سے جُڑ گیا۔
ڈائی سیفیلک پیراپیگس میں بچے کے جسم پر ایک اضافی عضو پیدا ہوجاتا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق بہت ہی کم کیسز میں ایسے بچے حیات پیدا ہوتے ہیں، ورنہ زیادہ تر مردہ ہی پیدا ہوتے ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچہ فی الحال بہتر حالت میں ہے لیکن اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں شفٹ کیا گیا ہے اور فوری طور پر اس کی کسی قسم کی سرجری نہیں کی جاسکے گی۔
بچے کا تیسرا ہاتھ دو سروں کے بالکل بیچ میں ہے، پیدائش سے قبل بچے کے والدین کو مطلع کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی آمد متوقع ہے لیکن حمل کے کچھ عرصے بعد دونوں بچوں کے سر ایک ہی جسم میں آگئے۔
بچے کی والدہ کا آپریشن ہوا جس کے بعد اس کی پیدائش ہوئی، بچے کا وزن 3 کلوگرام ہے تاہم ڈاکٹرز نے بچے کی پیدائش کو ایک معجزہ قرار دیا ہے۔

ویڈیو: وسیم اکرم نے نیا بولر تلاش کر لیا، دیکھ کر آپ بھی حیران ہو جائیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایک نیا بولر تلاش کر لیا ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے اسے پی ایس ایل کے اگلے ڈرافٹ میں شامل ہونا چاہیے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کی اپنے شوہر اور پاکستان کے سابق کپتان کو گیند کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وسیم اکرم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں شنیرا انہیں بولنگ کروا رہی ہیں اور اردگرد کافی لوگ بھی موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کی جانب سے ویڈیو کے ساتھ ٹوئٹر پر ایک کیپشن بھی تحریر کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ایک نیا بولر تلاش کر لیا، میرا خیال ہے کہ شنیرا کو اگلے پی ایس ایل ڈرافٹ میں ہونا چاہیے، آپ لوگوں کا کیا خیال ہے؟

کرینہ کے والد بیماری کی وجہ سے اپنے بھائی کی موت بھی بھول گئے: رنبیر

ممبئی: (ویب ڈیسک) اداکار رنبیر کپور نے تصدیق کی ہے کہ کرینہ کپور کے والد اور ان کے تایا رندھیر کپور ‘ڈیمنشیا’ (بھولنے کی بیماری) کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔
بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے گفتگو کے دوران رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ ان کے تایا نے جب حال ہی میں ریلیز ہونے والی رشی کپور کی آخری فلم ‘شرما جی نمکین’ دیکھی تو وہ ان سے بات کرنا چاہتے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ رندھیر کپور فلم دیکھنے کے بعد میرے پاس آئے اور کہا کہ اپنے والد کو بتاؤ کہ انہوں نے اس فلم میں بہت اچھا کام کیا ہے۔رنبیر کپور کے مطابق کرینہ کے والد رندھیر کپور کئی دیر تک اپنے چھوٹے بھائی رشی کپور کو ڈھونڈتے رہے، بعدازاں انہوں نے مجھ سے کہا کہ کہاں ہیں وہ؟، انہیں بلاؤ مجھے بات کرنی ہے۔
واضح رہے کہ رشی کپور کی زندگی کی آخری فلم ‘شرما جی نمکین’ گزشتہ روز او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمازون پرائم پر ریلیز ہوئی۔
رشی کپور نے اپنی زندگی میں اس فلم کا زیادہ تر حصہ عکسبند کروادیا تھا تاہم ان کی وفات کے بعد فلم کو اداکار پاریش راول نے مکمل کیا۔
فلم کے مرکزی کرداروں میں رشی کپورکے ہمراہ جوہی چاولہ بھی موجود ہیں۔

حکومت کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بند کرنے کا اعلان

حکومت نے ملک میں کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے کمی اور بڑی آبادی کی کامیاب ویکسی نیشن کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو آج بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کووڈ کے کیسز اور ویکسی نیشن کی شرح کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ہم نے اس وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کا نارمل طریقہ کار اپنانا ہے اور ایمرجنسی میں بنائے گئے اس ادارے کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے پوری قوم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ویکسی نیشن کی شرح بہت اچھی سطح تک پہنچ چکی ہے اور وبا کا پھیلاؤ بھی کم ہو گیا ہے، لہٰذا آج این سی او سی کے آپریشن کا آخری دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گزشتہ دو سال میں جو کامیابی حاصل ہوئی اس کی دنیا کے بڑے بڑے اداروں اور شخصیات نے اس پر پاکستان کی تعریف اور پذیرائی کی۔

وزیر منصوبہ بندی اور ترقی نے کہا کہ صرف حکومت ہی نہیں بلکہ ہم نے من حیث القوم اس کا مقابلہ کیا، تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں نے اس میں اپنا کردار ادا کیا اور وفاق اور صوبوں نے مل کر احسن طریقے سے کام کیا، تمام فیصلے مشاورت سے کیے گئے اور تمام صوبوں میں اس کا اطلاق کیا گیا۔

انہوں نے فوج اور عدلیہ کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے ملکوں میں کووڈ کی پابندیوں کے حوالے سے انتشار دیکھا گیا لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوا جس کا سہرا عدلیہ کے سر جاتا ہے جنہوں نے اس بات کو سمجھا کہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس لیے ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے اور این سی او سی سے بن کر جانے والی پالیسیوں پر عوام نے بہت حد تک عملدرآمد کیا۔

رمضان المبارک: وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے اوقات میں تبدیلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے اوقات میں تبدیلی کر دی گی۔ فیڈرل ڈائریکٹریٹ ایجوکیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
تعلیمی اداروں کے لیے رمضان کے اوقات وفاقی نظامت کے دائرہ کار میں کام کرنے والے تمام تعلیمی ادارے اوقات کار پر نظر رکھیں گے۔ سنگل شفٹ اداروں کا وقت صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جبکہ ڈبل شفٹ اداروں کا وقت صبح 8 بجے سے 12 بجے تک کر دیا گیا۔

معاملہ 172ووٹوں کا نہیں، اس سے آگے جاچکا ہے،وزیرمملکت فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اب معاملہ 172ووٹوں کا نہیں ہے بلکہ اس سے آگے جاچکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقت پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ ہم حساس معاملات پر خاموش نہیں رہ سکتے ،سازش باہر سے بیٹھ کر ہورہی ہے۔کسی کو بھی ملک کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی ملک کانام نہیں لیا،تمام ثبوت موجود ہیں۔پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی کے لئے دھمکی دی گئی ہے۔کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں پہنچتا۔لوگ دھمکیوں کا مذاق اڑا رہے تھے، وزیراعظم عمران خان قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جس ایوان سے منتخب ہوئے ہیں انہیں بھی اعتماد میں لیں گے۔پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں معاملہ لے کر جا رہے ہیں۔اپوزیشن والے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس سے بھاگنے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار کی ہوس نہیں۔وزیراعظم عمران خان ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،آخری 5 اوورز کا کھیل باقی ہے۔وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ خط کا معاملہ سامنے آنے پر اتحادی رابطہ کر رہے ہیں،۔منحرف ارکان بھی وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کر رہے ہیں،انجانے میں بہت سارے لوگ اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔حکومت فارغ نہیں ہوئی ۔جو اس سازش پرخاموش رہے گا وہ قوم کے ساتھ اچھا نہیں کررہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں رچائی گئی سازش کو عوام ناکام بنائیں گے،قوم کسی کی غلامی قبول کرنے کے لئے تیار نہیں،حکومت آج بھی قائم ہے فیصلہ پاکستان کے عوام اور اداروں نے کرنا ہے

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، خفیہ مراسلے کے مندرجات زیر غور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں خفیہ مراسلے کے مندرجات پر غور کیا جارہا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہیں۔ ائیر چیف اور نیول چیف بھی موجود ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید ،وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر خزانہ شوکت ترین بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مبینہ دھمکی آمیز خط پر غور ہوگا۔ وزیر اعظم خط سے متعلق حقائق کے بارے میں عسکری حکام کو آگاہ کریں گے۔

خان صاحب ! تاریخی کرپشن آپ کی شناخت رہے گی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خان صاحب ! تاریخی کرپشن آپ کی شناخت رہے گی، پچھتاوے، ندامت اور افسوس کے سوا آپ کے پاس کچھ نہیں، کاش آپ عوام کی ضروریات آٹا، چینی، گیس، دوائی کے بارے سوچتے، کاش آپ ملکی ترقی کا سوچتے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کے اقتدار کا سفر دیمک زدہ لاٹھیوں سے شروع ہوا، آپ لوگوں کے ضمیر کی آواز کو چوری کر کے امیر سلطنت کہلائے، پارلیمان کو مفلوج اور میڈیا سمیت ہر تنقید کرنے والے کی زبان بندی کرنا چاہی، تاریخی کرپشن آپ کی شناخت رہے گی، ذرا سوچیے گا یہ منصب تھا کس لئے اور آپ نے اس کا استعمال کس لئے کیا،‎ خودساختہ مذہب کا لبادہ اوڑھنے والوں کی کوئی عزت نہیں۔

دوسرا ون ڈے: پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت لیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان کپتان ایرون فنچ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے ، میچ میں آخری وقتوں میں ڈیو فیکٹر اہم ہوگا۔
پاکستانی ٹیم آج ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی، فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔پاکستان ٹیم میں فخر زمان ، امام الحق، بابر اعظم ، محمد رضوان ، افتخار احمد ، خوشدل شاہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سعود شکیل ،شاہین آفریدی ، زاہد محمود ، وسیم جونئیر اور حارث روف بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ ، میکڈرمٹ ، مارنوس لبوشین ، اسٹوئنس،کیمرون گرین ، ایلکس کیری، شان ایبٹ ، نیتھن ایلیس،ایڈم زمپا اور مچل سوئپسن شامل ہیں۔
یاد رہےکہ پہلے ایک روزہ میچ میں 88 رنز سے فتح کے بعد مہمان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

عمران خان اکیلے ہی سب کا مقابلہ کریں گے، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہار نہیں مانیں گے اور وہ اکیلے ہی سب کا مقابلہ کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی کو لیٹر نہیں دکھایا گیا کیونکہ وہ گزشتہ روز اجلاس میں نہیں تھے۔ وزیر اعظم عمران خان ہار نہیں مانیں گے اور لڑ کر مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خط کی حقیقت قوم کے سامنے ہے جبکہ ہم نے کسی ملک کا نام نہیں لیا اور نہ لیں گے۔ خط کابینہ اراکین کو دکھا دیا گیا ہے جسے قومی سلامتی کمیٹی میں بھی رکھیں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ ہماری حکمت عملی واضح ہے اور عمران خان اکیلے ہی سب کا مقابلہ کریں گے۔ ترپ کے پتے سے متعلق عمران خان ہی بتائیں گے، میں نہیں بتا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا اپوزیشن سے رابطہ اور انتخاب کی طرف آنے کی کوئی بات علم میں نہیں ہے۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی میں واضح فرق ہے کہ ہم اداروں کے خلاف بولنے والے نہیں جبکہ ن لیگ والوں کو جب اداروں سے فائدہ نہیں ملتا تو وہ ان کے خلاف بولتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ فوج ہماری عزت ہے اور وطن کی تکریم ہے۔ مشکل وقت آیا تو وزیر اعلیٰ سمیت سب کے خلاف بیانات سامنے آ گئے۔